Tag: stop the war

  • روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا، صدر ٹرمپ

    روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا، صدر ٹرمپ

    واشنگٹن : (19 اگست 2025)امریکی صدر کی یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفونک گفتگو بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو فون بھی کیا، جس کے باعث میٹنگ وقتی طور پر روکنا پڑگئی۔

    خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو 40 منٹ تک جاری رہی۔
    روسی صدر پیوٹن نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، ذرائع کے مطابق روس یوکرین صدور کی ملاقات اگست کے آخر تک ہونے کی امید ہے۔

    اجلاس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے شرکاء سے کہا کہ روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا، ہم کوشش کریں گے کہ امریکا، روس اور یوکرین مل کر کام کریں۔

    روسی صدر نے یوکرین کی سیکیورٹی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ روس یوکرین جنگ کا خاتمہ جلد از جلد ہو۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم سب مل کر یوکرین میں جارحیت روکنے کے معاہدے پر پہنچ جائیں گے، ہم سب پائیدار امن کیلئے کام کرنے کے ساتھ فوری جنگ بندی کو ترجیح دیں گے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب تک 6جنگیں ختم کروا چکا ہوں یہ کوئی آسان کام نہیں، پیوٹن اور زیلنسکی بھی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، معاملات ٹھیک رہے تو ہم زیلنسکی اور پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کرینگے۔

    یوکرینی صدر زیلنسکی نے ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کے حامی ہیں اور سہ ملکی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

    علاوہ ازیں روس نے نیٹو کی طرز پریوکرین کیلئے سیکیورٹی گارنٹی کی تجویز مسترد کردی، روسی وزارت خارجہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ یوکرین میں نیٹو افواج کی تعیناتی کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یوکرینی صدر کے دورہ واشنگٹن میں جرمنی، برطانیہ، فرانس، اٹلی اور فن لینڈ کے رہنما ہمراہ ہیں۔ یورپی کمیشن کی صدر اور نیٹو کے جنرل سیکریٹری بھی دورے میں موجود ہیں۔