Tag: strategy

  • کے پی سینیٹ انتخابات، حکومت اور اپوزیشن کی حکمت عملی سامنے آگئی

    کے پی سینیٹ انتخابات، حکومت اور اپوزیشن کی حکمت عملی سامنے آگئی

    پشاور : کے پی سینیٹ انتخابات میں حکومت اپوزیشن کے درمیان طے کی گئی حکمت عملی سامنے آگئی، حکمت عملی کے تحت پہلا بیلٹ پیپر خالی باہر لایا گیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے باہمی رضامندی سے پہلا بیلٹ پیپر خالی باہر نکالا گیا۔

    اسمبلی سیکرٹریٹ میں علی امین گنڈا پور اور عباداللہ کی موجودگی میں بیلٹ پیپر پُر کیے گئے، مرضی کے مطابق ووٹ کرکے ارکان اسمبلی کو تھمائےجاتے رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی عملہ پہلے سے نشان لگا بیلٹ پیپر ارکان اسمبلی کو بیلٹ باکس میں ڈالنے کیلئے دیتا رہا۔

    حکومتی رکن کے مطابق اسے جو بیلٹ پیپر دیا گیا اپوزیشن امیدوار دلاورخان کے خانے پر مہر لگی تھی، اپوزیشن رکن کے مطابق حکومت اور اپوزیشن ارکان کیلئے پہلے سے ترجیحات رکھی گئی تھیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومتی ارکان کیلئے پہلی4ترجیحات اپنے امیدوار تھے جبکہ باقی 3ترجیحات میں اپوزیشن امیدوار تھے۔

    اس کے علاوہ اپوزیشن ارکان نے بھی 3ترجیحات کے بعد حکومتی ارکان کو ووٹ دیئے، علی امین گنڈا پور نے آخری ووٹ کو اپنے ووٹ کے ساتھ ملاکر کاسٹ کیا۔

    سینیٹ میں کس جماعت کے کتنے امیدوار

    خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کے بعد حکمران اتحاد کو ایوان بالا میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی۔ سینیٹ میں پیپلزپارٹی اب 26 سینیٹرز کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے۔

    نون لیگی سینیٹرز کی تعداد 20 ہے، پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی تعداد 22 ہے، جس میں 6 آزاد سینیٹرز شامل ہیں۔

    جے یو آئی ایف کے 7 اور بی اے پی کے 4 سینیٹرز ہیں۔ ایم کیو ایم اور اے این پی کے 3 تین سینیٹرز ہیں۔ قاف لیگ، سنی اتحاد کونسل، ایم ڈبلیو ایم اور نیشنل پارٹی کا 1 ایک سینیٹر ہے۔۔ ایوان بالا میں 6 سینیٹر آزاد ہیں۔ ثانیہ نشتر کی چھوڑی گئی نشست پر الیکشن 31جولائی کو ہوگا، جس کے بعد سینیٹرز کی کل تعداد 96 ہوجائے گی۔

  • سال نو کی رات سی ویو جانے والے ہوشیار، پولیس نے حکمت عملی بنالی

    سال نو کی رات سی ویو جانے والے ہوشیار، پولیس نے حکمت عملی بنالی

    کراچی : سال نو کی رات شہر قائد میں صورتحال پر قابو پانے کیلیے ساؤتھ زون پولیس نے خصوصی پلان ترتیب دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نئے سال کے جشن کی تقریبات منانے سے متعلق پولیس حکام نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ سی ویو پر ایک ہزار431پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کی حفاظت کے لیے 884 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جنوبی زون کے مختلف تفریحی مقامات پرایک ہزار869 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے تکلیف کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، ہوائی فائرنگ ،ہلڑ بازی ،ہراسگی، ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی شخص کو ہوائی فائرنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ساتھ ہی ٹوٹے ہوئے سائلنسر اور بغیر سائلنسر والی گاڑیوں اورموٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

  • ورلڈ کپ میں ٹیم کی کیا حکمت عملی ہوگی؟ امام الحق  نے بتادیا

    ورلڈ کپ میں ٹیم کی کیا حکمت عملی ہوگی؟ امام الحق نے بتادیا

    کراچی : قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں کیسے کھیلنا ہے یہ بہت پہلے ہی سوچ لیا تھا، ہماری میگا ایونٹ کے لیے تیاری اچھی ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی امام الحق نے میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بہت سی باتیں کھل کر بیان کردیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے2019 کے ورلڈکپ میں ہی 2023 کے ورلڈکپ کے بارے میں سوچ لیا تھا، بدقسمتی سے ہم اس کے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ پائے تھے۔

    امام الحق نے کہا کہ ڈر کر کیا کھیلنا ہے؟ نیٹ پر فاسٹ بولرز کو کھیلنا ہمارے لیے فائدہ مند ہے۔ جب ہم میچز کھیلتے ہیں تو ہمیں فاسٹ بولرز کے خلاف کی گئی پریکٹس کا فائدہ ہوتا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ باقاعدگی سے نہ کھیل رہے ہوں اور پھر آپ نے دوبارہ شروع کرنا ہو تو یہ آسان نہیں ہوتا۔

    اپنے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کے جو تقاضے ہیں اس کے مطابق خود کو تیار رکھتا ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ میں وقفہ آنے سے ذمہ داری بڑھ جاتی ہے جبکہ کوشش یہی ہوتی ہے جب میں ٹیم کے ساتھ کھیل نہ رہا ہوں اپنی پریکٹس اسی طرح جاری رکھوں جیسی میں ٹیم میں رہ کر کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ایک بہت بڑا گیپ آیا ہے، مجھے بہت محنت کرنی ہے، میں اپنی بنیادی چیزوں پر محنت کرتا ہوں جہاں میں نے چھوڑا ہوتا ہے وہاں سے کام کرتا ہوں۔

    بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ہمارا ون ڈے کا ریکارڈ تین چار سیریز میں اچھا رہا ہے، اسی لیے ہماری میگا ایونٹ کے لیے تیاری بھی اچھی ہے، ہماری متوازن ٹیم بن رہی ہے جو مسلسل ایک ساتھ کھیل رہی ہے، ہمیں ایشیاء کپ سے پہلے 8 میچز مل رہے ہیں جو سمجھتا ہوں کہ کافی ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے بعد ہمارے پاس وقت ہے، ہم آپس میں میچز کھیلیں گے۔

    امام الحق کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان بیٹرز پی ایس ایل میں نڈر انداز سے بیٹنگ کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔ ہم جو چھ سات سال سے کھیل رہے ہیں ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہمیں اپنی گیم کو آگے لے کر جانا ہے، کرکٹ میں دباؤ اور مقابلہ ہونا بہت اچھی بات ہے۔

  • روپے کو مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی نئی حکمت عملی

    روپے کو مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی نئی حکمت عملی

    اسلام آباد: وزارت خزانہ نے روپے کو مستحکم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی طے کرلی، بینکوں کے لیے ڈالر کی خرید و فروخت کی پالیسی بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق روپیہ مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ نے نئی حکمت عملی طے کرلی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کم زرمبادلہ اور بیرونی ادائیگیوں کے باوجود ڈالر کی قدر میں کمی برقرار رکھی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 بڑے بینکوں کو نوٹسز دینے سے ڈالر کی قدر کے مصنوعی اضافے میں کمی ہوئی، بینکوں کی جانب سے ڈالر پر کارٹیلائزیشن کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ بینکوں نے زیادہ مالیت کی ایل سیز کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک پر پریشر ڈالا ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بینک تاجروں کی ایل سیز کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے ڈالر کی ڈیمانڈ کرتے رہے۔

    وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے ایل سیز کھولنے کے لیے این او سی کو لازمی قرار دیا ہے، وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی ہے کہ بینکوں کے لیے ڈالر بائنگ اور سیلنگ پالیسی بنائی جائے۔

    پالیسی میں بینکوں کے لیے ڈالر کی خرید و فروخت میں مارجن کی حدود کا تعین کیا جائے گا، ایکسچینج کمپنیاں ڈالر کی بائنگ سے سیلنگ میں 2 روپے تک مارجن رکھ سکتی ہیں۔

  • بلدیاتی ایکٹ : پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنما سر جوڑ کر بیٹھ گئے

    بلدیاتی ایکٹ : پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنما سر جوڑ کر بیٹھ گئے

     کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کے خلاف اپوزیشن جماعتیں یکجا ہوگئیں، صورتحال سے نمٹنے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے تحریک انصاف سندھ کا ایک وفد حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ایم کیو ایم کےعارضی مرکز بہادر آباد دفتر پہنچ گیا۔

    تحریک انصاف کے وفد کی قیادت اپوزیشن لیڈر حلیم عادل کر رہے ہیں وفد میں فردوس شمیم نقوی، جمال احمد، بلال غفار، سعید آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔

    ایم کیو ایم کے وفد میں خواجہ اظہارالحسن، زاہد قریشی، محمد ابوبکر سمیت دیگر شامل ہیں، ملاقات میں سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال ، پیپلزپارٹی کی بیڈ گورننس اور بلدیاتی ایکٹ پر مشاورت کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما سندھ کے متنازعہ بلدیاتی ایکٹ کیخلاف گرینڈ الائنس اوراحتجاجی تحریک سمیت دیگر امور پر غورو خوص کریں گے۔

    علاوہ ازیں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کل کراچی کا2روزہ دورہ کریں گے، فضل الرحمان 24 دسمبر کو ہونے والے پی ڈی ایم سندھ کے صوبائی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ صوبائی اجلاس شاہ اویس نورانی کے گھر پران کی میزبانی میں منعقد ہوگا، اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے رواں ماہ نئے بلدیاتی نظام کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا، بل کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی کونسل کے چیئرمین کا انتخاب شو آف ہینڈ سے ہوگا۔

    اپوزیشن کے شدید احتجاج اور اعتراضات کے بعد سندھ حکومت نے بلدیاتی قانون کے نئی ترمیمی مسودے میں خفیہ رائے شماری کی شق واپس لے لی تھی۔

    سندھ حکومت نے صوبے میں ٹاؤن سسٹم برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور بینظیرآباد میں ٹاؤنز بنیں گے، پیدائش اور اموات کا اندراج لوکل کونسلز کو واپس کر دیا جائے گا۔

  • امریکا کیخلاف روس اور چین کی نئی حکمت عملی

    امریکا کیخلاف روس اور چین کی نئی حکمت عملی

    ماسکو : روس نے چین کو تجویز دی ہے کہ اب وقت آگیا ہے ہمیں ڈالر اور مغربی مالی نظام پر انحصار کم کر دینا چاہیے۔

    اطلاعات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے چین کے دورے سے قبل زور دیا ہے کہ بیجنگ اور ماسکو کو امریکی کرنسی ڈالر اور مغربی مالی نظام پر انحصار کو کم کر دینا چاہیے۔

    چین کے دو روزہ دوررے کے دوران وہ اپنے چینی ہم منصب کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بھی اس سے متعلق بات کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ روس اور چین کو ڈالر پر انحصار کم کر کے اپنے مالی نظام کو ترتیب دینا ہوگا۔

    یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن اور وائٹ ہاوس کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جیک سلیون اگلے ماہ کی 18 تاریخ کو الاسکا میں اپنے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔

    یہ صدر جو بائیڈن کے اس سال 20 جنوری کو اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی اور چینی حکام کا پہلا اعلیٰ سطح رابطہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکہ کے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے منگل کو واشنگٹن میں کانگریس کی ایک سماعت کے دوران کہا ہے کہ چین ایسے منصوبوں پر کام تیز تر کر رہا ہے جن سے وہ دنیا کے موجودہ نظام کو اپنی منشا کے مطابق ڈھال سکے۔

  • نیب گرفتاریوں کیخلاف ن لیگی رہنماؤں کی جارحانہ حکمت عملی تیار، ذرائع

    نیب گرفتاریوں کیخلاف ن لیگی رہنماؤں کی جارحانہ حکمت عملی تیار، ذرائع

    لاہور :مسلم لیگ ن نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے اپنے رہنمائوں کی گرفتاریوں کیخلاف سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت کو سخت ردعمل دینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے اس حوالے سے ن لیگ نے یہ طے کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی لیگی رہنما کی نیب گرفتاری کے خلاف سخت ردعمل دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی رہنما کی گرفتاری پر نیب دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا، ن لیگ نے پارٹی کارکنوں اور شیر جوان فورس کو تیاریوں کی ہدایت جاری کردی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ لاہور کے ہر صوبائی حلقے سے کم ازکم200کارکنوں کوالرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ہر ایم پی اے اور ٹکٹ ہولڈر200کارکنوں اور20خواتین کو لانے کا ذمہ دار ہوگا۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس ویکسینیشن کس طرح ہوگی؟

    پاکستان میں کرونا وائرس ویکسینیشن کس طرح ہوگی؟

    اسلام آباد: پاکستان کے شہریوں کو کرونا وائرس ویکسین کی فراہمی کے لیے حکمت عملی پر کام شروع کردیا گیا، وزارت صحت نے وزارت داخلہ، وزارت آئی ٹی، نادرا اور پی ٹی اے سے رابطے شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ویکسین مہم کے لیے خصوصی سسٹم تیار کیا جا رہا ہے، کرونا ویکسین مہم کے لیے نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سسٹم کی تیاری کے لیے نادرا تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے، نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم دو طرفہ کمیونیکشن کا نظام ہے۔ سسٹم وزارت داخلہ اور آئی ٹی کے تعاون سے چلایا جائے گا۔ جدید سسٹم کا مرکزی ڈیٹا بیس نادرا میں قائم ہوگا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق نادرا ڈیٹا بیس میں مختلف عمروں کے شہریوں کے گروپوں کا اندراج ہوگا، نادرا سسٹم کے تحت مختلف عمروں کے افراد کی ویکسی نیشن کا شیڈول تیار کرے گا۔ نادرا سسٹم کے ذریعے شہری کو کوائف پر مبنی ایس ایم ایس بھجوائے گا، شہری بذریعہ ایس ایم ایس نادرا کو کوائف کا تصدیقی پیغام بھجوائے گا۔

    بعد ازاں کوائف کی تصدیق پر نادرا شہری کو متعلقہ ہیلتھ سینٹر کی معلومات دے گا، ویکسی نیشن پر شہری کے کوائف نادرا ریکارڈ کا حصہ بن جائیں گے۔ ویکسی نیشن مہم کے دوران صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 کا استعمال ہوگا۔ صحت تحفظ ہیلپ لائن سے ویکسی نیشن مہم کی آگاہی دی جائے گی۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق وزارت نے کرونا ویکسی نیشن مہم کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے بھی تعاون مانگ لیا ہے، اس سلسلے میں وزارت صحت نے سیکریٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نام خط لکھا ہے۔

    وزارت صحت نے اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ وزارت آئی ٹی کرونا وائرس ویکسین مہم کے لیے تعاون فراہم کرے، پی ٹی اے کرونا ویکسین مہم کے لیے مفت ایس ایم ایس سروس فراہم کرے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں، جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکمران سوال گندم جواب چنا پالیسی پر عمل پیرا رہے، حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، رائز پنجاب پروگرام اور کرونا ورکنگ گروپ کا قیام مثالیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے رائز پنجاب فریم ورک تشکیل دیا، رائز پنجاب بنیادی سہولتوں سے متعلق ہے، معاشی استحکام، رسک کمیونیکیشن اور رسک فنانسنگ رائز پنجاب کا حصہ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ رائز پنجاب نجی سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے، کرونا کے اثرات اور پالیسی کے لیے ورکنگ گروپ بھی پیشرفت ہے، ورکنگ گروپ کرونا اسمارٹ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا پر سفارشات دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور اسمارٹ گورننس کا ہے، عثمان بزدار مشکل حالات کا دانشمندی سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

  • شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کا شکار افراد کے گھروں پر راشن پہنچانے کے فیصلے کے پیش نظر سندھ حکومت نے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے سر جوڑ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت فوڈ سیکیورٹی پلان پر غور و فکر کر رہی ہے، شہریوں کو راشن بھجوانے کے لیے مختلف تجاویر پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایک فلاحی ادارے سے رابطہ کر کے دریافت کیا ہے کہ وہ کیسے اور کتنے میں لوگوں کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ فلاحی ادارے کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ہم آپ کو پورا پلان ترتیب کر کے بھجوادیں گے۔

    سندھ حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ 15 روز کے لیے صنعتوں کی عارضی بندش کے بعد مزدوروں کو ایڈوانس تنخواہ کیسے دی جائے، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے صنعت کاروں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانی طور پر سندھ حکومت نے اس مد میں خرچ ہونے والی رقم کا اندازہ 6 ارب لگایا ہے، کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کے جلد ہونے والے اجلاس میں بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں آئیسولیشن سینٹر میں موجود تمام افراد کے گھروں میں راشن پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں آپ کمانے والے لوگ آئیسولیشن میں ہیں، آپ کو گھر کی روٹی روزی کی فکر ہے، آپ یہ فکر چھوڑ کر اپنی صحت پر توجہ دیں۔