Tag: strawberries

  • اسٹرابیری سے جڑی بھیانک باتیں، سچ کیا ہے؟

    اسٹرابیری سے جڑی بھیانک باتیں، سچ کیا ہے؟

    اسٹرابیری سرخ رنگ کا وہ خوشذائقہ اور صحت بخش پھل ہے جو وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے، تاہم اس پر کیڑے مار دوا کے چھڑکاؤ کی وجہ سے اس کے بارے میں بہت سی خطرناک باتیں زیر گردش ہیں۔

    اسٹرابیری سے متعلق اس قسم کی خبریں حقیقت ہیں یا افسانہ اور اس کو کھانے سے پہلے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئں؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر زراعت ڈاکٹر کاشف رزاق نے بہت سی مفید باتیں ناظرین کو بتائیں۔

    ڈاکٹر کاشف رزاق نے بتایا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ دیگر فصلوں کی طرح اس کی فصل پر بھی کیڑے مار دوا کا اسپرے کیا جاتا ہے جو مضر صحت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹرابیری کی جو غذائیت اور اس کے طبی فوائد ہیں اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لیکن اسے کس طرح کھانا چاہیے اس کیلیے کچھ اہم ہدایات پر عمل کریں گے تو اس کا کوئی نقصان نہیں۔

    ڈاکٹر کاشف رزاق نے بتایا کہ اسٹرابیری کھانے سے پہلے اس کو بیکنگ سوڈا کے پانی میں 10 سے 15 منٹ بھگو کر رکھیں اس کے بعد کھائیں گے تو اس پر پڑنے والے کیمکل کے اثرات زائل ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ آپ اسے سرکے میں بھی ڈبو کر رکھ سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : اسٹرابیری کو دہی میں ملا کر کھانے سے کیا ہوتا ہے؟

    بیکنگ سوڈا یا سرکہ کے علاوہ اسے دھونے کیلیے عام سادہ پانی کے استعمال کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دیگر پھلوں کی طرح اسے بھی عام پانی سے دھو کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

  • اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے تھے

    اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے تھے

    کھٹی میٹھی اسٹرابیری بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتی ہیں، لیکن انسانی جسم اور صحت پر اس کے اثرات سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔

    دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد میں پاکستان میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔

    ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم، ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈک خصوصیات اور فلیونوائڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کے لیے مفید قرار دیئے جاتے ہیں، اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

    غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے، وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقت ور بناتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے حیرت انگیز فوائد

    کھٹی میٹھی اسٹرابیری نہ صرف کھانے میں مزیدار ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال انسان کو صحت مند بناتا ہے اور خون کی افزائش بڑھاتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے نہ صرف انسان کی قوت مدافعت بڑھتی ہے بلکہ اسٹرابیری کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خدشات کو بھی دور کرتا ہے۔

    اسٹرابیری کا استعمال خواتین کے جسم میں نسوانی ہارمون کی سطح بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے پر اضافی بالوں جیسی شکایت کا خاتمہ ہوتا ہے۔

    اسٹرابیری جوڑوں کے درد کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔

    اسٹرابیری کھانے سے کینسر جیسے مہلک بیماری سےبچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

    اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے دوا کا کام کرتا ہے، تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود اجزاء رگوں میں خون کی روانی کو کم کر کے متوازن کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

    اسٹرابیری جگر کے لیے بھی بہت مفید ہے، جگر کی کارکردگی سے متعلق شکایت جیسے کہ ہیپاٹائٹس میں خالی پیٹ 2 سے 3 کپ روزانہ اسٹرابیری جوس کا پینا جگر کو قوت دیتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے پھیپڑوں کی نمی دور ہونے سے خشک کھانسی دور ہوجاتی ہے۔

    اسٹرابیری کھانے سے نظر بھی واضح اور صاف ہوتی ہے۔

    اسٹرابیری کولیسٹرول کے نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے، یہ خون میں موجود کولیسٹرول کی سطح کم کر کے خون کو پتلا کرتی ہے۔

    اسٹرابیری تھکن کو دور کرتی ہے، فرحت بخش احساس جگاتی ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بھی کرتی ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں اسٹرابیریز میں سے نکلتی سوئیاں

    نیوزی لینڈ میں اسٹرابیریز میں سے نکلتی سوئیاں

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ کی ایک سپرمارکیٹ میں آسٹریلیا سے آنے والی اسٹرابیری کی ٹوکری میں سے سوئیاں برآمد ہونے کے بعد ملک بھرمیں آسٹریلوی ساختہ پھلوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ایک مشہورِزمانہ سپرمارکیٹ میں پیش آیا جس کے بعد مارکیٹ نے صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فروٹ شیلف سے آسٹریلیا سے آنے والی اسٹرابیریز ہٹالیں۔

    تاہم صورت حال اس وقت عجیب ہوگئی جب سوشل میڈیا پرسو سے زائد لوگوں نے آسٹریلیا سے آنے والے پھلوں سے سویاں نکلنا رپورٹ کرنا شروع کردیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ افراد محض مذاق کررہے ہیں ۔

    تاہم سپر مارکیٹ انتظامیہ نے صارفین کے مذاق کو بھی سنجیدگی سے لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ غذائی اشیا ء کی سیفٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کسی بھی برانڈ کی اسٹرابیریز واپس کرکے اپنی مکمل رقم واپس لے سکتے ہیں۔

    انتظامیہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ابھی تک کسی بھی گاہک کی طرف سے بیمار یا زخمی ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے تاہم وہ اپنے گاہکوں سے گزارش کرتے ہیں کہ اسٹرابیری استعمال کرنے سے پہلے ایک بار اسے بیچ سے کاٹ کردیکھ لیں۔

    یاد رہے کہ یہ اسٹرابیری آسٹریلیا سے لائی گئی تھیں جہاں حکومت نے ایک ہفتہ قبل ہی فروٹس کی ساخت میں رد و بدل کرنے پر 10 سے 15 سال سزا کا قانون منظور کیا ہے جبکہ اس بارے اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا ہے۔