Tag: STREET CRIME

  • کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں: وزیر اعلیٰ کا اے آئی جی کو حکم

    کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں: وزیر اعلیٰ کا اے آئی جی کو حکم

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے اجلاس کے دوران ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کو سختی سے کہا کہ میں کچھ نہیں جانتا، کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی غلام نبی میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کافی حد تک کنٹرول کیا ہے، عوام اسٹریٹ کرائم میں بیان ریکارڈ نہیں کرواتے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ملزم اسٹریٹ کرائمز کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 3 ماہ میں منشیات فروشی میں ملوث 3 ہزار افراد کو پکڑا۔ انسداد منشیات عدالتوں میں 12 سو چالان جمع کروائے گئے۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سختی سے اے آئی جی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ سمری کورٹ بنائیں یا دیگر اقدامات، کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو شہریوں پر اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

    انہوں نے منشیات میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کو بھی سراہا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے کوئی کسی کی سفارش کرے تو نہ مانیں۔

    وزیر اعلیٰ نے اے آئی جی سے کہا کہ مجھے امن و امان کی صورتحال خاص طور پر اسٹریٹ کرائم ختم کر کے دیں۔

    اجلاس میں سندھ ریونیو بورڈ (ایس بی آر) کے چیئرمین نے وزیر اعظم عمران خان کی تعمیری شعبے کی تجدید کی تجویز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

    چیئرمین نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ساتھ 2 اجلاس ہوچکے ہیں۔ تجویز تھی صوبائی سیلز ٹیکس سے تعمیراتی خدمات کو مستثنیٰ کیا جائے۔ اس پر پنجاب اور پختونخواہ راضی تھے تاہم سندھ اور بلوچستان نے تحفظات کا اظہار کیا۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوسری تجویز نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو صوبائی سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی تھی۔ دوسری تجویز پر بھی سندھ اور بلوچستان رضا مند نہیں ہوئے۔

  • ڈاکوؤں نے15سالہ طالب علم سے موبائل فون چھین کر موت کے گھاٹ اتار دیا

    ڈاکوؤں نے15سالہ طالب علم سے موبائل فون چھین کر موت کے گھاٹ اتار دیا

    کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوگیا، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرموٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے آٹھویں جماعت کے 15سالہ طالب علم کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے8ویں جماعت کے طالب علم احسن کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر شہید کردیا۔

    طالب علم احسن گھر کے باہر موبائل پر گیم کھیل رہا تھا، اس دوران ڈاکو پہنچ گئے ،ڈاکو موبائل چھین کر فرار ہورہے تھے، تو مقتول نے مزاحمت کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، خبر گھر والوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑی۔

    مقتول کے والد نے بتایا کہ میرا بیٹا احسن ٹیوشن پڑھ کر آیا تھا، گھر کے باہر موبائل فون پرگیم کھیل رہا تھا، 15سال کا احسن آج ہی آٹھویں جماعت کے پیپرز دے کر فارغ ہوا تھا، والد کا روتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے سے تھپڑ مار کر موبائل فون چھین لیتے، گولی کیوں ماری؟

    دوسری جانب مبینہ ٹاؤن سے پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن نہ صرف بے قابو ہے بلکہ ڈکیتی، موبائل چھیننے کی وارداتوں میں گزشتہ تین ماہ سے تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

  • منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : پولیس نے شہر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے محمودآباد چنیسرگوٹھ اور فیروز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیا چنیسر گوٹھ سے منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے سےاسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    فیروزآباد میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین پستول برآمد کئے گئے۔ گرفتارملزمان میں یاسر، وقاص اور واصف شامل ہیں، ایس پی جمشید ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خالف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • ڈاکوؤں نے بینک سے نکلنے والے شہری سے رقم لوٹ لی، سکھن سے رہزن گرفتار، اسلحہ برآمد

    ڈاکوؤں نے بینک سے نکلنے والے شہری سے رقم لوٹ لی، سکھن سے رہزن گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : ایف بی ایریا میں بینک سے رقم لے کر آنے والا ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، نارتھ ناظم آباد میں خواتین کو لوٹنے والے ڈاکو کی شہریوں نے دھنائی کردی، سکھن پولیس نے رہزن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے بینک سے رقم لے کر آنے والے شہری کو لوٹ لیا، دن دہاڑے تین موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے شہری کو موٹرسائیکل سے اتارا اور بے خوف وخطر اس کی تلاشی لی، ملزمان شہری سے نقدی، موبائل فون اوربائیک کی چابی لے کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں خواتین سے لوٹ مار کرکے فرار ہونے والے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں پر شہری نے گاڑی چڑھا دی، ایک ڈاکو گرتے ہی بھاگ نکلا جبکہ دوسرے ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر خوب دھلائی کی اور بعد میں پولیس کے حوالے کردیا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے سکھن میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبداللہ سے اسلحہ برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • کراچی : اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو، شہریوں کی سہولت کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار

    کراچی : اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو، شہریوں کی سہولت کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار

    کراچی: شکایات درج کروانے کے لیے شہریوں کو اب نہ تھانے کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی پولیس سے الجھنے کا مسئلہ درپیش ہوگا، کراچی پولیس نے پولیس فار یو نامی موبائل ایپلی کیشن تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد جرائم روکنا کراچی پولیس کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے۔

    اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس نے کرائم ریکارڈ اور شہریوں کی سہولت کیلئے ایپلی کیشن تیار کرلی، پولیس حکام نے پولیس فار یو نامی ایپلی کیشن کی ٹیسٹنگ شروع کردی ہے۔

    اس ایپ میں موبائل، موٹرسائیکل، گاڑی، کیش چھیننے یا چوری سمیت دیگر کی وارداتیں رپورٹ ہوسکیں گی، ٹیسٹنگ کے دوران ایک شہری کی شکایت درج ہوتے ہی متعلقہ ایس ایس پی دفتر کو موصول ہوگئی۔

    ضلعی سطح پر وکٹم سپورٹ سروس ڈیسک شکایات کو مونیٹر کرے گی، مذکورہ ڈیسک شکایت درج ہوتے ہی متاثرہ شہری سے متعلقہ پولیس کا رابطہ کرائے گی، ایپ کی ٹیسٹنگ مکمل ہوتے ہی اسے شہریوں کیلئے جاری کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایپ کے ذریعے وہ کرائم بھی ریکارڈ ہوسکیں گے جو اب تک نہیں ہو پارہے تھے، ذرائع کے مطابق شہریوں کو اب نہ تھانے کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی پولیس سے الجھنے کا مسئلہ درپیش ہوگا۔

    ایپ میں شہری اپنے ساتھ پیش آنے والی واردات کی مکمل تفصیل درج کریں گے جس کے بعد پولیس از خود متاثرہ شہریوں سے رابطہ کرے گی۔

  • کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے طالب علم کی جان لے لی

    کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے طالب علم کی جان لے لی

    کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوگیا، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 21 سالہ طالب علم کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل گرین ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے 12ویں جماعت کے طالب علم سید زید رضا کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مارکر شہید کردیا۔

    سید زید رضا اپنے دوستوں کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ اچانک کسی کام کے غرض سے وہ گھر آگیا، اس دوران موٹر سائیکل سوار تین لٹیروں نے بائیک روک کر اس کے دوستوں سے اسلحے کے زور پر موبائل چھیننے کی کوشش کی۔

    طالب علم کے گھر سے باہر آنے پر ڈاکو موبائل چھین کر فرار ہورہے تھے، اس دوران مقتول نے مزاحمت کی کوشش کی تو ظالموں نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مقتول کی نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں قائم ’موتی مسجد‘ میں ادا کی گئی جہاں علاقہ مکینوں اور رشتہ داروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ تدفین عظیم پورا قبرستان میں کی گئی۔

    اس افسوس ناک واقعے کے بعد جہاں اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، وہیں طالب علم کے دوستوں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اہل محلہ نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں ایک جانب اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے وہیں حکام بھی اس کی روک تھام میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہر میں آئے دن شہری ناصرف اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں بلکہ بعض اوقات مزاحمت پر کئی اہم جانیں بھی ضایع ہوچکی ہیں۔

  • ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    کراچی : نصرت بھٹو کالونی میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، اہلخانہ کی مزاحمت پر ڈاکو فرار ہوگئے، لیاقت آباد میں شہریوں نے مبینہ اغوا کار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں لٹیرے آزاد اور محافظ غائب ہوگئے، شہری اپنا دفاع خود کرنے لگے، لٹیرے اسٹریٹ کرائم کے بعد گھروں میں بھی نقب لگانے لگے۔

    نصرت بھٹو کالونی کی ایک گلی میں خاتون سمیت تین ڈاکوؤں نے پولیو ٹیم کے بہانے سے گھر کا دروازہ کھلوایا اور اندر گھسنے کی کوشش کی، گھر کے اندر سے مزاحمت کی گئی اور ڈاکوؤں کو گھسنےنہیں دیا گیا جس پر وہ فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر نظر آنے کے باوجود ملزمان پولیس کی پہنچ سے دور ہیں، ذرائع کے مطابق ڈکیت گینگ میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں، ملزمان واردات کیلئے سفید ہائی روف کا استعمال کرتے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ رات لیاقت آباد میں شہریوں نے دس سال کے بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی۔ بچے کے شور مچانے پر شہریوں نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔

  • کراچی: اسٹریٹ کرائم کی 200 وارداتوں میں ملوث سرکاری افسران کے بچے گرفتار

    کراچی: اسٹریٹ کرائم کی 200 وارداتوں میں ملوث سرکاری افسران کے بچے گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے، ملزمان بااثر سرکاری افسران کے بچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ زمان ٹاؤن کی پولیس نے دو درجن سے زائد اسٹریٹ کرائم اورڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تین نوجوانوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عتیق، عدنان اور واصف کے ناموں سے ہوئی۔

    ایس ایس پی کورنگی ساجد کے مطابق ملزمان پوش علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے اور انہوں نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے درخواستیں بھی دے رکھی تھیں، تینوں نوجوان بااثر سرکاری افسران کے بچے ہیں جنہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری

    نمائندہ اے آر وائی نذیر شاہ کے مطابق ملزمان 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے 12 سے زائد تھانوں میں مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، دو ملزمان سرکاری افسران جبکہ ایک نوجوان اعلیٰ پولیس افسر کا بیٹا ہے۔

    آئی جی سندھ نے زمان ٹاؤن تھانے کو مذکورہ کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

     واضح رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئیں۔

    مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش

    گزشتہ دنوں کراچی کے دورے پر آئے وزیراعظم عمران خان نے بھی کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی تھی۔

  • کراچی میں ڈاکو بے قابو، شہری پریشان، پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی

    کراچی میں ڈاکو بے قابو، شہری پریشان، پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھراسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہونے لگا، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد میں ڈکیتی کی پے درپے وارداتیں ہونے لگیں۔، پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ گئیں، شہری دن دہاڑے اسٹریٹ کریمنلز کے ہاتھوں لٹنے لگے، اورنگی ٹاؤن میں دکان کےباہرکھڑےخریداروں کو مسلح افراد نے لوٹ لیا۔

    دو موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے بے خوف ہوکر لوٹ مار کی۔ ناظم آباد میں ایک پرنٹنگ پریس میں بھی ڈکیت گھس گئے، دفتر میں موجود افراد سے لوٹ مار کی چورگلشن جمال میں گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل لے اڑے۔

    تمام واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجزمیں ملزمان کےچہرےواضح ہیں ۔ لیکن پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی۔

  • کراچی میں لوٹ مار، ڈاکؤوں نے خاتون پرنسپل کو گولی ماردی

    کراچی میں لوٹ مار، ڈاکؤوں نے خاتون پرنسپل کو گولی ماردی

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار کے دوران ڈاکؤوں نے خاتون پرنسپل کو گولی ماردی، ایک ہفتے میں دوخواتین سمیت 3 افراد قتل کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، پولیس شہرمیں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں تاحال ناکام ہے، موبائل فون چھیننے کے دوران ڈاکؤوں کی فائرنگ سے اسکول پرنسپل جاں بحق ہوگئیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو خواتین سمیت 3 افراد کو ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران قتل کیا گیا۔

    سولجربازار کے علاقے میں خاتون اسکول پرنسپل اپنے شوہر کے ساتھ گھر جارہی تھیں، اسٹریٹ کرمنلز نے ان کی گاڑی روک کر موبائل فونز مانگے تھے، خاتون کے شوہر موبائل فون اٹھانے کیلئے جیسے ہی جھکے تو ڈکیتوں نے فائرنگ کردی۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سعود آباد میں خاتون اور سہراب گوٹھ میں ایک شخص فائرنگ سے زخمی ہوگیا، اس کے علاوہ مختلف وارداتوں میں ایک پولیس اہلکار،ادکار اور دو خواتین سمیت سات افراد زخمی بھی ہوئے۔


    مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور پرتشدد واقعات میں اضافہ


    واضح رہے کہ سی پی ایل سی کی جانب سے رواں سال نومبر تک کی اسٹریٹ کرائم رپورٹ جاری کردی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ گیارہ ماہ میں شہر کراچی میں27 ہزار 219 شہریوں کو موبائل فون سے محروم کردیا گیا اور 23 ہزار553 شہری اسلحہ کے زور پراپنی موٹرسائیکلوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔