Tag: street crimes

  • موٹر سائیکل سوار لٹیرے ایک ہی علاقے میں 10 سے زائد وارداتیں کر کے فرار

    موٹر سائیکل سوار لٹیرے ایک ہی علاقے میں 10 سے زائد وارداتیں کر کے فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تھانہ بن قاسم کی حدود میں ایک ساتھ لوٹ مار کی 10 سے زائد وارداتیں ہوئی ہیں، جس پر علاقے کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بن قاسم میں ایک ساتھ لوٹ مار کی دس سے زائد وارداتوں میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہریوں کو نقدی موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک ہی علاقے میں دس سے زائد وارداتیں کیں اور بہ آسانی فرار ہو گئے، شہری لٹ رہے ہیں اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔

    وارداتوں کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور قومی شاہراہ پر دھرنے کی دھمکی بھی دی، متاثرہ شہریوں نے شاہ ٹاؤن روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے لٹیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان واقعات کا تدارک نہ کیا گیا تو قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کر دیں گے۔

  • لٹیروں نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا دیا بجھا دیا، (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    لٹیروں نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا دیا بجھا دیا، (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    کراچی: لٹیروں نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا دیا بجھا دیا، لانڈھی مظفر آباد کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی مظفر آباد کالونی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید احتجاج کیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    مقتول کی شناخت 26 سالہ احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے اسپتال چورنگی پر دھرنا دے کر احتجاج کیا۔

    فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں گھر کی دہلیز پر دو افراد بیٹھے ہوئے تھے، اور ایک شخص وہاں سے گزر رہا تھا، کہ ایسے میں موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح لٹیرے پہنچ گئے۔

    خواتین سے ڈھائی لاکھ نقدی اور زیورات کی ڈکیتی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی

    لٹیروں کو دیکھتے ہی راہ گیر تو گلی میں بھاگ گیا، جب کہ گلی میں بیٹھا ہوا احسان نامی نوجوان بھی اٹھ کر اچانک گلی طرف بھاگ کھڑا ہوا، تاہم قاتل لٹیرے نے اس پر گولی داغ دی۔

    احسان کو گلی میں گر کر اور پھر اٹھ کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے گلی میں موجود شخص سے لوٹ مار کی اور پھر بھاگ گئے۔

  • رواں سال کے 6 ماہ جرائم پیشہ عناصر کے نرغے میں پھنسے شہر قائد کے باسیوں پر کیسے گزرے؟

    رواں سال کے 6 ماہ جرائم پیشہ عناصر کے نرغے میں پھنسے شہر قائد کے باسیوں پر کیسے گزرے؟

    کراچی: معاشی حب کے طور پر جانا جانے والا، صوبہ سندھ کا بد قسمت شہر کراچی کچھ عرصے سے ایک بار پھر بے انت جرائم کی زد پر ہے، محکمہ پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے دعوے تو سامنے آتے رہتے ہیں لیکن زمینی صورت حال ان دعوؤں کے برعکس نہایت تکلیف دہ ہے۔

    جب 2023 کا سال شروع ہوا تو پولیسنگ سروس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ایک بار پھر جرائم کی شرح میں کمی کے دعوے سامنے آئے، اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ جرائم کی شرح اتنی نہیں جتنا اس کے بارے میں میڈیا یا تاجر برادری میں ’’واویلا‘‘ کیا جاتا ہے، جرائم کو روکنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے ذمہ دار ادارے کے ذمہ داران کی جانب سے اس قسم کے بیانات بہ ذات خود ’’شرم ناک‘‘ قرار دیے گئے۔

    کراچی کے باسی اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرموں کے نرغے میں کس حد تک پھنسے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ پولیس ہی جانب سے ششماہی رپورٹ جاری ہوئی ہے، جو بتاتی ہے کہ رواں سال کے 6 ماہ شہر قائد کے باسیوں پر کیسے گزرے، اے آر وائی نیوز کو 181 روز میں ہونے والے جرائم کے اعداد و شمار پر مشتمل یہ رپورٹ مل گئی ہے۔

    سی پی ایل سی کے مطابق کراچی میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 45 ہزار کے قریب وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، اور 300 کے قریب شہری اپنی قیمتی جانوں سے محروم کیے گئے، چھ ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی اتنی وارداتیں محکمہ پولیس کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، اگر وہ اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے۔ ان وارداتوں میں موبائل چھیننا، موٹر سائیکلیں چوری ہونا، کاریں چھیننا، ڈکیتی مزاحمت پر قتل تک شامل ہیں۔

    سی پی ایل سی کا کہنا ہے کہ یکم جنوری سے 30 جون تک 14 ہزار 115 موبائل فون چھینے گئے، 6 ماہ میں 28 ہزار 886 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں، اور 1 ہزار 111 کاریں چوری یا چھینی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں 70 سے زائد شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کیا گیا، اور 300 کے قریب شہری مختلف واقعات میں قتل ہوئے، قتل کی اس شرح نے باسیوں کے لیے شہر ہی غیر محفوظ بنا دیا ہے، اور بے خوفی سے کی جانے والی وارداتوں کو دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے شہر کراچی مجرموں اور قاتلوں کے لیے ’’جنت‘‘ بن چکا ہے۔

    سی پی ایل سی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکڑوں شہری ڈکیتی مزاحمت کے دوران زخمی ہو کر اسپتال پہنچے، جس حساب سے وارداتیں ہوتی ہیں اور وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہوتی ہیں، اُس حساب سے پولیس کی جانب سے مجرموں تک پہنچنے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔ واضح رہے کہ منشیات سے متعلق جرائم ایک الگ شرح کے ساتھ شہریوں کو نرغے میں لیے ہوئے ہے۔

  • کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر زخمی

    کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر زخمی

    کراچی: شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر گولی لگنے سے اہلکار اکرام زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکار اکرام اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس اہلکار اکرام پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں 2 لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ایک ڈمپر سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کی صبح کو تھانہ سائٹ سپر ہائی وے ایسٹ کراچی کی حدود میں 3 موٹر سائیکل سوار لٹیرے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، کہ اس دوران پولیس پارٹی کو آتے دیکھ کر فرار ہونے لگے۔

    ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق تین مسلح لٹیرے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں فرمان، ثاقب احمد اور احمد ولد سلیم سے موبائل فونز اور نقدی چھین رہے تھے، کہ اس دوران گشت کرنے والی پولیس پارٹی آ گئی۔

    لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر موٹر سائیکلوں پر سڑک کے رانگ سائیڈ سے فرار ہونے لگے، لیکن سامنے سے آنے والے ڈمپر سے بری طرح ٹکرا گئے۔

    ڈمپر سے ٹکر کے نتیجے میں سیاہ رنگ کی 125 موٹر سائیکل پر سوار 20 سے 25 سال کے دو مسلح لٹیرے ریئس اللہ ولد نصیب اللہ اور شرافت ولد سید اللہ شدید زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا تیسرا ساتھی مانی موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی لٹیروں کی تلاشی لی گئی تو ان سے ایک ایک پستول، لوڈ میگزین، چھینے ہوئے موبائل اور نقدی برآمد ہوئی، لٹیروں کو طبی امداد دے کر مقدمات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

  • ویڈیو: شہری نے لٹیروں کا شکار بننے سے خود کو کیسے بچایا؟

    ویڈیو: شہری نے لٹیروں کا شکار بننے سے خود کو کیسے بچایا؟

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں عروج پر ہیں، شہری ڈاکوؤں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر ہیں، ایسے میں شہریوں کو خود ہی لٹیروں سے بچنے کی تدابیر کرنی پڑ رہی ہیں۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اسٹریٹ کرائم کی ایک واردات میں کار سوار شہری کو خود ہی شکار بننے سے خود کو بچانا پڑا، اور ہوشیاری دکھاتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز کی واردات ناکام بنا دی۔

    یہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 15 میں گزشتہ روز پیش آیا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں سفید رنگ کی کار کو پارکنگ میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق ذرا دیر میں موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے تیزی سے کار کے قریب آ کر رکے، تاہم حاضر دماغ شہری نے فوری طور پر گاڑی دوڑا دی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تھوڑی سی جگہ میں ڈرائیور نے بڑی تیزی اور مہارت کے ساتھ کار گھمائی اور پچھلی طرف کی گلی سے نکل گیا۔

    گاڑی گھمانے کے دوران ایک موقع پر ڈرائیور لٹیرے کے بالکل برابر میں بھی آیا اور لٹیرے نے پستول سے اس پر گولیاں چلا دیں، تاہم خوش قسمتی سے شہری محفوظ رہا۔

    فوٹیج میں لٹیروں کو واردات میں ناکامی کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • لٹیروں نے فرار ہوتے وقت بچے پر گولی چلا دی، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    لٹیروں نے فرار ہوتے وقت بچے پر گولی چلا دی، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں لٹیروں کی فائرنگ سے 12 سالہ احمد علی زخمی ہو گیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران سفاک لٹیروں کی فائرنگ کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، ایک واقعے میں لٹیروں نے معصوم بچے پر بھی فرار ہوتے وقت بے سبب گولی چلا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 3 لٹیروں نے واردات کی اور بائیک پر جاتے وقت ایک نے پیچھے مڑ کر گولی داغ دی۔

    فوٹیج کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب گلی میں تین افراد سے موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے آ کر لوٹ مار کی، لٹیروں نے شہریوں سے ان کے موبائل فون اور رقم چھینی۔

    بدقسمتی سے اس واردات کے دوران ایک 12 سالہ بچہ احمد علی ولد اختر علی ان کے قریب آیا، لٹیروں نے جب فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تو گولی احمد کی ٹانگ میں لگ گئی اور وہ لنگڑا کر زمین پر گر گیا۔

    محکمہ پولیس کے مطابق بچے کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔

  • ویڈیو: کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے لٹیروں نے دکان لوٹ لی

    ویڈیو: کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے لٹیروں نے دکان لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے جوبلی سعید منزل پر لٹیروں نے ایک واردات میں کھیر ہاؤس کی دکان پر لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جوبلی سعید منزل کھیر ہاؤس پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، واردات کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے 2 لٹیروں نے کی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 لٹیرے کسٹمرز اور دکان دار کو لوٹ کر فرار ہو گئے، دونوں دکان کے اندر گاہک بن کر داخل ہوئے تھے، موقع دیکھ کر ایک نے پستول نکالا اور دوسرے نے لوٹنا شروع کر دیا۔

    فوٹیج کے مطابق لٹیروں نے یکے بعد دیگرے چار گاہکوں کو لوٹا، اس دوران بزرگ سیکیورٹی گارڈ بے بسی سے لوٹ مار دیکھتا رہا، لٹیرے نے بزرگ سیکیورٹی گارڈ سے شاپنگ بیگ بھی مانگا تھا۔

    ڈاکو نے کاؤنٹر پر بیٹھے مالک کو پہلے لوٹا اور پھر کیش کاؤنٹر خالی کر دیا، کیش کاؤنٹر سے نکالی گئی ساری رقم شاپنگ بیگ میں ڈالی اور فرار ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کراچی شہر ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث لٹیروں کے لیے جنت بن چکا ہے، جب کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کہیں بھی نظر نہیں آتی۔

  • ویڈیو: ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک اور شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا

    ویڈیو: ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک اور شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 11 کے میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص شریف احمد زخمی ہو گیا، یہ واقعہ گزشتہ روز رات 12 بجے کے قریب پیش آیا۔

    فوٹیج میں 2 شہریوں کو ایک دکان کے باہر گلی میں کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اچانک 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو تیزی سے آ کر رکے اور دونوں شہریوں کو گھیر لیا۔

    ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کی، جاتے وقت جب دو ڈاکو موٹر سائیکل پر بیٹھ گئے، بقیہ دو مزید کوئی چیز چھیننے لگے، تو اس دوران شہری نے مزاحمت شروع کر دی۔

    فوٹیج میں اس دوران موٹر سائیکل پر بیٹھے ڈاکو کو پستول لوڈ کرتے اور پھر فائر کرتے واضح دیکھا جا سکتا ہے، گولی چلاتے ہی ڈاکو فرار ہو گئے اور شہری زمین پر گر گیا۔

    شہری شریف احمد کو بعد ازاں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے شادی میں جانے والی فیملی کو لوٹ لیا

    ویڈیو: لٹیروں نے شادی میں جانے والی فیملی کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد اسٹریٹ کرمنلز کے لیے جنت بن چکا ہے، وہ جب جہاں چاہتے ہیں، دن دہاڑے شہریوں اور فیملیوں کو لوٹ کر بہ آسانی نکل جاتے ہیں۔

    کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں گھر کے سامنے ایک فیملی کو اس وقت لوٹا گیا، جب وہ ایک شادی میں شرکت کے لیے جا رہی تھی، اور گاڑی میں بیٹھتے وقت لٹیروں کا ہدف بن گئی۔

    اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے اب گلیوں میں فیملیز کو بھی بے خوفی سے لوٹنے لگے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق فیملی جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھنے لگی، پیچھے سے موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گلی میں آ گئے اور اسلحے کے زور پر کار سوار فیملی سے لوٹ مار شروع کر دی۔

    گاڑی سے بیٹری نکالنے والے چور کا انجام، عبرت ناک ویڈیو

    دوسرے لٹیرے نے سامنے سے آنے والے 2 موٹر سائیکل سوار شہریوں کو بھی لوٹ لیا، مرد کو لوٹنے کے بعد لٹیرے نے کار میں آگے بیٹھی ہوئی خاتون سے بھی لوٹ مار کی، لٹیرا خاتون سے چوڑیاں مانگتا رہا اور پھر زیورات کا ڈبہ چھین کر لے گیا۔

    واردات کے دوران لٹیرے 5 موبائل فون، کیش اور چوڑیاں چھین کر فرار ہو گئے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں لٹیرے کسی خوف کے بغیر واردات مکمل کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔