Tag: street crimes

  • شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکو راج زور پکڑ گیا ہے، سندھی مسلم سوسائٹی میں ایک شہری سے 23 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین بینک سے رقم لے کر نکلے تھے، تعاقب کرتے لٹیروں نے ان سے رقم سے بھرا بیگ چھینا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 مسلح لٹیروں کو کمپنی ملازمین کو لوٹتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل سوار ملازمین سے بیگ چھینا اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں مبینہ طور پر 23 لاکھ روپے لوٹے گئے، جس کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہو گئی ہیں، کراچی پولیس چیف نے بھی چند دن قبل وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 3 میں کوریئر کمپنی کے ملازم کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو نے ملازم کو روکا، اور ا سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز کراچی شہر میں ڈاکو راج نظر آیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں ہوئیں، خواتین بھی اب اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہیں۔

    فیروز آباد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، شہری بینک سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر روکا اور رقم چھین لی۔

    بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک اور شہری سے بھی واردات ہوئی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین کو لوٹا گیا، ڈاکو مبینہ طور پر 3 لاکھ 50 ہزار کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

    ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر لٹیروں نے خاتون سے زیورات اتروا لیے، تینوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

  • جان خطرے میں ڈال کر کراچی کے شہری نے واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی اور تشدد سے ہلاک

    جان خطرے میں ڈال کر کراچی کے شہری نے واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی اور تشدد سے ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں ایک باہمت شہری نے جان خطرے میں ڈال کر لوٹ مار کی واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی لگنے اور تشدد سے ہلاک ہو گیا، جب کہ پولیس چیف نے زخمی شہری کے لیے انعام کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایوب گوٹھ کے قریب لوٹ مار کی ایک واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے اور بعد ازاں مشتعل شہریوں کے ہاتھوں تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ایوب گوٹھ کے قریب پولٹری کا کام کرنے والے ایک شہری شاہد نواز بینک سے رقم لے کر نکل رہے تھے کہ 4 لٹیروں نے انھیں گھیر لیا اور رقم چھین لی، ڈاکو فرار ہونے لگے تو شہری نے موقع دیکھ کر ہمت دکھاتے ہوئے ایک شہری کو دبوچ لیا۔

    رپورٹ کے مطابق ندی کی جانب سے اسی دوران گشت پر موجود پولیس اہل کار موبائل میں وہاں پہنچ گئے، شہری نے ایک ڈاکو کو پکڑ رکھا تھا، جس نے جان بچانے کے لیے شہری شاہد نواز کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا۔

    تاہم شہری جیسے ہی زخمی ہو کر گرا اس کے گارڈ پیچھے سے آ گئے اور ڈاکو کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا، اس موقع پر وہاں موجود مشتعل شہریوں نے زخمی ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہو گیا۔

    دوسری جانب پولیس موبائل پر آئے اہل کاروں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دیگر 2 لٹیروں کو بھی گرفتار کر لیا، جب کہ ایک گلیوں کے اندر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق پکڑے گئے لٹیروں میں کلیم اللہ اور رضی اللہ شامل ہیں، جن سے 2 پستولیں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں جن پر نمبر پلیٹیں جعلی لگی ہوئی تھیں، ڈاکوؤں کو سہراب گوٹھ تھانے میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں کو پکڑنے والے شہری شاہد نواز کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم شہریوں کو یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ وہ ایسے خطرناک معاملات میں حد درجہ احتیاط برتیں، کیوں کہ ان کی جان بھی جا سکتی ہے، وہ تب آگے آئیں جب ان کے پاس اس کا پورا موقع ہو۔

    واضح رہے کہ کراچی میں جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے، ستمبر کے مہینے میں اب تک 13 شہری لٹیروں کے ہاتھوں جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، اس صورت حال میں پولیس نے بھی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم : 5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم : 5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : شہرقائد میں ڈاکوؤں کا راج جاری ہے جب کہ شہری حسب روایت بے یارومددگار ہیں، ڈاکو واردات کیلئے کھلے عام اسلحے استعمال کرنے لگے، پولیس وارداتیں روکنے میں ناکام ہے۔

    اس حوالے سے سی پی ایل سی نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی یومیہ وارداتوں کی شرح235ہوگئی

    سی پی ایل سی کی رپورٹ میں گزشتہ 5ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا ریکارڈ سامنے آگیا۔

    جنوری تا مئی شہریوں کو22ہزار666موٹرسائیکلوں سے محروم کیا گیا جبکہ 5ماہ کے دوران کراچی والوں سے11ہزار890موبائل فونز چھینے گئے۔

    سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق اسلحے کے زور پر شہریوں کی71گاڑیاں چھینی اور914چوری کرلی گئیں، اسلحے کے زور پر کراچی والوں سے مئی میں383موٹرسائیکلیں چھینی گئیں۔

  • مجھے کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس افسران کو سخت ہدایات

    مجھے کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس افسران کو سخت ہدایات

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مجھے کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک چاہیے اور کام نہ کرنے والے پولیس افسر کو فارغ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن و امان سےمتعلق اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی،سیکریٹری داخلہ ودیگر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ نشے کے عادی افرادکواٹھانا شروع کریں اور انھیں گلشن معمار کی طرف بحالی کے مراکزپر رکھا جائے۔

    اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ شہرمیں7500 ایسےاسٹریٹ کرمنلز ہیں جو باربار کرائم کرتے ہیں، یہ 7500 کرمنلزیا تو ضمانت پر ہیں یا مفرور ہیں، جس پر مشیر قانون کا کہنا تھا کہ کرمنلزکی ای ٹریکنگ کے لیے مسودہ قانون تیار ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ وکلا ہائی پروفائل کیسز اوراسٹریٹ کرمنلز کی بیل رد کرائیں، مجھے کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک چاہیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے پولیس کو ہر قسم کے وسائل دیےہیں، کام نہ کرنے والے پولیس افسر کو فارغ کریں،مجھےنتیجہ چاہیے اور شہر میں پیٹرولنگ اور دیگر کارروائیوں کی روزرپورٹ چاہیے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا  اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے آج اہم فیصلوں کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ کا اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے آج اہم فیصلوں کا اعلان

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے آج اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا میں خود کو اور حکومت کو بری الذمہ قرار نہیں دے رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا بڑھ جانا تشویشناک ہے، اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنےکیلئےسندھ کابینہ کااجلاس بلاؤں گا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھےہرحال میں عوام کےجان و مال کومحفوظ بناناہے۔میں اس حوالے سےکچھ سخت اقدامات کروں گا، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر بہت تشویش ہے اور اطہر متین کی موت پر بہت افسوس ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے آئی جی صاحب کی مشاورت سے تبدیلی لائےتھے، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کیخلاف 4بجے اہم اجلاس ہے ، جس میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئےاہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں اس میں خود کو اور حکومت کوبری الزمہ قرار نہیں دے رہا، ملک کے معاشی حالات کی وجہ سے کرائم زیادہ بڑھا ،ہر ملک کے شہری یہاں موجود ہیں ، افغانستان میں جو کچھ ہو رہاہے وہ بھی ہمیں بھگتنا پڑتاہے ، پولیس والے جو بھی ملوث ہونگے اس کو سزا ملے گی۔

    نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اپیکس کمیٹی کے 26 اجلاس کئے ، نیشنل ایکشن پلان تبدیل کردیا، جلدپھرایپکس اجلاس بلائیں گے ، ایسے سروے سے مجھ میں اور کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ،وزیر اعلی سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا طوفان بےروزگاری جیسے مسائل پربلاول لوگوں کےپاس جارہے ہیں ، عمران خان سے یہ مسائل حل نہیں ہوں گے انہیں جانا ہوگا۔

    اطہر متین قتل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اطہر متین کیس میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے ابھی نہیں بتا سکتا۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں کا راج،  تاجروں کا سندھ حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم

    کراچی میں ڈاکوؤں کا راج، تاجروں کا سندھ حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم

    کراچی : چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد عتیق میر نے شہر قائد میں روز بروز بڑھتے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دےدیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں کا راج ہے ، چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد عتیق میر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھتہ خورسرگرم ہوچکے ہیں، حکومتی ادارے تحفظ فراہم کریں۔

    آل کراچی تاجراتحاد نے صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو آئندہ ہفتے وزیر اعلی ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔

    عتیق میر نے مطالبہ کیا کہ اسٹریٹ کرمنلز،بھتہ خوروں سےنمٹنےپرحکومت اعلیٰ سطح اجلاس بلائے اور کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی جائے۔.

    خیال رہے کراچی میں یکم جنوری سے اب تک لوٹ مار کی11ہزار وارداتیں ہوئیں جبکہ رواں سال 15 معصوم شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا اور 80سے زائد زخمی ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم نے ہر عمر طبقہ فکر اور شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو متاثر کیا، پولیس اہلکار، صحافی، بچے بوڑھے نوجوان اور خواتین بھی لٹیروں کا نشانہ بنیں۔

  • سال کا پہلا مہینہ : اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ، ڈکیتی مزاحمت پر 10 شہری جان سے گئے

    سال کا پہلا مہینہ : اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ، ڈکیتی مزاحمت پر 10 شہری جان سے گئے

    کراچی : شہر قائد میں سال 2022 کے پہلے ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح بڑھ گئی ، جنوری میں ڈکیتی مزاحمت پر 10 افرادجاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے جنوری میں رپورٹ اسٹریٹ کرائمز کے اعداد و شمار حاصل کرلیے، رواں سال کا پہلا ماہ کراچی کے شہریوں پر بجلی بن کر گرا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 31روز کے دوران صرف ڈکیتی مزاحمت پر 10 شہری جان سے گئے جبکہ ڈکیتی مزاحمت کی کوشش میں 60 سے زائد شہری زخمی ہوئے اورکروڑوں کی نقدی، سونااوردیگر سامان سے محروم ہوئے۔

    جنوری میں 1972 شہریوں کے موبائل فونز ملزمان نے چھینے، 3115موٹرسائیکلیں چوری ہوئی اور 336 چھینی گئیں جبکہ 141گاڑیاں چوری اور 11 گاڑیاں چھینیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق مختلف اسپتالوں میں81 افراد جاں بحق، 140 زخمی لائے گئے ، ڈکیتی مزاحمت پرزخمی ہونے والوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ذاتی جھگڑے اور دشمنی میں 11 افراد جاں بحق 29 زخمی ہوئے جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق 2 زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے 2الگ واقعات میں 2 خواتین شوہر کے ہاتھوں قتل ہوئیں جبکہ اتفاقیہ گولیاں چلنے سے 1 شخص جاں بحق 10 زخمی ہوئے ، زخمی ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    پتنگ سےگلاکٹ کر، جھلس کر اور دیگر واقعات میں 13 زخمی ہوئے جبکہ جنوری میں 4 خواتین سمیت 9 افراد نے خودکشی کی ، خودکشی کرنیوالوں میں پولیس اہلکار اور سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں۔

    جنوری میں مختلف علاقوں سے 26 لاشیں ملی ہیں ، ملنے والی لاشوں میں سے کچھ کو شناخت کیا گیا، دیگر کا عمل جاری ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے نئی موٹرسائیکل فورس تیار

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے نئی موٹرسائیکل فورس تیار

    کراچی: ایس پی گلشن نے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے نئی موٹرسائیکل فورس تیار کرلی ، اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس 20 موٹرسائیکلوں پرمشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی گلشن معروف عثمان کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے نئی موٹرسائیکل فورس تیار کی ہے کیونکہ رش والے علاقوں میں پولیس موبائل اچھا پرفارم نہیں کرسکتی۔

    معروف عثمان کا کہنا تھا کہ اپنے بجٹ سے پرانی موٹرسائیکلوں کو اپ گریڈ کیا ، مجھ سمیت تمام ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پی بھی مانیٹر کر سکیں گے۔

    ایس پی گلشن نے کہا ہے کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس 20 موٹرسائیکلوں پرمشتمل ہے، جس میں 40 تربیت یافتہ اہلکار ہاٹ اسپاٹس پر گشت کریں گے، تمام موٹرسائیکلوں کا مانیٹرنگ سسٹم تیار کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم فورس کی موٹرسائیکلوں میں ٹریکرنصب ہیں، اس خصوصی فورس میں شامل پولیس کو لامحدود پیٹرول ملے گا۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام  ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے۔ ناظم آباد اور ابوالحسن اصفہانی روڈ میں ہونے والی وارداتوں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں اسٹریٹ کرائم پھر زور پکڑنے لگے، شہری اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں، ناظم آباد میں 2موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے خواتین کو لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ناظم آباد نمبر دو میں مسلح موٹر سائیکل ملزمان نے خواتین سے بیگ چھین لیا، خواتین نے مزاحمت کی کوشش کی تو ساتھ موجود بچے پر جھپٹ پڑے، خواتین کے شور مچانے پرایک ملزم موٹر سائیکل کی طرف بھاگا، دوبارہ پلٹا اورخواتین کا بیگ لیکر چلتا بنا۔

    دوسری واردات میں ابو الحسن اصفہانی روڈ پر مسلح ملزمان نے حجام کی دکان میں لوٹ مار کی، دو مسلح افراد نے دکان میں موجود دو افراد کو زمین پر بٹھایا اور باآسانی لاکرز سے پیسے اور موبائل فونز لے کر فرار ہوگئے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن کی پولیس نے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں ڈکتیی میں ملوث گروہ گرفتار کرلیے
    پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی۔

    گرفتار گروہ کا سرغنہ خدا بخش بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کا رہائشی ہے۔ گرفتار ملزمان نے گزشتہ روز گلشن حدید میں دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، واردات میں دکان سے لوٹے گئے موبائل فونز ملزمان سے برآمد کر لئے گئے۔