Tag: street crimes

  • کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بریگیڈ میں گھر کے باہر شہری کو لوٹنے والے کارندے کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کے باہر شہری کو لوٹا تھا، ملزم سفیان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم سفیان سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے کراچی کے علاقے ملیر کھوکھراپار میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رضا الدین عرف رضا بھائی کو گرفتار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا، ملزم رضا الدین ملیر سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلبہار میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا تھا اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

    ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان توصیف، راقب اور آصف سگے بھائی ہیں، دوستوں کے ساتھ مل کر ڈکیتیاں کرتے تھے۔

    ایس ایس پی عارف اسلم کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تھے، ملزمان کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہوکر آئے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی پولیس نے نیو ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • کراچی میں تین ماہ کے دوران  9 ہزار 664  شہری موبائل فون سے محروم

    کراچی میں تین ماہ کے دوران 9 ہزار 664 شہری موبائل فون سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں تین ماہ کے دوران مختلف واقعات میں ساٹھ سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ نوہزار چھ سوچونسٹھ شہریوں کوموبائل فون سےمحروم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا بازار گرم ہے، سی پی ایل سی نے کراچی میں تین ماہ کے دوران ہونیوالے جرائم کی فہرست جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ تین ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت ساٹھ سے زائد شہریوں کوموت کےگھاٹ بھی اتاردیاگیا۔

    رپورٹ کے مطابق نوہزار چھ سو چونسٹھ شہریوں کوموبائل فون سےمحروم کیا گیاجبکہ پانچ ہزار آٹھ سو تیرہ موٹرسائیکل چوری یا چھینی گئیں اور شہری تین سو پینتیس کاروں سے محروم ہوئے۔

    رپور ٹ میں بتایا گیا بھتے کی آٹھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ بینک ڈکیتی اور نقب زنی کی دو وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

    مزید پڑھیں : ماہ فروری : 26 افراد قتل، شہری ڈھائی ہزار سے زائد موبائل فون سے محروم

    یاد رہے گذشتہ ماہ فروری کے دوران26افراد کو مختلف وارداتوں میں موت کی نیند سلا دیا گیا، اس کے علاوہ دو افراد کو اغوا اور دو تاجروں سے بھتہ وصول کیا گیا۔

    سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق صرف فروری میں دو ہزار پانچ سو بیاسی موبائل فونز چھینے گئے یا چوری ہوئے، ساڑھے انیس سو شہری موٹر سائیکل سے محروم ہو گئے جبکہ ایک سو ایک افراد سے گاڑیاں چھینی یا چوری کی گئیں، چھینے گئےچار سو بیالیس موٹرسائیکلیں، چھیالیس گاڑیاں اور ایک سو آٹھ موبائل فونز برآمد ہوئے۔

  • پرس چھیننے والا ڈاکو نوجوان کی فائرنگ سے زخمی، اسٹریٹ کرائم کا ملزم گرفتار

    پرس چھیننے والا ڈاکو نوجوان کی فائرنگ سے زخمی، اسٹریٹ کرائم کا ملزم گرفتار

    کراچی : بہادرآباد میں نوجوان نے ڈکیتی کی کوشش کرنے پر ڈاکو کو گولی ماردی، زخمی ملزم جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے گورا قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، کراچی کے علاقے بہادر آباد میں خواتین کو لوٹنے کی کوشش کی گئی۔

    دو ڈاکو خاتون سے پرس چھین کر فرار ہورہے تھے کہ وہاں موجود ایک نوجوان نے مبینہ ڈاکو کو گولی مار دی جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، بعد ازاں ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب کراچی پولیس نے گورا قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم روہان عرف بھٹی ایک ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

    کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، ملزم مختلف مقدمات میں مطلوب ہے، ملزم نے2012میں صدر پارکنگ پلازہ پرایک شخص کو قتل کیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم روہان عرف بھٹی اپنا تعلق سیاسی جماعت سے بتاتا ہے۔

    ملزم نے صدر، ڈیفنس، کلفٹن، فیروزآباد، اور سولجربازار کے علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ فیروز آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت حمزہ علی اور نعیم الدین کے ناموں سے ہوئی، ان کے قبضے سے دو پستول،موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئیں۔

  • جلد اسٹریٹ کرائمز کے خلاف مربوط حکمت عملی سامنے لائیں گے: گورنرسندھ

    جلد اسٹریٹ کرائمز کے خلاف مربوط حکمت عملی سامنے لائیں گے: گورنرسندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جلد اسٹریٹ کرائمز کے خلاف مربوط حکمت عملی سامنے لائیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک واضح پروگرام لے کرحکومت میں آئی ہے.

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمزمیں اضافہ ہوگیا ہے، جو تشویش ناک ہے. ماضی میں کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں، بھتا خوری عام تھی، مگر اب یہ سلسلہ بند ہوگیا.

    عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمزکے خاتمے کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں.

    انھوں نے یقین دلایا کہ جلداسٹریٹ کرائمزپرمربوط حکمت عملی سامنے آئے گی، ہم جووعدہ کررہے ہیں، اسے پورابھی کریں گے.


    مزید پڑھیں: اسٹریٹ کرائمز کے خلاف اعلان جنگ کیا جائے، آئی جی سندھ

    واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں‌ کراچی میں‌اسٹریٹ کرائم میں‌واضح‌ اضافہ ہوا ہے، شہریوں‌کو دن دہاڑے سڑکوں پر لوٹا جارہا ہے. ساتھ ہی گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں بھی بڑھی ہیں، اس ضمن میں کراچی میں ایک جرائم پیشہ گروہ بھی گرفتار ہوا تھا.

    یاد رہے کہ آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے اپنے ایک  حالیہ بیان میں پولیس کو ہدایت کی تھی کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف اعلان جنگ کیا جائے۔

  • لاہور میں ڈاکو راج: شہری موبائل اور نقدی سے محروم، پولیس خاموش تماشائی

    لاہور میں ڈاکو راج: شہری موبائل اور نقدی سے محروم، پولیس خاموش تماشائی

    لاہور: مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، شہری قیمتی سامان سے محروم ہوگئے، پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا، روز مرہ کی بڑھتی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔

    لاہور پولیس کی خاموشی اور ڈاکوﺅں کی پھرتیوں نے شہریوں کو غیر محفوظ بنا دیا۔ مصری شاہ، شاد باغ، اقبال ٹاﺅن سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ڈاکوﺅں نے دکانوں کا صفایا کیا تو کہیں اہم شاہراہوں پر شہریوں کو ان کی قیمتی چیزوں سے محروم کر دیا۔

    ڈاکوﺅں کے شر سے گھر بھی محفوظ نہ رہے ۔ڈیفنس ڈبل ایکس بلاک کے ایک گھر کے اندر سے ڈاکوﺅں نے گاڑی چرائی اور سکون سے چلتے بنے۔

    دوسری جانب اچھرہ، جوہر ٹاﺅن اور ای ایم ای سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں کے گھروں میں بھی وارداتیں عروج پر رہیں۔ رواں ماہ ڈکیتی کی سو سے زائد وارداتوں میں سی سی ٹی وی فوٹیج ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری

    کراچی: شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رک نہ سکیں، وارداتیں بدستور جاری ہیں، انتظامیہ کے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتوں کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، ایک طرف سندھ گورنمنٹ اور دوسری طرف محکمۂ پولیس کی طرف سے بیانات جاری کیے جا رہے ہیں۔

    گلشنِ اقبال میں گاڑی میں سوار شہریوں کو ڈکیتوں نے لوٹ لیا، موٹر سائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز نے گاڑی کو روک کر واردات کی اور بہ آسانی نکل گئے۔

    اسٹریٹ کرمنلز نے صفورہ گوٹھ میں بھی دیدہ دلیری سے واردات کی، صفورہ گوٹھ شاہراہ پر کھڑے نوجوانوں کو بھی لوٹ لیا گیا، ڈکیٹ موٹر سائیکل پر سوار آئے اور واردات کر کے بھاگ گئے۔

    وارداتوں کے دوران ڈکیتوں نے شہریوں کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون اور دیگر سامان چھینا، نیو کراچی میں بھی ملزمان دودھ کی دکان میں لوٹ مار کر کے فرار ہوئے۔

    خیال رہے کہ پولیس کی سرپرستی میں کراچی کا ایک علاقہ ریڑھی گوٹھ منشیات فروشوں کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں آج اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے چھاپہ بھی مارا جس پر وہاں موجود پولیس اہل کار نقاب لگا کر فرار ہو گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  اسٹریٹ کرائمز: فیصل واوڈا سندھ حکومت کے مقابل آ گئے، پولیس کی مدد کا اعلان


    واضح رہے کہ چار دن قبل میئر کراچی وسیم اختر کی گاڑی بھی چھینی جا چکی ہے جس کا پولیس تاحال پتا نہیں چلا سکی ہے، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فیصل واواڈا نے بھی اسٹریٹ کرائمز اور اغوا کی وارداتوں کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔ رواں سال کے صرف 9 ماہ میں 142 گاڑیاں چھیننے کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی نے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    گزشتہ برس 2017 میں 156 گاڑیاں چھینی گئیں، رواں سال کے صرف 9 ماہ میں 142 گاڑیاں چھیننے کے کیس رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 میں گاڑیاں چوری ہونے کے 868 کیسز رپورٹ ہوئے، رواں سال اب تک 850 گاڑیاں چوری ہوچکی ہیں۔

    سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ سال 1693 اور رواں سال 1486 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں۔ اسی طرح گزشتہ سال 16086 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں جبکہ رواں سال 17832 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 2017 میں موبائل فون چوری کے 10892 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال موبائل فون چوری کے 10421 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دو روز میں گن پوائنٹ پر دو سرکاری گاڑیاں بھی چھینی جاچکی ہیں۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے سچل سے گن پوائنٹ پر سرکاری افسر دوستوں سے ملنے آیا جب ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اس سے گاڑی چھین لی۔

    اس سے ایک روز قبل بھی میئر کراچی وسیم اختر کے اہلخانہ کے زیر استعمال سرکاری گاڑی چھینی گئی تھی، واقعہ ڈیفنس خیابان بخاری میں پیش آیا تھا جہاں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان کے ڈرائیور سے گاڑی چھینی۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا زور، شہری موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا زور، شہری موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں عوام ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر ہیں،  صرف کلفٹن میں ایک گھنٹے میں چار وارداتیں رپورٹ ہوئیں جو  پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئیں، شہری موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے پاکستان میں کراچی والے سکھ کا سانس لینے کے بجائے اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ روشنیوں کے شہر میں ڈاکو دندنا رہے ہیں، پولیس اپنی روایتی کارروائی کرکے صرف فرض ادا کررہی ہے۔

    کلفٹن میں ایک گھنٹے کے دوران چار افراد کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کر دیا گیا۔ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والا رقم سمیت موبائل فون بھی گنوا بیٹھا۔

    مسلح افراد کے ہاتھوں بلاول چورنگی کے قریب شہری موبائل فون سے محروم ہو گیا، ایک ہی گروپ کی لوٹ مار کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، بوٹ بیسن تھانے میں وارداتوں کا مقدمہ درج کرانے کیلئے چار شہریوں نے درخواستیں دی ہیں۔

    گلشن حدید کراچی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دن دہاڑے راہ چلتی خاتون سے لوٹ مار کی، ماں کے ساتھ موجود بے بس بیٹا ماں کی فکر کرتا رہا اور اپنی ماں کو ڈاکوؤں کے سامنے مزاحمت کرنے سے روکتا رہا۔

    موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے پہلے خاتون کاپرس چھینا، جاتے جاتے ان کی نظر چوڑیوں پر پڑگئی، خاتون سے نہ اتری تو بیٹا ہی مدد کرنے لگا۔ ایک ڈاکو نے چوڑیاں اتروائیں اور باآسانی فرار ہو گئے۔

    اس کے علاوہ وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے پرسنل سیکریٹری کے گھر کا بھی صفایا ہو گیا۔ پانچ مسلح ملزمان سچل گوٹھ بھٹائی آباد میں گھر میں گھسے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور لاکھوں روپے لُوٹ کر فرار ہوگئے۔

    کراچی میں اضافی پولیس نفری اور مخصوص فورس ناکام نظر آتی ہے۔ رواں سال ماہ جنوری سے اب تک بائیس ہزار چھ سو سے زیادہ افراد کے موبائل فون چھینے اور چوری کیے گئے، رپورٹ کے مطابق اب تک صرف نو سو ساٹھ ہی ریکور ہو سکے ہیں۔

  • لاہور میں ڈاکو راج، مسلح افراد کی سڑکوں پر سرعام لوٹ مار جاری، پولیس بے بس

    لاہور میں ڈاکو راج، مسلح افراد کی سڑکوں پر سرعام لوٹ مار جاری، پولیس بے بس

    لاہور : جرائم پیشہ افراد نے لاہور کے شہریوں کو نشانہ بنا لیا، ڈاکو دن دہاڑے بیچ سڑک شہریوں کو لوٹنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور جرائم پیشہ افراد کی جنت بن گیا، ڈاکو دن دہاڑے بیچ سڑک شہریوں کو لوٹنے لگے۔ شرقپور روڈ پر شادی ہال سے نکلنے والی فیملی کو بیچ سڑک کنگال کر دیا گیا۔

    ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے گاڑی کو روکا, ملزمان نے بیچ روڈ پر فیملی سے لوٹ مار کی اور باآسانی فرار ہوگئے جبکہ گلشن اقبال میں چور تالے توڑ کر موٹرسائیکل لے اڑا۔

    شلوار قیمض پہنے ماسک لگائے شخص نے پہلے ایک لاک کھولا پھر موقع دیکھ کر دوسرا لاک کھولا، موٹرسائیکل اسٹارٹ کی اور رفوچکر ہوگیا۔ اسٹریٹ کرائم کی پے در پے وارداتوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس روایتی طور پر ملزمان کو پکڑنے میں تاحال ناکام ہے۔

  • سندھ کابینہ کا 2 ماہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

    سندھ کابینہ کا 2 ماہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت نئی کابینہ کے پہلے اجلاس میں کراچی میں دو ماہ سے اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے کابینہ نے سخت قوانین بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں سندھ کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اسٹریٹ کرمنلز کو قانون کی پکڑ میں لانے کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں گے۔

    وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف پولیس اور رینجرز کو بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کی جائے گی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ’شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، مجھے سب پتا ہے کوتاہیاں کہاں ہو رہی ہیں۔‘

    وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن و امان کی صورتِ حال ہر صورت برقرار رکھی جائے، ہم نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد کر کے امن و امان بہتر بنایا ہے۔

    اجلاس میں کراچی پولیس چیف ڈاکٹر عامر احمد شیخ نے کہا کہ وہ اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لیے خود میدان میں اترے ہیں اور شہر میں سادہ لباس میں دورے کر رہے ہیں۔


    سندھ کابینہ کے ارکان کو محکموں کے قلم دان سونپ دیے گئے، نوٹیفکیشن جاری


    کراچی پولیس چیف نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ’شہرِ قائد کے شہریوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، بڑی تعداد میں اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کو سخت سزا ملے گی تو وارداتیں کم ہوں گی۔‘

    پولیس چیف نے محکمے میں کالی بھیڑوں کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس میں کالی بھیڑیں موجود ہیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’کالی بھیڑیں ختم کرنے کے لیے وہ کام کروں گا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔‘