Tag: street criminal

  • پولیس اہلکار اور اس کے دوستوں کو لوٹنے والا ملزم کیسے مارا گیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    پولیس اہلکار اور اس کے دوستوں کو لوٹنے والا ملزم کیسے مارا گیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    شارع فیصل پر ائیرپورٹ کے قریب پولیس اہلکار اور اس کے دوستوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنل کی ہلاکت کی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 28 فروری کو شارع فیصل پر ائیرپورٹ کے قریب پولیس اہلکار اور اس کے دوستوں کو لوٹنے والا ملزم کیسے مارا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائے نیوز کو موصول ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق شارع فیصل پر سیکیورٹی زون 2 میں تعینات اہلکار عزیر اپنے گھر جارہا تھا، کار میں پولیس اہلکار کا بھائی اور دوست بھی ساتھ تھا اس دروان ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا۔

     

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے فنی خرابی کی وجہ سے کار کو فلک ناز کے قریب روکنا پڑا دوست ذیشان نے مسئلہ چیک کرنے کے لیے بونٹ اوپر کیا اچانک سے 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان آئے اور اسلحہ نکال لیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم زیشان سے موبائل فون چھین کر بھائی کی طرف آنے لگا اہلکار عذیر نے اپنا ذاتی پستول نکالا اور ملزمان پر گولیاں چلا دی گولی لگنے سے ایک ملزم زخمی دوسرا اندھیرے میں فرار ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی ہلاک ہوا، واقعے کا مقدمہ ائیرپورٹ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

  • ڈکیتی کے دوران بچے کو گولی مارنے والا اسٹریٹ کرمنل پولیس کی گولی سے زخمی

    ڈکیتی کے دوران بچے کو گولی مارنے والا اسٹریٹ کرمنل پولیس کی گولی سے زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں لوٹ مار کی ایک واردات کے دوران معصوم بچے کو گولی مارنے والا اسٹریٹ کرمنل آج پولیس مقابلے میں گولی لگنے سے زخمی ہو کر گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کا شریف آباد قبرستان سیکٹر 6/D مہران ٹاؤن کے پاس اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی تھی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جب کہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    زخمی ملزم کی شناخت عزیز سومرو عرف وڈیرا ولد حاجی غلام سومرو کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے فرار ہونے والے ساتھی کا نام راجو ولد ناظم سومرو بتایا، گرفتار ملزم سے ایک پستول 30 بور مع 2 راؤنڈز برآمد ہوئے۔

    زخمی ملزم نے گزشتہ دنوں مہران ٹاؤن میں دوران ڈکیتی ایک معصوم لڑکے کو ٹانگ میں گولی مارنے کا بھی انکشاف کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں زخمی ملزم کو اپنے دیگر ساتھی کے ساتھ بچے کو گولی مارتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    لٹیروں نے فرار ہوتے وقت بچے پر گولی چلا دی، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ زخمی ملزم کو علاج معالجے کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

  • آسٹریلیا میں سفاک اسٹریٹ کرمنل کو مثالی سزا

    آسٹریلیا میں سفاک اسٹریٹ کرمنل کو مثالی سزا

    برسبین : آسٹریلیا کی عدالت نے راہگیر کے چہرے پر چاقو مار کر زخمی کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزم کو جیل بھیج دیا، جج نے ملزم کو پانچ سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    آسٹریلیا کی ریاست کوئینز لینڈ کی عدالت نے سال 2019میں ایک شخص کو چھرا مارنے کے جرم میں 28سالہ مجرم کینن لی گورلی کو جیل بھیج دیا۔

    اس پر الزام تھا کہ برسبین کے فورٹی فولیڈی ویلی میں قائم ایک اسٹور میں ملزم نے ایک خاتون سے بد تمیزی کرنے کی کوشش کی، اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے ملزم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہارے ساتھ کیا مسئلہ ہے۔

    جس پر ملزم کینن لی گورلی نے فوری طور پر پلٹ کر اس کے منہ پر تھوکا اور تیز دھار چاقو سے اس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اس اجنبی شخص کا جبڑا کٹ گیا اور سینے پر بھی گہرے زخم آئے۔

    حملے کے دوران چھری اس کی آنکھ کے نچلے حصے پر بھی لگی اس کے ساتھ ہی اس کی ناک کان اور ابرو پر زخم لگے، پولیس کے مطابق اس اجنبی کے سینے پر 23 سینٹی میٹر لمبا زخم تھا۔

    گزشتہ روز ملزم کینن لی گورلی کو برسبین ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں ثبوت پیش کرنے پر ملزم نے عدالت کے روبرو
    اپنے جرم کا اعتراف کیا، عدالت کو بتایا گیا تھا کہ یہ حملہ معمولی سی تلخ کلامی پر ہونے والا تشدد تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  عدالت کے جج رچرڈ جونز نے ملزم گورلی کو پانچ سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنا دی، پیرول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ پہلے ہی 500 دن سلاخوں کے پیچھے گزار چکا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ملزم گورلی کو سال 2016میں بھی ایک شخص پر شاٹ گن سے فائر کرنے، ہاتھ اور ران میں گولی مارنے پر قید کی سزا دی گئی تھی۔

  • کراچی: بائیک سوار ڈکیت کی خاتون سہولت کار

    کراچی: بائیک سوار ڈکیت کی خاتون سہولت کار

    کراچی: شہر قائد کے رہائشی ہوشیار ہوجائیں بائیک پر مرد کے ساتھ خاتون کو دیکھ کر بھی مطمئن نہ ہوں،اسٹریٹ کرمنلز نے وارداتوں کا نیا طریقہ نکال لیا اور خواتین کو بائیک پر بٹھا کر وارداتیں کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق بائیک پر مرد کے ساتھ خاتون کو دیکھ کر نہ ہی پولیس والے اسے روکتے ہیں اور نہ لوگ اسے ڈکیت سمجھ کر بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم اب ایسا نہیں ہے کیوں کہ خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں شامل ہوچکی ہیں اور آئے دن کہیں نہ کہیں خاتون ڈکیت یا ڈاکو رانی کے پکڑنے جانے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔

    ایسی ہی ایک فوٹیج کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن سیکٹر 14 بی سے موصول ہوئی جس میں ایک بائیک پر سوار خاتون اپنے ساتھی کی ڈکیتی میں مدد کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔

    یہ واردات دو روز قبل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بائیک پر پیچھے بیٹی خاتون نے نقاب ڈالا ہوا ہے، ملزمان موٹرسائیکل پر گلی میں گھومتے رہے اور موقع ملنے پر واردات کر ڈالی۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر کامل عارف کے مطابق یہ وارداتیں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے  میں زیادہ ہورہی ہیں، لوگ انہیں فیملی سمجھ  کر توجہ نہیں دیتے اور یہ اچانک لوٹ مار شروع کردیتے ہیں جب کہ پولیس بھی خاتون کو دیکھ کر بائیک کو نہیں روکتی۔