Tag: strict instructions

  • لاہور : دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ہدایات جاری

    لاہور : دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ہدایات جاری

    لاہور : پنجاب کی نگراں حکومت نے شہر میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

    احکامات کے بعد لاہور پولیس نے چیئرنگ کراس سے تحریک انصاف کے درجن سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا، پولیس کی قیدی وین کارکنوں کو لے کر تھانے روانہ ہوگئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں نے دفعہ 144 اور ایم پی او کی خلاف ورزی کی، پابندی کے باوجود احتجاج اور ریلی نکالی اور قانون کو ہاتھ میں لیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور شہر کے مختلف مقامات پر دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کرکٹ ٹیموں کی لاہور آمد کی وجہ سے مال روڈ پر خصوصی اقدامات کیے گئے تھے۔ حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور کے معروف مال روڈ پر ایک سیاسی جماعت کے کارکنان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان کے مطابق دفعہ144کی خلاف ورزی کرکے مظاہرین زبردستی پولیس وین میں سوار ہوئے، صوبے بھر میں امن وامان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی کے حوالے سے لاہور کے تین علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی تھی جس کا اطلاق 7روز کیلئے کیا گیا ہے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اس دوران احتجاجی مظاہرے، ریلی، جلسہ جلوس اور دھرنوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور میں ہونے والے میچز کا آغاز 26 فروری کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مقابلے سے ہوگا۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کی شہریوں کو سخت ہدایات جاری

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کی شہریوں کو سخت ہدایات جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت میں رہنے والے تمام ملکی اور غیرملکیوں کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی متوقع دوسری لہر کے حوالے سے وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ مارکیٹوں اور دکانوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    ترجمان نے اپنے بیان میں آگاہ کیا ہے کہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور دکان کو 3 سے 6 ماہ کے لیے سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے وزارت صحت نے جو ایس اوپیز جاری کیے ہیں ان پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ اس ضمن میں مختلف شہروں میں تفتیشی کمیٹیاں مقرر کردی گئی ہیں جو اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کررہی ہیں۔

  • بیلجیئم : کورونا وائرس کی دوسری لہر، سخت ہدایات جاری

    بیلجیئم : کورونا وائرس کی دوسری لہر، سخت ہدایات جاری

    برسلز : بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اچانک اضافہ ہونے سے کورونا کے پازیٹو کیسز یومیہ 200 سے زائد ہورہے ہیں، وزیر اعظم نے شہریوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔

    اس بات کا فیصلہ آج بیلجیئم کی سیاسی قیادت پر مشتمل سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ کے بعد وزیراعظم صوفی ویلمز نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم میں کورونا مریضوں میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوگیا، کورونا کی دوسری لہرسے بچنے کیلئے بیلجیئن حکومت نے نئی پابندیاں لگادیں۔

    نئی پابندیوں کے مطابق گھر میں منعقد ہونے والی تقریب میں10سے زائدافراد کی شرکت پرپابندی جبکہ عمارت میں ہونے والی تقریب میں100سے زائدافراد کی شرکت پر پابندی ہوگی، کھلی فضا میں منعقدہ تقریب میں صرف 200 افراد ہی شریک ہوسکیں گے۔

    اس حوالے سے وزیراعظم بیلجیئم صوفی ویلمز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اموات قابو میں ہیں لیکن شہری ایک دوسرے سے ملنے میں بہت احتیاط سے کام لیں۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کے حوالے سے ہمارا انفرادی کردار ہماری اجتماعی کامیابی یا ناکامی میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔

    وزیراعظم بیلجیئم کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں4ہفتے تک نافذالعمل رہیں گی، 12سال سے کم عمر بچے پابندیوں سے مستثنیٰ ہونگے، اس کے علاوہ عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ رکھنا،اور فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا، حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ اور دو ہفتے قبل کے 80 افراد روزانہ کے مقابلے میں اب کورونا پازیٹو کیسسز 200 سے زائد ہورہے ہیں۔