Tag: Strife

  • سٹی کونسل کا پہلا اجلاس شدید ہنگامہ آرائی کی نذر

    سٹی کونسل کا پہلا اجلاس شدید ہنگامہ آرائی کی نذر

    کراچی : میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل کا پہلا اجلاس اراکین کی شدید ہنگامہ آرائی کے بعد ختم کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے آغاز کے بعد جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے اراکین میئر کراچی کی ڈیسک کے آگے آگئے اور شدید نعرے بازی کی۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نعرے بازی روکنے کی کوشش کی لیکن سٹی کونسل ہال میں دونوں جماعتوں کی جانب سے بھرپور نعرے بازی کی گئی

    کے ایم سی اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان آپس میں لڑ پڑے، اراکین نشستوں سے کھڑے ہو گئے، حافظ نعیم الرحمان کے خطاب کے دوران شدید نعرے بازی کی گئی۔

    ایک موقع پر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے اراکین بھی آمنے سامنے آگئے، اسی شورشرابے کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی نجمی عالم نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان پر کڑی تنقید کی۔

    حافظ بھائی خدا حافظ ہوگئے

    انہوں نے کہا کہ زکٰوۃ کے پیسے الیکشن میں استعمال کرتے ہو اور خود کو ایماندار کہتے ہو، اب حافظ بھائی خدا حافظ ہوگئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی ساتھ بیٹھیں اور کراچی کیلئے چارٹرڈ کریں۔

    اجلاس کی صورتحال دیکھتے ہوئے میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وقت بتائے گا کراچی کی کس نے خدمت کی اور کس نے منافقت، دنیا دیکھ لے کون ہاؤس چلانا چاہتا ہے اور کون اس کو برباد کرنا چاہتا ہے۔

    بعد ازاں سٹی کونسل کا اجلاس احتجاج اور شور شرابے کے باعث ختم کردیا گیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج کا اجلاس کا ختم کیا جاتا ہے جس کے بعد وہ اپنی کرسی اے اٹھ کرچلے گئے۔

    بجٹ پر شب خون قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمان

    اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس کی کارروائی چلانے کے بجائے مرضی کے لوگوں سے بات کرائی اور اٹھ کر چلے گئے۔

    انہوں نے کہا سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں آپ کو ایک کروڑ روپے یوسیز میں دیے گئے تھے آپ نے کیا دیا؟ بجٹ پر شب خون قابل قبول نہیں ہے، یہ لوگ15سال سے اقتدار پر قابض ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شارع فیصل کی تزئین و آرائش پر پہلے اربوں روپے کھائے یہ اب پھر کھا جائیں گے، جماعت اسلامی عدالتوں میں مقابلہ کرے گی اور سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے۔

  • جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی : پولیس کی گاڑیاں نذر آتش، متعدد اہلکار زخمی

    جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی : پولیس کی گاڑیاں نذر آتش، متعدد اہلکار زخمی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں اور جلاؤ گھیراؤ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا جوڈیشل کمپلیکس چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر میدان جنگ بن گیا، پولیس کی جانب سے کارکنا کو گرفتار کرنے کی کوشش کے بعد ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    اس حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہرہنگامہ آرائی میں پولیس کی 2 گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے مبینہ تشدد سے 9 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس ترجمان کے مطابق مشتعل مظاہرین نے25سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیوں کو جلایا، اس کے علاوہ پولیس چوکی اور درختوں کو بھی آگ لگائی۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا گیا اور پولیس پر آنسو گیس کے شیل بھی چلائے گئے، مظاہرین لگاتار مختلف اطراف سے پولیس اہلکاروں پر حملہ آورہو رہے تھے۔

    نذر آتش کی جانے والی گاڑیوں میں اسلام آباد پولیس کی دو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی بھی شامل ہے۔

  • اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا

    اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا

    لاہور : پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی ملتوی کردیا گیا، اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی کیا تاہم اراکین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 4گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت اسپیکر سبطین خان کررہے تھے۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، اپوزیشن اراکین نے اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کردی۔

    کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پہلے تو 5منٹ کیلئے ملتوی کردیا گیا، اس موقع پر پی ٹی آئی رکن راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن نے حاضری لگائی لیکن وہ ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہتی۔

    بعد ازاں اسپیکر کی جانب سے 5منٹ کا دیا جانے والا وقت گزر جانے کے باوجود اسمبلی کورم پورا نہ ہو سکا، جس کے بعد اسپیکرپنجاب اسمبلی نے اجلاس مزید15منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔

    مقررہ وقت گزرنے کے باوجود بھی کورم پورا نہ ہوا پنجاب اسمبلی کا اجلاس صرف15منٹ جاری رہا اور اسپیکر نے اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردیا۔

    اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ آج کا ایجنڈا جمعہ کی دوپہر تک ملتوی کیا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں :پنجاب اسمبلی اجلاس آئندہ تین ہفتے تک ملتوی ہونے کا عندیہ

    اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ آج ہونے والا اجلاس شاید دو سے تین ہفتے تک کیلئے ملتوی کردیا جائے۔

    ایک سوال کے جواب میں سبطین خان نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ جو مرضی کہیں ہم نے آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اسمبلی سیل کرکے دکھائیں۔

  • امریکی پارلیمان میں ہنگامہ آرائی، وائٹ ہاؤس کے اہم عہدیداران مستعفی

    امریکی پارلیمان میں ہنگامہ آرائی، وائٹ ہاؤس کے اہم عہدیداران مستعفی

    واشنگٹن : امریکی پارلیمنٹ پر ہنگامہ آرائی کے بعد بعد وائٹ ہاؤس سے استعفوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، مستعفی ہونے والوں میں خاتون اول کی پریس سیکرٹری سمیت دیگر شخصیات بھی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشیر قومی سلامتی میٹ پوٹینگر نے استعفیٰ دے دیا ہے اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کو25ویں آئینی ترمیم کے ذریعے برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب کیپٹل ہل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد وائٹ ہاؤس کی نائب پریس سیکریٹری سارہ میتھیوز بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں۔

    علاوہ ازیں خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف اور ٹرمپ کی سابق پریس سیکریٹری سٹیفینی گریشام سمیت وائٹ ہاؤس کی سوشل سکریٹری انا کرسٹینا بھی مستعفی ہوگئی ہیں۔

    خبر کے مطابق ان تمام افراد نے کیپیٹل ہل میں پیش آنے والے پرتشدد اوقر افسوسناک واقعات کے بعد اپنے عہدوں سے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔

    سارہ میتھیوز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز سے کم نہیں مگر کیپٹل ہل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وہ بہت زیادہ پریشان ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی قوم کو پرامن طور پر انتقال اقتدار کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب واشنگٹن میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے بعد مائیک پینس کو 14 روز کیلئے صدر کی ذمہ داریاں سونپنے کیلئے مشاورت جاری ہے جس میں وزرائے دفاع و خارجہ شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کے حامی مظاہرین نے کیپٹل ہل پر دھاوا بولا اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک خاتون سمیت4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

  • سندھ اسمبلی میں شور شرابہ، اپوزیشن ارکان نشستوں پرکھڑے ہوگئے

    سندھ اسمبلی میں شور شرابہ، اپوزیشن ارکان نشستوں پرکھڑے ہوگئے

    کراچی : سندھ اسمبلی ایک بار پھر میدان جنگ بن گئی اراکین نے ایک دوسرے پر خوب جملہ بازیاں کیں، قائم مقام اسپیکر نے اپوزیشن ارکان کو بولنے کی اجازت نہیں دی، اپوزیشن ارکان نشستوں پرکھڑے ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر ریحانہ لغاری کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں اس بار بھی اراکین نے شور شرابہ کیا جس کےت باعث کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔

    سندھ اسمبلی میں شور شرابہ کے دوران اپوزیشن ارکان نشستوں پر کھڑے ہوگئے جس پر قائم مقام اسپیکر نے اپوزیشن ارکان کو بولنے کی اجازت نہیں دی۔

    اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے رکن نند کمار نکتہ اعتراض پر بولنا چاہتے ہیں اسپیکر نے کہا کہ سب کو بولنے کا موقع ملے گا، قائم مقام اسپیکر ریحانہ لغاری نے اپوزیشن ارکان کو خاموش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نام رہیں۔

    نند کمار کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے کے پاس سندھ اسمبلی میں کوئی چیمبر نہیں ہے، وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ جی ڈی اے کے علاوہ تمام پارلیمانی جماعتوں کو چیمبر ملا ہوا ہے، انہوں نے جی ڈی اے ارکان کو چیمبر کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

    اپوزیشن رکن نے قائم مقام اسپیکر سے مکالمہ کیا جس کے جواب میں قائم مقام اسپیکر نے کہا کہ مجھ سے اس طرح بات نہ کریں، بعد ازاں جی ڈی اے رکن اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے۔

    ان کے ہمراہ دیگر اپوزیشن ارکان بھی قائم مقام اسپیکر کے ڈائس کے سامنے پہنچ گئے، قائم مقام اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کی رولنگ دے دی۔

  • نئی دہلی : انتہا پسندوں نے نام پوچھ کر مسلم نوجوان کو گولی ماردی، ویڈیو دیکھیں

    نئی دہلی : انتہا پسندوں نے نام پوچھ کر مسلم نوجوان کو گولی ماردی، ویڈیو دیکھیں

    نئی دہلی : شرپسند عناصر کے مشتعل ہجوم نے شناخت کے بعد مسلمان لڑکے کو گولی مار دی، شرپسندوں نے اسپتال لے جانے والی ایمبولینس بھی تباہ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شہریت کے متنازعہ قانون کیخلاف پرامن مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت سے ایک دن قبل یہ احتجاج پرتشدد ہوگیا۔

    ہندو انتہاء پسندوں نے پرامن دھرنے کے شرکاء پر ہلہ بول دیا، شرپسندوں کے حملوں سے اب تک20 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

    اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے نمائندے نے آنکھوں دیکھا حال بیان کیا ہے، شرپسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ایک سرفراز نامی نوجوان سے کی گئی بات چیت رپورٹ کی ہے۔

    https://www.facebook.com/bbcindia/videos/139017270667825/

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی دلی کا رہائشی نوجوان سرفراز علی بھی ان جھڑپوں کے دوران تشدد کا نشانہ بنا۔ سرفراز دو روز قبل رات کے وقت گوکولپوری کے علاقے سے اپنے چچا کے جنازے سے موٹر سائیکل پر واپس آرہا تھا اس کے ساتھ اس کے والد بھی موجود تھے۔

    سرفراز نے بتایا کہ کراسنگ پل پر ایک مشتعل ہجوم نے انہیں اور ان کے والد کو گھیر لیا، وہاں بہت سے لوگ بھی آجا رہے تھے اور ہجوم میں شامل افراد ان کے شناختی کارڈ چیک کر رہے تھے۔

    اپنے اوپر ہونے والے حملے کے بارے میں بتاتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا ایک لڑکے نے میرا نام پوچھا، میں نے ابتدا میں دوسرا نام بتانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد اس نے مجھ سے میری پتلون اتارنے کو کہا جب میں نے اپنا نام سرفراز بتایا تو اس نے مجھے لاٹھیوں سے پیٹنا شروع کر دیا اور پھر   مجھے گولی مار دی۔

    بعد ازاں سرفراز کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے دہلی کے جی ٹی بی اسپتال لانے والے حسن اور ستیہ پرکاش تھے۔ حسن نے بتایا کہ مجھے رات کے وقت پرانے برجپوری علاقے کے مہر ہسپتال سے فون آیا کہ وہاں موجود ایک نوجوان سرفراز کو جی ٹی بی اسپتال منتقل کرنا ہے۔

    میں اس علاقے میں داخل ہونے سے ڈر رہا تھا۔ لہٰذا ہم نے مریض کو باہر آنے کے لیے کہا۔ اس کے بعد سرفراز کے بھائی انہیں ساتھ لے کر باہر آئے، حسن نے کہا کہ ہم مریض کو اسپتال لے جا رہے تھے میں پیچھے بیٹھا تھا کیونکہ مریض کے جسم سے خون بہہ رہا تھا، ستیہ پرکاش نے ابھی تھوڑا ہی ایمبولینس کو آگے بڑھایا کہ ہجوم نے ایمبولینس کے بونٹ اور پھر ونڈ اسکرین پر حملہ کردیا۔

  • سندھ اسمبلی ایک بار پھر بن گئی مچھلی بازار، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

    سندھ اسمبلی ایک بار پھر بن گئی مچھلی بازار، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

    کراچی : ایوان میں بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ آرائی کردی، منظر دیکھ کر آغا سراج درانی خواجہ اظہارالحسن کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس کا تیسرا دن بھی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، اپوزیشن اراکین کے شور شرابے سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا.

    ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی زیرصدارت اجلاس شروع ہوا، دعا ختم ہوتے ہی اپوزیشن ارکان احتجاج کے لئے ایک مرتبہ پھر اپنی نشستوں سے اٹھ کر کھڑے ہوگئے۔

    پی ٹی آئی کے رکن خرم شیرزمان نے نکتہ اعتراض پر بولنے کی کوشش کی تو ڈپٹی اسپیکر نے انہیں اجازت نہیں دی اور کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد بات سنی جائے گی جس پر اپوزیشن ارکان طیش میں آگئی، جس پر ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے کہا کہ ایوان میں بیٹھنے کا سلیقہ نہیں ہے بات مان لیا کریں ضد نہ کریں۔

    ایوان میں بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہوکر شور شرابا، نعرے بازی اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا، احتجاج کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

    اراکین نے گو زرداری گو کے نعرے بھی لگادئیے، اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو ہنگامہ آرائی دیکھ کر خواجہ اظہارکی اپوزیشن لیڈری یاد آگئی۔

    آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے غیر پارلیمانی زبان استعمال کرتے ہیں، آپ کس طرح منتخب ہوکر آئے ہیں؟ سب کو پتہ ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسمبلی میں ہنگامہ ہوا اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی تھی۔

  • گروگرمیت مجرم قرار، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد31ہوگئی

    گروگرمیت مجرم قرار، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد31ہوگئی

    نئی دہلی : بھارت کی ریاست ہریانہ اور پنجاب میں کل سے اب تک بلوائیوں کا راج ہے، زیادتی کیس میں مجرم قرار پانے والے گرو گرمیت رام کے حامیوں نے سرکاری املاک اور میڈیا کی گاڑیوں کو آگ لگادی، ہنگاموں میں اب تک اکتیس افراد ہلاک ہوگئے، پولیس کے بعد بھارتی فوج بھی صورتحال قابو کرنے میں ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی عدالت کی جانب سے مذہبی رہنما گرو گرمیت سنگھ کو خواتین کے ساتھ ذیادتی کا مجرم قرار دینے کے اور اس کی گرفتاری کے بعد گرو کے چیلے، شیطان کے چیلے بن گئے۔

    ہنگامہ آرائی میں اب تک اکتیس افراد جان کی بازی پار چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے، لیکن حالات اس کے قابو سے اب تک باہر ہیں۔

    مشتعل افراد نے ٹی وی چینلز کی گاڑیوں کو آگ لگادی، سرکاری املاک کو تباہ و برباد کردیا، پرتشدد واقعات میں اب تک31افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، مار کاٹ ،جلاؤ گھیراؤ ،ہنگامہ آرائی کے سامنے بے بس ہوگئی، گرو کے چیلوں کے آگے بھارتی فوج کی بھی ایک نہیں چل رہی۔

    واضح رہے کہ گرو گرمیت رام گزشتہ پندرہ سال سے بابا گیری کرتے ہوئے قتل اور زیادتی کے مقدمات میں ملوث رہا ہے، عدالت میں جرم ثابت ہوا تو پاپی گرو کے چیلے سڑکوں پر نکل آئے اور تباہی مچادی۔


    مزید پڑھیں: بھارتی مذہبی رہنما پر جرم ثابت، ہنگامہ آرائی، درجنوں ہلاک،


    چمکتے دمکتے کپڑے پہننے والے’’راک اسٹار گرو‘‘کرکٹ، فٹبال کھیلتے تو کبھی ہیوی بائیک چلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اداکاری، ہدایتکاری اور گلوکاری کے بھی شوقین ہیں، گرو گرمیت رام کو خواتین کی عزتیں پامال کرنے کا مجرم قرار پانے پرحراست میں لے لیا گیا ہے، سزا کا اعلان پیر کوسنایا جائیگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔