Tag: strike ended

  • مذاکرات کامیاب : فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

    مذاکرات کامیاب : فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

    لاہور : حکومت کے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فلورملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وزیر صنعت و تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    ترجمان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، کل سے تمام ملز گندم کی پسائی شروع کردیں گی اور کاروبار بند نہیں ہوگا۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سے مل کر عوام کو سستے آٹے کی آسان فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

    واضح رہے 2 روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اس حوالے سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے فہرست بھی تیار کر لی گئی تھی۔

    حکومتی کریک ڈاؤن کے پیش نظر فلور ملز مالکان نے 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا ذرائع کے مطابق حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملز انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے جس پر فلور ملز مالکان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

    مزید  پڑھیں : فلورملز کی ہڑتال ناکام بنانے کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    واضح رہے کہ سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے تنازع پر ہونے والی ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے حکمت عملی مرتب کرلی تھی۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے ضلع چکوال و تلہ گنگ کی ہڑتال میں شامل ملوں کا کوٹہ 1590 بوری ہڑتال نہ کرنے والی فلور ملز کو دے دیا۔