Tag: strike

  • تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    کوپن ہیگن : ڈنمارک، ناروے اور سویڈن میں پائلٹوں کی ہڑتال کی وجہ سے اسکینڈنیون ایئر لائنز(ایس اے ایس ) نے اب تک 587 پروازیں منسوخ کر دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے بعد شروع ہونے والی ہڑتال کے سبب 72,000 مسافر متاثر ہو چکے ہیں۔

    ایئر لائن نے جاری کردہ ایک بیان میں متاثرہ مسافروں سے معذرت کی ہے, اس ہڑتال سے اندرون اور بیرون یورپ جانے والی پروازیں بھی متاثر ہیں, پائلٹس اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں جرمنی کی ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں تھیں۔

    جرمنی کے مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت آٹھ بڑے ہوائی اڈوں پر تعینات سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے ہزاروں سیکیورٹی اسٹاف نے 18 گھٹنے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازوں منسوخ کرنا پڑی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق صرف جرمنی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ فرینکفرٹ پر 5 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے 570 پروازیں معطل ہوئی ہیں۔

  • اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی حماس کے ٹھکانوں پر بمباری

    اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی حماس کے ٹھکانوں پر بمباری

    غزہ : اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے گزشتہ شب مقبوضہ غزہ میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ظالم فوجیوں کی جانب سے بدھ منگل کی درمیانی شب مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ میں واقع اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی گئی ہے تاہم اسرائیل کی فضائی کارروائی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اسرائیلی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کی جانے والی کارروائی فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی حدود میں بھیجے گئے ’دھماکا خیز غباروں‘ کا ردعمل ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خان یونس میں حماس کی القسام بریگیڈ کا ’البدر مرکز‘ واقع ہے، جسے اسرائیلیوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دو روز قبل فلسطینی شہریوں نے غزہ کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرہ کرنے والوں پر صیہونی افواج کی بے دریغ فائرنگ سے دو جوان زخمی ہوئے تھے جبکہ فلسطینیوں نے آتش گیر مادے اور دھماکا خیز مواد کے حامل غباروں کو اسرائیلی حدود میں داخل کیے تھے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی فورسز کا غزہ میں ایک اور فضائی حملہ، 18 فلسطینی زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں صیہونی افواج کی غزہ میں واقع عمارت پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 18 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے، متاثرہ عمارت میں ثقافتی مرکز اور دفاتر قائم تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صیہونی افواج نے فلسطین کی مزاحمت پسند تنظیم حماس کے 150 ٹھکانوں کو فضائی بمباری میں نشانہ بنایا تھا جو اسرائیلی ریاست پر داغے گئے 180 میزائلوں کا رد عمل تھا۔

  • سرینگر: نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال

    سرینگر: نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال

    سری نگر:  مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف  آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال دارالحکومت سری نگر کے علاقے مُجگنڈ میں قابض بھارتی فورسز کے رشتریا رایفل گروپ اور اسپیشل آپریشن گروپ کی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والے 3 سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہادت خلاف کی گئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر پر قابض بھارتی فورسز نے گذشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید جبکہ پانچ رہائشی مکانات کو بھی مسمار کیا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ وادی میں ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ کا نظام معطل ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی اپیل حریت رہنماؤں کی جانب سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کی گئی تھی۔

    کشمیری میڈیا کا کہنا تھا کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کیا ہوا ہے، جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کی ہوئی ہے۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی حالیہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 28 سے تجاوز کرگئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 کشمیری شہید

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں 18 جوانوں کی شہادت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

    خیال رہے کہ ماہ نومبر کے آواخر میں مقبوضہ کشمیر میں 18 نوجوانوں کی شہادتوں کے خلاف حریت رہنماؤں کی کال پرمکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تھی، ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند تھے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 6 کشمیری شہید

    یاد رہے کہ 25 نومبر کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کشمیری رہنما میرحفیظ اللہ بھارتی قید سے آزاد ہو کرپہنچے تھے اورانہیں مسلسل نامعلوم نمبرز سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی تھیں۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق 20 نومبر کو میرحفیظ اللہ کو ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

  • افغانستان میں فضائی حملہ، 10 بچوں سمیت دو خواتین ہلاک

    افغانستان میں فضائی حملہ، 10 بچوں سمیت دو خواتین ہلاک

    کابل: افغانستان میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں 10 بچوں سمیت دو خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان صوبے وردک میں ہونے والے فضائی حملے کے باعث ایک ہی خاندان کے دس بچے اور دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک فضائی حملے میں ایک افغان خاندان کے دس بچے اور دو عورتیں ہلاک ہوئی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ حملہ امریکا یا افغان فوج نے کیا ہے۔

    افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان شہریوں کی  ہلاکتوں پر افسوس اور گہری تشویش ہے۔

    بیان کے مطابق یہ حملہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب افغان صوبے وردک کے ایک گاؤں میں کیا گیا اور بظاہر اس کا ہدف طالبان عسکریت پسندوں کا ایک مبینہ ٹھکانہ تھا۔

    افغانستان میں نیٹو کا فضائی حملہ،30افراد ہلاک

    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال فضائی حملوں کے باعث تقریباً 353 سے زائد عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں افغانستان کے شہر قندوزمیں نیٹو کے فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 شہری ہلاک اور متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ مذکورہ مہینے مین ہی افغان اتحادی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا تھا جس میں 14طالبان ہلاک اور تین زخمی ہوئے ،آپریشن میں تین افغان کمانڈوز اور دو امریکی فوجی اہلکار بھی مارے گئے تھے۔

  • شام میں روسی جنگی طیارے کی تباہی کے بعد ماسکو حکام کا بڑا فیصلہ

    شام میں روسی جنگی طیارے کی تباہی کے بعد ماسکو حکام کا بڑا فیصلہ

    ماسکو: شام میں گذشتہ ہفتے روسی جنگی طیارے کی تباہی کے بعد ماسکو حکام نے بڑا فیصلہ کرلیا، روس شامی فوج کو جدید ترین فضائی دفاعی نظام سے لیس کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے شام میں روسی جنگی طیارے کو مار گرایا گیا تھا جس کا الزام روس نے اسرائیل پر عائد کیا تھا، بعد اسرائیل نے الزامات کی تردید کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکام نے شامی فوج کو جدید ترین فضائی دفاعی نظام سے لیس کرنے کا اعلان کیا ہے، 2 ہفتے میں شامی فوج کو ایس 300 میزائل سسٹم فراہم کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دوسری جانب اسرائیل اور امریکا کی جانب سے متوقع روسی اقدام کی مخالفت سامنے آئی ہے۔

    روس شام میں اپنے جاسوس طیارے کی تباہی کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دے چکا ہے، ماضی میں اسرائیلی دباؤ پر روس شام کو ایس 300 نظام دینے سے گریزاں رہا۔

    روسی طیارے کی تباہی، پیوٹن کا اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ

    واضح رہے کہ روسی طیارہ گذشتہ ہفتے شام میں مشن سے واپس لوٹتے ہوئے لاپتہ ہوا تھا، جس کے بعد طیارے کی تباہی کی خبر ملی، روسی جنگی طیارے میں 14 افراد سوار تھے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی شامی شہر لتاکیا میں روس کا ایک فوجی طیارہ حميميم کے فوجی اڈے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جہاں سے روس شام میں ہونے والی تمام فوجی کارروائیاں کرتا ہے۔

    فرروی 2018 میں باغیوں نے ادلب صوبے میں روس کا سخوئی 25 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا تھا، جنگی طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم پائلٹ جب زمین پرپہنچا تو اس کی باغیوں سے جھڑپ ہوئی اور وہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

  • بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت اور شہریوں کی شہادت پر  مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، جبکہ فورسز نے احتجاج کے پیش کرفیو بھی نافذ کررکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فورسز کے مسلسل ظلم و بربریت کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے جس کے باعث جنت نظیر کشمیر کے تمام شہر اور قصبوں کے بازار بند ہیں، جبکہ ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    کشمیر میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیروں کی جانب سے احتجاج کیے جانے کے خطرے کے پیش نظر شوپیاں، سری نگر، بڈگام، اننت ناگ، پلوامہ اور کلگام میں کرفیوں نافذ کر رکھا ہے، دوسری جانب سے کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بھی بند کی ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ہفتے قابض بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کے باعث 17 افراد نے شہید ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے کشمیر کے علاقے کلگام میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے مزید پانچ کشمیری جوانوں کو بے دردی سے شہید کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

    کلگام میں 5 کشمیریوں کی شہادت سے قبل مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کردیں، نوجوان کو شہید کرنے کے بعد جسد خاکی کو رسی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یاد رہے کہ 7 جولائی کو شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں عملاً پابندی لگاتے ہوئے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

  • اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری، حاملہ خاتون اور بیٹی شہید

    اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری، حاملہ خاتون اور بیٹی شہید

    غزہ : مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائیہ کی رات گئے شدید بمباری کے نتیجے میں حاملہ خاتون اور 1 سالہ بیٹی سمیت تین فلسطینی شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں تین فلسطینیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کیے گئے فضائی حملے بدھ کے روز اسرائیل کے جنوبی حصّے پر داغے گئے میزائلوں کا رد عمل ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان نے اسرائیل کے فضائی حملوں میں ایک حاملہ حاتون اور اس کی 1 سالہ بیٹی کی ٖغزہ کے ٹاؤن جعفراوی میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل اسرائیلی فورسز کے ٹینک حملوں میں حماس کے دو جنگجو بھی شہید ہوئے تھے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی کے مسلح گروہوں کی جانب سے غزہ کی پٹی کے قریب اسرائیل کے جنوبی علاقے سڈیروٹ اور دیگر علاقوں میں داغے گئے درجنوں میزائلوں سے متعدد اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز فلسطین کے مسلح گروپ کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائل صیہونی فورسز کے ٹینک حملوں کا جواب تھا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں آزادی کی مسلح جد و جہد کرنے والے گروپ حماس کی القسام برگیڈ پر گذشتہ روز صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں حماس کے دو مجاہدین شہید ہوئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حماس کے ترجمان نے اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے حماس کے دو جنگجوؤں احمد مرجان اور عبدالحفیظ کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

  • یمن: سعودی اتحادی افواج کی فضائی کارروائی، 20 افراد ہلاک، 60 زخمی

    یمن: سعودی اتحادی افواج کی فضائی کارروائی، 20 افراد ہلاک، 60 زخمی

    صنعا: یمن میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے فضائی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 60 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی اتحادی افواج نے یمن کی سرکاری فوج کی مدد سے یہ کارروائی کی، مذکورہ فضائی بمباری بندرگاہی شہر الحدیدہ میں کی گئی جس کے باعث 20 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ دنوں حوثی باغیوں نے سعودی آئل ٹینکر پر میزائل داغے تھے جس کے باعث ٹینکر کو جزوی نقصان پہنچا تھا، باغیوں کے اس حملے کے بعد عرب اتحاد کی یہ دوسری فضائی کارووائی ہے۔

    قبل ازیں ایران نواز حوثی باغیوں نے گذشتہ دنوں سعودی عرب کے آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے عرب اتحادی افواج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا، تاہم حملے میں آئل ٹینکر کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔


    حوثی باغیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام


    بعد ازاں اتحادی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ تجارت کے لیے استعمال ہونے والا بحر احمر پر اس حملے کے بعد مزید ایسی کارروائیوں کا خطرہ ہے جس کے لیے بھرپور حکمت عملی تیار ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج کی جانب سے یمنی بندر گاہ الحدیدہ پر گذشتہ ماہ سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس کا مقصد حوثی باغیوں کو بندرگاہی شہر سے خالی کرانا ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ، ایک فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ، ایک فلسطینی شہید

    غزہ: فلسطین میں قابض صیہونی فورسز نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں ظلم وبربریت کی انتہا کرنے والے اسرائیلی فورسز نے آج ایک اور نہتے فلسطینی کی جان لے لی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں فضائی حملہ کیا جس کے باعث ایک فلسطینی شہری شہید ہوا، غزہ کی وزارت صحت نے بھی فلسطینی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے علاقے رفاہ میں بھی فضائی کارروائی کی گئی تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تین فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔


    اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا


    دوسری جانب گذشتہ دنوں ایک فلسطینی اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوا تھا جس کی شہادت کل واقع ہوئی، 24 سالہ داؤد یروشلم کے سینٹ جوزف اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم ہر ممکن اقدامات کے باوجود وہ جانبر نہیں ہوسکا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے غزہ میں غاضب اسرائیلی فوج نے پولیس اور سیکیورٹی کمپاؤنڈ کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت پر 4 بم گرائے جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے چار نہتے فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 2014ء میں اسرائیلی افواج نے غزہ کی ساحلی پٹی پرشدید بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 2 ہزار 2 سو زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • افغانستان: طالبان کا سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہل کار ہلاک

    افغانستان: طالبان کا سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہل کار ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان نے ایک بار پھر سیکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے ننگرہار میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر طالبان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں سات سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ صوبہ ننگر ہار کے ضلعے ’غانی کاہل‘ میں کیا گیا جبکہ جوابی کارروائی میں طالبان کے 5 شدت پسند بھی مارے گئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ننگرہار کے ضلعے ’کھوگیانی‘ میں طالبان کے ٹھکانوں پر افغان فوجیوں کی جانب سے فضائی کارروائی کی گئی تھی جس کے باعث 20 سے زائد طالبان ہلاک ہوئے تھے۔


    افغانستان: طالبان کے فوجی ٹھکانوں پر حملے، 40 اہلکار ہلاک


    طالبان کی جانب سے ننگرہار میں ہونے والے حملے یا گذشتہ روز حکومت کی جانب سے فضائی کارروائی سے متعلق کوئی بھی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 13 جولائی کو طالبان کی جانب سے شمالی افغان صوبے قندوز کے ضلع دشتِ آرچی میں قائم فوجی ٹھکانوں پر کیے جانے والے اس بڑے حملے میں کم از کم چالیس فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے قندوز میں ہی طالبان نے پولیس کے ہیڈ کوارٹر کو نشانا بنایا تھا جس کے نتیجے میں 19 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ مہینوں قبل افغان دارالحکومت دھماکے سے گونج اُٹھا تھا، کابل کی مقامی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔