Tag: strike

  • پالپا نے غیرمشروط طورپر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    پالپا نے غیرمشروط طورپر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان ائرلائنز پائلٹ ایسوسی ایشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبیٹ سیکریٹیریٹ کی درخواست پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔

    اجلاس میں چیرمین پی آئی اے ناصر جعفر، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی اور ڈی جی سول ایوی ایشن امجد علی طور سمیت پالپا کے نمائندے شریک ہوئے۔

    کمیٹی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شہری ہوابازی شجاعت عظیم کے اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی نے کمیٹی کو ایسوسی ایشن کے مطالبات سے آگاہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالپا کے تمام مطالبات قواعدوضوابط کے مطابق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی پائلٹ کی وجہ سے نہ تو کوئی فلائٹ ملتوی ہوئی اور نہ ہی عام مسافر کو پریشانی ہوئی ۔ پالپا ہر تعاون اور مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم حکومت معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

    کمیٹی نے حکومتی رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پالپا اور پی آئی اے کی لڑائی میں سارا نقصان عوام کا ہورہا ہے جبکہ فائدہ نجی ائرلائنز اٹھا رہی ہیں۔

    حکومت ایکشن لیتے ہوئے لوٹ مار کرنے والی ائرلائنز کے فلائٹ آپریشنز اور لائسنس کینسل کرے۔ کمیٹی نے پالپا سے درکواست کی کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں غیرمشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرے۔

    پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز ان کے جائز مطالبا ت تسلیم کرنے کے لیے بطور ضامن اپنا کردار ادا کریں گے جس پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ سیکریٹری سول ایوسی ایشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی پالپا اور حکومت کے مابین مذاکرات کا انعقاد کرے اور جمعہ کے روز تک رپورٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی۔

    اس موقع پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ پالپا نے ہڑتال دو روز کے لئے موخر کی ہے خود کو پارلیمنٹ اور کمیٹی پر چھوڑا ہے۔ امید ہے کمیٹی ان کے مطالبات کی تکمیل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔

  • حکومت اور رینجرزنے ایم کیو ایم کی’ہڑتال‘ کی کال کی مخالفت کردی

    حکومت اور رینجرزنے ایم کیو ایم کی’ہڑتال‘ کی کال کی مخالفت کردی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِاطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں ہڑتالوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے اور کسی کو بھی دھونس اور دہشت کے زور پر ہڑتال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    اسلام آباد میں نیشنل بک فاوٗنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ہڑتالوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا اورکسی کوبھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ سڑکوں پرٹائرجلا کریا ہوائی فائرنگ کرکے عوام کو ہڑتال پر مجبور کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تاجرشہرکی صورتحال سے مطمئن ہیں اور اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو اس کے لئے عدالتیں موجود ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے ایم کیو ایم کے استعفوں اور تحفظات سے متعلق اپنی ذمہ داری کردی ہے اور اب کسی کو تحفظات ہیں تو وہ متعلقہ کمیٹی سے رجوع کرے۔

    پرویز رشید کا کہناتھا کہ ایم کیوایم نے اتفاق رائے کے باوجود صبح پانچ بجے پریس کانفرنس کی جس کی انہیں وضاحت کرنا ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سب نے مل کر اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف اتفاق رائے کیا تھا اور اب کسی کو اس پر اعتراض نہیں ہونچا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ججز کی تقرری میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے اور کسی کو بھی دھرنا دے کر اس کی جگہ سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    رینجرز کا بیان

    دریں اثناء نے رینجرز نے موقف اختیار کیا ہے کہ کراچی میں کسی کو بھی زبردستی دکانیں اور کاروباری مراکز بند نہیں کرانے دیں گے۔

    جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرزشرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نپٹے گی۔

    صوبائی وزیرِ داخلہ کے احکامات

    دوسری جانب سندھ کے محکمہ داخلہ نے شہر کی ممکنہ پرتشدد صورت حال کے پیش نظر محکمہ پولیس کوہائی الرٹ کردیا ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے احکاما ت جاری کئے ہیں کہ پولیس شرپسند عناصر کو موقع پر ہی گرفتار کرے۔

    انہوں نے متعلقہ حکام ہدایات کی ہے کہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور غلط کاروائیوں میں مشغول افراد پر کڑی نظر رکھئی جائے۔

    ایم کیو ایم کا یومِ سوگ کا اعلان

    آج بروز جمعہ شام میں متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے چار کارکنان کی رینجرزمقابلے میں ہلاکت کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے ملک بھرمیں یومِ سوگ کا اعلان کیا تھا۔

    ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ گزشتہ روز جن چار دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کرنے کا رینجرز نے دعویٰ کیا ہے وہ ان کی جماعت کے کارکن تھے اور انہیں جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا ہے۔

  • جرمن ایئرلائن  لفتھانزا کے پائلٹس کی ہڑتال، ایک ہزار پروازیں متاثر

    جرمن ایئرلائن لفتھانزا کے پائلٹس کی ہڑتال، ایک ہزار پروازیں متاثر

    جرمنی : جرمن ایئرلائن لفتھانزا کے پائلٹس ہڑتال کے باعث ایک ہزار کے قریب پروازیں متاثر ہوئی جبکہ عدالت نے ہڑتال غیر قانونی قرار دیکر لفتھانزا کے پائلٹوں کو ہڑتال ختم کرکے ڈیوٹی شروع کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    جرمنی میں پائلٹوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے، ہڑتال کے باعث ایک ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں، جرمن ایئر لائن لفتھانزا کی پائلٹ یونین ریٹائرمنٹ کے قوانین اور کم تنخواہوں کے خلاف دو روز سے ہڑتال پر ہے۔

    ہڑتال کی وجہ سے اب تک ایک ہزار پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں، جرمنی کی عدالت نے ہڑتال کے خلاف حکم جاری کرتے ہوئے پائلٹس کو فوری ہڑتال ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    لفتھانزا کے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو قومی ریلوے سروس پر سوار کرایا جا رہا ہے تا کہ وہ اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔ پائلٹوں نے اپنی اِس ہڑتال کے دوران کارگو اور طویل فاصلے کی تجارتی پروازوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

    لفتھانزا کے پائلٹس اور کمپنی کے مابین ریٹائرمنٹ کی عمر کے بارے میں طویل عرصے سے اختلافات چلے آ رہے ہیں اور یہ تازہ ہڑتال بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان پائلٹوں کی طرف سے گزشتہ اٹھارہ مہینوں کے دوران یہ 13 ویں ہڑتال ہے۔

  • تاجراتحاد کی ہڑتال:ایم کیوایم، جے آئی، پی ٹی آئی کی حمایت

    تاجراتحاد کی ہڑتال:ایم کیوایم، جے آئی، پی ٹی آئی کی حمایت

    کراچی: شہرِقائد کے تاجراتحاد نےودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کل بروزبدھ 9 ستمبرملک گیرہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کے خلاف کل ملک بھرکے تاجرشٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے اورکئی سیاسی جماعتیں اس ہڑتال کی حمایت کریں گی۔

    ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی ، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف نے تاجروں کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے۔

    کراچی تاجراتحاد کےچیئرمین عتیق میرنےکہا ہےکہ یکم اکتوبر سےٹیکس کی شرح دوبارہ صفر اعشاریہ چھےفیصد کی گئی تو احتجاجی تحریک بھی زور پکڑے گی، تاجروں کےکھاتےمنجمد ہوئےتو گو نواز گوکی تحریک شروع کی جائیگی۔


    ملک بھر کے تاجرکل شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے


    عتیق میرکے مطابق بینک ٹیکس نافظ کیاگیا تواس سال مزید ٹیکس گوشوارے داخل نہیں کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ متنازعہ ٹیکس کیخلاف سیاسی جماعتوں کی حمایت تقویت بخش ہے،تاجرمتنازعہ ٹیکس کیخلاف سڑکوں پرآئےتوسیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شریک ہونے کی دعوت دیں گے۔

  • آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے

    آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے

    کراچی: آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،لیکن شہریوں کو پیٹرول پھر بھی نہ ملا۔

    آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

    چیئرمین ایسوسی ایشن اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے رواں سال دسمبر تک ٹیکس پر چھوٹ دی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا کام شروع کردیا ہے۔ادہر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےبعد ملک کے بیشتر پٹرول پمپوں پر پیٹرول نہیں مل رہا۔

    پمپ مالکان نے پیٹرول کی فروخت بند کردی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پیٹرول پمپ مالکان کا موقف ہے کہ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی، فراہمی جلد شروع کردی جائےگی۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو پمپوں پر کوئی قلت پیدا نہیں ہوتی لیکن جب بھی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو پیٹرول نایاب ہو جاتا ہے۔

  • سندھ بجٹ: کراچی، دیگر شہروں میں ایم کیوایم کی کال پرہڑتال

    سندھ بجٹ: کراچی، دیگر شہروں میں ایم کیوایم کی کال پرہڑتال

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی اپیل پرآج کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں کاروبارِزندگی اورٹرانسپورٹ بند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اتوار کے روزشٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

    ایم کیو ایم کے مطابق سندھ حکومٹ کا پیش کردہ بجٹ متعصبانہ ہے اورسندھ دشمن بھی ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ٹرانسپورٹ اورکاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔

    ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی اورحیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں ہڑتال کا منظرہے جبکہ نواب شاہ، میر پورخاص سکھر می بھی اس موقع پر جزوی ہڑتال ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عوام دوپہر ایک بجے تک احتجاج ریکارڈ کراکرکاروبارکھول لے تاکہ رمضان المبارک کی خریداریوں میں مصروف عوام کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔

  • ایم کیو ایم نے کل پورے سندھ میں ہڑتال کی کال دیدی

    ایم کیو ایم نے کل پورے سندھ میں ہڑتال کی کال دیدی

    کراچی / لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں صوبہ سندھ کیلئے پیش کردہ بجٹ2015ء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے متعصبانہ اورعوام دشمن بجٹ پیش کرکے سندھ کے عوام کے درمیان نفرت اورعصبیت کی دیوارکھڑی کرنے کی کوشش کی ہے جس کے خلاف ایم کیوایم نے کل بروز اتوار پورے سندھ میں شٹرڈاوٴن ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

    اراکین نے کہا کہ عوام ایم کیوایم کی ہڑتال کی اپیل کا بھرپورساتھ دیں اور متعصبانہ بجٹ کے خلاف ٹرانسپورٹ، کاروباراوردیگر سرگرمیاں مکمل طورپر بند رکھیں۔

    اجلاس میں اس بات پر شدید مایوسی کا اظہار کیا گیا کہ ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی کی جانب سے شیڈوبجٹ اور تحریری تجاویز جمع کرانے کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت نے صوبہ سندھ خصوصاً شہری علاقوں میں ترقیاتی امور، عوامی مسائل کے خاتمہ اور روزگار کی فراہمی کیلئے نہ تو قلیل المعیاد اور نہ ہی طویل المعیاد منصوبے رکھے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں تیزی سے بڑھتا ہوا احساس محرومی شدید ترہوگا۔

    اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے سندھ اسمبلی میں پیش کردہ متعصبانہ ، نفرت انگیز اور شہری سندھ دشمن بجٹ کو مستردکرتے ہوئے کل بروز اتوار کو سندھ بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کافیصلہ کیا ہے ۔

    اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام چھوٹے بڑے تاجروں ،صنعتکاروں ، دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ نفرت انگیز بجٹ کے خلاف اپنی کاروباری، تجارتی اور دیگر سرگرمیاں مکمل بند کرکے ہڑتال کی اپیل کا بھرپورساتھ دیں۔

    اجلاس میں کہاگیا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ بالخصوص شہری سندھ دشمن بجٹ پیش کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی متعصبانہ ، شاوٴنسٹ اور نسل پرستانہ سوچ کا مظاہرہ کیا ہے جسے ایم کیوایم کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی اور عوام دشمن بجٹ کی ایک ایک شق کے خلاف ہرپلیٹ فارم پر آواز احتجاج بلند کرے گی۔

    اجلاس میں مزید کہاکہ گیا کہ بجٹ 2015ء صوبہ سندھ بالخصوص شہری سندھ دشمنی پر مبنی بجٹ ہے ،یہ بجٹ، سندھ کے اتحادکو پارہ پارہ کرنے ، سندھ دھرتی کے مستقل باشندوں کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء میں نفاق پید ا کرنے ، سندھی اور مہاجر عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے سے روکنے کی سازش کے تحت بنایاگیا ہے ۔

    پیپلزپارٹی نے متعصبانہ اورعوام دشمن بجٹ پیش کرکے سندھ کے عوام کے درمیان نفرت اورعصبیت کی دیوارکھڑی کرنے کی کوشش کی ہے جس کے خلاف ایم کیوایم نے کل بروز اتوار پورے سندھ میں شٹرڈاوٴن ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت سندھ بھرکے تاجروں ، صنعتکاروں، دکانداروں اورٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ پیپلزپارٹی کی جانب سے پیش کردہ نفرت انگیز بجٹ کے خلاف اپنا احتجاج رجسٹرکرائیں ۔

    ایم کیوایم کی ہڑتال کی اپیل کا بھرپورساتھ دیں اور متعصبانہ بجٹ کے خلاف ٹرانسپورٹ، کاروباراوردیگر سرگرمیاں مکمل طورپر بند رکھیں۔

  • دھاندلی کیخلاف کے پی کے میں دس جون سے تحریک چلائی جائے گی، میاں افتخار

    دھاندلی کیخلاف کے پی کے میں دس جون سے تحریک چلائی جائے گی، میاں افتخار

    پشاور : خیبرپختونخوا میں سہ فریقی اتحاد نے بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پرصوبائی حکومت کے خلاف دس جون سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    پشاور میں سہ فریقی اتحاد کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران اتحاد کے صدر اور اے این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ دس جون کو صوبہ بھر میں شٹرڈاون ہڑتال کے ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت رضاکارانہ طور پر مستعفی نہیں ہوئی تو عوامی قوت سے حکومت کا خاتمہ کیا جائے گا۔

    میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ سہ فریقی اتحاد کشتیاں جلا چکی ہے اور اب صوبائی حکومت کے خاتمہ تک ان کی یہ تحریک جاری رہے گی۔

    اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے بھی شٹرڈاون ہڑتال میں بھر پور ساتھ دینے کی اپیل کی۔

  • کراچی کے ٹرانسپوٹرز نے 25 مئی کو ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی کے ٹرانسپوٹرز نے 25 مئی کو ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : پیولیس کی جانب سے بیگار میں لی گئی گاڑیوں معوضے کی عدم ادائیگی کیخلاف ٹرانسپرترز نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے 25 مئی کو ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کریں گے۔

    ہڑتال کا فیصلہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے اجلاس میں کیا گیا اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے جنرل سیکرٹری محمود آفریدی نے کہا کہ شہر میں بیگار کے نام پر ہماری گاڑیاں روکی جاتی ہیں جبکہ شہر میں احتجاجوں اور جلوسوں کیلئے ہماری گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری گاڑیوں سے سڑکیں بند کی جاتی ہیں اور معاوضہ بھی نہیں دیا جاتا محمود آفریدی کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک پولیس کے مظالم سمیت بھاری جرمانوں اور انتظامیہ کے رویے کے خلاف ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • بھارتی مظالم کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان

    بھارتی مظالم کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان

    سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنما سید علی گیلانی کی اپیل پرمسرت عالم کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف کل احتجاجی مظاہرے اور ہفتہ کو پوری وادی میں ہڑتال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک اجلاس آج سرینگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے شہریوں کے قتل کے واقعات میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔

    مسرت عالم بٹ کو رواں مہینے کی سترہ تاریخ کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر ایک جلوس کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے اور پاکستانی پرچم لہرانے کا الزام ہے۔

    کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسرت عالم بٹ کوان کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کے بعد انہیں بڈگام پولیس اسٹیشن سے جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کر دیا ہے۔