Tag: Stripping women naked

  • بھارت : خواتین کو برہنہ گھمانے کے مقدمے میں اہم پیشرفت

    بھارت : خواتین کو برہنہ گھمانے کے مقدمے میں اہم پیشرفت

    منی پور : بھارت میں دو خواتین کو برہنہ گھمانے کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے پولیس کو واردات کا اہم ثبوت مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر منی پور میں گزشتہ ماہ خواتین کو گاؤں میں برہنہ گھمانے کے مقدمے میں پولیس نے اب تک 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جس میں ایک کم عمر ملزم بھی شامل ہے۔

    اس حوالے سے منی پور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 مئی کو برہنہ خواتین کی ویڈیو ریکارڈ کرنے والا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم کے قبضے سے دوران تفتیش واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کیا گیا ہے، مذکورہ فون سے ہی واقعہ کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی یہ موبائل فون پولیس کی تفتیش میں بہت اہم کڑی ثابت ہوسکتا ہے۔

    منی پور پولیس نے گزشتہ رات ایک ٹویٹ کیا جس میں کہا گیا کہ پانچ گرفتار ملزمان کو 11 دن کے لیے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک انگریزی روزنامے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک فون قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اسے سائبر کرائم برانچ کو بھیج دیا گیا ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ وہی فون ہے جس سے ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ منی پور میں مردوں کے ایک گروپ نے مخالف گروپ کی دو خواتین کو برہنہ کرکے سڑک پر گھمایا تھا، اوباش نوجوانوں نے خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات بھی کیں اور بعد ازاں انہیں کھیتوں میں لے جاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا، ویڈیو میں موجود متاثرہ خواتین میں سے ایک کی عمر 20 جبکہ دوسری کی 40 سال بتائی گئی ہے۔