Tag: Strong Winds

  • لاس اینجلس میں تیز ہوائیں، آگ مزید بڑھنے کا خدشہ

    لاس اینجلس میں تیز ہوائیں، آگ مزید بڑھنے کا خدشہ

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی خوفناک آگ نے وہاں موجود ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے، تاہم اب خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ پر ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ آگ بجھانے کے لئے کی جانے والی تمام کوششیں ناکام ہورہی ہیں، مختلف مقامات پر لگی آگ سے اب تک تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن چکا ہے۔

    آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں جل کر راکھ بن چکی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، آگ سے اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتا ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس میں 3 مختلف مقامات پر لگی آگ کا تیز ہواؤں کے باعث اس ہفتے مزید تباہ کن شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جو اب تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔

    ونچورا کاؤنٹیز اور لاس اینجلس میں 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث جلتی ہوئی چیزیں اڑ کر گرنے سے آگ مزید پھیل رہی ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جلے ہوئے مکانوں اور عمارتوں کے ملبے میں ممکنہ طور پر موجود افراد کی بھی تلاش کی جارہی ہے۔

    کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کے نائب سربراہ کے مطابق ہمارے پاس فائر فائٹر ہیں، پانی ہے، ہمیں بس وقت چاہیے، ہمیں قدرت کی جانب سے رحم کی ضرورت ہے۔

    امریکا میں لگی آگ نے 40 ہزار ایکڑ رقبہ خاکستر کردیا، ایک لاکھ لوگوں کی نقل مکانی

    حکام کے مطابق آگ ممکنہ طور پرPalisades کے مقبول ہائیک ٹریل سے شروع ہوئی، آگ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • ساحل پر اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا کر لے گئیں

    ساحل پر اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا کر لے گئیں

    ممبئی : سمندری طوفان نے بھارت میں بھی تباہی مچائی ہوئی ہے، تیز اور اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا لے گئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے سے گجرات کے درجن بھر ساحلی اضلاع طوفانی بارشوں اور ہواؤں سے متاثرہوں گے، گجرات کی بندرگاہوں پر الرٹ جاری کر تے ہوئے ساحلی علاقوں میں امدادی ٹیموں کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

    بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب تیزی بڑھنے لگا ہے۔ ممبئی کے جوہو بیچ پر تیز اور اونچی لہریں وہاں موجود پانچ لڑکوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئیں، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو کو بچا لیا تاہم ایک لڑکا جان سے گیا، جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ طوفان کا جمعرات کی شام بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق13سے 15جون کے درمیان طوفان سے ساحلی اضلاع کچھ، جام نگر، موربی، پوربندر، گیر سومناتھ اور دیوبھومی دوارکا متاثر ہوسکتے ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور شدید بارش بھی متوقع ہے، ریاست گجرات کے مختلف اضلاع سے 07 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اکیس ہزار کشتیاں ساحل پر کھڑی کردی گئیں۔

  • کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، رواں ماہ بارش کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    موسم کا تازہ حال بیان کرنے والے کہتے ہیں، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئی ہیں، مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد ہے۔

    جنوبی سمت سے آنے والی ہوا کی رفتار10 ناٹیکل مائل ہے، شہرکا کم سے کم درجہ حرارت29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34 سے36ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ وقفے وقفے سے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔

    علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے رواں ماہ مئی میں کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہ ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 25مئی سے کراچی میں سمندری ہوائیں مزید چلنے اور موسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم بارش نہیں ہوگی۔

  • محکمہ موسمیات کی پیشگوئی ، کراچی والے ہوشیار ہوجائیں

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوپہر سے تیزہوائیں چلنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرد ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج شام سے سرد ہوائیں چلیں گی، سرد ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جانب سے 2 دن تک ٹھنڈی ہوا چلے گی ، ہوائیں 25 سے 30 ناٹیکل مائل کی رفتار سے چل سکتی ہیں، تیزہواؤں میں بل بورڈز اور درخت گرنے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لئے تیزہواؤں کےدوران پرانے درختوں اور بل بورڈز کے پاس نہ کھڑےہوں۔

    سردارسرفراز نے بتایا کہ کراچی میں 3اور 4 فروری کو درجہ حرارت12 سے 13ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ،مکران کی ساحلی پٹی، گوادر،کیچ،آوران،لسبیلہ میں آندھی اورجھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ پنجگور، خضدار، کوئٹہ،ژ وب، نوکنڈی، دالبندین اورقلات میں بھی آندھی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہواکی رفتار 30سے35ناٹیکل مائل ہوسکتی ہے، ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں،

    کمشنر کراچی محمداقبال میمن نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو تیزہواؤں سے متعلق تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غیرقانونی بل بورڈ کو ہٹایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب این ڈی ایم اے نے آج اور کل ملک میں موسم کی ممکنہ خرابی کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی اور وسطیٰ علاقوں میں آندھی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اور پیشگی اقدامات، راستے بند ہونے پرضروری مشینری اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    این ڈی ایم اے نے ماہی گیروں کو بھی احتیاطی طور پر گہرے پانی میں جانے میں گریز کا مشورہ دیا جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ضرور ی اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

  • کراچی میں  طوفانی ہوائیں ، دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات ، 2 افراد جاں بحق ، کئی افراد زخمی

    کراچی میں طوفانی ہوائیں ، دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات ، 2 افراد جاں بحق ، کئی افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں گردآلود طوفانی ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور چھتیں اڑنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گردآلود طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے لگے، تیز ہواؤں کے باعث نارتھ ناظم آباداورگلبائی میں دیوار گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    کراچی کے علاقے اورنگی میں گھر کی دیوار گرگئی، جس سے چھ سالہ بچہ زخمی ہوا جبکہ نیوکراچی الیون بی میں زیرتعمیرعمارت کاحصہ گرگیا۔

    اسی طرح کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون سمیت3افرادزخمی اور سپارکو روڈ پر بھی مکان کی چھت گرنے سے 2افراد زخمی ہوئے۔

    گلشن اقبال میں تیز ہواؤں سے گھر کی چھتیں اڑگئیں جبکہ تیرہ ڈی میں درخت جڑ سے اکھڑ گیا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ مغرب سے آنیوالی تیز ہوائیں30 ناٹیکل مائل رفتار سے چل رہی ہیں ، ہواؤں کی رفتار 35 ناٹیکل مائل تک بھی کبھی کبھی پہنچ رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کا سلسلہ رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کاامکان ہے ، تیزہواؤں کی وجہ سے پرانے درخت اور کمزور اسٹرکچرز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ تیزہواؤں کے حوالے سے تین روزسے پیشگوئی کر رہےتھے، ہوا کا کم دباؤ ایسٹ بلوچستان،ساوتھ پنجاب اور اپر سندھ میں ہے۔

  • ترکی میں خوفناک سمندری طوفان، 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    ترکی میں خوفناک سمندری طوفان، 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    استنبول : موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی دنیا کے مختلف ممالک میں طوفانوں نے تباہی مچا دی، ترکی میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

    طوفانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان نے تباہی مچادی، استنبول میں طوفانی ہواؤں کی شدت سے کلاک ٹاور گرگیا، ہائی وے پر ٹرک الٹ گیا، سرکاری نشریاتی ادارے انادولو کے مطابق، پیر کو ترکی میں شدید آندھی کے طوفان کے بعد کم از کم چھ افراد ہلاک اور 52 زخمی ہو گئے اور منگل کو بھی ملک کے کچھ حصوں میں تباہی مچا دی۔

    ترکی کے شہر استنبول کے ایک ساحل پر چلنے والی تیز ہواؤں اور بپھرتی سمندری لہروں کے باعث وہاں کھڑا بحری جہاز ہچکولے کھانے لگا۔

    طوفانی ہواؤں کے باعث آبنائے باسفورس میں کشتیوں اور جہازوں کی آمد و رفت پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ استنبول اور ترکی کے دیگر حصوں میں شدید طوفان کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طوفانی موسم سے استنبول اور اردگرد کے حصوں میں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار 129 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، طوفان کے باعث آبنائے باسفورس میں جہازوں کی آمد ورفت روک دی گئی، استنبول آنے والی پروازوں کا رُخ ملک کے دیگر حصوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

  • آبشار اُلٹی بہنے لگی، نظارہ دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، ویڈیو وائرل

    آبشار اُلٹی بہنے لگی، نظارہ دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، ویڈیو وائرل

    ایڈنبرگ : اسکاٹ لینڈ میں آبشار اُلٹی بہنے لگی، منظر دیکھنے والوں نے اس قدرت کی شان کو اپنے کیمروں میں محفوظ کرلیا، سوشل میڈیا پر لوگوں نے حیرانی و تعجب کا اظہار کیا۔

    قدرت کے حسین نظارے تو سب نے دیکھے ہی ہوں گے لیکن ایسا حیران کن اور عجیب نظارہ صرف وہ ہی دیکھ سکے جو اسکاٹ لینڈ کے سیاحتی مقام کے پاس موجود تھے۔

    اسکاٹ لینڈ میں تیز رفتار ہوائیں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بن گئیں، اسکاٹ لینڈ میں 90میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے آبشار کو اُلٹا بہنے پر مجبور کر دیا۔

    یہ دلکش نظارہ اسکاٹ لینڈ میں دیکھنے کو ملا جب طوفانی موسم پہاڑو ں سے بہنے والی آبشار کے راستے کی رکاوٹ بن گیا اور طوفانی ہواؤں سے پانی اوپر کی جانب اڑنے لگا، یہ دلکش مناظر لوگوں نے اپنے موبائل کیمروں میں قید کرلئے۔

    ہوا کی شدت اور رفتار اس قدر تیز تھی کہ اس نے آبشار کے پانی کو اچھال کر پیچھے پھینکنا شروع کردیا جس سے یوں لگنے لگا کہ آبشار الٹی بہہ رہی ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھنے کے بعد لوگوں نے قدرت کے حسین منظر پر حیرانی و تعجب کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ میں صدی کے سب سے بڑے طوفان نے تباہی مچا دی

    اس عشرے کے سب سے بڑے طوفان کیارہ نے برطانیہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، شمالی برطانیہ میں 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں، یارکشائر کے مضافاتی علاقے زیر آب آ گئے، پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔