Tag: struck

  • اسرائیل کا شام سے ایران کے یقینی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل کا شام سے ایران کے یقینی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ

    تل ابیب/دمشق:اسرائیل نے شام سے ایران کے یقینی ڈرون حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دمشق کے نواح میں ایرانی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے کہا کہ ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس اپنی اتحادی شیعہ ملیشیاؤں کے ساتھ مل کر اسرائیل پرحملوں کے لیے دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرون بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

    ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل گذشتہ کئی ماہ سے اس سازش کی نگرانی کررہا تھا اورجمعرات کو اس نے ایران کو اس سازش پر مزید پیش قدمی سے روک دیا تھاپھرہفتے کی شب ایران نے دوبارہ اس حملے کی کوشش کی تھی۔

    انھوں نے کہاکہ ہم لڑاکا جیٹ کے ذریعے اس حملے کو روکنے میں کامیاب رہے ہیں۔ایرانی حملے کے بارے میں یقین ہے کہ یہ بہت ناگزیر تھا۔

    ترجمان کے بہ قول اسرائیل کے چیف آف اسٹاف تب سینئر افسروں کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک تھے اور شام کی سرحد کے نزدیک افواج ہائی الرٹ تھیں۔

    ادھربرطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ دمشق میں کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے دو جنگجو اور ایک ایرانی ہلاک ہوگیا ۔

  • سعودی محکمہ دفاع نے نجران میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    سعودی محکمہ دفاع نے نجران میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ دفاع کے حکام نے سرحدی علاقے نجران کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے نجران میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوںً کی طرف سے نجران میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے طائف کی فضاؤں میں حوثیوں کے داغے گئے میزائلوں کو مار گرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر 7 ڈرون حملے کیے، حوثی باغیوں کا دعویٰ

    عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

    عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوششش کی، اس مقام کو سعودی شہری اور غیرملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔

  • یلو ویسٹ تحریک فرانس، گیارویں ہفتے بھی ہزاروں مظاہرین حکومت مخالف احتجاج میں شریک

    یلو ویسٹ تحریک فرانس، گیارویں ہفتے بھی ہزاروں مظاہرین حکومت مخالف احتجاج میں شریک

    پیرس : فرانس کے مختلف شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے گیارویں ہفتے بھی جاری رہے، پولیس نے پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث سینکڑوں مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے خلاف ’یلو ویسٹ تحریک‘ کے تحت جاری احتجاج مسلسل گیارویں ہفتے بھی جاری رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یلو ویسٹ تحریک کے تحت منعقدہ مظاہروں میں 22 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، احتجاجی تحریک پُر تشدد مظاہروں میں تبدیل ہوچکی ہے۔

    فرانسیسی پولیس نے معاشی پالیسی کی تبدیلی کے لیے احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی دارالحکومت میں رواں ہفتے مظاہرین کی تعداد گزشتہ ہفتوں کی نسبت کم تھی۔ پولیس نے املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر پتھراؤ کرنے والے سینکڑوں افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پیرس: خواتین قیادت، یلو ویسٹ تحریک پُرامن مظاہروں میں تبدیل

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل فرانس میں ’یلو ویسٹ‘ تحریک کی کمان خواتین نے سنبھال کر پُر تشدد مظاہروں کو پُر امن احتجاج میں تبدیل کردیا تھا۔

    پیرس کی خواتین نے اس وقت تحریک کی کمان سنبھالی جب 50 ہزار سے زائد مظاہرین نے پیرس کی شاہراہوں کو یرغمال بنالیا تھا۔

    کچھ روز قبل شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جھڑپوں میں 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کی تھیں۔