Tag: STUDENTS SCREAM

  • اسکول میں بدروح یا ہسٹیریا؟ طالبات کے چیخنے چلانے کی ویڈیو وائرل

    اسکول میں بدروح یا ہسٹیریا؟ طالبات کے چیخنے چلانے کی ویڈیو وائرل

    اترا کھنڈ : بھارت میں اسکول کی متعدد طالبات نے اچانک بدحواسی کے عالم میں چیخنا چلانا شروع کردیا، ماہرین نے نفسیاتی مرض قرار دے دیا۔

    بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ایک اسکول میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس کی خوفناک ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی ہکا بکا رہ گئے۔

    انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک سرکاری اسکول کی طالبات جن میں زیادہ تر نو عمر لڑکیاں ہیں، کو چیختے، سر پیٹتے اور زمین پر لڑھکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سرکاری اسکول کی کچھ طالبات بدحواسی کے عالم میں چیخ و پکار کرتی ہوئی پریشان نظر آرہی ہیں اور انہیں اپنا بھی ہوش نہیں۔

    مذکورہ طالبات زارو قطار رو رہی تھیں اور ہذیانی کیفیت میں چیخ و پکار کرتے ہوئے کانپ رہی تھیں اور کچھ تو اس کیفیت میں اپنا سر بھی پیٹ رہی تھیں۔

    اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد اسے بدروحوں کے اثرات کی نظر سے دیکھ رہی ہیں لیکن دوسری جانب اسکول انتظامیہ لڑکیوں کی کاؤنسلنگ اور علاج پر توجہ دے رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک جانب ایک حلقہ اسے ‘ماس ہسٹیریا’ قرار دے رہا ہے تو ماہرین نفسیات اس کے واقعے پیچھے کسی صدمے کا شبہ کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کو دیکھ کر ایسا کرنا کوئی عجیب بات نہیں۔

    اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے میڈیا کو بتایا کہ ایسا عجیب و غریب منظر پہلی بارسامنے آیا ہے۔ ایک پادری کو اسکول میں بلایا گیا جس کے عمل کے بعد صورتحال کچھ قابو میں آئی۔

    اسکول میں پیش آنے والی اس صورتحال نے والدین اور انتظامیہ دونوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق طالبات کے اس "غیر معمولی” رویے کی وجہ کا تعین فی الحال نہیں کیا گیا ہے۔