Tag: Suadi arabia

  • سعودی عرب : نئے لیبر قوانین میں ملازمین کے لئے کیا ہے؟

    سعودی عرب : نئے لیبر قوانین میں ملازمین کے لئے کیا ہے؟

    جدہ : سعودی حکومت نے مملکت میں ملازمت کے ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے لیبر قوانین میں اہم ترامیم کا اعلان کیا ہے۔

    جدہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والے وزراء کی کونسل کے اجلاس میں لیبر قوانین کے کچھ آرٹیکلز میں ترمیم اور فنڈ ریزنگ سسٹم کی منظوری دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے 180 دن بعد نئی ترامیم نافذ العمل ہوں گی۔

    سعودی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے میڈیا کو اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نئی ترامیم میں 38 آرٹیکلز شامل ہیں جبکہ سات کو حذف کیا گیا ہے اور دو نئے آرٹیکلز کو لیبر قانون میں شامل کیا گیا ہے۔

    saudi arabia

    وزارت سماجی ترقی کے مطابق یہ ترامیم سعودی ملازمت مارکیٹ کی حکمت عملی اور بین الاقوامی معاہدوں کےمطابق ہیں جو مملکت نے منظور کیے ہیں۔

    مذکورہ ترامیم کا مقصد مملکت میں لیبر مارکیٹ کی بہتری، ملازمت کے استحکام میں اضافہ، افرادی قوت کا فروغ اور شہریوں کے لئے ملازمت کے مواقع بڑھانا ہے۔

    ترامیم میں ملازمین کی چھٹیوں اور لیبر معاہدوں، اسائنمنٹ کی اصطلاحات کی تعریف اور استعفیٰ کے طریقہ کار کی وضاحت شامل ہے، سعودی وزارت کی جانب سے بغیر لائسنس کے کارکنان کو ملازمت دینے پر جرمانے شامل کرنا شامل ہیں۔

    نئی ترامیم میں یہ بھی شامل ہے کہ آجر کو ملازمین کی تربیت اور قابلیت کے لئے ایک خصوصی پالیسی بنانا ضروری ہے تاکہ ان کی مہارتوں کو بڑھایا جاسکے اور ان کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔

    وزارت کے ترجمان نے مزید کہا کہ لیبر قوانین کے مضامین کی ترامیم کی مزید تفصیلات اس کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : سعودی حکومت نے پاکستانی طلباء کو خوشخبری سنادی، مملکت نے ایک بار پھر اپنی 25 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستانی طلبا و طالبات کو 700 اسکالر شپس دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستانی طلباء کے لئے اسکالر شپس کی تعداد بڑھا کر 700 کردی ہے، پاکستانی طلباء ان وظائف کیلئے “اسٹڈی ان سعودی” الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے اپلائی کرسکتے ہیں۔

    جاری پریس ریلیز کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانی طلباء کو 600 وظائف کی پیشکش کی تھی جنہیں بڑھا کر اب700 کردیا گیا ہے، پاکستانی طلباء ان اسکالر شپ کے لئے اپلائی کرسکتے ہیں۔

    یہ پورٹل بین الاقوامی طلباء کو سعودی عرب میں تعلیم کے لئے سیلف فنانس، جزوی اسکالرشپ اور مکمل اسکالرشپ کے لیے ایک ون ونڈو جامع گیٹ وے فراہم کرتا ہے۔

    پاکستانی طلباء اپنی مطلوبہ ڈگری کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جس میں میڈیکل سائنس کے علاوہ تقریباً تمام مضامین شامل ہیں۔ اسکالرشپ کی تفصیلات سعودی مشن کی ویب سائیٹ
    (https://studyinsaudi.moe.gov.sa/)پر دستیاب ہیں ۔

  • سعودی عرب جانے والے غیرملکیوں کیلئے اہم خبر

    سعودی عرب جانے والے غیرملکیوں کیلئے اہم خبر

    ریاض : سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے محکمہ جوازات اہم ہدایات اور مسائل کے حل جاری کرتا رہتا ہے جس پر تمام غیرملکیوں کو لازمی عمل کرنا چاہیے۔

    سعودی عرب میں وزٹ ویزوں کی مختلف اقسام ہیں جن میں فیملی وزٹ اور کمرشل وزٹ شامل ہے، فیملی وزٹ ویزے میں سنگل انٹری اورملٹی پل انٹری شامل ہیں۔

    سنگل انٹری ویزے کی انتہائی مدت 180 دن ہوتی ہے جس کے بعد لازمی طورپرایگزٹ کرنا ہوتا ہے جبکہ ملٹی پل انٹری کی مدت ایک برس ہوتی ہے۔

    وزٹ ویزے پرآنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہوتی ہے جس کی مدت کا تعین ویزے کے اجرا کے وقت کیا جاتا ہے۔ عام طورپرمیڈیکل انشورنس ماہانہ بنیاد پربنائی جاتی ہے جس میں بعد ازاں مقررہ فیس ادا کرکے مزید توسیع کرائی جاسکتی ہے۔

    اقامہ کی عدم تجدید کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’کورونا کے دوران پاکستان گیا تھا، اقامہ ختم ہوگیا ہے جس کی تجدید نہیں کرائی گئی کیا اسی ویزے پرسعودی عرب جاسکتاہوں؟

    کورونا وائرس کی وبا کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے مملکت سے باہر گئے ہوئے غیر ملکی کارکنوں اورفیملیز کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں متعدد بار مفت توسیع کی گئی تھی۔

    وبائی مرض کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد جب کورونا کے حوالے سے عائد پابندیاں ختم ہوئی اس وقت اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں مزید مفت توسیع نہیں کی گئی۔

    وہ افراد جو مفت توسیع کے بعد بھی مملکت نہیں آئے انہیں چاہئے تھا کہ وہ مطلوبہ مدت کی فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ یا خروج عودہ کی مدت میں اختیاری توسیع کرلیتے۔

    جہاں تک مذکورہ سوال کا تعلق ہے اس حوالے سے جوازات کا قانون واضح ہے جو غیر ملکی کارکن بیرون ملک خروج وعودہ پرجاتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ واپسی مقررہ مدت کے دوران کریں اگرمقررہ مدت کے دوران واپسی نہیں ہوتی تو اس صورت میں انہیں چاہیے کہ وہ مطلوبہ مدت کی مقررہ فیس ادا کرکے توسیع حاصل کریں تاکہ اقامہ کینسل نہ ہو۔

    خروج وعودہ میں توسیع نہ لینے پراقامہ کینسل ہوجاتا ہے اس صورت میں تین برس کےلیے مذکورہ شخص کا مملکت میں داخلہ بند ہوجاتا ہے۔

    مذکورہ سوال جس میں سابقہ اقامہ پرہی دوبارہ آنے کے حوالے سے دریافت کیا گیا ہے وہ اسی صورت میں ممکن ہے جب آپ کا اقامہ کینسل نہ ہوکیا ہو۔

    اقامہ کینسل ہونے اور’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل ہونے کی صورت میں سابق کفیل کی جانب سے دوسرا ویزہ جاری کرانے کے بعد ہی اس پرآپ سعودی عرب آسکتے ہیں بصورت دیگر تین برس کی مدت مکمل ہونے کے بعد دوسرے کسی ورک ویزے پرسعودی عرب آیا جاسکتا ہے۔

    وزٹ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’اہلیہ کا وزٹ ویزہ 6 جون 2022 کو ایکسپائرہوگا۔ واپسی کی فلائٹ 7 تاریخ کی بک کرائی ہے۔ ایک دن تاخیر سے روانگی میں کوئی مسئلہ تو نہیں ہوگا؟

    اس بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ویزے کی ایکسپائری سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرجانا چاہئے بصورت دیگر امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے۔

    واضح رہے انٹرنیشنل امیگریشن قوانین کے تحت کسی بھی ملک کے ویزے کی مدت کے دوران اس ملک میں قیام کرنے کی اجازت ہوتی ہے ویزے کی آخری تاریخ ختم ہونے سے قبل ایگزٹ کرنا چاہیے۔

  • سعودی عرب : شاہ سلمان نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    سعودی عرب : شاہ سلمان نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقدہ ورچوئل اجلاس کے دوران سعودی کابینہ نے معمر افراد کے حقوق سمیت مختلف قوانین کی منظوری دی ہے۔

    اس حوالے سے سعودی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں مختلف نوعیت کے 12اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کورونا ویکسین کی مقررہ خوراکیں جلد سے جلد لگوالیں۔

    کابینہ کے مطابق وبا کی بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے، بچاؤ کی تدابیر کے مؤثر ہونے اور نہ ہونے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

    خادم حرمین شریفین نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ یہ بات پیش نظر رہے کہ مملکت قیام کے روز اول سے آج تک اسلامی نظام پر عمل پیرا ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

    کابینہ کے ارکان نے شوریٰ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر شاہی خطاب پر قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے جامع تصور پیش کرکے مختلف شعبوں میں سعودی وژن 2030 کے مطابق ملکی ترقی و خوش حالی کے حوالے سے غیر متزلزل اصول اجاگر کیے۔

    انہوں نے سیاسی، اقتصادی حالات اور حالیہ مسائل پر مملکت کی خارجہ پالیسی کو نمایاں کیا، انہوں نے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے حوالے سے مملکت کی کوششوں کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

    کابینہ ارکان نے کم آمدنی والے اور مصیبت زدہ ممالک کا ساتھ دینے، پناہ گزینوں اور مصیبت زدگان کی مدد کی پالیسی پر گامزن رہنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

    سعودی کابینہ نے گذشتہ دنوں برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد مشترکہ تعاون کے رشتوں کو راسخ کرنا اور زیادہ بڑے پیمانے پر باہمی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانا تھا۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ کابینہ نے خطے اور دنیا بھر کے حالات حاضرہ کا جائزہ لیا، عالمی امن و سلامتی، استحکام اور خوش حالی کی خاطر کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    کابینہ نے کورونا وائرس کی وبائی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں، حرمین شریفین کے زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر حفاظتی تدابیر کے موثر ہونے کی بابت بھی بات چیت کی۔

    کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کی جائے اور ویکسین کی تمام مطلوبہ خوراکیں جلد سے جلد لگوا لی جائیں۔

    کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل اور سیاسی و سلامتی کونسل امور، کابینہ کے ماتحت جنرل کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین کے ادارے کی قراردادوں کا بھی جائزہ لیا۔

    کابینہ نے متعدد فیصلے کیے جس کے مطابق عراق کے ساتھ ابلاغی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر اطلاعات کو دیا، جبکہ ماحولیات کے شعبے میں تعاون کے لیے جاپان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں سلطنت عمان کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    وزیر خزانہ کو برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ مالیاتی خدمات اور سرکاری خزانے کے امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار دیا۔

    مدینہ اسلامی یونیورسٹی کے سربراہ کو اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا, کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والی ٹیکنالوجی، پائپ لائنز کی اصلاح و مرمت اور آپریشنل امور کے سلسلے میں روس کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی۔

    کابینہ نے ممنوعہ برآمدات کے ضوابط کی بھی منظوری دے دی، کابینہ نے ایٹمی کنٹرول بورڈ کی مجلس انتظامیہ کے ارکان کی تقرریاں بھی کیں جبکہ فروغ افرادی قوت فنڈ کے اختتامی حساب کی بھی منظوری دی۔

    کابینہ نے پندرہویں گریڈ کے لیے متعدد عہدیداروں کی ترقی کے احکام بھی جاری کیے، کابینہ میں متعدد سرکاری اداروں کی سالانہ رپورٹیں بھی پیش کی گئیں۔

  • میڈیکل انشورنس سے متعلق سعودی حکومت کی اہم وضاحت

    میڈیکل انشورنس سے متعلق سعودی حکومت کی اہم وضاحت

    کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ کارکن اور ان کے تمام اہل خانہ کو طبی انشورنس پالیسی فراہم کرنا آجر کی ذمہ داری ہے۔

    عربی جریدے "عکاظ” کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیلتھ کونسل قوانین کے مطابق نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی شہری یا غیرملکی کارکنوں کی میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کرنا آجر کے ذمہ ہوتی ہے۔

    کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے میڈیکل انشورنس پالیسی کے حوالے سے مزید واضح کیا گیا ہے کہ آجر اس امر کا پابند ہے کہ وہ اپنے کارکن اور اس کے اہل خانہ ( اہلیہ ، بیٹے 25 برس کی عمر تک اور ملازمت نہ کرنے والی غیرشادی شدہ بیٹی ) کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی حاصل کرے، پالیسی کا پریمیم جمع کرانا بھی آجر کے ہی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں محنت قانون کے تحت کارکنوں کو طبی خدمات کی مد میں میڈیکل انشورنس پالیسی فراہم کرنا ضروری ہے۔

    میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کیے بغیر اقامہ کی تجدید ممکن نہیں ہوتی، قانون کے مطابق کارکنوں کے لیے حاصل کی گئی میڈیکل انشورنس پالیسی کی تفصیلات جب تک وزارت افرادی قوت کے سسٹم میں اپ لوڈ نہیں کی جاتی اس وقت تک اقامےتجدید نہیں ہوتے۔

    اس حوالے بعد کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے واضح طور پر کہا ہے کہ انشورنس پالیسی حاصل کرنا اور اس کے سالانہ پریمیم کی ادائیگی آجر کے ذمہ ہوگی کارکن کے نہیں۔

  • سعودی عرب : اونٹوں کی حفاظت کیلئے حکومت کا مؤثر اقدام

    سعودی عرب : اونٹوں کی حفاظت کیلئے حکومت کا مؤثر اقدام

    وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے سعودی عرب میں اونٹوں کی نمبرنگ کے ڈیجیٹل سسٹم کو ہائی وے پولیس کے نظام سے جوڑ دیا ہے، نمبرنگ سسٹم کے ذریعے اونٹوں میں مخصوص چپ لگائی جاتی ہے تاکہ ان کی ٹریکنگ آسان ہوسکے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اونٹوں کی نمبرنگ کے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اب تک 15 لاکھ سے زائد اونٹوں میں الیکٹرانک چپ لگائی جاچکی ہے۔

    ہائی وے پولیس کے سسٹم سے اونٹوں کی چپ کو جوڑنے کا مقصد شاہراہوں پر آنے والے اونٹ اور ان کے مالکان کے بارے میں آسانی سے معلوم ہوسکے گا۔

    وزارت ماحولیات کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اونٹوں میں چپ لگانے کا بنیادی مقصد ان کی ٹریکنگ اور اونٹوں کا ریکارڈ رکھنا ہے جس کے ذریعے ہر علاقے کے اونٹ اور ان کی نسل کے بارے میں مکمل ڈیٹا محفوظ کیاجاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں اونٹوں کی صحت اور بیماری کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں عالمی سطح کی اونٹ دوڑ کے مقابلے بڑے پیمانے پر منعقد کیے جاتے ہیں، اس دوڑ میں شریک اونٹوں کی نسل سے ان کی قدرو قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔

    ہائی وے پولیس کے قانون کے مطابق شاہراہوں پر نکل آنے والے اونٹوں کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہےـ شاہراہوں پراونٹوں کی وجہ سے سنگین حادثات کا خدشہ ہوتا ہے، اسی لیے ہائی وے پولیس نے اونٹوں کے مالکان کو اس امر کا پابند کیا ہے کہ وہ اپنے اونٹوں کو شاہراہوں سے دور رکھیں۔

    اونٹوں کی چپ کے سسٹم کو ہائی وے پولیس کے نظام سے جوڑنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طورپر اونٹ کے جسم میں چسپاں چپ کے ذریعے اس کے مالک کو ٹریس کیا جاسکے۔

  • سعودی عرب کےقومی دن کے موقع پر ائیر شوز کا اہتمام

    سعودی عرب کےقومی دن کے موقع پر ائیر شوز کا اہتمام

    ریاض : سعودی عرب کے91ویں یومِ وطنی پر مملکت کے بڑے شہروں میں ائیر شوز کا انعقاد کیا جائے گا، 23 ستمبر سے قبل ہی سعودی عرب کی فضا مختلف رنگوں سےسج گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بڑے شہروں میں20ستمبر سے25 ستمبر تک ائیر شوز منعقد کیے جائیں گے۔

    جدہ، ریاض، خبراور طائف سمیت مملکت کے بڑے شہروں میں ایئر شوز منعقد کیے جارہے ہیں، ان ایئر شوز میں سعودی رائل ایئرفورس، سعودی ہاکس اور السعودیہ بوئنگ طیارے شرکت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی ہوابازوں کے فن کےمظاہروں سے فضا مختلف رنگوں سے سج گئی، طیاروں کے پائلٹوں نے اپنی مہارت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےفضائی کرتب دکھائے۔

    اس سے قبل ہیلی کاپٹر کے ذریعے طویل ترین سعودی پرچم فضا میں لہرایا گیا، اس پروقار تقریب میں تمام تر کورونا احتیاطی تدابیر اورایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی شرکت کو یقیقنی بنایا گیا۔

    واضح رہے کہ مملکت میں ہر سال 23 ستمبر سعودی عرب کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی ضمن میں حکام کا کہنا ہے کہ تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی یوم وطنی کے موقع پر کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کی بھرپور پابندی کریں اور جلد از جلد مکمل ویکسینیشن کرائیں۔

  • سعودی عرب : مریضوں کی عیادت کرنے والوں کیلئے نئے احکامات جاری

    سعودی عرب : مریضوں کی عیادت کرنے والوں کیلئے نئے احکامات جاری

    ریاض : اب اپنے پیاروں کی عیادت کیلئے جانے والوں کو بھی حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، اسپتال میں داخل مریض سے وہی شخص مل سکے گا جس کی کورونا ویکسی نیشن ہوچکی ہوگی۔

    سعودی عرب میں محکمہ صحت جدہ نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں سے ملنے کے لیے آنے والوں پر نئی پابندی لگائی گئی ہے۔ کورونا ویکسین لگوانے والے ہی مریضوں سے ملاقات کے لیے ہسپتال آسکیں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ سرکاری اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبوں اور جنرل وارڈ میں زیر علاج مریضوں سے صرف وہی شہری اور مقیم غیرملکی ملاقات کرسکیں گے جو کورونا ویکسین لے چکے ہوں گے۔

    ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سب کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے جبکہ اس کا دوسرا بڑا مقصد کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے انتظامات کا معیار بلند کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 11 سو 36 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک ہی دن میں اس مہلک وائرس سے 10 افراد ہلاک ہوئے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جمعہ 21 مئی کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک ہی دن میں کورونا سے 980 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد اب تک اس مرض شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 706 تک پہنچ گئی ہے۔

  • سائبر سیکیورٹی : سعودی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کردیا

    سائبر سیکیورٹی : سعودی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کردیا

    ریاض : سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی کے نیشنل سینٹر نے مائیکرو سافٹ سے متعلق ہائی الرٹ جاری کردیا

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے نیشنل سینٹر نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر سیکیورٹی انتباہ 294-2021 مائیکروسافٹ ایڈج کرومیم بیسڈ Microsoft Edge Chromium-basedکے بارے میں سیکیورٹی اپ ڈیٹ کی بابت ہائی سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

    سیکیورٹی سینٹر نے کہا کہ پورے سیکٹر کو انتہا درجے کا خطرہ ہے، سینٹر نے توجہ دلائی کہ مائیکروسافٹ کمپنی نے Mircosoft Edge(Chormium-based)میں موجود خلل دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ جاری کیا تھا۔

    سائبر سیکیورٹی سینٹر نے خطرات سے بچاؤ کی تدابیر کے بارے میں مشورہ دیا ہے کہ متاثرہ ایڈیشنز کو اپ ڈیٹ کرلیا جائے۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کی غیرملکیوں کو سخت ہدایات جاری

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کی غیرملکیوں کو سخت ہدایات جاری

    ریاض : نئے کورونا وائرس سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی حکومت نے ایس او پیز کی پابندی کو ایک بار پھر ناگزیر قراردیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے سخت سزا کا اعلان کردیا گیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزارتوں، محکموں، سرکاری اداروں اور نجی اداروں میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار کرنا قابل سزا خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر بھی قانونی کارروائی اور سزا بھی سنائی جائے گی۔

    وزارت داخلہ نے ہدایت دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ پہلی بار درجہ حرارت کی جانچ سے انکار یا سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے تنبیہ کی ہے کہ اگر درجہ حرارت کی جانچ سے انکار کرنے والا سعودی عرب میں مقیم غیرملکی ہوا تو اسے سزا کاٹنے کے بعد سعودی عرب سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص کسی بھی جگہ حد سے زیادہ افراد کا اجتماع دیکھے تو پہلی فرصت میں 999 پر رابطہ کرکے اطلاع دے، یہ ٹول فری نمبر ہے۔

    وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ مملکت میں رہنے والے تمام شہری اپنی صحت وسلامتی کی خاطر ضروری سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ اس کے علاوہ کوویڈ 19 سے بچاؤ کے لیے کسی بھی ادارے میں داخلے کے وقت درجہ حرارت ضرور چیک کروائیں۔