Tag: subsidies

  • پاور سیکٹر کے لیے مزید 50 ارب سے زائد کی سبسڈی جاری کرنے کا فیصلہ

    پاور سیکٹر کے لیے مزید 50 ارب سے زائد کی سبسڈی جاری کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے پاور سیکٹر کے لیے مزید 50 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال اب تک پاور سیکٹر کو سبسڈی کی مد میں 159 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں، تاہم اب مزید 50 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی کااجرا پائپ لائن میں ہے۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں پاور سیکٹر سبسڈی کے لیے 128 ارب روپے جاری کیے گئے تھے، دوسری سہ ماہی میں اب تک 31 ارب سبسڈی کی مد میں جاری کیے جا چکے ہیں، مزید 50 ارب کے بعد مجموعی جاری شدہ سبسڈی 209 ارب سے بڑھ جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے دسمبر تک طے شدہ ہدف کے مقابلے میں گردشی قرضوں کا فلو بہت کم ہے۔ آئی ایم ایف سے طے شدہ دسمبر 2024 کے ہدف کے مطابق پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کا فلو 461 ارب روپے کے اندر برقرار رکھنا ہے جبکہ 19 دسمبر 2024 تک سرکلر ڈیٹ کا ہدف صرف 70 ارب روپے تک پہنچا جوکہ ہدف سے کہیں کم ہے۔

    حکومتی ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ نقصانات میں کمی اور کارکردگی میں اضافے کے نتیجے میں پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ہدف کو بہ آسانی حاصل کر لیا جائے گا۔

  • پرانی گاڑی چھوڑیں نئی خریدیں، چینی عوام کو پیشکش

    پرانی گاڑی چھوڑیں نئی خریدیں، چینی عوام کو پیشکش

    چین نے شہریوں کو اپنی پرانی گاڑیوں کو ترک کرنے اور نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے مالی امداد (سبسڈی) میں اضافہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے اپنے شہریوں کو پرانی گاڑیاں ترک کرنے اور نئی گاڑیاں خریدنے کی ترغیب دینے کے لیے مالی امداد میں اضافہ کیا ہے۔

    چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چینی حکام نے قومی آٹو موبائل تجدید پروگرام کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزارت تجارت اور چھ دیگر سرکاری محکموں کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری کے لیے سبسڈی کو اپریل کے مقابلے میں 10ہزار یوآن(1ہزار399ڈالر) سے دوگنا کرتے ہوئے 20ہزار یوآن کردیا گیا ہے۔

    new car

    ایندھن سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کی خریداری کے لیے سبسڈی 7 ہزار یوآن سے بڑھا کر 15ہزار یوآن کر دی گئی ہے۔

    نئی پالیسی کا اطلاق رواں سال 24 اپریل سے 10 جنوری 2025 کے درمیان جمع کرائی جانے والی سبسڈی کی درخواستوں پر ہوگا۔

    انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں رواں سال جنوری سے جولائی تک تقریبا 50 لاکھ نئی انرجی مسافر گاڑیاں اور ایندھن سے چلنے والی65لاکھ 70ہزارگاڑیاں انفرادی صارفین کو فروخت کی گئیں جو بالترتیب گزشتہ سال کے مقابلے میں 33.7 فیصد اضافہ اور 15 فیصد کم ہیں۔

    چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے اعداد و شمار کے مطابق ’این ای ویز‘ کی فروخت جولائی میں 991,000 یونٹس تک پہنچ گئی جو کہ سالانہ 27 فیصد زیادہ ہے جبکہ این ای وی کی پیداوار جولائی میں 984,000 یونٹس رہی، جو کہ سال بہ سال 22.3 فیصد زیادہ ہے۔