Tag: Successful operation

  • پیٹ کے اندر گانٹھ میں انسانی دانت، ڈاکٹرز بھی حیران

    پیٹ کے اندر گانٹھ میں انسانی دانت، ڈاکٹرز بھی حیران

    نئی دہلی : بھارت میں طبی حوالے سے ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے کہ جسے دیکھ کر ڈاکٹر بھی حیران گئے، تاہم مریض کا کامیاب آپریشن کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے جامعہ نگر میں قائم الشفا ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے ایک ایسے مریض کے پیٹ کا کامیاب آپریشن کیا ہے جس کے پیٹ میں گانٹھ تھی۔

    مریض کی حالت اس وقت اور تشویشناک ہوگئی جب اس کے پیٹ میں بننے والی گانٹھ میں سے انسانی دانت نکلنے لگے، جس کا الشفا ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایڈوانس مائیکرو اسکوپک سرجری سے کامیاب آپریشن کیا۔

    مذکورہ آپریشن سات گھنٹے تک جاری رہا، بتایا جارہا ہے کہ اپریشن کی کامیابی کے بعد مریض اب بالکل صحت مند ہے۔

  • پاکستان کے بڑے اسپتال میں "فالج کا مفت علاج” شروع

    پاکستان کے بڑے اسپتال میں "فالج کا مفت علاج” شروع

    قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے پہلا اسٹروک انٹروینشن پروسیجر سرانجام دے کر کارڈیک ہیلتھ کیئر میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

    پروفیسر عرفان لطفی (انٹروینشنل ریڈیالوجسٹ، این آئی سی وی ڈی) نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 48سالہ خاتون پر یہ کامیاب پروسیجر سرانجام دیا۔

    ڈاکٹر عرفان لطفی نے بتایا کہ پروسیجر بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی کے ساتھ سرانجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضہ صوفیہ کو آدھے گھنٹے کی دائیں طرف کی کمزوری اور چہرے کی بے ترتیبی کے ساتھ این آئی سی وی ڈی ایمرجنسی کے شعبے میں لایاگیا تھا اور ہم نے فوری طور پر مریضہ کا سی ٹی اسکین اور سی ٹی انجیوگرام کیا اور بعد میں مریضہ کو کتیھ لیب میں منتقل کیا گیا۔

    علاج کے دوران مریضہ کے دماغ میں اسٹنٹ ڈال کر جمے ہوئے خون کا لوتھڑا نکالا گیا، ڈاکٹر لطفی نے مزید بتایا کہ علاج کے بعد مریضہ طبّی لحاظ سے بہتر ہے اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فالج کے حملے کے دوران پہلے چھ گھنٹے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، اسی دورانیے میں خون کی جمی ہوئی گٹھلی کو انٹروینشن طریقہ کار کی مدد سے باہر نکالا جا سکتا ہے اور مریض کافی پیچیدگیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

    ڈاکٹر عرفان لطفی نے بتایا کہ یہ تشویشناک ہے کہ پاکستان میں اموات کی دوسری بڑی وجہ فالج اور مناسب آگاہی کا فقدان ہے لیکن اللہ تعالیٰ فضل و کرم سے اب این آئی سی وی ڈی کراچی میں اس بالکل مفت انٹروینشنل اسٹروک ٹریٹمنٹ سے ہزاروں مریض مسفید ہوسکے گے اور زندگی بھر کی معذوری سے بچ جائیں گے۔

    ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے این آئی سی وی ڈی ٹیم کو سراہتے اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی نے کیتھیٹر پر مبنی فالج کا طریقہ علاج متعارف کراکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کا شمار دنیا کی بہترین کارڈیک اسپتالوں میں ہوگیا ہے، این آئی سی وی ڈی صوبہ سندھ بھر میں پہلا کارڈیک اسپتال بن چکا ہے جہاں پر اسٹروک انٹروینشن پروسیجر بالکل مفت سرانجام دیا جارہا ہے، اس پروسیجر کو بہترین نتائج کے ساتھ سرانجام دیتے رہیں گے۔

  • کامیاب آپریشن : خاتون کے پیٹ سے ساڑھے3 کلو وزنی رسولی نکال لی

    کامیاب آپریشن : خاتون کے پیٹ سے ساڑھے3 کلو وزنی رسولی نکال لی

    خان پور : تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال کے سرجن نے خاتون کے پیٹ کا کامیاب آپریشن کرکےساڑھے3 کلو وزنی رسولی نکال دی، مریضہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کی رہائشی خاتون کے پیٹ میں وزنی رسولی ہونے کے باعث اسے چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا تھا اور جب اسپتال میں علاج کے لئے لایا گیا تو انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں بہت بڑی رسولی موجود ہے۔

    اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضہ کو پیٹ میں درد کی شکایت پراسپتال لایا گیا تھا، مرض کی تشخیص کے فوری بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں خاتون کا کامیاب آپریشن کر کے کے پیٹ سےساڑھے3کلو وزنی رسولی نکال لی گئی۔

    ڈاکٹرز نے میڈیا کو بتایا کہ مریضہ کی حالت اب بہت بہتر ہے، کامیاب آپریشن کے بعد اب خاتون مریضہ صحت مند زندگی بسر کرسکتی ہے۔

  • 76سالہ شخص کی کھوپڑی سے 26 سال پرانا زنگ آلود بلیڈ نکال لیا گیا

    76سالہ شخص کی کھوپڑی سے 26 سال پرانا زنگ آلود بلیڈ نکال لیا گیا

    شنگھائی : چین میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرکے ضعیف العمر شخص کے سر سے 26سال پرانا چار انچ کا بلیڈ نکال لیا، مریض کے زندہ بچ جانا معجزہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے دیہاتی علاقے میں رہنے والے ایک 76 سالہ شخص کو بلاشبہ خوش قسمت ترین شخص کہا جا سکتا ہے، 26 سال قبل چاقو سے حملے میں زخمی ہونے والے ڈوریجی نامی کسان کے سر میں چاقو کا ایک 4 انچ کا بلیڈ ان کے سر میں ہی رہ گیا تھا۔ اس بلیڈ کو اب سرجری سے کر کے نکال دیا گیا ہے۔

    انہیں ایک لڑائی کے دوران1994 میں سر میں چاقو مارا گیا تھا، ڈوریجی تب سے ہی اپنے سر میں چاقو کے بلیڈ ساتھ رہ رہے تھے، سر میں چاقو رہنے کی وجہ سے ان کے سر میں شدید درد رہنے لگا اور اُن کی ایک آنکھ کی بینائی چلی گئی تھی۔

    جب سے اب تک وہ  ڈاکٹروں کی بدولت  سر  میں چاقو اور درد کے بغیر اپنی زندگی گزار رہے تھے، ڈوریجی نے اس وقت طبی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی جب اُن کے سر کا درد ناقابل برداشت ہوگیا۔

    بعد ازاں ایکسرے میں ڈاکٹر سر میں چار انچ کا چاقو دیکھ کر حیران رہ گئے، سی ٹی اسکین اور ایکسرے سے پتا چلا کہ بلیڈ اُن کی کھوپڑی کی تہہ میں آنکھ کی سوکٹ کے پاس پھنسا ہے اور یہ بصری رگوں کو دبا رہا ہے، اسے نکالنا کافی مشکل تھا۔

    چیف نیورولوجسٹ ڈاکٹر لیو گوانگکون کے مطابق اسے نکالنا ہی ڈوریجی کی تمام تکلیفوں کو ختم کر سکتا تھا، ڈاکٹروں کو یقین تھا کہ اس بار وہ ڈوریجی کے دماغ سے بلیڈ نکال لیں گے۔2 اپریل اور 8 اپریل کو ڈوریجی کے آپریشن ہوئے اور ان کے سر سے بلیڈ کو نکال لیا گیا۔

  • بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپور : کڈنی سینٹر بہاولپور میں گردے کی پہلی کامیاب پیوند کاری مکمل کرلی گئی، گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بڑی خوش خبری آگئی، کڈنی سینٹر بہاولپور نے گردے کی کامیاب پہلی پیوند کاری مکمل کر لی۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔ کڈنی سینٹر میں بہاولنگر کے رہائشی 26 سالہ مظہر حسین کے گردے کی پیوند کاری کی گئی، پہلے کامیاب آپریشن میں 15رکنی ٹیم نے حصہ لیا۔

    کڈنی سینٹر کے ہیڈ پرو فیسر ڈاکٹر شفقت علی تبسم کا کہنا ہے کہ یہ بڑا مشکل اور اہم مرحلہ تھا لیکن کامیابی سے مکمل ہوا، پورے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے اچھی خبر ہے، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے رولز کے مطابق پہلی کامیاب سرجری ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں : سینیٹ اجلاس : انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا ترمیمی بل2018متفقہ طور پر منظور

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض اور ڈونر کی حالت بلکل ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ بہاولپور کڈنی سینٹر میں اب ہر ہفتے آپریشن ہوا کریں گے، حکومت فنڈز کی فراہمی میں تعاون کرے تو مریضوں کو آپریشن کے ساتھ ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کی جاسکتی ہیں۔

  • کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی : ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر رہنے والے مریض کو نئی زندگی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی اسپتال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلا دیتھرم کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، ٹرائیمک جنرل اسپتال میں کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے، جس میں مریض کے پھیپڑوں میں پیس میکر لگایا گیا ہے۔

    ستائیس سالہ مریض ڈاکٹر دانیال علی آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر تھے ان کا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، مذکورہ آپریشن امریکا اور برطانیہ سے آنے والے ڈاکٹروں نے کیا، اس کامیاب آپریشن کے بعد اب پیس میکر کے ذریعے مریض کے پھیپھڑے باآسانی کام کرسکیں گے۔

    مذکورہ آپریشن چھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جسے امریکا اور برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر ڈان ہیلی اور ڈاکٹر ڈیلی گور نے انجام دیا، مریض کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ان داکٹروں نے اس حوالے سے پاکستانی ڈاکٹروں کو بھی تربیت دی ہے۔

    یاد رہے کہ ستائیس سالہ ڈاکٹردانیال علی حسب معمول اپنی ڈیوٹی پر جانے کیلئے گھر سے نکلنے کی تیاری کر ہی رہے تھے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور بے ہوش ہوگئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہان ان کا آٹھ ماہ تک علاج ہوتا رہا تاہم کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

    بعد ازاں تشخیص ہوئی کہ ان کے پھیپڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے پورے جسم نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا، مریض کو نالی کے ذریعے خوراک دی جا رہی تھی۔