Tag: successful surgery

  • غیر واضح جنس کی تبدیلی : تیرہ سالہ کنزا کامیاب سرجری کے بعد عبداللہ بن گئی

    غیر واضح جنس کی تبدیلی : تیرہ سالہ کنزا کامیاب سرجری کے بعد عبداللہ بن گئی

    لاہور : پاکستان میں غیر واضح جنس کی تبدیلی کے پہلے سینٹر میں پہلی کامیاب سرجری کی گئی ہے، تیرہ سالہ کنزا کامیاب آپریشن کے بعد اب عبداللہ بن گئی، معروف سرجن ڈاکٹر افضل شیخ نے سرجری کی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے مقامی ٹرسٹ ہسپتال میں پاکستان میں غیر واضح جنس کی تبدیلی کے سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے، اپنی نوعیت کے اس پہلے ادارے میں تیرہ سالہ کنزا کی پہلی کامیاب سرجری کی گئی۔

    یہ سرجری اپنے پیشے کے ماہر ڈاکٹر افضل شیخ نے بلامعاوضہ کی، ڈاکٹر افضل شیخ کے مطابق آٹھ ماہ قبل بیماری کے باعث کنزا کا چیک اپ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ غیر واضح جنس کی حامل ہے۔

    برتھ ڈیفیکٹ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر مرزا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ کنزا سے عبد اللہ بننے کے بعد اب اسے کچھ عرصے نگہداشت میں رکھا جائے گا اور پھر جوان ہونے تک اس کا فالو اپ جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ جنس کی تبدیلی ایک ایسا فیصلہ ہے جس کے سبب ایک انسان کی زندگی میں انقلاب آجاتا ہے اور اس تبدیلی کے بعد سے وہ جس روپ میں اس دنیا میں آتا ہے اس کا وہ روپ ہی بدل جاتا ہے یہ ایک ایسا عمل ہے جس کے سبب ایک انسان کو جسمانی اور نفسیاتی دونوں طرح سے خود کو تبدیل کرنا ہوتا ہے۔

  • بھارت میں ناکامی کے بعد موٹاپے کی شکارخاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری

    بھارت میں ناکامی کے بعد موٹاپے کی شکارخاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری

    لاہور : بھارت میں آپریشن کی ناکامی کے بعد موٹاپے کی شکار بھارتی خاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری کردی گئی، جس کے بعد ان کا وزن150سے کم ہوکر صرف 80 کلو گرام رہ جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپے کی شکار 37سالہ بھارتی خاتون مولی ساسن کا کامیاب آپریشن کرکے پاکستانی ڈاکٹر نے ملک کا نام روشن کردیا۔ بھارتی شہریوں نے بھی علاج کروانے کے لیے پاکستان کا رخ کرلیا۔150کلو گرام وزنی بھارتی خاتون کی پاکستان میں کامیاب سرجری کر دی گئی جس کے بعد اس کا وزن صرف 80 کلو گرام رہ جائے گا۔

    مذکورہ خاتون نے پہلا آپریشن بھارت کے شہر ممبئی میں کروایا تھا جو ناکام ثابت ہوا جس کے بعد وہ دیگر پریشانیوں میں مبتلا ہوگئیں، بعد ازاں کچھ دوستوں کے مشورے کے بعد وہ اپنی والدہ کے ہمراہ پاکستان آئیں اور لاہور کے ایک نجی اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل ہوئیں جہاں گزشتہ روز ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    موٹاپے کی وجہ سے مولی ساسن بلڈ پریشر اور شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کا آپریشن کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر معاذ کا کہنا ہے کہ مولی ساسن کا دوبارہ آپریشن کرکے معدہ چھوٹا کیا گیا ہے اور چھ ماہ کے دوران ان کا وزن 150 سے کم ہوکر80کلو گرام ہوجائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ دیگر ممالک کے مریض بھی پاکستانی ڈاکٹرز پر اعتماد کر رہے ہیں۔

  • عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    کراچی: لوگوں کی آنکھیں اشک بار کرنے والے ایدھی صاحب نے سفر آخرت پر جاتے ہوئے بھی سماجی کام نہیں چھوڑے، دنیا سے جاتے ہوئے دو نابینا افراد کو اپنے آنکھیں عطیہ کرگئے، کامیاب سرجری کے بعد دونوں افراد کی دنیا روشن ہوگئی۔

    عبدالستار ایدھی نے دنیا فانی سے رخصت سے قبل اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی جس پر اہل خانہ نے عمل کرتے ہوئے ان کی آنکھیں عطیہ کردیں جو ایس آئی یو ٹی میں ٹرانسپلانٹ کرتے ہوئے دو مریضوں کو لگادی گئیں۔

    اس حوالے سے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی)کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں مریضوں کی سرجری کامیاب رہی جو کہ ایس آئی یو ٹی میں کی گئی جس کے بعد اب دونوں مریض دیکھنے کے قابل ہوگئے ہیں.

    ترجمان ایس آئی یو ٹٰی نے مزید کہا کہ ’’ایدھی صاحب کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کی گئی ہیں، ایدھی صاحب کے اس جذبے سے لوگوں کو اعضاء عطیہ کرنے میں ترغیب ملے گی، پاکستان میں ہرسال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اعضاء ناکارہ ہونے سے انتقال کرجاتے ہیں، اگر لوگوں میں اعضاء کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے تو ان اموات پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’عبدالستار ایدھی ایس آئی یوٹی اسپتال میں 10 سال تک زیر علاج رہے ہیں، ایدھی صاحب نے سب سے پہلے اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد لوگوں نے متاثر ہوکر اعلانات کیے اور اب تک 2 ہزار افراد اپنے اعضاء عطیہ کرنے کی وصیت کرچکے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کی پالیسی کےسبب مریضوں کی شناخت ظاہر نہیں کی جارہی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مریض کا تعلق کراچی اور دوسرے مریض کا تعلق اندرون سندھ سے ہےدونوں کی عمریں 30 سال سے 60 سال کے درمیان ہیں۔