Tag: Sudan

  • سوڈان میں سول حکومت کا تختہ الٹنے پر امریکی رد عمل آ گیا

    سوڈان میں سول حکومت کا تختہ الٹنے پر امریکی رد عمل آ گیا

    واشنگٹن: سوڈان میں سول حکومت کا تختہ الٹنے پر امریکی رد عمل آ گیا، امریکی صدر جو بائیڈن نے مطالبہ کیا ہے کہ سوڈان میں اقتدار دوبارہ سے سِول حکومت کے حوالے کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور اقوام متحدہ نے سوڈان میں سول حکومت پر قبضہ کرنے والی نئی فوجی کونسل پر دباؤ بڑھا دیا ہے، یو این سلامتی کونسل نے سوڈان میں سول عبوری حکومت کی بحالی پر زور دیا تھا، جسے پیر کے روز تحلیل کیا گیا ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح ان کا ملک بھی سوڈان میں مظاہرین کے ساتھ کھڑا ہے۔

    بائیڈن نے کا کہنا تھا کہ سوڈان میں عسکری کونسل کے حکام کے لیے ہمارا واضح اور بھرپور پیغام ہے کہ سوڈانی عوام کو پر امن احتجاج کی اجازت دی جائے اور شہری قیادت کے زیر اہتمام عبوری حکومت کو بحال کیا جائے۔

    سوڈان میں‌ اقتدار پر قبضہ کرنے والی فوجی قیادت کے لیے نئی مشکل

    دوسری طرف بائیڈن حکومت نے سوڈان میں فوج کی جانب سے 25 اکتوبر کو ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد سے خرطوم کے لیے امداد منجمد کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ سوڈانی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرہان نے پیر کے روز عبوری وزیر اعظم کو گرفتار کر کے حکومت تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج نئی حکومت کی تشکیل کے لیے عبوری وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے ساتھ مذاکرات بھی کر رہی ہے۔

  • حکومت تحلیل، سوڈانی وزیر اعظم گرفتار

    حکومت تحلیل، سوڈانی وزیر اعظم گرفتار

    خرطوم: شمالی افریقی ملک سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کی وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ فوج نے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک کو بغاوت کی حمایت سے انکار کرنے پر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے بعد انھیں گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت اطلاعات نے کہا کہ سوڈانی فوج نے عبوری حکومت کو تحلیل کر کے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک اور ملک کی سویلین قیادت کے کئی دیگر ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    عبد الفتاح البرہان، ایک جنرل جس نے اقتدار کی شریک حکمران تنظیم سوورین کونسل کی سربراہی بھی کی، نے ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا اور کونسل اور عبوری حکومت کو تحلیل کر دیا، جس کے بعد ملک میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔

    پچھلے مہینے ناکام فوجی بغاوت کی سازش کے بعد سے سوڈان ایک نازک موڑ پر ہے، جب کہ ملک کے طویل عرصے تک رہنے والے رہنما عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد فوجی اور سویلین گروہوں کے درمیان تلخ الزامات کا آغاز ہوا ہے۔

    سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں انٹرنیٹ سروس منقطع ہے، وزارت اطلاعات کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ تاحال ہمدوک کے حامیوں کے قبضے میں ہے۔ الجزیرہ رپورٹ کے مطابق صنعتی وزیر کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے کیوں کہ انھوں نے حراست سے چند لمحے قبل ہی ٹویٹ کی تھی کہ فوجی ان کے گھر کے باہر موجود ہیں۔

    سوڈانی جمہوریت حامی گروپ کا کہنا ہے کہ عوام فوجی بغاوت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں۔

  • جنوبی سوڈان میں بدترین جھڑپیں، 127 افراد ہلاک

    جنوبی سوڈان میں بدترین جھڑپیں، 127 افراد ہلاک

    جوبا: جنوبی سوڈان کے علاقے ٹونج میں بدترین جھڑپوں میں 127 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی سوڈان کے علاقے ٹونج میں مسلح سویلینز اور سرکاری فورسز کے درمیان خوں ریز جھڑپوں میں 127 افراد ہلاک ہو گئے.

    دو روز جاری رہنے والے جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں 45 سیکورٹی فورسز کے اہل کار تھے جب کہ 82 مسلح افراد ہلاک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی سوڈان کے حکام نے کہا ہے کہ وراپ ریاست کے علاقے شمالی ٹونج کو اسلحے سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا تھا، گزشتہ ہفتے کو ہونے والے اس آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور ایک نوجوان کے درمیان جھگڑا ہو گیا، جس نے خوں ریز جھڑپوں کی صورت اختیار کر لی۔

    ٹونج کے حکام نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک نوجوان کو رکنے اور تلاشی کا حکم دیا تھا لیکن وہ بھاگ گیا، جسے فورسز نے پکڑ لیا، اس دوران ان کے رشتہ دار اسے بچانے کے لیے آ گئے، اور فورسز نے مارکیٹ میں سویلینز پر گولیاں برسانا شروع کر دیا۔

    حکام کے مطابق علاقے میں اسپتالوں کو بھی لوٹا اور تباہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے زخمی ہونے والے سویلینز کو طبی امداد کی فراہمی مشکل ہو گئی ہے، جس کے سبب مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    فورسز کے ترجمان میجر جنرل لُل روائی کوآنگ نے تصدیق کی کہ جھڑپوں میں 127 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 45 فوجی ہیں اور 82 سویلین۔

    واضح رہے کہ 2013 میں شروع ہونے والے قبائلی تنازع کو ختم کرنے کی ڈیل کے تحت بننے والی قومی حکومت نے گزشتہ ماہ ٹونج کاؤنٹی میں لوگوں کو غیر مسلح کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا۔

    شہریوں کو غیر مسلح کرنے کا یہ منصوبہ جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیئر اور ان کے حریف رِیک مچار کے درمیان ہونے والے حالیہ امن معاہدے کا حصہ ہے، ریک مچار کو فروری میں نائب صدر مقرر کیا گیا تھا۔ جنوبی سوڈان نے 2011 میں سوڈان سے آزادی کا اعلان کیا تھا، لیکن 2 سال بعد ہی مختلف نسلی گروہ سے تعلق رکھنے والے سلوا کیئر نے اپنے ڈپٹی ریک مچار کو برخواست کر دیا اور یہ علاقہ خوف ناک خانہ جنگی کا شکار ہو گیا۔

  • پاکستان کی سوڈان کے وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    پاکستان کی سوڈان کے وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروق کا کہنا ہے کہ سوڈان کے وزیراعظم محمد اللہ حمدوک پر قاتلانہ حملے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ پاکستان برادر سوڈانی عوام کی ترقی وخوش حالی کے لیے بھی دعاگو ہے۔

    گزشتہ روز سوڈان کے وزیراعظم کے قافلے میں اس وقت زوردار دھماکا ہوا جب وہ دارالحکومت خرطوم کے مرکزی علاقے کی جانب بڑھ رہے تھے۔

    سوڈان کے وزیراعظم پر قاتلانہ حملہ

    دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے، اس دوران وزیراعظم کو وہاں سے بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ عبداللہ حمدوک گزشتہ سال اگست میں وزیراعظم بنے تھے، وہ اقوام متحدہ کے ایک معزز ماہر معاشیات تھے جنہیں سوڈان کی سوویئر کونسل نے وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

  • سوڈان کی مالی مدد سعودیہ کی اوّلین ترجیح سمجھتا ہے، ڈاکٹر عبداللہ

    سوڈان کی مالی مدد سعودیہ کی اوّلین ترجیح سمجھتا ہے، ڈاکٹر عبداللہ

    ریاض : سعودی عرب سوڈان کی معاشی ترقی اور خوش حالی کے لیے امداد دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینیٹری ایکشن کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد العزیز الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور برادر ملک سوڈان کے مابین مضبوط تاریخی روابط اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب سوڈان اور اس کے عوام کی حمایت ومدد کو ایک اولین ترجیح دیتا ہے۔

    سعودی عرب نے ماضی میں بھی سوڈان کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کی اور سال 2019ءکے آخر تک مملکت کی طرف سے سوڈان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی امداد دی گئی تھی، یوں سعودی عرب سوڈان کو مالی امداد دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب برطانیہ اور سویڈن کی طرف سے سوڈان کی امداد سے متعلق کوششوں کو سراہتا ہے۔

    ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا کہ ان کا ملک سوڈان کے عوام کو درپیش معاشی ، انسانی ماحولیاتی اور صحت سے متعلق چیلنجوں سے آگاہ ہے۔

    اپریل 2019 میں سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر سوڈان کو تین ارب ڈالر کی مدد فراہم کی، اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم سوڈان کے مرکزی بنک میں رکھی گئی تاکہ سوڈان کی کرنسی کو استحکام فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے 2020 کے منصوبے میں سوڈان میں بہت سی مہمات جن میں دو طبی مہمات شامل ہیں کا پروگرام تیار کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مہمات میں نابینا پن کی روک تھام اور مختلف امراض نمٹنے کے لیے دو میڈیکل مہمات شامل ہیں، سوڈان میں سعودی عرب کے تعاون سے ہونے والے طبی پروگرام کے لیے 15 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

  • جیل میں‌ قید شوہر کو فرار کرانے کی کوشش میں‌ اہلیہ گرفتار

    جیل میں‌ قید شوہر کو فرار کرانے کی کوشش میں‌ اہلیہ گرفتار

    خرطوم : معزول سوڈانی صدر عمر البشیر کی بھابی نوری الھدیٰ کو جیل میں قید شوہر کو فرار کرنے کی منصوبہ بندی اور جیل حکام کو زہر دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کے بھائی کی اہلیہ نوری الھدیٰ محمد شفیع کو حراست میں لیا گیا ہے جن پر کوبر جیل میں قید اپنے شوہر کو جیل سے فرار کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے اس نے جیل اہلکاروں کو زہر دینے کر ہلاک کرنے کی کوشش کی، اس پر آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت اقدام قتل کا مقدمہ چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

    سوڈانی پراسیکیوٹر کے ذرائع کا کہنا تھا کہ نوری الھدیٰ محمد شفیع کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل کے جرم میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نوری الھدیٰ کا شوہر اور معزول صدر عمر البشیر کا بھائی اس وقت کوبر جیل میں قید ہے۔

    نوری الھدیٰ اپنے شوہر کو جیل سے فرار کرنا چاہتی تھی، اس نے اس مقصد کے لیے جیل کےافسران کو زہر دینے کی کوشش کی تھی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اہم فوجی عہدے پر تعینات رہنے والی نوری الھدیٰ گرفتاری تک اس منصب پر فائز تھی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جیل اہلکاروں کو زہر دینے کا انکشاف اس وقت ہوا جب جیل کے متعدد افسران کا پیٹ اور معدے میں شدید تکلیف کی شکایت پر ان کا طبی معائنہ کیا گیا تو پتا چلا کہ انہیں مضر صحت کھانا دیا گیا ہے اور یہ کھانا نوری الھدیٰ کی طرف سے بھجوایا گیا تھا۔

    جیل میں اہلکاروں کو زہریلا کھانا کھلائے جانے کے کوبر جیل میں خوف کی فضاء پائی جا رہی ہے۔

  • امریکا نے دو وزراء بلیک لسٹ کردیے

    امریکا نے دو وزراء بلیک لسٹ کردیے

    خرطوم : امریکا نے جنوبی سوڈان کے دو وزراء کو ملک میں امن وامان کی بحالی میں ’رکاوٹیں‘ ڈالنے کے الزامات کے تحت بلیک لسٹ کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جنوبی سوڈان کے وزیر دفاع پابندیوں نے وزیر دفاع کول مانانگ گوک اور وزیر برائے حکومتی امور مارٹن الیا لومورو کوبلیک لسٹ کیا گیا ہے۔

    امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزراء نے اپنی ذاتی دولت کی خاطر تنازع کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا، ان کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کردیے ہیں اوران کے امریکا میں داخلے پر پابندی عاید کر دی گئی ہے۔

    وزارت نے تصدیق کی کہ وہ ان لوگوں کو نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کرے گی جنہوں نے جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی میں توسیع کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا جنوبی سوڈان کے اعلی رہنماؤں پرامن اور استحکام کی بحالی کےلئے ٹھوس اقدامات کےلئے دباﺅ ڈالتے رہیں گے۔

    جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیئر اور باغی رہ نما ریک مچار 12 نومبر کو قومی حکومت کی کوشش میں ناکام رہے تھے، اس کے بعد انہوں نے مخلوط حکومت کے قیام کےلئے 100 دن کی نئی مہلت مقرر کی ہے جو آئندہ سال فروری میں ختم ہوگی۔

  • بھارتی انتہا پسند حکومت کشمیریوں کا قتل عام چاہتی ہے: راجہ فاروق حیدر

    بھارتی انتہا پسند حکومت کشمیریوں کا قتل عام چاہتی ہے: راجہ فاروق حیدر

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت میں انتہا پسند حکومت کشمیریوں کا قتل عام چاہتی ہے، کشمیریوں کو ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی سوڈانی وفد کے شرکا سے ملاقات ہوئی۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 62 دن سے کرفیو نافذ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت 64 ہزار کشمیریوں کو مختلف جیلوں میں بھیجا جا چکا ہے، بھارتی فوج بچوں سے لے کر بزرگوں تک کو گرفتار کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو قید کر لیا گیا ہے۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہا پسند حکومت کشمیریوں کا قتل عام چاہتی ہے، پاک فوج ہماری محافظ اور پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔ کشمیریوں کو ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر پر مضبوط مؤقف کے لیے پاکستان کی ساری سیاسی جماعتوں کو ایک ہو کر متفقہ آواز بلند کرنا ہوگی مگر اس سلسلے میں زیادہ ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے اہل علم و دانشور مسئلہ کشمیر کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں، قیادت متحد ہوگی تو آواز میں طاقت پیدا ہوگی اور دنیا آپ کی بات سنے گی۔

  • سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، جرمنی نے امداد میں اضافہ کردیا

    سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، جرمنی نے امداد میں اضافہ کردیا

    خرطوم: سوڈان میں فوجی قیادت کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک مزید سیاسی ومعاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے، جس کے پیش نظر جرمنی نے اپنی امداد میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں اقتدار پر فوج کے قبضے کے چند ہفتے بعد جرمنی نے افریقہ کی اس تیسری سب سے بڑی ریاست کے لیے اپنی امداد میں اضافہ کر دیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس انتہائی غریب اور مقروض ملک کے اپنے دورے کے دوران خرطوم میں اعلان کیا کہ برلن حکومت سوڈان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی مد میں اضافی طور پر پانچ ملین یورو مہیا کرے گی۔

    انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ خرطوم کے لیے جرمن ترقیاتی امداد بھی بحال ہو سکتی ہے، دریں اثنا انہوں نے ملک کی ابترصورت حال پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

    ہائیکو ماس نے عبوری حکومت کے سربراہ عبداللہ حمدوک کے ساتھ ملاقات کے بعد اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوڈان میں اب سویلین قیادت والی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

    خیال رہے کہ سوڈان میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ملک غذائی قلت کا شکار ہوچکا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امداد کی مد میں گندم فراہم کررہے ہیں۔

    سوڈان میں غذائی قلت، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے گندم کی فراہمی

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے برادر عرب اسلامی ملک سوڈان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 540,000 ٹن گندم بھیجے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    گندم کی مد میں دی جانے والی یہ مقدار سوڈان میں عوام کے لیے تین ماہ کی غذائی ضرورت پورا کرے گی، جبکہ اس میں سے پہلے اور دوسرے بیچ میں ایک لاکھ چالیس ہزار ٹن گندم سوڈان کوروانہ کر دی گئی ہے۔

  • سوڈان: خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا

    سوڈان: خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا

    خرطوم: سوڈان میں خود مختار کونسل کے ارکان نے عدلیہ سربراہ کے سامنے حلف اٹھا لیا، جنرل عبدالفتاح البرہان کونسل کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں عبوری عسکری کونسل کے ترجمان جنرل شمس الدین الکباشی نے بتایا ہے کہ کونسل کے سربراہ اور ارکان نے عدلیہ کی سربراہ کے سامنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کباشی نے کہا کہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے بدھ کو سوڈان کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے خود مختار کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

    اس سے قبل اپوزیشن کی فریڈم اینڈ چینج فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ (نارتھ) کے سربراہ عبدالعزیز الحلو نے دھمکی دی تھی کہ اگر فریڈم اینڈ چینج فورسز کے نامزد امیدوار صدیق تاور کو خود مختار کونسل کے لیے چنا گیا تو لڑائی کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔

    سوڈان میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہرے ختم، فوج کے ساتھ سمجھوتا

    سوڈان میں منگل کے روز خود مختار کونسل کے واسطے فریڈم اینڈ چینج فورسز کے نامزد 5 امیدواروں کے نام عبوری عسکری کونسل کے حوالے کیے گئے تھے۔

    یہ پیش رفت عبوری کونسل اور فریڈم اینڈ چینج کے درمیان ایک ہنگامی اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس کا مقصد خود مختار کونسل کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینا تھا۔