Tag: sues

  • شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم ہتھیا لی، خاتون عدالت پہنچ گئیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورے جانے کے بعد خاتون نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا، عدالت نے دھوکے باز نوجوان پر جرمانہ عائد کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق العین کی عدالت نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے لاکھوں درہم لوٹنے والے نوجوان کے خلاف فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

    العین کی عدالت میں ایک خاتون نے مقدمہ دائر کر کے مطالبہ کیا کہ اسے شادی کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 48 ہزار 222 درہم وصول کرنے والے نوجوان سے رقم واپس دلائی جائے۔

    خاتون نے وعدہ خلافی اور دھوکا دہی سے ہونے والے مالی اور سماجی نقصان کی تلافی کے لیے مزید ایک لاکھ درہم کا بھی مطالبہ کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ نوجوان سے اس کی دوستی ہو گئی تھی اور اس نے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم دھوکے باز نے رقم کی قلت کا بہانہ کر کے اس سے گھر کا فرنیچر خریدنے کے بہانے رقم طلب کی۔

    وہ تقریباً 6 سال سے اسے مسلسل رقم دیتی رہی۔

    خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے دوست نے اس کی گاڑی اچھی قیمت پر فروخت کروانے کا جھانسہ دے کر گاڑی لے لی تھی اور یہ تاثر دیا تھا کہ اس کی گاڑی 6 لاکھ 52 ہزار 962 درہم میں فروخت کروا دے گا۔

    خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے واٹس ایپ مکالمے کی ریکارڈنگ اور اپنے اکاؤنٹ سے اس کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔

    عدالت نے حلفیہ بیان لینے کے بعد نوجوان کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اسے حکم دیا کہ وہ 5 لاکھ 40 ہزار 260 درہم جو خاتون کا حق ہے اسے ادا کرے، علاوہ ازیں 40 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

    نوجوان نے اس کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی تاہم اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کی سزا بحال رکھی۔

  • چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے امریکی پابندی کے خلاف عدالت سےرجوع کرلیا

    چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے امریکی پابندی کے خلاف عدالت سےرجوع کرلیا

    بیجنگ : چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے اپنی مصنوعات پرامریکی پابندیوں کے خلاف ٹیکساس کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے سرکاری محکموں میں ہواوے کی مصنوعات اورسازوسامان کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کے خلاف ہواوے کمپنی کے چیئرمین گؤ پنگ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہواوے پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

    گؤ پنگ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام ہواوے پر مبینہ جاسوسی کے الزام میں پابندی نہیں لگا رہے بلکہ وہ ہواوے کو مسابقت کی دوڑ سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

    چیئرمین ہواوے کمپنی نے کہا کہ امریکی کانگریس کے پاس ہواوے مصنوعات پر پابندی کی کوئی جائز وجوہات موجود نہیں ہیں۔

    دوسری جانب امریکی حکام کا خیال ہے کہ چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی چینی خفیہ ایجنسی کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنی مصنوعات میں ایسے آلات لگاتی ہے جن کی مدد سے امریکا کی اہم معلومات تک باآسانی رسائی حاصل کی جاسکے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہواوے کی مصنوعات کا امریکا میں استعمال ہونا امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خدشات کا باعث ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گؤپنگ نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ امریکیوں نے ہواوے کے سرور کو ہیک کرکے کمپنی کی اہم معلومات تک رسائی حاصل کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک ہواوے کے خلاف منفی اقدامات کرنے سے گریز کررہے ہیں کیوں کمپنی بہت جلد 5 جی مارکیٹ میں متعارف کروانے والی ہے جس کے بعد ہواوے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بن جائے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی حکام گزشتہ کئی برسوں سے ہواوے کے بانی رین زینگ فائی کو سابقہ فوجی انجینئر ہونے کے باعث کمپنی کو خطرہ سمجھتے رہے ہیں۔

  • سی این این رپورٹرکا پریس کارڈ منسوخ ، امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج

    سی این این رپورٹرکا پریس کارڈ منسوخ ، امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج

    واشنگٹن :امریکی چینل سی این این نے اپنے صحافی کا اجازت نامہ منسوخ کرنے اور وائٹ ہاوس میں داخلہ بند کرنے پر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جبکہ وائٹ ہاوس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرپور دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورسی این این کے درمیان محاذ آرائی جاری ہے، امریکی چینل سی این این نے اپنے صحافی کا اجازت نامہ منسوخ کرنے پر امریکی صدر اور ان کی انتظامیہ کیخلاف مقدمہ دائر کرادیا، مقدمے کی سماعت آج ہوگی۔

    سی این این نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ صحافی کی دستاویزات معطل کرنا آزادی صحافت کے قانون کی خلاف ورزی ہے، عدالت وائٹ ہاؤس انتظامیہ کا فیصلہ ختم کرے۔

    دوسری جانب وائٹ ہاوس انتظامیہ نے سی این این کے اقدام کو تماشہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھرپور دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران روسی مداخلت سے متعلق سوال پرسیخ پا ہوگئے تھے، امریکی صدر نے رپورٹر کو بیٹھنے کو کہا تھا لیکن رپورٹرنے اپنا سوال جاری رکھا، جس پرانہوں نے غصے میں کہا تھا کہ بس بہت ہوگیا، بس بہت ہوگیا، بیٹھ جاؤ۔

    مزید پڑھیں : وائٹ ہاؤس نے سی این این کے رپورٹر کا پریس کارڈ مسنوخ کردیا

    پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ چینل کے لیے شرمناک ہے کہ تم جیسے رپورٹرز بھرتی کیے ہوئے ہیں، تم غلط خبریں دیتے ہو چینل چلاتا ہے، تم لوگوں کے دشمن ہو۔

    جس کے بعد اگلے ہی روز وائٹ ہاؤس نے عالمی نشریاتی ادارے سی این این کے رپورٹر جم اکوسٹا کا پریس کارڈ منسوخ کردیا تھا اور کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں صحافی کا داخلہ تاحکم ثانی بند رہے گا۔

  • بنگلہ دیشی اداکار کی ایک غلطی، رکشہ ڈرائیور بنا خواتین کے دلوں کی دھڑکن

    بنگلہ دیشی اداکار کی ایک غلطی، رکشہ ڈرائیور بنا خواتین کے دلوں کی دھڑکن

    ڈھاکہ : معروف بنگلہ دیشی اداکار شکیب خان کی ایک غلطی سے رکشہ ڈرائیور خواتین کی دلوں کی دھڑکن بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپراسٹار شکیب خان نے اپنی فلم راج نیتی کے ایک سین میں گرل فرینڈ سے گفتگو کے دوران موبائل فون نمبر دیا اور بدقسمتی یا خوش قسمتی یہ نمبر رکشہ ڈرائیوراجال ال میاں کا نکلا۔

    رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ سوتے جاگتے، اٹھتے بیٹھتے شکیب خان کی فین لڑکیوں کی سینکڑوں کالز آتی ہیں۔

    اجاج ال اپنا نمبر فلم میں استعمال کرنے پر معروف فلم اسٹار کے خلاف عدالت پہنچ گئے اور ساٹھ ہزار ڈالر ہر جانے کا دعوٰی کردیا اور کہا کہ ’میرا نمبر استعمال ہونے سے میری زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

    اس معاملے کے بعد اجاج کی اپنی شادی خطرے میں پڑگئی اور بیوی بھی سخت ناراض ہے اور میکے جانے پر تیار بیٹھی ہے۔

    یاد رہے کہ شکیب خان کی پروڈکشن اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رکشہ ڈرائیور اجاج ال میاں کا موبائل فون نمبر استعمال کیا گیا تھا۔

    جج نے معروف اداکار شکیب خان کے خلاف مقدمہ سننے سے انکار کردیا تھا تاہم  جب وکلا نے ثبوت پیش کیے تو جج کو اپنا ارادہ تبدیل کرنا پڑا۔

    خیال رہے کہ شکیب خان کا شمار بنگلہ دیش کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم  اداکار شکیب خان کا  اس دعویٰ پر کسی قسم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔