Tag: sugar-mafia

  • چھاپوں کا خوف ختم ہوتے ہی چینی پھر مہنگی ہونا شروع، حکومتی دعوے اور چینی مافیا آمنے سامنے

    چھاپوں کا خوف ختم ہوتے ہی چینی پھر مہنگی ہونا شروع، حکومتی دعوے اور چینی مافیا آمنے سامنے

    کراچی/لاہور: چھاپوں کا خوف ختم ہوتے ہی چینی پھر مہنگی ہونا شروع ہو گئی، حکومتی دعوے اور چینی مافیا آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، چیئرمین ہول سیل گروسرز کے مطابق ہول سیل میں قیمت میں 3 روپے اضافے سے چینی 157 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے، جب کہ ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔

    لاہور میں بھی حکومتی دعوؤں کے برعکس چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی، 140 روپے فی کلو والی چینی بازار میں اب بھی 160 اور 165 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

    لاہور سے الماس احمد خان کی رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر ہونے پر عوام خوش تو ہیں مگر ان کا کہنا ہے کہ اس ریٹ پر عمل درآمد کرانا بھی حکومت کا کام ہے۔ دکان داروں کا کہنا ہے کہ ابھی 7 ہزار روپے فی پچاس کلو گرام والا چینی کا تھیلا جیسے ہی ملا، وہ اس پر فروخت شروع کر دیں گے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کا چینی مافیا پر ہاتھ ڈالنا خوش آئند ہے، اس اقدام سے عوام کو ریلف ملے گا۔

    ادھر کراچی میں ہول سیل میں چینی تین روپے اضافے سے 154 روپے سے بڑھ کر 157 روپے ہو گئی ہے، ہول سیل گروسرز کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان چینی کی ایکس مل کی قیمت میں 4 روپے اضافے سے 151 روپے سے بڑھ 155 روپے ہو گئی ہے، اور ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔

    دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی مافیا پر چھاپوں کے خوف سے گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں کمی رہی، لیکن پھر چینی کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ آٹا، دالیں، سبزیاں سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اور دو وقت کے کھانے کے لیے تنخواہ کم پڑ گئی ہے۔

  • ’’اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا‘‘

    ’’اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا‘‘

    اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یہ بات طے ہے کہ اب ملک میں اب اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی نہیں ہوگی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی کی اسمگلنگ روکنے کے بعد اب ذخیرہ اندوزی شروع ہوگئی ہے، جس کیخلاف آپریشن کیا جائے گا، حکومت نے ان برائیوں کے خلاف انتہاتک جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن کی ہفتہ وار تفصیلات جاری ہوں گی، آپریشن پر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا، یہ بات طے ہے کہ اب ملک میں اب اسمگلنگ اورذخیرہ اندوزی نہیں ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کتنی بڑی مچھلی ہی کیوں نہ ہو اسے نہیں بخشا جائے گا، ماضی میں جو کچھ ہوا اس پر بحث لاحاصل ہے، ہم آج کی بات کررہے ہیں ۔ایف آئی اے کی کارروائیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف 48 چھاپے مارے جن میں 59 ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور 48 مقدمات درج کیے گئے۔

    سرفرازبگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاک فوج بھرپور طریقے سے جواب دے رہی ہے، چترال کے لوگوں نے جس طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ ملکی سرحد کا دفاع کیا وہ مثالی ہے،
    کسی کو بندوق کے زور پر امن و امان برباد نہیں کرنے دیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اب غیرقانونی تارکین وطن کا بوجھ نہیں اٹھاسکتا، ان لوگوں کو اب اپنے ملک واپس جانا پڑے گا، اب ریاست غیرقانونی کام کرنے والوں کو نہیں چھوڑے گی.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغانستان سے ہی آئے تھے حالانکہ افغانستان نے معاہدہ کیا تھا اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، جس نے بھی حملہ کیا بھرپور جواب دیں گے، اب ہمارا ردعمل نظر آئے گا۔

  • چینی سٹہ بازوں کے واٹس اپ گروپوں سے مزید 392 بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    چینی سٹہ بازوں کے واٹس اپ گروپوں سے مزید 392 بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    لاہور : چینی سٹہ بازوں کے واٹس اپ گروپوں سے مزید 392 بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں اور ملک بھر میں ایک ہزار سٹہ بازوں کا ریکارڈ بھی مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چینی سٹہ بازوں کے گرد گھیراؤ مزید تنگ کردیا، سٹہ بازوں کے واٹس اپ گروپوں سے مزید تین سو بانوے بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں، ان اکاونٹس میں مجموعی طور پر چھ ارب سے زائد کی ٹرانزکشنز کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے بے نامی اکاؤنٹس میں سات ارب روپے منجمد کرادئیے ہیں جبکہ وائس آپ گروپ سے ملک بھر میں ایک ہزار سٹہ بازوں کا بھی ریکارڈ مل گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چینی پر چھوٹے پیمانہ پر سٹہ کھیلنے والا بھی روزانہ پانچ سے دس لاکھ کماتا ہے جبکہ چالیس بڑے سٹہ بازوں کے اکاؤنٹس میں موجود ایک سو چھ ارب میں سے بتیس کروڑ منجمد کرا دئیے گئے، یہ رقم چینی پر سٹہ بازی سے کمائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹہ بازی میں پنجاب کی تیس سے زائد شوگر ملز کے ملوث ہونے کے شواہد بھی مل گئے ہیں۔

    گذشتہ روز ایف آئی اے نے  چالیس بڑےچینی ڈیلرزکےاکاؤنٹس سمیت چارسوچوبیس اکاؤنٹس منجمد کردیئے تھے ، سٹہ بازمافیا کیساتھ ان کے رشتے داروں کے بھی اکاؤنٹس فریز کئے گئے، فریز کئےگئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی بھی شامل تھے۔

    ذرائع ایف آئی اے  کے مطابق  کہ ابھی تک سٹہ بازی میں استعمال 75فیصداکاؤنٹس فریز کئے گئے ہیں ، مزید بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہورہی ہے ، شواہد ملنے پر مزید اکاؤنٹس بھی فریز کئےجائیں گے۔

  • چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد

    چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کرتے ہوئے خفیہ اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سٹہ مافیا کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کی 20 ٹیمیں متحرک ہیں اور چینی سٹہ مافیا کے خفیہ اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے جبکہ 100 سے زائد جعلی اوربے نامی اکاؤنٹس منجمد کئے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چینی سٹہ مافیا نے غریب عوام کے ساتھ سنگین ترین مالی فراڈ کیا اور غریب عوام کی جیبوں سے 110 ارب نکال لیے۔

    یاد رہے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹےبازی میں ملوث 37 افراد کے آئی ڈی کارڈ بلاک ‏کرا دیئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کانام بلیک لسٹ میں بھی شامل کیاجارہاہے، ملزمان پرچینی کی سٹہ ‏بازی سے110 ارب روپے کمانےکا الزام ہے۔

    واضح رہے کہ چینی اسکینڈل کے معاملے پر شوگر ڈیلرز کے گھروں پر رات گئے ایف آئی اے نے چھاپے مارے ‏اور گھروں سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا۔

  • شوگر سٹہ مافیا کے 10بڑے گروپوں کے خلاف مقدمات درج

    شوگر سٹہ مافیا کے 10بڑے گروپوں کے خلاف مقدمات درج

    اسلام آباد : ایف آئی اے نے شوگر سٹہ مافیا کے10بڑے گروپوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے سٹہ مافیا کی گرفتاری کے لئے 20ٹیمیں تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے شوگر سٹہ مافیا کے 10 بڑے گروپوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے اور مافیاکی گرفتاری کے لئے 20 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے۔

    شوگر سٹہ مافیا کے ملک عباد گروپ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، ملک عبادگروپ میں ملک عباد، اسد پرویز بٹ، شیخ ساجد شامل ہیں، ملتان گروپ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا، ملتان گروپ میں راشدملتان،عامرآصف،قیصرسلیم ،اویس بلال شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر سٹہ کے مولوی ظہیر گروپ کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ،مولوی ظہیرگروپ میں وقاص اشرف چاولہ،مولوی ظہیرشامل ہیں جبکہ مقدمےمیں شوگرسٹہ مافیا کے ملک ماجد گروپ کو بھی نامزد کیا گیا، ملک ماجدگروپ میں سفیان ملک،فرقان بابا اورزاہد ملک شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مقدمےمیں خرم دوائی گروپ کے ارکان بھی شامل ہیں، خرم شفیع،خرم دوائی،ندیم آفتاب خرم دوائی گروپ کاحصہ ہیں۔

    شوگرسٹہ مافیا کے مرزاگروپ اور طفیل گوگاگروپ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا، مرزاگروپ میں شیخ عامر وحید، مرزا ندیم ،مستنصر گوگی، اسد بھائیا جبکہ شیخ طفیل،عمران طفیل، سہیل بٹ، جنیدعرف گوگابٹ طفیل گوگا گروپ کا حصہ ہیں۔

    مقدمے میں شوگرسٹہ مافیاکےبھلی گروپ کےارکان کانام بھی درج ہیں ، بھلی گروپ میں محمود بھلی،اسلم بھلی اور حاجی ہیرا شامل ہیں۔

    شوگرسٹہ مافیا کا پراچہ گروپ اور بٹ گروپ بھی مقدمے میں نامزد ہیں ، پراچہ گروپ میں عاطف پراچہ، مشتاق پراچہ اور بٹ گروپ میں عمرصلاح الدین اورفیصل ضیاالدین شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ترین گروپ،شریف گروپ اورالائنس گروپ، تھل گروپ،حمزہ شوگرملزوغیرہ کیلئے سٹہ بازی کی جبکہ ملزمان نے بڑےپیمانےپرمنی لانڈرنگ کرنے کا انکشاف بھی کیا۔

    خیال رہے مصنوعی قلت اورسٹّہ بازی کےذریعےچینی مسلسل مہنگی کی جا رہی ہے، ایک سال کےدوران چینی کی ایکس مل قیمت سترسے نوے روپےتک بڑھادی گئی ، جس کے ذریعے ایک سال میں سٹّے سے ایک سو دس ارب روپے کمائے۔