Tag: Sugar scam

  • شوگر اسیکنڈل :  ایک اور حکومتی شخصیت کی نیب میں طلبی

    شوگر اسیکنڈل : ایک اور حکومتی شخصیت کی نیب میں طلبی

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے شوگر اسیکنڈل کیس میں ایک اور حکومتی شخصیت کو طلب کرلیا، صوبائی وزیرپنجاب محسن لغاری کو 4 مئی کو تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر اسیکنڈل میں نیب راولپنڈی نےصوبائی وزیرپنجاب محسن لغاری کوطلب کر لیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن لغاری کو 4مئی کو نیب راولپنڈی کے آفس طلب کیاگیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی، محسن لغاری کو2018تا 2019میں شوگرپر دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کاریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    نیب نےگزشتہ ہفتے کین کمشنر اور چیف سیکریٹری آفس کادورہ کرکےریکارڈحاصل کیا جبکہ پنجاب میں شوگر ملز کو دی جانیوالی سبسڈی کاریکارڈ بھی مانگ لیا گیا۔

    خیال رہے نیب شوگراسیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت کر رہا ہے۔

    یاد رہے چینی اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اور سابق صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ کو طلب کر رکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے میاں اسلم کو 2018تا 2019میں شوگر سبسڈی کاریکارڈ بھی لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

  • شوگر اسکینڈل : جہانگیر ترین اور علی ترین کی کل پھر ایف آئی اے میں  طلبی

    شوگر اسکینڈل : جہانگیر ترین اور علی ترین کی کل پھر ایف آئی اے میں طلبی

    لاہور : شوگر اسکینڈل میں ایف آئی اے لاہور نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو کل بھر طلب کرلیا اور متعلقہ دستاویز سمیت غیر ملکی اثاثوں کی تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانگیرترین اور علی ترین کوایک بار پھر 13اپریل کو طلب کرلیا اور کہا دونوں اپنے ساتھ متعلقہ دستاویزلے کر آئیں۔

    ،ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین ،علی ترین کیساتھ کمپنی سیکریٹری شاہد سلیم رانا کو بھی طلب کیا گیا ہے ، تینوں افراد شوگر انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوں۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے جے کے ایف ایس ایل کے اثاثوں کی مکمل انڈی پینڈینٹ ویلیو ایشن اور سالانہ فنانشل اسٹیٹمنٹ ہمراہ لائی جائے اور جے کے ایف ایس ایل پلانٹ مشینری کی مکمل انونٹری پیش کی جائے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جے کے ایف ایس ایل کے پینتیس ہزارایکڑ فارم کی مکمل تفصیلات بھی ساتھ لائی جائیں اور جے ڈی ڈبلیو کی جانب سے ایف پی ایم ایل کو تین ارب سے زائد دئیےگئے، اس ایڈوانس کی منی ٹریل اورغیرملکی اثاثوں کی مکمل تفصیلات بھی ساتھ لائیں۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ ایم سی آئی بی اور جے ڈی ڈبلیو کے درمیان انگیجمنٹ لیٹراور بینک رپورٹس بھی ساتھ لائی جائیں، جے ڈی ڈبلیو،جے کے ایف ایس ایل اورایف پی ایم ایل کے افسران سے متعدد مرتبہ دستاویز طلب کئے گئے لیکن افسران مطلوبہ دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے۔

    یاد رہے 9 اپریل کو جہانگیر ترین اور علی ترین کی ایف آئی اے میں پیش ہوئے تھے ، جہاں تفتیشی ٹیم کی جانب سے دونوں سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ چھ کی گئی تھی، ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں اپنے جوابات سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے۔

    خیال رہے جہانگیر ترین کے خلاف ایف آئی اے میں 2 اور علی ترین کیخلاف ایک ایف آئی آر درج ہیں، دونوں نے 22 اپریل تک ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرا رکھی ہے۔