Tag: sugar

  • چینی کی قیمتوں کی نئی اڑان، صارفین پریشان

    چینی کی قیمتوں کی نئی اڑان، صارفین پریشان

    کراچی/لاہور/ ملتان: ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے صارفین کا پارہ ہائی کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرشنگ سیزن سے قبل ہی چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے اور چینی کی مجموعی قیمت میں 25 تا 30 روپے تک کا ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔

    کراچی

    شہر قائد میں یکدم چینی کی قیمت میں 25 روپے فی کلو کا من مانا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

    لاہور

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی چینی کی قیمتین آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، لاہور کی تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے، لاہور کی معروف اکبری منڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 135 تک جاپہنچی ہے۔

    گزشتہ روز تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 126 روپے فی کلو تھی، ٓمارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ڈیلرز نے ناجائز منافع کمانے کے لیے مصنوعی قلت پیداکی ہے۔

    ملتان

    لاہور کی طرح ملتان میں بھی ذخیرہ اندوزوں نے چینی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے کا اضافہ کردیا ہے، ملتان شہر میں دو قسم کی چینی من مانی قیمت میں فروخت کی جارہی ہے، موٹی دانے والی چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو جبکہ باریک دانے والی 90 روپے فی کلو پر فروخت کی جارہی ہے۔

    سکھر

    سکھر ملک کی دیگر شہروں کی طرح سکھر کی اوپن مارکیٹ میں چینی کی 135سے 140روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے جبکہ ہول سیل میں چینی کی قیمت 127 روپے فی کلو خرید جاری ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 کلو چینی کی بوری پر 4 دن میں 17 سو روپےکا اضافہ ہوا ہے اور 4900 میں 50 کلو کی بوری کی 6600 روپےمیں فروخت ہورہی ہے۔

     

  • اسمگلنگ کے دوران پکڑی گئی چینی سے متعلق حکومت کا فیصلہ

    اسمگلنگ کے دوران پکڑی گئی چینی سے متعلق حکومت کا فیصلہ

    لاہور: چند دن قبل پنجاب سے چینی بلوچستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی، حکومت نے قبضے میں لینے والی چینی سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر کو 3 ٹرکوں کو کوٹ سبزل چیک پوسٹ پر قبضے میں لیا گیا تھا، جن سے چینی کی بوریاں تو اتار کر قبضے میں لے لی گئی تھی تاہم ٹرکوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔

    رحیم یار خان انتظامیہ نے ٹرکوں سے 2240 بوری چینی تحویل میں لی تھی، پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحویل میں لی گئی چینی کو سرکاری قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے چینی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں چینی کی منتقلی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    آج آٹے اور چینی کی قیمتیں‌ کم ہوئیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چینی جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈی ڈبلیو شوگر مل یونٹ نمبر ایک رحیم یار خان سے غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کی جا رہی تھی، محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق 9 سو من چینی چاچڑاں ٹول پلازہ کے مقام پر پر تحویل میں لی گئی تھی۔

    دوسری طرف جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے چینی کی غیر قانونی منتقلی کے الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے، ترجمان جے ڈی ڈبلیو کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کا کام چینی فروخت کرنا ہے، اب خریدار چینی کہیں بھی لے جانے کا خود ذمےدار ہے شوگر ملز نہیں۔

  • شوگر (ذیابیطس) کیا ہے؟  اس پر کیسے قابو پایا جائے؟

    شوگر (ذیابیطس) کیا ہے؟ اس پر کیسے قابو پایا جائے؟

    شوگر جسے اردو میں ذیابیطس کہا جاتا ہے یہ ایک ایسا خاموش قاتل مرض ہے جو ایک بار جسم میں داخل ہو جائے تو اس پر قابو پانے کیلئے بے شمار جتن کرنا پڑتے ہیں۔

    شوگر کا مرض انسان کو تب لاحق ہوتا ہے جب جسم میں انسولین مناسب مقدار میں پیدا نہیں ہوتی یا کام نہیں کرتی جس کی وجہ سے شکر ہمارے خون میں جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

    ذیابیطس تاحیات ساتھ رہنے والا ایسا مرض ہے جو دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں افراد کی ہلاکت کا سبب بنتا ہے اور یہ مرض کسی کو بھی لاحق ہوسکتا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد شاہد نے کہا کہ ایسا نہیں کہ صرف انسولین کی کمی ہی ذیابیطس کا سبب ہے بلکہ ڈپریشن موٹاپا۔ جنیاتی تبدیلی یا اسٹرییس اب سب کے ہونے پر بھی شوگر کا مرض لاحق ہوجاتا ہے۔

    یہ بیماری اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم اپنے اندر موجود شکر (گلوکوز) کو حل کر کے خون میں شامل نہیں کر پاتا اس کی پیچیدگی کی وجہ سے دل کے دورے، فالج، نابینا پن، گردے ناکارہ ہونے اور پاؤں اور ٹانگیں کٹنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کی دو بڑی اقسام ہیں پہلی ٹائپ ون اور دوسری ٹائپ ٹو۔ ٹائپ ٹو ذیابیطس کی سب سے عام قسم ہے۔ ٹائپ 2 ذیابیطس تب ہوتی ہے جب انسانی جسم کُچھ انسولین تو بناتا ہے پروہ ناکافی ہوتی ہے یا جب خُلیات بنی ہوئی انسولین سے زیادہ مزاحمت کرجاتے ہیں۔

    ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ شوگر پر قابو پانے کیلئے ورزش اور ڈائٹ بہت ضروری ہے، جسمانی ورزش خون میں شوگر کے تناسب کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، ہفتے میں کم از کم ڈھائی گھنٹے تیز چہل قدمی یا سیڑھیاں چڑھنا مفید ہے۔

    زیادہ تر لوگوں میں بیماری کی تشخیص اچانک ہوتی ہے اگر ذیابیطس کی بروقت تشخیص نہ ہو یا مناسب علاج نہ کروایا جائے تو نتیجتاً جسم کو ایسا نقصان ہو سکتا ہے جو کبھی ٹھیک نہیں ہوتا۔

    ذیابیطس کا اب تک پوری دُنیا میں کوئی مکمل علاج دریافت نہیں ہو سکا مگر بیماری کی بروقت تشخیص سے مرض کی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔

  • پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی قیمت اسّی روپے فی کلو مقرر کر دی ہے، اس فیصلے کا اطلاق چینی کی نئی پیداوار آنے پر ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے پنجاب میں کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، 210 روپے فی من گنا خرید کر شوگر ملز میں چینی کی تیاری پر 70 روپے فی کلو لاگت آتی ہے۔

    ادھر اس حوالے سے پنجاب حکومت نے کمر کس لی ہے، سرکاری نرخوں پر چینی فروخت نہ کرنے والے شوگر ملز کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

    شوگر ملز کو ہراساں نہ کیا جائے: عدالت کا حکم

    ذرائع کے مطابق گنے کے کاشت کاروں کو ادائیگی بذریعہ چیک 15 دنوں کے اندر ہوگی۔

    یاد رہے کہ دس دن قبل لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ شوگر ملز کو ہراساں‌ نہ کرے، عدالت نے صوبائی حکومت کو شوگر ملز سے چینی کا اسٹاک زبردستی اٹھانے سے روک دیا تھا۔

    یہ فیصلہ جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو مل سمیت دیگر شوگر ملز کی درخواستوں پر سماعت کے بعد سنایا گیا تھا، اب شوگر ملز سے متعلق کیسز جسٹس شاہد جمیل کی عدالت میں دیکھا جا رہا ہے۔

    دراصل ڈپٹی کمشنر کے حکم پر صوبائی انتظامیہ کی جانب سے 12 سو 88 میٹرک ٹن چینی شوگر ملز سے اٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جسے شوگر ملز نے غیر قانونی دیا تھا۔

  • لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا

    لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا، عدالت کا کہنا تھا کہ 15 روپے سستی چینی کے نام پر عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، تھوڑی عزت نفس رہنے دیں، عوام کو بھکاری نہ بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا، لاہور ہائیکورٹ نے مقامی پرچون کی دکانوں پر چینی کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    عدالت نے رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر فوری طور پر لائنیں ختم کرنے اور کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ 15 روپے سستی چینی کے نام پر عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، لوگ 1 کلو چینی کے لیے 5، 5 گھنٹے لمبی لمبی لائنوں میں لگے ہوئے ہیں، تھوڑی عزت نفس رہنے دیں، عوام کو بھکاری نہ بنائیں۔

    عدالت نے کہا کہ آپ کو یہ ہی نہیں پتہ کہ قیمتیں کنٹرول کرنے اور چینی فراہمی کا اختیار کس کا ہے، چینی فراہمی اور قیمتوں پر عملدر آمد کروانے کا اختیار پنجاب حکومت کا ہے۔ آپ گیند ایک دوسرے کی کورٹ میں پھینک کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اس کیس میں مسئلہ ریگولیشن کا ہے، پرچون کی سطح پر چینی 50 روپے کلو نہیں مل رہی۔ حکومت پرچون کی سطح پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ عوام کو لائنوں میں لگا کر تذلیل کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ سستی چینی کے لیے لائنوں میں لگنا ہے تو مفت دینے والوں کے یہاں کیوں نہ لائن لگالیں۔

    سرکاری وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ پرچون کی سطح پر چینی فراہم کی جارہی ہے، رمضان بازاروں میں لوگوں کی لائنیں نہیں لگ رہی، لوگوں کو کرسیوں پر بٹھا کر چینی فراہم کی جارہی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ کیوں نا اس معاملے پر لوکل کمیشن مقرر کردیا جائے، لوکل کمیشن کی رپورٹ پر توہین عدالت کی کاروائی ہوگی۔ عدالت نے عوام کو چینی کی فراہمی یقینی بنا کر کل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • سیزن ختم، شوگر ملوں نے ضرورت سے زیادہ چینی تیار کر لی

    سیزن ختم، شوگر ملوں نے ضرورت سے زیادہ چینی تیار کر لی

    لاہور: پنجاب کی شوگر ملوں نے کرشنگ سیزن ختم کر دیا، کیری فارورڈ اسٹاک سمیت شوگر ملز میں 37 لاکھ 73 ہزار میٹرک ٹن چینی تیار کر لی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کی 1 کروڑ 10 لاکھ آبادی کے لیے سالانہ ضرورت 33 لاکھ 67 ہزار میٹرک ٹن چینی ہے، جب کہ سیزن میں 37 لاکھ 73 ہزار میٹرک ٹن چینی تیار کی گئی ہے۔

    آئندہ کرشنگ سیزن تک پنجاب کو 22 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن چینی دستیاب ہوگی، جب کہ شوگر ملز کے پاس 25 لاکھ 42 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے۔

    رواں سال پنجاب میں 3 سے 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی اضافی مقدار میں دستیاب ہوگی، 39 ہزار میٹرک ٹن چینی پرانے کیری فارورڈ اسٹاک میں تھی۔

    ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کو بے نقاب کردیا، بڑے نام سامنے آگئے

    ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں چینی کی ماہانہ ضرورت 2 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن ہے، اور چینی کی روزانہ ضرورت 9353 میٹرک ٹن ہے۔

    دوسری طرف شوگر کین کمشنر پنجاب نے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی شارٹ فال کے لیے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے، جس پر چینی امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی ہول سیل قیمت 72 سے بڑھ کر 93 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے۔

  • پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار

    پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار

    لاہور: صوبہ پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار کرلیا گیا، پنجاب کی فعال شوگر ملوں کے پاس 25 لاکھ 42 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک نے صوبہ پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار کرلیا، پنجاب کی آبادی 11 کروڑ اور چینی کی طلب 2 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن ماہانہ ہے۔

    پنجاب کی فعال شوگر ملوں کے پاس 25 لاکھ 42 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے، محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب کی شوگر ملوں کے پاس ضرورت کے مطابق چینی موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 کلو گرام فی کس کے حساب سے ضروریات 9 ہزار 353 میٹرک ٹن روزانہ ہے۔ صرف لاہور کی آبادی 1 کروڑ 11 لاکھ اور چینی کی ضرورت 33 ہزار 378 میٹرک ٹن ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈی سی شوگر ملوں اور ڈیلرز کے ذریعے مارکیٹوں میں چینی فراہمی کے پابند ہوں گے، شوگر ڈیلرز ڈی سی کی موجودگی میں ملوں سے 93 روپے فی کلو چینی خریدیں، شوگر ڈیلرز ریٹیل میں 96 روپے فی کلو فروخت کرنے کے پابند ہوں گے۔

    حکام کے مطابق شوگر ڈیلرز منافع کی مد میں 3 روپے فی کلو رکھنے کے مجاز ہوں گے۔

  • میٹھا کھانے کے شوقین افراد کے لیے بری خبر

    میٹھا کھانے کے شوقین افراد کے لیے بری خبر

    طبی ماہرین بہت زیادہ میٹھا کھانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہیں اور اب حال ہی میں اس کے ایک اور خطرناک نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

    سوئٹزر لینڈ میں کی جانے ایک تحقیق کے مطابق چینی کا زیادہ استعمال جگر پر چربی چڑھنے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

    زیورخ یونیورسٹی اور زیورخ یونیورسٹی ہاسپٹل کی تحقیق میں جانچ پڑتال کی گئی کہ چینی کا زیادہ استعمال کس حد تک جسمانی وزن پر اثرات مرتب کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں کن امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    تقیق میں دیکھا گیا کہ روزانہ چینی کی معتدل مقدار کا استعمال بھی جگر میں چربی بڑھانے کا باعث بنتا ہے اور چربی بننے کا یہ عمل طویل المعیاد بنیادوں تک جاری رہتا ہے۔

    اس تحقیق میں 94 صحت مند نوجوانوں کو شامل کیا گیا تھا اور 7 ہفتے تک روزانہ انہیں مختلف اقسام کی چینی سے بننے والا ایک میٹھا مشروب استعمال کرایا گیا۔ ایک کنٹرول گروپ بھی تحقیق کا حصہ تھا جس کو یہ مشروب نہیں دیا گیا۔

    تحقیق کے دوران مجموعی طور پر رضا کاروں نے اضافی کیلوریز کا استعمال نہیں کیا تھا بلکہ وہ مشروب پیٹ بھرنے کا احساس بڑھانے کے ساتھ دیگر ذرائع سے کیلوریز کے حصول کی خواہش کم کرتا تھا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے کے استعمال سے جگر کے اندر چربی بنانے کا عمل دوگنا تیز ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ 12 گھنٹے تک برقرار رہتا ہے، ماہرین یہ جان کر حیران رہ گئے کہ یہ اس چینی سے ہوتا ہے جو عام استعمال ہوتی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ جگر میں چربی بڑھنے سے جگر پر چربی چڑھنے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

  • ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی، ڈیڑھ کروڑ مالیت کی چینی برآمد

    ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی، ڈیڑھ کروڑ مالیت کی چینی برآمد

    منچن آباد: پنجاب میں متعلقہ ادارے نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ذخیرہ کی گئی چینی کی بوریاں برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر منچن آباد میں اسپیشل برانچ کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کی۔ اس دوران ابوبکر چوک میں گودام میں ذخیرہ کی گئی چینی کی بوریاں برآمد کیں۔

    گودام میں ذخیرہ کی گئی چینی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ اسسٹمنٹ کمشنر مزمل الیاس کا کہنا ہے کہ گودام مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ دو فروری کو سندھ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سب سے بڑی کارروائی سامنے آگئی تھی۔ اس دوران ایک لاکھ سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کی گئی تھیں۔

    حکومت گندم کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،خسرو بختیار

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے، ذخیرہ اندوز اور ملاوٹ کرنے والے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

  • آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی

    آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی

    کراچی: آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی، شہر قائد میں فی کلو چینی 3 روپے مہنگی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی، کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں 100 کلو چینی کی بوری 300 روپے مہنگی ہوگئی۔

    قیمت میں اضافے کے بعد ایکس مل چینی کی 100 کلو کی قیمت 7 ہزار سے بڑھ کر 7 ہزار 300 ہوگئی، ہول سیل میں فی کلو چینی 3 روپے مہنگی ہوگئی۔

    جمعے سے اب تک ہول سیل میں چینی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے اور شہر میں چینی 76 سے 78 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

    خیال رہ کہ شہر قائد سے لے کر خیبر پختونخواہ تک آٹے کے بحران نے ملک کو جکڑ لیا ہے، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں۔ سندھ اور پختونخواہ میں آٹا نایاب ہو گیا۔

    کراچی، حیدر آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک جا پہنچی ہے۔ آٹا بحران کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    پشاور میں نان بائیوں نے آج ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ روٹی کی قیمت 15 روپے کی جائے۔