Tag: Suhrab ghoth

  • کراچی : شہری نے ڈکیتی کے دوران ایک اور ڈاکو ہلاک کردیا

    کراچی : شہری نے ڈکیتی کے دوران ایک اور ڈاکو ہلاک کردیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کردیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ میں ڈکیتی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا ہے، ہلاک ہونے والا ملزم پنجاب بس اڈے کے قریب اپنے ساتھی کے ساتھ لوٹ مار کررہا تھا۔

    لوٹ مار کے دوران ایک شہری نے موقع پاتے ہی اپنی پستول سے ڈاکو پر گولی چلادی جو زخمی ہوکر زمین پر گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی ڈاکو کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ڈاکو زیادہ خون بہہ جانے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم ابھی ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق، 1 ملزم ہلاک

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے گلشن احباب پاکستان بازار تھانے کی حدود میں راہ گیر سے ڈکیتی کے دوران وہاں موجود ایک شہری شہنشاہ حسن نے اپنی ذاتی لائسنس یافتہ اسلحہ سے ملزمان پر فائرنگ کی۔

    شہری کی فائرنگ سے ایک ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • دو پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ملزم مقابلے میں ہلاک

    دو پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ملزم مقابلے میں ہلاک

    کراچی : دو پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم سہراب گوٹھ میں مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ انڈس پلازہ میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ملزم شرابو خان مارا گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ زبیرشیخ نے میڈیا کو بتایا کہ 2روز قبل سہراب گوٹھ میں2اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    ہلاک ملزم اور اس کے ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، ہلاک ہونے والے ملزم کا کرمنل ریکارڈ جمع کیا جارہا ہے ملزم شرابو خان پہلے بھی گرفتارہوچکا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم ڈکیتی کے مقدمات میں مفرور اور اشتہاری تھا، ہلاک ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    واضخ رہے کہ 10 جون کو سہراب گوٹھ انڈر پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے ۔ پولیس کے مطابق مقامی گراؤنڈ میں کچھ مشتبہ افراد بیٹھے تھے کہ جنہیں یہ اہلکار چیک کرنے گئے۔

    پولیس کو اپنی جانب آتا دیکھ کر ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے، شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت رحمت اور حکیم کے ناموں سے ہوئی۔