Tag: Suicide

  • میچ ہارنے کے بعد خاتون ریسلر کی خودکشی: اسپورٹس افسر کا اہم بیان

    میچ ہارنے کے بعد خاتون ریسلر کی خودکشی: اسپورٹس افسر کا اہم بیان

    نئی دہلی: ریسلنگ کا میچ ہارنے سے دلبرداشتہ خاتون ریسلر کی خودکشی کے بعد اسپورٹس افسر کا کہنا ہے کہ مقابلہ مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے منعقد کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون ریسلر کی خودکشی کے بعد بھرت پور کے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ستیہ پرکاش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقابلہ مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے منعقد کیا گیا تھا اور ریتیکا میچ کے بعد خوشی خوشی گھر چلی گئی تھی۔

    افسر کا کہنا تھا کہ ریتیکا نے کس وجہ سے یہ انتہائی قدم اٹھایا، یہ کہنا مشکل ہے۔ وہ اس کی موت کے بارے میں جان کر سخت حیران و پریشان ہیں۔

    ریسلر ریتیکا فوگاٹ نے 12 سے 14 مارچ کے دوران ریاست راجستھان کے شہر بھرت پور میں ہونے والے جونیئر ویمن ریسلنگ مقابلوں میں حصہ لیا تھا، ریاستی سطح کے ان مقابلوں میں تمام جونیئر، جونیئر خواتین اور مردوں کی ریسلنگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔

    ریتیکا ویمن ریسلنگ کے فائنل تک پہنچ گئی تھیں، تاہم میچ میں کچھ بدمزگی ہوئی تھی۔ میچ کے اختتام پر پہلے ریتیکا کو فاتح قرار دیا گیا لیکن پوائنٹس کے سلسلے میں بحث ہوئی جس کے بعد ریتیکا کی حریف کو فاتح قرار دیا گیا۔

    6 منٹ کے میچ کے بعد ریتیکا اپنے گھر چلی گئی تھیں تاہم اسی رات انہوں نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی جس کا علم گھر والوں کو صبح ہوا۔

    ریتیکا معروف پہلوان مہاویر سنگھ فوگاٹ کی بھتیجی بھی تھیں اور ان کے اکھاڑے میں 5 سال سے تربیت حاصل کر رہی تھیں۔ مہاویر سنگھ کی بیٹیاں گیتا اور ببیتا بھی ملک کی معروف ریسلرز ہیں جن پر بالی ووڈ فلم دنگل بھی بنائی جا چکی ہے۔

    واقعے کے بعد ملک بھر میں دکھ کی لہر دوڑ گئی، پولیس کیس کے مختلف خطوط پر تفتیش کر رہی ہے۔

  • بالی ووڈ کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی

    بالی ووڈ کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی، ان کے اس انتہائی اقدام کے اسباب نامعلوم ہیں، اداکار نے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم دھونی میں کام کرنے والے اداکار سندیپ نہر نے بھی خودکشی کرلی۔

    سندیپ کی نعش ممبئی میں ان کے گھر سے ملی، رپورٹس کےمطابق انہیں کمرے میں جھولتا ہوا پایا گیا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹرز نے سندیپ کی موت کی تصدیق کردی۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، اپنی موت سے قبل سندیپ نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جسے پولیس نے سوسائیڈ نوٹ قرار دیا ہے۔

    اس ویڈیو میں سندیپ نے اپنے کام سے متعلق مسائل اور ازدواجی زندگی کی پیچیدگیوں سمیت دیگر مسائل کا تذکرہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ان کے کسی بھی عمل کے لیے ان کی اہلیہ کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے اداکار کی اچانک موت پر نہایت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • مودی حکومت سے دلبرداشتہ ایک اور کسان نے خودکشی کرلی

    مودی حکومت سے دلبرداشتہ ایک اور کسان نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں شامل ایک اور کسان نے خودکشی کرلی، اب تک احتجاج میں شامل متعدد کسان خودکشی کرچکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں گزشتہ 2 ماہ سے جاری کسان احتجاج کے دوران ایک اور کسان نے خودکشی کرلی، تحریک میں شامل ایک کسان نے نئے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خود کو پھانسی لگا لی۔

    کسان کی شناخت کرم ویر کے نام سے ہوئی ہے جو ہریانہ کے ایک گاؤں کا رہائشی تھا، 52 سالہ کرم ویر گزشتہ رات ٹکری بارڈر پر جاری کسان تحریک میں شامل ہونے کے لیے پہنچا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کرم ویر نے مرنے سے قبل ایک نوٹ چھوڑا جس میں انہوں نے لکھا کہ حکومت اس معاملے کا حل تلاش کرنے کی بجائے تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے۔

    کرم ویر نے لکھا کہ فی الحال حکومت کا زرعی قوانین منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا۔

    دوسری جانب احتجاج میں شامل ایک کسان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، سکھ مندر پنجاب کے ایک گاؤں کا رہنے والا تھا۔ پولیس نے دونوں کسانوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال بہادر گڑھ بھیج دیا ہے۔

  • ماہر نفسیات باپ نے اکلوتی بیٹی قتل کرکے خود کشی کرلی

    ماہر نفسیات باپ نے اکلوتی بیٹی قتل کرکے خود کشی کرلی

    ملتان : باپ نے اپنی اکلوتی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی، ماہر نفسیات نے بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کیا پھر خود کو گولی مارلی۔

    پنجاب کے شہر ملتان میں باپ نے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین نے گھریلو تنازع پر بیٹی کو قتل کیا، مزید شواہد کیلئے فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ  پر پہنچ گئیں۔

    ماہر نفسیات کے ڈپریشن کا شکار ہونے کا افسوسناک واقعہ اولیا کرام کے شہر  ملتان میں پیش آیا ہے جہاں ایک ڈاکٹر نے اپنی اکلوتی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی۔

    ماہرین نفسیات کا کام  لوگوں کی ان کی ذہنی پریشانیوں اور  مشکلات سے نکالنا ہوتا ہے  لیکن اگر کوئی ڈاکٹر خود ہی ان مسائل کا شکار ہوجائے تو اس کی کاؤنسلنگ کون کرے؟

    پولیس کے مطابق جسٹس حمید کالونی میں گھریلو جھگڑے پر ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر  حسین نے اپنی بیٹی ڈاکٹر علیزہ حیدر کو گولی مار کر قتل کردیا اس کے بعد انہوں نے گولی مار کر اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

    واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ باپ بیٹی کی نعشوں کو مزید کارروائی کیلئے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ڈاکٹر علیزہ حیدر تین بچوں کی ماں تھی۔

    دوسروں کو خود کشی سے روکنے کی ترغیب دینے والا ماہر نفسیات اتنا بڑا قدم اٹھانے پر مجبور کیوں ہوا؟ پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

  • کراچی : بیٹے نے ماں اور ملازم کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی : بیٹے نے ماں اور ملازم کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی : سپرہائی وے کے علاقے میں بیٹے نے اپنی والدہ اور ملازم کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، بعد ازاں فائرنگ کرکے خود کشی کرلی، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

    سپرہائی وے پر قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں3افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے تینوں نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں بیٹے نے ماں اور ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم نے فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کرخودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا جس کے باعث واقعہ رونما ہوا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ایک اور بھارتی اداکارہ کی رہائش گاہ سے لاش برآمد

    ایک اور بھارتی اداکارہ کی رہائش گاہ سے لاش برآمد

    ممبئی : بھارتی فلموں میں اداکاری کی جوہر دکھانے والی بنگالی اداکارہ آریا بنارجی کی رہائش گاہ سے ان کی نعش برآمد ہوئی ہے، وہ اپنے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری میں خود کشی کا رحجان بڑھنے لگا، مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی ایک اور فلمی اداکارہ نے ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مبینہ طور پر خودکشی کے ذریعے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ اداکارہ کلکتہ کی رہائش گاہ پر اپنے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔اداکارہ نے 2011میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم دی ڈرٹی پکچر سمیت دیگر مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔اداکارہ ممبئی میں ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔

    گزشتہ روز مسلسل دروازہ نہ کھولنے اور فون کالز کا جواب نہ دینے پر پڑوسیوں اور آس پاس کے لوگوں کو تشویش ہوئی تو انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آریا خود کو اپنے آپ تک ہی محدود رکھتی تھیں، دوسروں کے معاملات میں دخل دینے سے گریز کرتی تھیں، دوسری جانب پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی ڈراموں میں اداکاری کرنے والے چوالیس سالہ سمیر شرما نے اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کی تھی، پولیس نے اُن کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد کی تھی۔

    اُس سے قبل مراٹھی فلموں میں کام کرنے والے اداکار بھاکرے، بعد ازاں تامل اداکارہ وجیالکشمی نے اہم سیاسی شخصیات کی جانب سے ہراساں کیا جانے پر خودکشی کی کوشش کی مگر بروقت طبی امداد ملنے پر خوش قسمتی سے اُن کی جان بچ گئی تھی۔

  • خود کشی یا قتل : بھارت کی مشہور اداکارہ کی لاش برآمد

    خود کشی یا قتل : بھارت کی مشہور اداکارہ کی لاش برآمد

    نئی دہلی : تامل ٹی وی کی اداکارہ چترا ہوٹل کے ایک کمرے میں مشتبہ حالت میں مردہ پائی گئیں، ان کی لاش کمرے میں  پھندے سے لٹکتی ہوئی ملی۔ پولیس کے مطابق انہوں نے خودکشی کی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کوبتایا کہ تامل ٹیلی ویژن کی مشہور28 سالہ اداکارہ وی جے چترا آج صبح ایک ہوٹل کے ایک کمرے میں مردہ حالت ان کی لاش پھندے سے لٹکتے ہوئے ملی، پولیس کے مطابق خدشہ ہے کہ انہوں نے خودکشی کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ تامل ناڈو میں چھوٹے پردے کی مشہور اداکارہ وی جے چترا اپنگر نجرتھپیٹ میں ایک ہوٹل میں کمرے کے اندر مردہ حالت میں ملی، موت سے پہلے تک اداکارہ کے ساتھ موجود ان کے منگیتر سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قریب ہی ایک جگہ پر شوٹنگ کے بعد چترا بنگلور بائی پاس کے ایک ہوٹل میں پہنچی تھیں، انہوں نے اپنے منگیتر کو بتایا تھا کہ وہ نہانے کے بعد باہر آجائیں گی، منگیتر کمرے میں ان کا انتظار کر رہا تھا۔

    پولیس افسر نے بتایا کہ کافی دیر تک چترا کے باہر نہ نکلنے پر ااس کے منگیتر نے دروازہ کھٹکھٹایا اور جواب نہ ملنے پر اس نے ہوٹل کے ملازمین کو صبح ساڑھے تین بجے اس کی اطلاع دی۔ اس شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ معاملے میں جانچ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ چترا کی حال ہی میں ایک شخص کے ساتھ منگنی ہوئی تھی اور وہ ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ رہ رہی تھیں، ٹی وی سیریل پانڈین اسٹورس میں ملئی کے کردار میں چترا مشہور ہوئیں تھی، ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • سیکنڈ ہینڈ گاڑیوں کے ڈیلرز خودکشیاں کیوں کررہے ہیں؟

    سیکنڈ ہینڈ گاڑیوں کے ڈیلرز خودکشیاں کیوں کررہے ہیں؟

    کراچی : کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں ادھار پر دینے والے  تاجر ریکوریوں کیلئے پریشان ہوگئے، استعمال شدہ گاڑیوں کی فروخت پر17 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے سے تاجروں کو  کروڑوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت پر ٹیکس کے حوالے سے ایک نیا قانون کئی دنوں سے گردش میں ہے اور کئی لوگ اس بارے میں ابہام کا شکار ہیں۔

    مختلف ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ شاید ہی اب استعمال شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت پر دونوں فریق کوئی نیا اضافی ٹیکس ادا کریں گے۔

    ایف بی آر کے مطابق یہ نیا قانون صرف پرانی گاڑیوں کو ری کنڈیشن حالت میں فروخت کرنے پر عائد ہوگا یعنی اگر گاڑی کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، اس کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے سیلز ٹیکس کی رعایتی شرح متعین کی گئی ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے تحت پرانی گاڑیوں کی مکمل قیمتِ خرید کے بجائے صرف منافع پر 17 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم نے خصوصی گفتگو کی ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکس کے عائد ہونے سے پہلے جو لوگ  لین دین کا ریکارڈ رکھ رہے تھے ان وہ اس کام کو چوری چھپے کرنے پر مجبور ہوجائیں گے اور رقوم کی منتقلی نقد ادائیگی سے کریں گے۔

    مزید پڑھیں : قرضوں سے پریشان کاروں کے تاجر نے خود کشی کرلی

    انہوں نے کہا کہ اس نظام سے حکومت کو ٹیکس نہیں جائے گا بلکہ رشوت کا بازار گرم ہوگا اور ملک و قوم کا نقصان ہوگا لہٰذا اس نظام کو آسان کیا جائے۔

  • بھارت: ماں نے 3 بچوں سمیت خودکشی کرلی

    بھارت: ماں نے 3 بچوں سمیت خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارت میں گھریلو پریشانیوں سے تنگ 27 سالہ ماں نے 3 بچوں سمیت کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، ایک 5 سالہ بچی کو زندہ بچا لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع کیمور میں گھریلو تنازعہ سے تنگ ایک خاتون نے اپنے 3 معصوم بچوں کے ساتھ کنویں میں کود کر خودکشی کرلی۔

    بہار کی رہائشی 27 سالہ رادھیکا گزشتہ روز گھر سے نکلیں اور 500 میٹر کی دوری پر ایک کھیت میں واقع کنویں میں کود گئیں۔

    رادھیکا دیوی نے پہلے اپنے ایک سال کے بیٹے انیس کمار، پھر ڈھائی سالہ مہیشا اور پھر 5 سالہ ماہیما کو کنویں میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا لی۔

    حادثے کے بعد مقامی افراد جائے وقوع پر جمع ہوگئے جنہوں نے پولیس کو بھی اطلاع دی۔

    ریسکیو ٹیم نے کافی دیر کی مشقت کے بعد کنویں سے دو بچیوں کو باہر نکالا جا سکا، ڈھائی سالہ مہیشا کی موت ہو چکی تھی جبکہ 5 سالہ ماہیما کی سانسیں چل رہی تھیں جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو ٹیم کی تلاش 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جاری ہے لیکن تاحال رادھیکا دیوی اور اس کے بیٹے کی لاشیں نہیں نکالی جاسکیں۔

  • ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی

    ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک اور فوجی افسر نے خودکشی کرلی، افسر چند دن قبل ہی اپنے اہلخانہ کے ساتھ چھٹی گزار کر واپس آیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع گورکھپور میں فضائیہ کے ایک افسر نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سونی پت (ہریانہ) میں جونیئر آفیسر رام سنگھ دیا نے پیر کی شام پنکھے سے لٹک کر پھانسی لگا لی، وہ گورکھپور ایئر فورس اسٹیشن پر تعینات تھے۔

    پولیس کے مطابق افسر کچھ دن قبل اپنے خاندان سے مل کر واپس آیا تھا، چھٹی سے واپس لوٹنے کے بعد وہ کووڈ 19 پروٹوکول کے تحت ایئر فورس کے 14 روزہ قرنطینہ میں تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع اہلخانہ کو دے دی گئی ہے جبکہ خودکشی کی وجوہات کی بھی تفتشی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے، خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں تعینات فوجیوں میں یہ رجحان خاصا بلند ہے۔

    بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں بالخصوص سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) جوانوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجوہات سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2019 تک 1 ہزار 113 بھارتی فوجی خودکشی کرچکے ہیں۔