Tag: sukkur jail

  • سندھ کی جیلوں میں موبائل فون سمیت دیگر چیزوں کے استعمال کا سوال درست ثابت

    سندھ کی جیلوں میں موبائل فون سمیت دیگر چیزوں کے استعمال کا سوال درست ثابت

    کراچی: سکھر جیل میں گزشتہ روز ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی جانب سے سندھ کی جیلوں میں موبائل فون سمیت دیگر چیزوں کے استعمال کا سوال درست ثابت ہو گیا۔

    وزیر جیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جیلوں میں انگریزوں کے دور کا طریقہ کار رائج ہے، اگر منسٹر جیل اچانک دورہ بھی کرے تو اس کی آمد سے قبل سیٹی بجا دی جاتی ہے، تو کیا واقعی ایسا ہوتا ہے؟ جیل میں کیے گئے سرچ آپریشن نے جیل سیکیورٹی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

    اس سرچ آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بھی حصہ لیا تھا، آپریشن میں بیرکس کی تلاشی کے دوران بڑی تعداد میں ممنوعہ اشیا برآمد ہوئیں۔

    قیدیوں کے قبضے سے متعدد موبائل فونز اور متعدد چاقو برآمد ہوئے، ہیٹر، کٹر، قینچی، ایم پی تھری ڈیوائسز اور چھوٹے اسپیکر، یو ایس بیز، چارجر اور دیگر اشیا بھی برآمد ہوئیں۔

    اس آپریشن کے بعد آئی جی جیل خانہ جات سندھ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں، برآمد ہتھیار جیل اسٹاف اور قیدی دونوں کے لیے خطرہ ہو سکتے تھے، یہ اہم سوال بھی اٹھا ہے کہ جیل سے سامان برآمد تو کر لیا گیا ہے لیکن یہ اندر کیسے گیا؟

    واضح رہے کہ سکھر جیل سے 68 شرپسندوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

  • لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں4 دہشتگردوں کی پھانسی کےانتظامات مکمل

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں4 دہشتگردوں کی پھانسی کےانتظامات مکمل

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل لاہورمیں چار دہشت گردوں کی پھانسی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جیل کے اطراف میں سیکیورٹی کاسخت حصار قائم ہے۔

    کوٹ لکھپت جیل میں قید چار دہشت گردوں کی پھانسی کے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے،جیل ذرائع کا کہنا ہے ملتان میں حساس ادارے کے دفتر اور چناب آرمی کیمپ پر حملے میں ملوث چاروں دہشت گردوں کامران ، عمر عظیم ، احسان ندیم اور محمد زاہد کے بلیک وارنٹ موصول ہونے کے چوبیس گھنٹے کے اندر اندر پھانسی دے دی جائےگی ۔

    کوٹ لکھپت جیل کے اطراف میں دو کلومیٹر تک عام افراد کا داخلہ بند کرکے جیل کی اندرونی سیکورٹی کی ذمہ داری رینجرز کے حوالے کردی گئی ہے مجموعی طور پر جیل اور اطراف کی سیکورٹی کی ذمہ داری فوج کے پاس ہے ۔

    ہری پور میں پرویز مشرف حملہ کیس کےماسٹر مائنڈ نیاز محمدکےبھی ڈیتھ وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں جب کہ پھانسی پشاوریا راولپنڈی کے جیل میں دیئے جانے کاامکان ہے۔ سکھر کے سینٹرل جیل ون میں کالعدم لشکرجھنگوی کےمحمد اعظم اور عطااللہ سمیت چار دہشت گردوں کو تئیس دسمبر کو پھانسی دیئےجانے کی توقع ہے۔

  • مزید چار دہشت گردوں کو جلد پھانسی دینے کا امکان

    مزید چار دہشت گردوں کو جلد پھانسی دینے کا امکان

    کراچی : سانحہ پشاور میں ایک سو تیس سے زائد بچوں کی شہادت نے اندھے قانون کو زندہ کر دیا۔ اب تک چھ مجرم تختہ دار پر لٹکائے جا چکے ہیں۔

    فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں پرویز مشرف پرحملے میں ملوث عقیل عرف ڈاکٹرعثمان اورارشد محمود کوپھانسی دیئےجانےکےبعدسزائےموت کے مزید چار مجرموں راشد ٹیپو، زبیر احمد، اخلاص عرف روسی اور غلام سرور کو بھی فیصل آباد سینٹرل جیل میں پھانسی دیدی گئی۔

    کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید مجرموں کامران، عظیم، ندیم اور محمد زاہد کےڈیتھ وارنٹ جیل حکام کو موصول ہوگئے۔ چاروں مجرموں کی پھانسی ڈیتھ وارنٹ نہ ہونےپر مؤخرکی گئی تھی۔

    سکھرجیل میں قید سزائےموت کے دو قیدیوں نے اپنی سزائے موت سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی ہے جس کی سماعت بائیس دسمبر کو ہوگی۔ دونوں مجرموں کےڈیتھ وارنٹس جاری ہوچکےہیں۔

    سکھرسینٹرل جیل ون میں کالعدم لشکر جھنگوی کے محمد اعظم اور عطااللہ سمیت چار دہشت گردوں کو تئیس دسمبر کو پھانسی دی جانی ہے۔ بہاولپور جیل میں قید کالعدم تنظیم کے نواز محمد سمیت چار دہشت گردوں کو بھی جلد پھانسی دیئےجانےکاامکان ہے۔