Tag: Sukkur Police

  • سکھر : دو برادریوں کے خونریز تصادم میں 7 افراد جاں بحق

    سکھر : دو برادریوں کے خونریز تصادم میں 7 افراد جاں بحق

    سکھر کے کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر 2 گروہوں میں خونی تصادم کے دوران فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ایس ایس پی سکھر زبیر نذیر کے مطابق آج صبح مہر برادری اور جتوئی برادری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں7افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ دونوں جانب سے ہونے والی اندھا دھند فائرنگ میں مہر برادری کا ایک اور جتوئی برادری کے 6افراد مارے گئے۔

    جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کیا جارہا ہے، رضا گوٹھ تھانے کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایس ایس پی سکھر کے مطابق دو گروپوں میں محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

  • سکھر : سماجی کارکن کے قتل کا معمہ چند گھنٹے میں حل، ملزم گرفتار

    سکھر : سماجی کارکن کے قتل کا معمہ چند گھنٹے میں حل، ملزم گرفتار

    سکھر : سماجی تنظیم کے رکن حسیب جونیجو کے قتل کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے پولیس نے آج ہی ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے قادر پوربند کے قریب ملنے والے شخص کی تشدد زدہ لاش کا معمہ پولیس نے حل کرلیا۔

    پولیس نے قتل میں ملوث ملزم صابر کھوکھرکو10گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا، مقتول حسیب جونیجو کی لاش قادرپوربند کے قریب سے ملی تھی۔

    لاش ملنے کے بعد ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے واقعے کا فوری نوٹس لے کرپولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے چند گھنٹوں بعد ہی نیوپنڈ سے قتل میں ملوث مرکزی ملزم صابر کھوکھر کو گرفتار کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرلیا ہے، صابرکھوکھر کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • سکھر : تیزاب پھینک کر قتل کیے جانے والے نوجوان کا قاتل پڑوسی نکلا

    سکھر : تیزاب پھینک کر قتل کیے جانے والے نوجوان کا قاتل پڑوسی نکلا

    سکھر : تیزاب گردی کا شکار ہونے والے 17 سالہ نوجوان عامر مگسی کا قاتل اس کا قریبی رشتے دار اور پڑوسی نکلا۔

    اس حوالے سے مقتول نوجوان کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دوستی نہ رکھنے پر نوجوان پر تیزاب پھینکا گیا، تھانہ سی سیکشن میں عامر مگسی کے والد محمد امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملوث ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    سی سیکشن تھانے کی حدود میں فریکل کالونی کے رہائشی 17 سالہ نوجوان عامر مگسی کو 18 دسمبر کی رات کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا عامر مگسی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال سکھر سے گمبٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    مقتول نوجوان کے والد کے مطابق ان کے قریبی رشتے دار اور پڑوسی محمد حاجی مگسی نے دوستی نہ رکھنے پر میرے 17 سالہ بیٹے عامر پر تیزاب پھینکا جس کی وجہ سے عامر کا جسم جھلس گیا اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔