Tag: Sukkur

  • خورشید شاہ کی پوتوں کے ساتھ تانگے پر سواری

    خورشید شاہ کی پوتوں کے ساتھ تانگے پر سواری

    سکھر: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اپنے پوتوں کے ساتھ تانگہ پر شہر کی سواری کرنے کے لیے نکل گئے۔

    اتنہائی مصروف شیڈول اور بے تحاشہ سیاسی مصروفیات بھی اپوزیشن لیڈر کو ان کے پوتوں سے دور نہ کرسکی۔ اپنے آبائی شہر سکھر میں خورشید شاہ نے اپنے پوتوں کی محبت میں تانگے کا سفر کیا۔

    پوتے کی فرمائش پر خورشید شاہ نے اسے گود میں بیٹھا کر ٹانگہ بھی چلایا۔

    اس دوران ان کے پروٹوکول میں شامل گاڑیاں ہلکی رفتار سے ٹانگے کے پیچھے چلتی رہیں۔

  • سندھ میں سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے ہتھیار ڈال دیے

    سندھ میں سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے ہتھیار ڈال دیے

    سکھر: سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے اپنے آپ کو سندھ رینجرزکے حوالے کردیا ہے، رینجرز نے قومی دھارے میں آنے والوں کو خوش آمدید کہا.

    پاکستان رینجرز(سندھ) کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے اپنے آپ کو سیکیورٹی اداروں کے حوالے کردیا ہے.

    رینجرز کا کہنا ہے کہ قومی دھارے میں آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہتھیارڈالنے والوں کو سندھی اجرک اورٹوپی پہنائیں گے، ان کی مکمل طور پرقانونی مدد فراہم کی جائے گی.

    ترجمان پاکستان رینجرز(سندھ) کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد میں شامل محمد اقبال نندوانی، مکھنوں خان نندوانی، سیف دین نندوانی، محمد صدیق، عطا اللہ تیغانی، کہرعلی نندوانی، غلام محمد نندوانی، نور حسن نندوانی، یعقوب نندوانی، جعفرخان نندوانی، میرحسن نندوانی، دوست علی نندوانی، محراب، بشیر احمد، پٹھان اورفضل محمد نے کمشنرلاڑکانہ کے سامنے ہتھیار ڈالے ہیں۔

    مزید پڑھیں:لاڑکانہ : طارق سیال اور اسد کھرل کے ساتھی سمیت دس افراد گرفتار

    یاد رہے کہ گذشتہ سال سندھ رینجرز نے لاڑکانہ میں‌ کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال کے فرنٹ مین اسد کھرل کے قریبی ساتھی عابد بگھیو سمیت دس مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں اسد کھرل کو عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں:اسد کھرل کی دو مقدمات میں ضمانت منظور، جیل سے رہائی

    واضح رہے کہ اس سے قبل جب رینجرز نے اسد کھرل کو حراست میں لیا تھا تو بااثرافراد نے اسد کھرل کو رینجرز کی تحویل سے آزاد کرالیا تھا، جس پر رینجرزاورسندھ حکومت کے درمیان معاملات کشیدہ ہوگئے تھے۔

  • آپریشن ردالفساد جاری : بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    آپریشن ردالفساد جاری : بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    کوئٹہ/ سوات /سکھر/ چنیوٹ : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، بلوچستان میں کاہان کے علاقے چوٹھ کیمپ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرکے گولہ بارود برآمد کرلیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں چوبیس دستی بم چھوٹی مشین گن کی چار ہزارنو سو گولیاں، بارہ اعشاریہ سات ایم ایم گن کے چارسو تریپن راؤنڈز شامل ہیں۔

    دوسری جانب کوہلو کے علاقے نیساؤ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپائے گئے چھیانوے مارٹر گولے برامد کرلئے۔

    سوات پولیس نے آپریشن کے دوران دو روپوش دہشت گردوں سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسلم اور علی اکبر دھماکوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔

    چنیوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے مبینہ دہشت گرد احمد رضا مسعود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ اور اسلحہ برامد ہوا ہے۔

    سکھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرکے ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

  • لینس ڈاؤن برج، ریلوے حکام نے وزیراعظم کے احکامات ہوا میں اڑادئیے

    لینس ڈاؤن برج، ریلوے حکام نے وزیراعظم کے احکامات ہوا میں اڑادئیے

    سکھر : وزیر اعظم کے واضح احکامات کے باوجود سندھ کا قومی ورثہ قرار دیئے جانے والے لینس ڈاؤن برج کو محکمہ ریلوے نے قبول کرنے سے انکار کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ یہ برج کسی استعمال میں نہیں ہے دیکھ بھال نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے قریبی ساتھی اوروفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کی وزارت نے وزیراعظم کے اعلان کی لاج نہ رکھی۔

    سکھرکے تاریخی لینس ڈاؤن برج کی مرمت سے انکار کردیا، یاد رہے کہ سکھر کے ایک سو چھبیس سال پرانے لینس ڈاؤن برج کو وزیراعظم نواز شریف نے قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے اس کی مرمت کا حکم دیا تھا۔

    pull-02

    محکمہ ریلوے نے اٹھارہ سو نواسی میں تعمیر کیے جانے والے اس قومی ورثہ کی حفاظت کے بجائے حکومت کو خط لکھ کر یہ مؤقف دیا کہ لینس ڈاؤن برج ہمارے استعمال میں نہیں لہٰذا اس کی دیکھ بھال نہیں کی جائے گی۔

    pull-01

    ریلوے حکام نے سکھر کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز سے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ لینس ڈاؤن برج ہماری ذمہ داری نہیں اس کو خود سنبھالیں۔

    یاد رہے کہ یہ اس وقت کا بغیر ستونوں اورمکمل طور پر لوہے سے تعمیر کیا جانے والا سب سے بڑا پل تھا، اس کی تعمیر میں 3300 ٹن لوہا استعمال کیا گیا۔

  • دس روز قبل ڈوبنے والا نوجوان ڈرامائی انداز میں گھر پہنچ گیا

    دس روز قبل ڈوبنے والا نوجوان ڈرامائی انداز میں گھر پہنچ گیا

    سکھر: دریائے سندھ میں گرنے والا نوجوان 10 دن بعد خود ہی گھر پہنچ گیا، اہل خانہ کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ آصف جمیل سیلفی لیتے ہوئے لینس ڈاؤن برج سے دریا میں جا گرا تھا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ دریا میں گرنے کے بعد آنکھ کھلی تو خود کو جنگل میں پایا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کا رہائشی نوجوان آصف جمیل چار جنوری کو سیلفی بنانے کے دوران لینس ڈاؤن پل انڈس واٹر سے دریا میں جاگرا تھا.

    اہل خانہ دس روز تک اسے مختلف مقامات پر تلاش کرتے رہے لیکن نہیں ملا، جبکہ جائے وقوعہ پر دو روز تک غوطہ خوروں نے بھی ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری رکھی تھی۔ لیکن ان کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا.

    آصف جمیل کا کہنا ہے کہ چار جنوری کو میں اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ تفریح کی غرض سے لینس ڈاؤن پل پر تھا، سیلفی بناتے ہوئے دریا میں گرا تو اس کے بعد مجھے کچھ پتا نہیں چل سکا اور جب میری آنکھ کھلی تو خود کو ایک جنگل میں پایا، تو وہاں موجود مچھیروں نے مجھے طبی امداد دی.

    آصف جمیل جیسے ہی گھر پہنچا تو اپنی بیٹی سے لپٹ کر خوب رویا ، گھر والوں کا کہنا ہے کہ آصف کا واپس آنا کسی معجزہ سے کم نہیں۔

  • پی پی آمریت کی نہیں عوامی سوچ کی پیداوار ہے، خورشید شاہ

    پی پی آمریت کی نہیں عوامی سوچ کی پیداوار ہے، خورشید شاہ

    سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کسی پارٹی کو ضیاء الحق نے، کسی پارٹی کو مشرف نے اور کسی کو آشا پاشا نے بنایا لیکن پیپلز پارٹی کسی کی پروڈکٹ نہیں یہ پارٹی عوام کی امنگوں اور سوچ کی بیداوار ہے۔

    سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جو چھپ کر آتا ہے وہ لیڈر نہیں ہوتا بلکہ گیدڑہوتا ہے،محترمہ بے نظیر بھٹو کو دبئی ایئرپورٹ پر روک کر کہا گیا تھا کہ پاکستان نہ جاؤ ورنہ ماری جاؤ گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن جیلوں کی سختیاں بھگت چکے ہیں وہ جیلوں میں معافی نامے پر دستخط نہیں کر تے تھے اور کہتے تھے ہمیں جیلوں میں بھیج دو، ہم نے ضیا الحق کے دور میں جیلیں کاٹیں اور کوڑے کھائے۔33 برس میں ہمارے چہرے پر کبھی پریشانی نہیں آئی۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی ، میں سیاستدان ہوں جھوٹ بولنا میرے لیے قابل نفرت ہے، ڈیڑھ سال قبل اسپیکر کے پاس میٹنگ میں ایک لیڈر نے کہا کہ ایک گھنٹہ جیل میں جاؤں گا تو مرجاؤں گا، اس لیڈر کو یہ کہنا چاہیئے تھا کہ چاہے سو سال جیل میں ڈال دو میرے منہ سے یہ ہی الفاظ نکلیں گے کہ گو نوازگو۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک مسائل میں الجھا ہوا ہے پاکستانی نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا جو ڈکٹیٹر کی پیداوار لوگ ہوں گے وہ عوام کی خدمت کیا کریں گے؟ پیپلز پارٹی اگر اقتدار کی جنگ لڑتی تو بھٹو پھانسی پر نہیں چڑھتا۔

  • رینجرز کی کارروائی، جیکب آباد بم دھماکے کے مرکزی ملزمان گرفتار

    رینجرز کی کارروائی، جیکب آباد بم دھماکے کے مرکزی ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز نے سکھر اور حب چوکی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کامران خراسانی اور قاری عطاء اللہ کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ہے، ملزمان جیکب آباد دھماکے کا مرکزی ملزم اور دوسرا معاونت کار ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’رینجرز نے مصدقہ اطلاع پر سکھر اور حب چوکی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، دونوں ملزمان 9 محرم الحرام 23 اکتوبر کو لاشاری محلے جیکب آباد میں ہونے والے بم دھماکے کے مرکزی ملزمان ہیں‘‘۔

    اعلامیے میں کہا گیاہے کہ ملزمان  کی شناخت کامران خراسانی اور قاری عطاء اللہ کے نام سے ہوئی جو جیکب آباد بم دھماکے کے منصوبہ ساز اور دوسرا معاونت کار ہے، رینجرز کے مطابق ملزم کامران بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

    رینجرز اعلامیے مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے تاہم انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    rangers-press-r

    اعلامیے میں کراچی اور سندھ کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگر د نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن، ای میل ، ایس ایم ایس، قریبی چیک پوسٹ یا پھر رینجرز مددگار واٹس ایپ پر دیں۔

  • پاک چین کار ریلی سکھر پہنچنے پر شاندار استقبال

    پاک چین کار ریلی سکھر پہنچنے پر شاندار استقبال

    سکھر: گلگت سے شروع ہونے والی ننگزیا  پاک چین دوستی کار ریلی سکھر پہنچ گئی جہاں ڈپٹی کمشنر اور میئر نے شرکاء کا شاندار استقبال کیا اور شرکاء سے ملاقات کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگست سے شروع ہونے والے ننگزیا پاک چین دوستی کار ریلی سفر کرتے ہوئی سکھر پہنچی جہاں کمشنر اور میئر سکھر کی جانب سے اُن کا پرتباک استقبال کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء ایک رات قیام کے بعد کل صبح لاڑکانہ روانہ ہوجائیں گے۔

    پڑھیں:  پاک چائنہ فرینڈشپ ریلی دو دن لاہور میں قیام کے بعد ملتان کے لئے روانہ

     اس موقع پر ریلی میں شریک شرکاء نے پاک چین دوستی کے نعرے لگائے اور استقبال کے لیے آنے والے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا، چینی باشندوں کا کہنا تھاکہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی۔

    واضح رہے پاک چین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر چین اور پاکستان کے کار سواروں کی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا جو سی پیک رُوٹ پر سفر کر کے اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر بھی کررہی ہے۔

    قبل ازیں ریلی کے شرکاء نے لاہور کے نجی ہوٹل میں دو روز قیام کیا اور وہاں بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ سمیت دیگر تاریخی مقامات کی سیر بھی کی تھی، اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ  نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کا جائزہ لیا

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کا جائزہ لیا

    سکھر / کراچی : سندھ کے بڑوں شہروں کے علاوہ چھوٹے شہروں میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے مجالس بپا ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے، عزاداران نے پرسہ دیا اور نوحہ خوانی کی۔

    CM Sindh inspects Ashura processions security by arynews
    تفصیلات کے مطابق سکھر میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کےانتظامات کا جائزہ لیا۔ یوم عاشور کا ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے گذرتا ہوا ختم ہوگیا۔

    روہڑی میں آٹھ محرم کو شاہ عراق سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس ختم ہوگیا۔ شرکا نے حیدر شاہ حقانی کے مقام پر رات گزاری جس کے بعد دس محرم کو مرکزی امام بارگاہ پر ختم ہوا۔

    حیدر آباد میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزرتا ہوا ختم ہوگیا۔ روٹ پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے لیڈی کمانڈوز بھی تعینات تھیں۔

    ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے انیس چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جن کے روٹ پر کڑا پہرا تھا۔ تمام جلوسوں کی مرکزی کنٹرول روم سے نگرانی بھی کی گئی۔

    فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ چوک پر ختم ہوا ۔ عزاداروں نے زنجیر زنی کی اور نوحے پڑھے۔ راستے میں سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔

  • خورشید شاہ سکھر میں سڑک کی ناقص مٹیریل سے تعمیرپربرہم

    خورشید شاہ سکھر میں سڑک کی ناقص مٹیریل سے تعمیرپربرہم

    سکھر :ـ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے سکھر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اورغیر معیاری  تعمیراتی کاموں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے سکھر کے مختلف علاقوں کااچانک دورہ کیا، اس موقع پر محکمہ ہائی ویز کے چیف انجینئر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    انہوں نے سکھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے زیرتعمیر سڑکوں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا، خورشید شاہ نے ایک جگہ گاڑی رکوائی اور سڑک پر ڈالے گئے بڑے سائز کے پتھر دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور چیف انجینئر کا ہاتھ پکڑ کر انہیں پتھر اٹھا اٹھا کر دکھاتے رہے جبکہ شدید غصے کے عالم میں پتھر اٹھا اٹھا کر بھی پھینکتے رہے۔

    خور شید شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیرتعمیر سڑک میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف انجینئر سے کہا کہ بد عنوان ٹھیکیداروں اور افسران کی کرپشن کی وجہ سے سندھ حکومت بدنام ہو رہی ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 35 کروڑ روپے کا پراجیکٹ ہے جسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں 4 ارب روپے کے کام جاری ہیں جن سے مطمئن نہیں ہوں۔

    انہوں نے مذکورہ سڑک کی از سر نو تعمیر کا حکم دیا،اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔