Tag: Sukkur

  • سکھر : مشتعل افراد قرنطینہ سینٹر کے وارڈ سے باہر نکل آئے

    سکھر : مشتعل افراد قرنطینہ سینٹر کے وارڈ سے باہر نکل آئے

    سکھر : کورونا وائرس میں مبتلا سو سے زائد افراد مشتعل ہوکر قرنطینہ سینٹر سے باہر نکل آئے، انہوں نے یہ قدم باہر موجود کچھ لوگوں کے اکسانے پر اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے قرنطینہ سینٹر سے 100سے زائد زائرین وارڈز سے باہر نکل گئے، قرنطینہ وارڈز سے نکلنےوالوں میں کورونا کے مریض بھی شامل تھے، قرنطینہ میں موجود کچھ عناصر کے مسلسل اکسانے پر زائرین مشتعل ہوگئے تھے۔

    کورونا مریض اور قرنطینہ میں موجود دیگرافراد ایک ساتھ احاطے میں جمع ہوگئے، وارڈز سے باہر آنے والے تمام زائرین نے قرنطینہ سینٹر کے احاطے میں جمع ہوکراحتجاج کرنا شروع کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں موجود زائرین کو واٹس ایپ پر وائس میسج بھیجے گئے اور جس میں زائرین کو وارڈزسے نکلنے پراکسایا گیا تھا۔

    اطلاع ملتے ہیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے لیبرکالونی کو گھیرے میں لے لیا، زائرین کو قرنطینہ سینٹر کےاحاطے سے باہرنکلنے نہیں دیا جارہا۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر اویس قادرشاہ مظاہرین سے ملاقات کرنے قرنطینہ پہنچ گئے انہوں نے مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آپ سب کی زندگیاں بچانے کے لئے اقدامات کررہی ہے زائرین کو مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دینا ہوگا، مظاہرین کے نمائندے افواہیں پھیلانے والوں کو منع کریں۔

  • سکھر میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، پولیس نے مارٹر گولے داغ دیے

    سکھر میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، پولیس نے مارٹر گولے داغ دیے

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں شاہ بیلو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن جاری ہے، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مارٹر گولے بھی داغے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں شروع کیا گیا آپریشن بدستور جاری ہے، ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف اس آپریشن میں مارٹر گولوں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ فائرنگ کے نتیجےمیں 2 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، علاقے میں ڈاکو منیر مصرانی سمیت مختلف گروہ موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ 24 جنوری کو بھی سکھر پولیس نے ایس ایس پی عرفان علی سموں کی قیادت میں شاہ بیلو کچے میں جرائم پیشہ افراد اور منظم ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا، جس میں کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 اشتہاری ملزمان سمیت 5 سہولت کار گرفتار کر لیے گئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن میں منیر مصرانی سمیت منظم ڈاکوؤں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، علاقے میں مزید پولیس پکٹس بھی قائم کیے گئے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مکمل امن و امان قائم ہونے اور ڈاکوؤں کی علاقے میں موجودگی تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

    اس سے قبل بھی 11 نومبر 2019 کو شاہ بیلو کچے میں جرائم پیشہ افراد اور منظم ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری کیا گیا تھا، تاہم پولیس کسی ڈاکو کو گرفتار یا ہلاک نہیں کر سکی تھی، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ماٹر گولے بھی فائر کیے گئے تھے۔

    ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق تھانہ کندھرا کی حدود میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں ساجد نامی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم سے 10 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد ہوا۔

  • امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے، خور شید شاہ

    امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے، خور شید شاہ

    سکھر : پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خور شید احمد شاہ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کشیدگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کا مؤقف بہتر تھا، پاکستان کا اہم رول ہے اسے اپنا کردارادا کرنا چاہئے۔

    یہ بات انہوں نے سکھر میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ خور شید شاہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا ضروری ہے.

    پی پی رہنما نےکہا کہ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مؤقف کافی بہتر تھا، حکومت کا صرف یہ بیان کافی نہیں ہے کہ اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دیں گے بلکہ پاکستان کا اس خطے میں اہم رول ہے اسے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

    ور شید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کو ذوالفقار بھٹو شہید نے جوطاقت دی اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، اس سنگین مسئلے پر اقوام متحدہ کو خاموش نہیں رہنا چاہئے،

    انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ پر بھروسہ ہے وہی سب معاملات کا بہترین ذریعہ ہے، امریکا اور ایران کا معاملہ نیا نہیں، یہ لاوا کافی دیر سے پک رہا تھا۔

  • سکھر: منہدم رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں

    سکھر: منہدم رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں حسینی روڈ پر مہندم ہونے والی 3 منزلہ رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں، ملبے تلے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سکھر میں حسین روڈ پر تین منزل عمارت منہدم ہو گئی تھی، جس کے ملبے تلے آ کر چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، 2 خواتین اور ایک بچے کی لاشیں کل نکالی گئی تھیں جب کہ آج مزید تین لاشیں نکالی گئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ اب تک ملبے سے 6 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 16 افراد اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں، جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سکھر کے گنجان آباد علاقے حسینی روڈ پر واقع تین منزلہ رہایشی عمارت اچانک گر گئی تھی، بلڈنگ میں ایک ہی خاندان کے کئی گھرانے رہایش پذیر تھے، عمارت کے گراؤنڈ فلور پر الماری کی 2 دوکانیں بھی تھیں جس میں موجود افراد بھی عمارت کے منہدم ہونے کی صورت میں ملبے تلے دب گئے تھے۔

    سکھر میں عمارت گر گئی، دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق

    شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر چار افراد کو زخمی حالت میں نکال کر سول اسپتال سکھر منتقل کیا تھا جب کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث ریسکیو کے کام میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس پر ڈی سی سکھر کو فوج طلب کرنی پڑی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ابھی بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ ریسکیو آپریشن پچھلے تقریباً 15 گھنٹوں سے جاری ہے۔

  • جھوٹے مقدمات سے پارٹی کے جیالوں کو جھکایا نہیں جاسکتا، بلاول بھٹو زرداری

    جھوٹے مقدمات سے پارٹی کے جیالوں کو جھکایا نہیں جاسکتا، بلاول بھٹو زرداری

    سکھر : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات سے پیپلزپارٹی کے جیالوں کو جھکایا نہیں جاسکتا، خورشید شاہ نے جرات مندی سےحالات کاسامنا کیا۔

    یہ بات انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو این آئی سی وی ڈی اسپتال پہنچے اور انہوں ضمانت پر رہا ہونے والے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ سے ملاقات کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے خورشید شاہ سے ان کی خیریت دریافت کی اور رہائی پر خورشید شاہ کو مبارکباد بھی دی۔

    بلاول بھٹو نے خورشیدشاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کاحوصلہ قابل تعریف ہے، آپ نے بہادری اور جرات مندی سے جبر کے حالات کاسامنا کیا۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمات سے پیپلزپارٹی کے جیالوں کو ڈرایا دھمکایا اور جھکایا نہیں جاسکتا۔

    اس موقع پر سید خورشید شاہ نے چیئرمین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ علالت کی وجہ سے آئندہ چند روزمزید اسپتال میں رہوں گا۔

    احتساب عدالت سے خورشید شاہ ضمانت منظورہونے کے بعد رہا 

    واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

    کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کرسکی، خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

  • بجلی کاٹنے کیلئے آنے والے عملے پر قیینچیوں سے حملہ، تین سیپکو اہلکار زخمی

    بجلی کاٹنے کیلئے آنے والے عملے پر قیینچیوں سے حملہ، تین سیپکو اہلکار زخمی

    سکھر : بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹنے کیلئے آنے والے عملے کو درزیوں نے حملہ کرکے زخمی کردیا، قیننچیوں کے وار لگنے سے سیپکو کے تین ملازمین لہولہان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے روہڑی کے شاہی بازار میں سکھر الیکٹرک سپلائی پاور کارپوریشن (سیپکو) کا عملہ کنکشن منقطع کرنے پہنچا تو وہاں موجود مشتعل لوگوں نے ان پر حملہ کردیا۔

    تلخ کلامی کے بعد بجلی کا کنکشن کاٹنے پرمارکیٹ کے درزیوں نے قینچیاں مار کر سیپکو عملے کو لہولہان کردیا، واقعے میں سیپکو کے 3ملازم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس حوالے سے سیپکو ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے دو لاکھ روپے بل ادا نہ کرنے پر مارکیٹ کا کنکشن منقطع کرنے کا حکم دیا گیا تھا جیسے ہی وہاں پہنچے تو ہم پر حملہ کردیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا رہے ہیں، پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ کی تو ہڑتال کردیں گے۔

  • فیصل آباد اور سکھر ائیرپورٹس پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد

    فیصل آباد اور سکھر ائیرپورٹس پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد

    فیصل آباد / سکھر : سی اے اے کی جانب سے سکھر اور فیصل آباد ایئرپورٹس پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

    ٓتفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھاررٹی فیصل آباد ائیرپورٹ پر فل سکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے اراکین اور عملہ نے شمولیت اختیار کی۔

    فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا مقصد کسی بھی قسم کے ائیرکرافٹ کے حادثے کی صورت میں متعلقہ اداروں کی رسپانس کو جانچنا اور اس میں مزید بہتری لانا ہے۔

    ان مشقوں میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے میڈیکل،ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ، پاکستان ائیرفورس، ائیرپورٹ سیکورٹی فورس ، سول پولیس، ریسکیو 1122،ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، سول ڈیفنس،تمام ائیرلائنز، ایدھی ایمبولینس سروس، ییلتھ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کے اعلی حکام اور عملہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ایمرجنسی مشقوں کے اختتام پر راجہ اظہر محمود چییف آپریٹنگ آفیسر نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ خدانخواستہ حقیقی ایمرجنسی کے لئے ہم پوری طرح تیار رہیں گے۔

    دوسری جانب سی اے اے کی جانب سے سکھرایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فل اسکیل ایمرجنسی مشق کا انعقاد کیا گیا۔

    مشقوں میں سی اے اے کے فائر ،ریسکیو، ویجیلنس، ایمبولنس سروسز اور طبی امداد کے اداروں نے حصہ لیا، سکھرایئرپورٹ پر فرضی مشق میں اے ٹی آر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ اور طیارے میں لگنے والی آگ پر قابو پایا گیا۔

    مشق میں طیارے سے زخمیوں کو اتارنے اور فوری طبی امداد بھی دی گئی، مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔

    ایئرپورٹ منیجر سعید عباسی کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن مشقوں کا مقصد عالمی ہوابازی کی انجمن کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے صلاحیتوں کو جانچا گیا جس پر سی اے اے کے عملے نے مقررہ حدف پورا کیا۔

  • سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے پنو عاقل میں مسجد کے پیش امام کی بچی کے ساتھ زیادتی کے معاملے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنو عاقل میں دس سالہ بچی افسانہ بنت احسان سمیجو سے زیادتی ہونے کی تصدیق ہو گئی، ملزم شفقت سمیجو کو سکھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    یہ افسوس ناک واقعہ پنوعاقل کے قریبی گاؤں دلدار سمیجو میں ایک ہفتہ قبل پیش آیا تھا، جس میں مسجد کے پیش امام نے دس سالہ بچی افسانہ بنت احسان سمیجو کے ساتھ زیادتی کی تھی۔

    اس سلسلے میں بچی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے، واقعے کے ملزم پیش امام شفقت سمیجو کو پولیس نے گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا، ملزم کو آج پولیس نے سکھر کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے گرفتار ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

    مزید تفصیل یہاں:  پنو عاقل، 10 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا معلم گرفتار

    واضح رہے کہ بچی ملزم کے پاس قرآن پڑھنے جاتی تھی جس کے دوران اس نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم بچی کے ساتھ زیادتی کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ بچی نے اپنے والدین کو واقعے سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد انھوں نے درخواست دائر کی اور پھر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، متاثرہ بچی اور والد کی تصویر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی تھی۔

  • سکھرمیں ساؤتھ ایشیا مینجمنٹ فورم کا انعقاد

    سکھرمیں ساؤتھ ایشیا مینجمنٹ فورم کا انعقاد

    سکھر: آئی بی اے یونی ورسٹی میں پندروہویں دو روزہ ساؤ تھ ایشیا مینجمنٹ فورم کا انعقاد کیا گیا ، جس میں غیر ملکی مندوبین بھی شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سارک ممالک میں تعلیم کے فروغ اور معیشت میں استحکام لانے کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں دو روزہ پندرہوین ساؤتھ ایشیا مینجمنٹ فورم کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں سارک ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔

    پندرہوین ساوتھ ایشیا مینجمٹ فورم میں سارک ممالک کے ماہرین تعلیم اور معاشیات نے شرکت کی شرکا نے خظے میں تعلیم اور معیشت کو درپیش مشکلات اور سے نمٹنے کے لئے تعلیم کو موثر ہتھیار قرار دیا اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتقاق کیا۔

    فورم میں سری لنکا، بھوٹان ، مالدیپ ، ملائیشیا، بنگلہ دیش اور نیپال کی مختلف یونیورسٹیز کے ماہرین تعلیم اور ماہر معاشیات نے شرکت کی۔دو روزہ منیجمٹ فورم کا مقصد جنو بی ایشا کے ممالک کودرپیش مسائل اور ان کا حل تلاش کرنا تھا۔

    فورم میں شامل غیر ملکی مندوبین کا کہنا تھا پاکستان سمیت سارک ممالک کی درسگاہوں کے تعلیم نظام کو بہتر بنانے کے لئے اسٹوڈنٹس ٹیچرز ایکسچینج پروگرام سمیت اور دیگر اس طرح کے اقدامات کو کرنا ہوگا تاکہ سارک ممالک میں پڑھنے والے طلباکو معیاری تعلیم مل سکے۔

  • سکھر میں غلاظت ملے پانی کی فراہمی، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا

    سکھر میں غلاظت ملے پانی کی فراہمی، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا

    سکھر : سیوریج کا گندہ پانی دریائے سندھ میں چھوڑنے کے بعد وہیں سے یہ پانی سکھر کے شہریوں کو فراہم کیا جارہا ہے جو شہروں کے لیے وبال جان بنا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے مکین دریا سندھ کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہوگئے۔ متعلقہ انتظامیہ کی لاپرواہی اور غفلت کھل کر سامنے آگئی۔

    شہرکے سیوریج کا غلاضت اور کچرے والا پانی دریائے سندھ میں چھوڑ دیا گیا ہے پھر وہی پانی واٹر سپلائی کے ذریعے شہریوں کو پینے کے لیے فراہم کیا جارہا ہے جبکہ ایسے پانی سے دریائے سندھ کا پانی آبی حیات کے لیے بھی خطرے کا باعث بن گیا ہے۔

    سپریم کورٹ کی بنائی گئی واٹر کمیشن کی جانب سے پابندی کے باوجود دس لاکھ سے زائد انسانی آبادی والے شہرمیں غلاضت ملا اور زہریلا پانی استعمال کرنے سے شہری مختلف خطرناک بیماریوں میں بھی مبتلا ہونے لگے ہیں مگر منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو کوئی فکر ہی نہیں ہے کہ اس سنگین مسئلے کا کوئی حل تلاش کریں۔

    سکھر کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے صاف پانی کے ساتھ ساتھ ان کو صحت کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

    یاد رہے کہ دیہی علاقوں میں ضروریات زندگی کے لیے دور دراز سے پانی بھر کر لانا معمولات زندگی میں شامل ہے اور یہ ایک ایسی جبری مشقت ہے جو زیادہ تر خواتین کے فرائض کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔

    سندھ کے دیہاتوں میں کام کرنے والے سماجی کارکنان کا کہنا ہے کہ صرف خواتین پر لاگو ہونے والی یہ ایک ایسی لازمی مشقت ہے جو تا عمر جاری رہتی ہے۔