Tag: Sukkur

  • سکھر:‌ ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کر فرار

    سکھر:‌ ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کر فرار

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کرفرار ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں پیش آیا، خاتون کو کاری قراردے کر قتل کیا گیا تھا.

    [bs-quote quote=”واقعہ سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں پیش آیا، خاتون کو کاری قراردے کر قتل کیا گیا تھا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    مقتولہ کو شوہر نے قتل کیا تھا،لاش مردہ خانے منتقل کی جارہی تھی، ملزمان نے راستے میں‌ حملہ کر دیا اور ایمبولینس چھین کرفرارہوگئے.

    ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ایمبولینس چھیننے والا مقتولہ کا بھائی اورشوہر تھا، جنھوں نے اسلحے کے زور پر یہ واردات کی.

    ایس ایچ اوپنوعاقل کے مطابق ملزمان نے کیس خراب کرنے کے لئے ایسی واردات کی، شک ہے کہ ملزمان نے لاش کو غائب کرنے کے لیے چھینا ہے۔ 

    پولیس نے ناکا بندی کرکے ایمبولینس کی تلاش شروع کر دی ہے، مگر کوئی کامیابی نہیں ہوئی.

  • سکھر: لاپتہ چھ بچوں کا تین روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

    سکھر: لاپتہ چھ بچوں کا تین روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

    سکھر : کوئنس روڈ کے علاقے سے لاپتہ چھ بچوں کا تین روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کی گمشدگی کا نوٹس لے کر انتطامیہ کو بچوں کے والدین سے مکمل تعاون کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئنز روڈ پر حماد پلازہ کے رہائشی چھ بچے جمعہ کی شام گھروں سے کرکٹ کھیلنے کا کہہ کر نکلے اور واپس گھرنہیں پہنچے، لاپتہ بچوں کی عمریں گیارہ سے سولہ سال کے درمیان ہیں جن میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    بچوں کے کپڑے سکھربیراج کے پاس سے ملے تھے، جس کے بعد نہاتے ہوئے بچوں کے دریا میں ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے، نیوی کے غوطہ خوروں نے بچوں کی تلاش کیلئے زیرو پوائنٹ سے سکھر بیراج تک ریسکیو آپریشن کیا لیکن تاحال بچوں کاسراغ نہیں مل سکا۔

    دوسری جانب سکھر پولیس نے تحقیقات کادائرہ وسیع کردیا ہے۔ سراغ رساں کتوں کے ذریعے دریا کنارے علاقوں میں بچوں کوتلاش کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ایک بچے نے بتایا کہ لاپتہ بچے ہر روز کرکٹ کھیلنے کے بعد دریا میں نہانے جاتے تھے، پولیس کو ملنے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی بچوں کو دریا کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے، بچوں کی تلاش کیلئے انتظامیہ کی طرف سے بروقت نہ پہنچنے پرعلاقہ مکینوں نےاحتجاج بھی کیا۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھ بچوں کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا، انہوں نے بچوں کے والدین سے ٹیلفونک رابطہ کیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بچوں کے والدین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بچوں کےوالدین سے مکمل تعاون کی ہدایات بھی جاری کیں۔

  • سکھر: دریائے سندھ کے قریب لاپتہ ہونے والے چھ بچے تاحال نہ مل سکے

    سکھر: دریائے سندھ کے قریب لاپتہ ہونے والے چھ بچے تاحال نہ مل سکے

    سکھر : دریائے سندھ کے قریب لاپتہ ہونے والے چھ بچوں کو تلاش نہیں کیا جا سکا، بچوں کے کپڑے دریائے سندھ کے کنارے سے مل گئے، نہاتے ہوئے بچوں کے دریا میں ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے رہائشی چھ بچے جمعہ کی شام کرکٹ کھیلنے کے لیے گھر سے نکلے تھے، جن کا تاحال پتہ نہیں چل سکا، والدین اور اہل محلہ نے لاکھ ڈھونڈا لیکن سکھر کے چھ بچوں کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔

    کوئنز روڈ پر حماد پلازہ کے رہائشی چھے بچے جمعہ کی شام ہنستے کھیلتے گھر سے نکلے تھے، گیارہ سے سولہ سال کے بچے محلے میں کرکٹ کھیلنے کے بعد کھیل کا سامان قریبی دکان پر رکھ کر دور نکل گئے۔

    لاپتہ بچوں کی عمریں گیارہ سے سولہ سال کے درمیان ہیں۔ پوری رات اور دن بھر کی مسسل تلاش کے باوجود بچے نہیں ملے،16سالہ محمد قاسم ،14 سالہ محمد انس،13سالہ احتشام اور گیارہ گیارہ سال کے احسان، عاصم اور حماد کی گمشدگی کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرا دی گئی۔

    مزید پڑھیں: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے14افراد ڈوب گئے،چھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

    ایک محلے دار بچے کی نشاندہی پر دریائے سندھ کے کنارے زیرو پوائنٹ سے بچوں کے کپڑے اور جوتے مل گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے زیرو پوائنٹ کی طرف جاتے ہوئے دیکھے گئے، دوسری جانب ریسکیو ٹیموں کو پانی کے تیز بہاؤ کے سبب دریا میں سرچ آپریشن کے دوران مشکلات درپیش ہیں۔

  • عوام ساتھ دیں ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلاہوں، بلاول بھٹو زرداری

    عوام ساتھ دیں ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلاہوں، بلاول بھٹو زرداری

    سکھر : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کی ہے، عوام ساتھ دیں ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلاہوں۔

    یہ بات انہوں نے پنو عاقل میں مہنگائی کے خلاف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکمران50لاکھ گھر تو کیا دیں گے غریبوں کے سر سے چھت بھی چھین رہے ہیں۔

    غریبوں کے چھوٹے چھوٹے گھر گرائے جارہے ہیں کیا یہ ہے نیا پاکستان ؟ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے بیروزگار نوجوانوں کو روزگاردیا تھا، اس زمانے میں مشہور تھا کہ بینظیر آئے گی روزگار لائے گی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوامی حکومت لائیں گے اور اس حکومت کو گھر بھیجیں گے، ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلا ہوں، عوام ساتھ دیں تو کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے شراکاء سے کہا کہ اسلام آباد کے حکمرانوں کو پیغام پہنچائیں کہ نیا پاکستان نہ کھپے،عوام دشمن بجٹ میں اربوں روپے کا بیل آؤٹ ہے، بجٹ میں مہنگائی کی سونامی اور ٹیکسز کا طوفان ہے۔

  • مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    سکھر : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، دباؤ بھی ہے اور سازشیں بھی جنہیں ہم ناکام بنائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، وہ الیکشن نہیں سلیکشن چاہتے ہیں، سردار مہر پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ پی پی چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔

    سکھر میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول نے چیف جسٹس کو لکھا گیا خط بھی پیش کیا، چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ انصاف کے بغیر کوئی ریاست وجود میں نہیں رہ سکتی، بطور سیاسی جماعت حق ہے آزاد ماحول میں انتخابات میں حصہ لیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دباؤ بھی ہے اور سازشیں بھی ہیں جنہیں ہم ناکام بنائیں گے، مخالفین کی کوششوں کے باوجود سلیکشن نہیں الیکشن ہوگا، آج حکومت کے خلاف سکھر سے پنجاب کی سرحد تک ریلی نکالیں گے۔

    سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا ہے، وفاق صوبوں کا معاشی قتل عام کررہا ہے۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرح سندھ کے حق پر بھی ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، ہم مہنگائی، عوام دشمن بجٹ اور حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے جب کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے۔

    ہم نے مفت علاج اورصحت کوترجیح دی، سندھ کے ہر ضلع میں دل کے مرض کاعلاج مفت فراہم کیا جارہا ہے، سندھ کا مقابلہ دوسرے صوبوں سے نہیں بیرون ممالک سے ہورہا ہے۔

  • پورے خاندان کو جیل بھیج دیں،  آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: بلاول بھٹو

    پورے خاندان کو جیل بھیج دیں، آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: بلاول بھٹو

    سکھر:  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے.

    ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی نے  سکھر میں پی پی پی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    بلاول بھٹو نے تقریر کا آغازبے نظیر بھٹوکو منظوم خراج عقیدت پیش کرکے کیا، انھوں نے کہا کہ عوام کے لیے ہماری پارٹی نے بے شمار قربانیاں دیں.

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری ہنستےہوئےجیل چلے گئے، فریال تالپور نے قربانی دی، قیادت کو آگے بھی جتنی قربانی دینی پڑیں، ہم پوری طرح تیار ہیں.

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئین کے لیے ذوالفقاربھٹو نے پھانسی کا پھندا قبول کیا، جمہوریت کے لیے شہید بے نظیر بھٹو نے جان دی.

    مزید پڑھیں: اسپیکر قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں: بلاول بھٹو زرداری

    انھوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین پرآج ہرطرف سے حملے ہو رہے ہیں، آئینی، معاشی اور جمہوری حقوق پرڈاکا مارا جا رہا ہے، ہم نے آئینی، معاشی اورجمہوری حقوق جانیں دے کر چھینے ہیں.

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئین اور انسانی حقوق کے تحفظ پرآج پھرمل کر جدوجہدکرنی ہوگی، یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمیں جیل بھیج کرڈرا لیں گے.

    بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قیادت پوری طرح تیار ہے، یہ پورے خاندان کوجیل بھیج دیں، ہم آئین کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے.

  • بجٹ میں عوام کیلئے بہت تکالیف ہیں، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا، خورشید شاہ

    بجٹ میں عوام کیلئے بہت تکالیف ہیں، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا، خورشید شاہ

    سکھر : پپیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کیلئے بہت تکلیفیں ہیں، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا، حکومت نے جان بوجھ کر ایسےحالات پیدا کئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بات کرنے کا موقع ہی نہیں ملا جو بجٹ پیش کیا گیا وہ پی ٹی آئی حکومت کی عکاسی کرتا ہے۔

    بجٹ میں عوام کیلئے بہت تکلیفیں ہیں، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا، حکومت نے جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کئے ہیں، ہم نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ ڈالر اتنا اوپر جائے گا۔

    خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کم سے کم50فیصد تنخواہ بڑھانی چاہیے تھی، بجٹ والے دن ہم خاموش ہوکر بیٹھے تھے اور برداشت کرتے رہے۔

    کہتے ہیں ہم نے جو قرضہ لیا ہے اس کا حساب ہوگا، حساب تو ہوگا اور سب کے سامنے ہوگا، ان باتوں میں قوم کو مت الجھاؤ آؤ اور سیاست کرو۔

    انہوں نے کہا کہ ان کو کیسے پتہ چلا کہ یہ وزراء جیلوں میں جانے والے ہیں؟ پہلے بھی انصاف کی جنگ لڑی ہے اب بھی لڑیں گے، خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت گرانے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔

    پی ٹی آئی والے ابھی تک کنٹینر پرکھڑے ہیں، مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے سیاستدانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، نیب اگر گرفتار کرناچاہتی ہے تو گرفتار کرے۔

    پاک بھارت میچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دعاگو ہوں کہ بھارت کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کامیاب ہو۔

  • سکھر : بیوی کو زندہ دفن کرنے والا ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار، لاش برآمد

    سکھر : بیوی کو زندہ دفن کرنے والا ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار، لاش برآمد

    سکھر: سفاک ملزم نے اپنی بیوی پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر تشدد کے بعد زندہ دفن کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے خاتون کی لاش برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے صالح پٹ کے قریب شادی شدہ خاتون کو زندہ دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے ایس ایس پی عرفان سموں نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنی17سالہ بیوی پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر تشدد کے بعد زندہ دفن کیا تھا۔

    ملزم کریم بخش کو گرفتار کرکے خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی ہے، ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے دو روز قبل ایک گھر پر حملہ کرکے ایک شخص کو قتل اور چار کو زخمی کیا تھا۔

    پولیس نے حملے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے بیوی کو زندہ دفن کرنے کابھی انکشاف کیا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر خاتون کی مدفون لاش برآمد کرلی۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اپنی بیوی کو زندہ دفن کرکے قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

    سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

    سکھر : کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے دس دن پہلے گندم کا بحران پیدا کرنے کی سازش بےنقاب ہوگئی، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب سکھر نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں پر چھاپہ مارا۔

    جس کے بعد معلوم ہوا کہ گوداموں سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی گندم غائب کردی گئی ہے اس کی جگہ جو گندم موجود تھی اس میں بھی مٹی ملائی گئی تھی۔

    نیب ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم گودام سیل کردیئے۔ اس حوالے سے نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غائب کی جانے والی گندم کو مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • سکھر: آغا سراج درانی کا لگایا جانے والا ٹھیکیدارغبن کے الزام میں گرفتار

    سکھر: آغا سراج درانی کا لگایا جانے والا ٹھیکیدارغبن کے الزام میں گرفتار

    سکھر : قومی احتساب بیورو سندھ نے سکھر میں کاررروائی کرکے غبن کے الزام میں ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا، ٹی ایم اے گڑھی یاسین کے17افسران،29ٹھیکیداروں کیخلاف ریفرنس دائر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم کی جانب سے آغا سراج درانی کے آبائی شہر سکھر میں اسپیکر سندھ اسمبلی کے لگائے گئے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایم اے گڑھی یاسین میں11کروڑ روپے کا غبن کیا گیا، نیب نے عدالتی احکامات پر ٹھیکیدار اسداللہ شیخ کو گرفتار کرلیا۔

    قومی احتساب بیورو نے ٹی ایم اے گڑھی یاسین کے17افسران،29ٹھیکیداروں کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، نیب عدالت سے نامزد افراد کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، نیب ذرائع کے مطابق  ریفرنس میں نامزد دیگر افراد کو  بھی جلد گرفتارکیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: آغاسراج کے50 کڑور سے زائد خفیہ اثاثوں کا سراغ مل گیا، انکوائری کوریفرنس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے 20 فروری کو نیب کراچی نےآمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتارکرلیا تھا اور رہداری ریمانڈ حاصل کرکے کراچی منتقل کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ