Tag: summon

  • کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    نئی دہلی: بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو طلب کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر کے وکیل نے ممبئی کے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کنگنکا رناوت نے نیشنل ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ان کے مؤکل کی تضحیک کی ہے۔

    عدالت نے درخواست پر جوہو پولیس کو معاملے کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، پولیس نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد مزید وقت مانگا۔

    ایک روز قبل پولیس نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالت نے کنگنا رناوت کو طلب کرلیا گیا ہے، کنگنا یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گی۔

    یاد رہے کہ کنگنا رناوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس اور مختلف انٹرویوز میں متنازعہ گفتگو کرتی رہتی ہیں، وہ اکثر ساتھی اداکاروں کو تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

    علاوہ ازیں وہ مودی سرکار کے تمام شدت پسندانہ اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کو پڑوسی ممالک کے فنڈڈ شدہ قرار دیتی ہیں۔

  • سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا، پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 14 اگست کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

    جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 14 اگست کو بھارتی فوج نے سیز فائرکی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج نے ڈھڈنیال سیکٹر پر فائرنگ کی جس سے 3 سالہ بچی زخمی ہوئی۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت رواں سال 19 سو 80 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے رواں سال 16 افراد شہید اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ 14 اگست سے قبل 5 اگست کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی تھی۔

  • نیب کا وزیراعلیٰ سندھ کو آئندہ ہفتے  طلب کرنے کا فیصلہ

    نیب کا وزیراعلیٰ سندھ کو آئندہ ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ

    کراچی : وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ جعلی اکاونٹس اورمیگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں طلبی کے باوجود نیب میں پیش نہ ہوئے ، نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاونٹس اورمیگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آج صبح گیارہ بجےطلب کیا تھا تاہم نیب کی تحقیقاتی ٹیم وزیراعلی سندھ کی کراچی نیب دفتر میں راہ تکتی رہی اور مراد علی شاہ تقاریب میں شریک ہوتے رہے۔

    وزیراعلی نے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں گزشتہ روز ہی نوٹس ملا تھا، اب دیکھیں گے کہ کن وجوہات پرنیب نے طلب کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو آئندہ ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ نیب اسلام آباد میں اپنابیان ریکارڈ کرائیں گے۔

    نیب نے وزیراعلیٰ پاورپلانٹ تعمیرات میں سبسڈی کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا اور غیرقانونی ٹھیکے ،اختیارات کےناجائز استعمال سےمتعلق بھی سوالات پر پوچھ گچھ ہونا تھی ، وزیراعلیٰ پر سکرنڈ، کھوسکی، دادو، ٹھٹھہ شوگرملز کوغیرقانونی سبسڈی دینےکاالزام ہے۔

    واضح رہے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپور سمیت تقریباً تمام بڑےنام زیرحراست اور پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

  • دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    تہران : ایران میں پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران حجاب اتارنے اور اسلامی لباس کی خلاف ورزی کے الزام میں سیکڑوں خواتین کو جواب دہی کے لیے پولیس تھانوں میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ ایام کے دوران سینکڑوں ایرانی خواتین کو موبائل فون پر پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اور پبلک مقامات پر حجاب اتارنے کے حوالے پولیس مراکز میں پہنچ کر جواب دہی کریں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو صرف انتباہی پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس مراکز سے رجوع کریں۔ جب پولیس مراکز سے رجوع کیا گیا تو انہیں وہاں پر اسلامی لباس اور حجاب سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس حکام ان سے بار بار اسلامی لباس اور حجاب کے بارے میں سخت اور تلخ سوالات کرتے رہے، بہت سی خواتین سے تحریری معاہدہ کرایا گیا کہ وہ آئندہ حجاب کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    تہران کے پولیس چیف بریگیڈیئر حسین رحیمی کا کہنا تھا کہ حراستی مراکز میں طلب کی گئی خواتین میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے، ان سے عہد لیا گیا ہے کہ وہ آئندہ اسلامی طرز لباس کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی پولیس کی جانب سے حجاب ٹھیک نہ ہونے یا اسلامی لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی گاڑیاں ضبط کی گئ تھیں۔

    واضح رہے کہ ایران میں1979کے اسلامی انقلاب کے بعد خواتین کے لئے حجاب پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے اس قانون پر پابندی میں نرمی برتی جانے لگی تھی اور کئی خواتین تہران کی سڑکوں پر بغیر مکمل اسلامی لباس کے نظر آنے لگیں تھیں۔

  • نیب راولپنڈی نے اسحاق ڈار، طارق شفیع اور موسیٰ غنی کو طلب کر لیا

    نیب راولپنڈی نے اسحاق ڈار، طارق شفیع اور موسیٰ غنی کو طلب کر لیا

    راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے اسحاق ڈار، طارق شفیع اور موسیٰ غنی کو طلب کر لیا، تینوں افراد کو تیئس اگست کو پیش ہونے کو حکم دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نااہل ہونے والے نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے بعد ان کے رفقاء کو بھی نیب راولپنڈی نے طلب کرلیا ہے، نیب راولپنڈی کی جانب سے طلبی کا نوٹس اسحاق ڈار کو ان کی گلبرگ لاہور کی رہائشگاہ پر بھیجا گیا۔

    ڈیوٹی پرموجود پولیس افسر نے کہا اسحاق ڈار تو کبھی کبھی یہاں آتے ہیں، انکا نوٹس منسٹرانکلیو اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر بھیجا جائے۔

    موسیٰ غنی کو نیب کا نوٹس اسحاق ڈار کے ہی پتے پر بھیجا گیا تھا، جس پر جواب ملا کہ وہ تو یہاں نہیں رہتے۔

    طارق شفیع کے نیب کا نوٹس ان کے ماڈل ٹاؤن کے دو گھروں پر بھیجے گئے ہیں، سابق وزیر اعظم کے تینوں ساتھیوں کو تیئس اگست کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : نیب نے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں‌ کو طلب کرلیا


    یاد رہے گذشتہ روز نیب نے نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، نواز شریف بیٹوں سمیت اٹھارہ اگست کو نیب لاہور میں پیش ہوں گے۔

    نیب کی ٹیم عزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی ،شریف خاندان کو دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے

    خیال رہے کہ عزیزیہ اسٹیل ملز کیس گیارہ اگست کو نیب راولپنڈی کے حوالے کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا اور ان سمیت خاندان کے دیگر افراد کے خلاف کیسز نیب کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ چھ ہفتوں کے اندر تمام ریفرنسز تیار کر کے احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں جو چھ ماہ میں ان کا فیصلہ کرے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔

  • نیب نے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں‌ کو طلب کرلیا

    نیب نے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں‌ کو طلب کرلیا

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے نواز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادوں کو طلب کرلیا ہے ان سے عزیزیہ اسٹیل مل کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے بیورو چیف لاہور عارف حمید بھٹی نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے 11 اگست کو اس نوٹس پر سائن کیا ہے اور نواز شریف سمیت ان کے دونوں بیٹوں کو 18 اگست کو لاہور آفس میں طلب کرلیا ہے۔


    اطلاعات ہیں کہ ان تینوں سے عزیزیہ اسٹیل مل کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی، تینوں کو کہا گیا ہے کہ 18 اگست کو وکیل کے بجائے خود پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں اور اس کیس سے متعلق دستاویزات بھی پیش کریں۔

    اس سلسلے میں نیب کی ٹیم 17 اگست کی رات کو لاہور پہنچے گی اور 18 اگست کو تینوں کا بیان قلم بند کیا جائے گی۔

    کیس نیب پنڈی کے پاس مگر حاضری نیب لاہور کے دفتر میں؟ کے سوال سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ نیب لاہور دفتر میں طلبی کا فیصلہ چیئرمین نیب کا اپنا ہے۔

    یہاں یہ بھی خیال رہے کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی نواز شریف نے خود کی تھی جب وہ وزیر اعظم کے عہدے پر تھے۔

    اسحاق ڈار کی 23 اگست کو طلبی

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے معاملے پر ایس ای سی پی کو خط لکھ اہے،اسحاق ڈار کا کیس نیب میں 23 اگست کو دیکھا جائے گا۔

    شریف خاندان عزیزیہ اسٹیل مل کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہا تھا، فواد چوہدری

    اس ضمن میں اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان نے گلف اسٹیل بیچ کر عزیزیہ اسٹیل مل لگائی تھی،عزیزیہ اسٹیل کے سرمائے کی منی ٹریل غائب ہے،شریف خاندان عزیزیہ اسٹیل کے ذرائع ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عزیزیہ کیس میں نواز شریف،حسن اور حسین گرفتار بھی ہوسکتے ہیں۔

    انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے، شیخ رشید

    اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بیٹوں کو نیب کورٹ سے ضمانتیں لینا پڑیں گی ورنہ انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے، میں خود بھی حدیبیہ پیپرز کا بڑا کیس تیار کررہا ہوں۔

  • پاناما کیس، جے آئی ٹی کا قطری شہزادے کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ

    پاناما کیس، جے آئی ٹی کا قطری شہزادے کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاناماکیس کی جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی جانب سے قطری شہزادے شیخ جاسم کو کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، گورنراسٹیٹ بینک کو بھی بلایا جائے گا، جبکہ کاشف مسعود قاضی کو بھی دوبارہ سمن جاری ہوگا۔

    خیال رہے کہ جے آئی ٹی نے قطری شہزادے شیخ جاسم کو پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا تھا۔ تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود شیخ جاسم کی جانب سے سمن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی سمجھتی ہے کہ ان افراد سے بھی تفتیش کرنا ضروری ہے۔

    اگر قطری شہزادے شیخ جاسم کی جانب سے جے آئی ٹی کے اس سمن کا بھی کوئی جواب نہیں دیا جاتا تو پھر ممکنہ طور پر سپریم کورٹ شریف خاندان کی جانب سے پیش کیے گئے قطری خط کو مسترد کر دے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل حسین نواز کی جانب سے جے آئی ٹی پر اعتراضات کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ اگر قطری شہزادہ پاکستان نہیں آتا تو خطوط کو اٹھا کر کھڑکی سے باہر پھینک دیں گے۔


    مزید پڑھیں : پاناما کیس: جےآئی ٹی کی حسین نواز سے چھ گھنٹے تک تفتیش


    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاناما لیکس کی جے آئی ٹی میں حسین نواز دوسری بار چار گھنٹے تک تحقیقاتی ٹیم کے روبرو موجود رہے جبکہ صدرنیشنل بینک صدرسعید احمد نے بھی جےآئی ٹی کوبیان ریکارڈ کرادیا۔

    جے آئی ٹی کے اجلاس کے دوران ایمبولینس کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی بلالیا گیا تھا، ایمبولینس میں موجود شخص نے اپنا تعارف ڈاکٹر عمر کے نام سے کرایا، ایمبولینس فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کیوں بلائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ پاناما کیس کی مزید تحقیقات کےلیے سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا کہ آئی ایس آئی، ایم آئی، اسٹیٹ بینک، نیب اور ایس ای سی پی کے افسران جے آئی ٹی کا حصہ ہیں۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی جانے والی جے آئی ٹی کی سربراہی ایف آئی اے کے واجد ضیاء کو دی گئی تھی، ے آئی ٹی ہر 15 روز بعد رپورٹ بینچ کو پیش کرنے اور 60 دن میں تحقیقات مکمل کرنے کی پابند ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔