Tag: summoned

  • شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف بڑی مشکل میں پھنس گئے

    شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف بڑی مشکل میں پھنس گئے

    بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف گٹکھا برانڈ کے ساتھ اپنی وابستگی کی وجہ سے قانونی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کمیشن کی جانب سے  تینوں اداکاروں کو  پان مصالحہ کے مبینہ طور پر گمراہ کن اشتہارات پر جاری کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ کمیشن نے ومل پان مصالحہ کے چیئرمین ومل کمار اگروال کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے چاروں افراد کو رواں ماہ کی 19 تاریخ کو طلب کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمیشن نے جاری کردہ نوٹس میں  کہا کہ ومل کمار سمیت تینوں اداکاروں یا تو خود یا پھر اپنے نمائدے کے ذریعے حاضری کو ممکن بنائیں ورنہ غیر حاضری کی صورت میں کمیشن اپنا یکطرفہ فیصلہ جاری کردے گی۔

    اس کے علاوہ کمیشن نے تمام اداکاروں اور پان مصالحہ مینوفیکچرنگ کمپنی کو نوٹس کی وصولی کے دن سے 30 دن کے اندر اپنے جوابات داخل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جےپور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل کی جانب سے کمیشن کو شکایت کی گئی تھی کہ پان مصالحہ میں زعفران شامل ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا  گیا ہے، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں لوگ اس مضر صحت پان مصالحے کا استعمال کر رہے ہیں اور کمپنی کروڑوں روپے کما رہی ہے۔

  • نسلہ ٹاور کے ذمہ دار افسران اینٹی کرپشن میں طلب، تاحال نہیں پہنچے

    نسلہ ٹاور کے ذمہ دار افسران اینٹی کرپشن میں طلب، تاحال نہیں پہنچے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عدالتی حکم پر مسمار کیے جانے والے نسلہ ٹاور کے ذمہ دار افسران، اینٹی کرپشن کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود تاحال بیان ریکارڈ کروانے نہیں پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری سے تعمیرات تک شامل تمام افسران کی فہرست طلب کرلی۔

    اینٹی کرپشن نے خط میں 2013 سے 2016 تک کاریکارڈ مانگ لیا، جمشید ٹاؤن میں تعینات افسران، ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور بلڈنگ انسپکٹرز کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

    اینٹی کرپشن نے خط ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ایڈمن کو لکھا تھا جس کے بعد ایس بی سی اے نے جواب میں 22 افسران کی فہرست فراہم کردی۔

    فہرست کے مطابق 22 افسران نسلہ ٹاور کی نقشے کی منظوری اور تعمیرات کے وقت تعینات رہے۔

    ذرائع اتھارٹی کے مطابق نسلہ ٹاور کا پلاٹ کمرشل کرنے میں سابق ڈی جی منظور قادر نے اہم کردار ادا کیا، پلاٹ کمرشل کرنے کے سلسلے میں سائٹ کا معائنہ بھی ہوا۔

    سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا نے حتمی منظوری دی۔ ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے نے سابق ڈی جی منظور قادر کا نام فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔

    اینٹی کرپشن نے مذکورہ تمام 22 افسران کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے 31 دسمبر کو طلب کیا تھا تاہم 22 میں سے کسی بھی افسر نے تاحال بیان ریکارڈ نہیں کروایا، نیو ائیر ہونے کے باعث افسران بیان ریکارڈ نہ کروا سکے۔

  • کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے گزشتہ برس ہونے والے کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ سوات کا فضائی آپریشن بند کر دیا کیونکہ ایک پرواز میں صرف 6 مسافروں نے سفر کیا۔

    سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت کیوں فراہم نہیں کر رہے جس پرڈی جی نے بتایا کہ سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا پراسس پائپ لائن میں ہے۔

    سینیٹر افنان اللہ نے دریافت کیا کہ پائلٹس کی جعلی لائسنسنگ کے معاملے پر کیا ہوا؟ جس پر ڈی جی نے بتایا کہ 262 میں سے صرف 82 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔ سینیٹر عون عباس نے کہا کہ لائسنس جعلی تھے تو ملوث افراد پر 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیئے، کیا موجودہ وزیر سے قبل کسی کو جعلی لائسنسز کا پتہ نہیں تھا؟

    اجلاس میں کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔

    سیکریٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے پر 455 ارب کے قرضے واجب الادا ہیں، کوشش ہے پی آئی اے کو 2 حصوں میں تقسیم کر لیا جائے۔ کابینہ کو ری اسٹرکچرنگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

  • نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج  طلب کرلیا

    نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج طلب کرلیا

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج ہیڈکوارٹرز میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ کو قومی احتساب بیورو نے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، نیب کے نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قائم علی شاہ بطوروزیر اعلیٰ سندھ حکومت کےاثاثوں کے محافظ تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قائم علی شاہ آج 3 بجے نیب ہیڈکوارٹر میں پیش ہوں گے، نیب حکام نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی عدم پیشی کی صورت میں قانونی کارروائی کا انتباہ کردیا۔

    نیب حکام نے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ قائم علی شاہ دادو شوگر ملز کو اونے پونے داموں فروخت کرکے نوڈیرو شوگر ملز کو غیر قانونی فوائد پہنچائے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے پیپلز پارٹی رہنما قائم علی شاہ کو ٹھٹہ شوگر ملز کیس میں بھی طلب کررکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب حکام کی جانب سے ٹھٹھہ شوگر مل سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس : سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور

    یاد رہے کہ گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا تھا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تھا کہ نیب نے 2 مختلف کیسز کے نوٹس لئے ہیں، اگر دوسرے کیس میں ضمانت نہیں کروائی گئی تو نیب گرفتار کر سکتی ہے۔

  • منی لانڈرنگ کیس ، نیب نے ایک بارپھر میاں منشاء کوبیٹوں سمیت کل طلب کرلیا

    منی لانڈرنگ کیس ، نیب نے ایک بارپھر میاں منشاء کوبیٹوں سمیت کل طلب کرلیا

    لاہور : پاکستان سےبرطانیہ منی لانڈرنگ کے الزام میں نیب نے صنعت کارمیاں منشاء کوتفتیش کے لئے بیٹوں سمیت کل طلب کرلیا، نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ لندن میں سینٹ جیمزہوٹل خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے صنعت کار میاں منشاء اور ان کے بیٹوں میاں حسن منشاء اور میاں عمر منشاء کو تفتیش کے لئے طلب کرلیا اور نوٹس جاری کردیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کوطلبی کےنوٹس 28 مین گلبرگ لاہور کے پتے پر پہنچا دیےگئے اور میاں منشا کے ملازمین نے طلبی کے نوٹس وصول کیے۔

    نیب کے مطابق میاں منشاء نے لاکھوں پاونڈ سے برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، ان پر یہ رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل کرنے کا الزام ہے۔

    نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ سینٹ جیمزہوٹل اینڈ کلب خریدنےکی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں، اورمالکانہ دستاویزات بھی ساتھ لائیں۔

    مزید پڑھیں :  کاروباری شخصیت میاں منشاء کی گرفتاری سے بچنے کی درخواست مسترد

    خیال  رہے اس سے پہلے نیب نے میاں منشاء اوران کےبیٹوں کوپہلےبھی دو مرتبہ طلب کیالیکن وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی میاں منشا کوشامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

    یاد رہے 11 مارچ کو  لاہور ہائی کورٹ نے کاروباری شخصیت میاں منشاء کی نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کر دی تھی اور میاں منشا کو نیب کی تفتیش میں تعاون کرنے کا حکم دیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا اگر میاں منشا کو گرفتاری کا خدشہ درخواست ضمانت دائر کریں۔

    واضح رہے میاں منشا اور اُن کے بیٹوں پرمنی لانڈرنگ کا الزام ہے، میاں منشا نے 2010 میں برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، جس کی خریداری کے لیے انہوں نے کروڑوں پاؤنڈز غیر قانونی طریقے سے برطانیہ بھیجے۔

  • بھارتی دراندازی ،  پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس  کل صبح 11 بجے طلب

    بھارتی دراندازی ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے طلب

    اسلام آباد : حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تجویزکاخیرمقدم کرتے ہوئے بھارتی دراندازی پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا ، اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمدخان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجےطلب کر لیاگیا ہے اور مشترکہ اجلاس طلب کرنے کے لئے سمری بھجوادی گئی ہے۔

    پاکستان ہماری ماں ہے، جس کی حفاظت سروں کی قربانی دے کرکریں گے، علی محمدخان

    علی محمدخان نے کہا حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تجویزکاخیرمقدم کیا، پارلیمان، سیاسی قیادت اورعوام پاکستان دشمنوں کو بھرپورجواب دیں گے ، آج اہم دن ہے،سب نےاتحادکاثبوت دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان ہماری ماں ہے، جس کی حفاظت سروں کی قربانی دے کرکریں گے، عسکری قیادت کو بھی ایوان کےجذبات سےآگاہ کر دیاگیا ہے، پوری قوم مسلح افواج کےساتھ ہے

    یاد رہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہمیں اپنی ملک کی سلامتی چاہیے، جوائنٹ پارلیمنٹ کاسیشن بلایاجائے، ہم بھارت کو بتائیں کہ جنگ کیا ہوتی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کاایشوہے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہی بلائیں، اپنےاختلافات کو پس پشت ڈال کرقوم کواعتماد میں لے کر بھارت کو پیغام دینا چاہیے کہ ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ اتحاد کا وقت ہےاس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

    ن لیگی رہنما ایازصادق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلا کر بھارت سمیت دنیا بھر کو آج ہی پیغام جانا چاہیے جبکہ اسدالرحمان نے بھی کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری بلانا چاہیے اور متفقہ پالیسی عالمی سطح پر دینی چاہیے۔

    امیرحیدرہوتی نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاک فوج کے افسران کو بھی مدعو کریں، مودی نے اپنی سیاست بچانے کیلئے خطے کا امن برباد کرنے کی کوشش کی۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے بھی قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر تفصیلی بریفنگ دینےکی ضرورت ہے، بھارت کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اورعوام متحد ہیں، ہمیں عالمی سطح پر متفقہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم بھی ایک ایٹمی طاقت ہیں۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس ، سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ چوتھی بار طلب

    جعلی اکاؤنٹس کیس ، سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ چوتھی بار طلب

    کراچی : جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے چوتھی بار طلب کرلیا گیا جبکہ عدالت نے انور مجید اور عبدالغنی مجید کو 27 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ منی لانڈرنگ اسکینڈل ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چوتھی بار طلب کرلیا، سابق صدر اور ان کی بہن کو 27 اگست پیر کی صبح گیارہ بجے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دئیے گئے۔

    ایف آئی اے کی جےآئی ٹی دونوں سے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کریں گی۔

    اس سے قبل بھی آصف زرداری اور فریال تالپور کو تین بار طلب کیا گیا تھا تاہم دونوں پیش نہیں ہوئے جبکہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ نے عدالتوں سے ضمانت لے رکھی ہے۔

    دوسری جانب عدالت نے انو ر مجید کو مزید 27 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سابق صدرآصف زرداری نے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی

    یاد رہے 17 اگست کو کراچی کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد آصف زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی جب کہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔

    واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں۔

    خیال رہے ایف آئی اے نے ایک رپورٹ میں 3 بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی نشان دہی کی تھی جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

  • پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    لاہور : پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل میں شہباز شریف کو آج نیب لاہور میں طلب کر لیا ہے ، سابق وزیر اعلی سے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کرپشن پر پوچھ گچھ ہوگی، شہباز شریف اس سے قبل ایک مرتبہ اسی کیس میں پیش ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے گرد قانون کا گھیرا تنگ  ہونے لگا۔

    نیب نے شہبازشریف کو پنجاب کی چھپن کمپنیوں میں بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے آج لاہور آفس میں طلب کر رکھا ہے، نیب کی تین رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ کریں گی۔

    https://youtu.be/fbg4xfAgvBw

    یاد رہے کمپنی کے سی ای او احد چیمہ پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔

    قبل ازیں شہباز شریف نے  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔

    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔

    شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات پر بھی طلب کیا گیا تھا، 22 جنوری کو چھوٹے میاں صاحب نیب لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ پیش ہوئے  تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پائلٹس جعلی ڈگری کیس : وزیراعظم کی بطور ‘سی ای او ایئربلیو’ عدالت میں طلبی

    پائلٹس جعلی ڈگری کیس : وزیراعظم کی بطور ‘سی ای او ایئربلیو’ عدالت میں طلبی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز کو 12 مئی کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کیس کی سماعت کی، ڈائریکٹر سول ایوی ایشن عدالت میں پیش ہوئے۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے پائلٹوں کی ڈگریاں جعلی نکلیں، جس پر وکیل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انکشاف کیا کہ 24 پائلٹوں کی ڈگریاں جعلی نکلیں، پی آئی اے کے 108 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی 117 کی باقی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کل 1972 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرانی ہے، 451 کی تصدیق کر اچکے ہیں، جن کی ڈگریاں جعلی نکلی انھوں نےحکم امتناع لےرکھے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ احکامات کےباوجود سی اے اے کو ڈگریوں سے متعلق ڈیٹا کیوں نہ دیاگیا، ائیر بلیو کے مالک کون ہیں ، جس پر وکیل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ائیر بلیو کے مالک وزیرا عظم ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے ان کو بھی بطور ائیر بلیو سربراہ طلب کر لیتے ہیں، بارہ مئی کو کراچی آکر معاملے کی وضاحت کریں۔

    چیف جسٹس نے پی آئی اے، ائیربلیو ، سرین ائیر، شاہین ائیر کے سی ای اوز کو ہفتے کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    وکلا کی جعلی ڈگریوں پر ازخود نوٹس

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حامد خان صاحب یہ بھی دیکھیں کتنے وکلاجعلی ڈگریوں پر کام کر رہےہیں؟ کیا ہمیں ان وکلا کی بھی ڈگریوں کی تصدیق کرانی چاہیے۔

    وکیل حامد خان نے کہا ہمیں بھی وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کرانی چاہیے، جس پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ کو معاملےپردرخواست دائر کرنی چاہیے۔

    چیف جسٹس نے وکلا کی جعلی ڈگریوں پر بھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام بار کونسلز کو نوٹسز جاری کردیئے ، چیف جسٹس نے کہا ایک ماہ میں وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔