Tag: Sunni Ittehad Council

  • پنجاب میں ضمنی الیکشن سے  قبل عمران خان کو بڑی کامیابی مل گئی

    پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل عمران خان کو بڑی کامیابی مل گئی

    لاہور : سنی اتحاد کونسل نے پنجاب میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی سینٹرل کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سے سنی اتحاد کونسل کے وفد نے حامد رضا کی سربراہی میں ملاقات کی۔

    سنی اتحاد کونسل کے وفد میں پیر طارق ولی ، نعیم علوی، میاں اکرم ، معین الحق اور مفتی ڈاکٹر محمد مقیم خان شامل تھے جبکہ پی ٹی آئی سے نذر محمد گوندل ، ڈاکٹر ندیم خواجہ اور ڈاکٹرعائشہ شنیلا علی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن سمیت موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر حامد رضا نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل پنجاب میں ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کرے گی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کی پی ٹی آئی کی حمایت پر شکرگزار ہیں، 17جولائی کو فتح تحریک انصاف کی ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، عوام لوٹوں کو اپنے ووٹوں سے عبرتناک شکست دیں گے۔

  • ‘جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرنے والا قوم کا غدار اور خائن ہے’

    ‘جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرنے والا قوم کا غدار اور خائن ہے’

    فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ جو شخص جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرے وہ قوم کا غدار اور خائن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے ووٹوں کی خریدوفروخت کےخلاف شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ووٹوں کی خرید و فروخت،پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بد دیانتی ہے

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوام اور ارکان پارلیمنٹ کا ووٹ کی خریدوفروخت کرناغلط ہے، ووٹ ایک امانت ہے اور اس کا درست استعمال دینی فریضہ ہے،ووٹ پر کوئی معاوضہ لیناحرام ہے۔

    سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ووٹ کا مقصد باکردار اور ملک کے خیر خواہوں کو منتخب کرنا ہے، جو شخص جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرے وہ قوم کا غدار اور خائن ہے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ جس ٹکٹ پر منتخب ہوں اسی پارٹی کی پالیسی پرعمل پیراہوں اگر سیاستدان دوسری پارٹیوں سے اتفاق رائے کرلیتا ہے تو پہلے اسمبلی سے استعفیٰ دیں۔

  • غیرت کے نام پر قتل گناہ کبیرہ قرار،چالیس علما کا اجتماعی فتویٰ جاری

    غیرت کے نام پر قتل گناہ کبیرہ قرار،چالیس علما کا اجتماعی فتویٰ جاری

    فیصل آباد : غیرت کے نام پر قتل کو غیر اسلامی فعل اور گناہ کبیرہ قرار دے دیا گیا، غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر سنی اتحاد کونسل نے شرعی اعلامیہ جاری کردیا۔

    اسلام بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کا حق دیتا ہے۔ چالیس مفتیوں کا اجتماعی فتویٰ میں حکومت سے ایسے واقعات روکنے کے لئے سخت قوانین بنانے اور ملزمان کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چالیس مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کو غیر اسلامی فعل اور بدترین گناہ قرار دے دیا ہے۔

    فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کو جائز سمجھنا کفر ہے ۔ خواتین کو پسند کی شادی کرنے پر زندہ جلانا اسلامی احکامات کے منافی ہے۔

    عورتوں کو زندہ جلانا کفر ہے ۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلام نے بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کرنے کا حق دیا ہے ۔ معاشرے میں مروج عزت اور غیرت کے خود ساختہ معیارات جہالت ، گمراہی اور کفر پر مبنی ہیں ۔

    اسلام حکمرانوں پر عورتوں کے حقوق کا تحفظ فرض قرار دیتا ہے اس لئے حکومت عورتوں کے قتل کے واقعات کو روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے ۔

    خواتین کو قتل کرنے اور زندہ جلانے کے قبیح فعل کو ناقابل معافی، ناقابل مصالحت اور نا قابل ضمانت جرم قرار دیا جائے اور ملزمان کو پھانسی دی جائے ۔

    اجتماعی فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد ، مری اور لاہور میں خواتین کو زندہ جلانے کے واقعات نے معاشرے کو لرزہ دیا ہے ۔

    سنی اتحاد کونسل کے جن مفتیوں نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں مفتی حسیب قادری ، ڈاکٹر مفتی کریم خان ، علامہ نعیم جاوید نوری ، مفتی اکبر رضوی ، مفتی رمضان جامی ، علامہ حامد سرفراز ، مفتی محمد بخش رضوی ، مولانا اکبر نقشبندی ، مفتی محمد حسین صدیقی بھی شامل ہیں۔

     

  • صاحبزادہ حامد رضا پر قاتلانہ حملہ،  بال بال بچ گئے

    صاحبزادہ حامد رضا پر قاتلانہ حملہ، بال بال بچ گئے

    فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا پر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، فیصل آباد میں ہونے والے حملے میں حامد رضا محفوظ رہے۔

    پاکستان سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی گاڑی پر موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، صاحبزادہ حامد رضا حملے میں محفوظ رہے اور انہیں معمولی زخمی ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا کا کہنا تھا کہ انہیں مسلسل کالعدم تنظیموں کی طرف سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ جس سے انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا۔

    صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ اس قبل بھی ان پرحملہ کیا گیا تھا،  قتل کی دھمکیوں کی اطلاع فیصل آباد انتظامیہ کو دیئے جانے کے باوجود خاطر خواہ سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔