Tag: Support

  • کینسر میں مبتلا حنا خان کا اپنے بوائے فرینڈ کے نام جذباتی پیغام

    کینسر میں مبتلا حنا خان کا اپنے بوائے فرینڈ کے نام جذباتی پیغام

    بھارتی اداکارہ حنا خان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے بوائے فرینڈ راکی ​​جیسوال کے لیے ایک دل کو چھو لینے والا پیغام شیئر کیا ہے۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ حنا خان چھاتی کے کینسر کے تیسرے اسٹیج میں مبتلا ہیں لیکن وہ مثبت انداز میں حالات کا سامنا کر رہی ہیں۔

    کینسر میں مبتلا حنا خان نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بوائے فرینڈ راکی ​​جیسوال کے ساتھ اپنے علاج کے دوران کی تصاویر کی ایک سیریز شیئر کی ہے، جس میں اسپتال کے کچھ لمحات بھی شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@realhinakhan)

    اپنی جذباتی پوسٹ میں حنا خان نے چھاتی کے کینسر سے جنگ کے دوران راکی ​​کی مسلسل حمایت، محبت اور موجودگی کے لیے ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔

    حنا نے بتایا کہ یہ پوسٹ بہترین انسان کے لیے جس کو میں جانتی ہوں! جب میں نے اپنا سر منڈوایا، تو اس نے بھی اپنا منڈوا لیا اور صرف اس وقت اپنے بال بڑھانے شروع کیے جب میرے بال بڑھنا شروع ہوئے۔

    حنا نے مزید کہا کہ راکی میرے لیے روشنی کی کرن ہیں، راکی نے میری مکمل دیکھ بھال کی، اس سفر میں خاص طور پر پچھلے دو مہینوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا، یہ دو مہینے میرے لیے بہت مشکل تھے، لیکن راکی تم نے میری زندگی آسان بنا دی، تم نے مجھے خود سے محبت کرنا سکھایا ہے۔

    اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ تم میرے لیے خدا کی نعمت ہو، میری خواہش ہے کہ ہر عورت کی زندگی میں تم جیسا شخص ہو، تم نے میرے لیے سانس لینا بہت آسان کر دیا، دل کی گہرائیوں سے تمہاری شکر گزار ہوں۔

    یاد رہے کہ حنا خان نے جولائی 2024 میں اپنے اسٹیج تھری بریسٹ کینسر کی تشخیص کی خبر سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں تک پہنچائی تھی۔

  • سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    ریاض: سعودی آئل کمپنی آرامکو نے توانائی کے شعبے میں چین کی معاونت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آرمکو کی مدد سے چین کی توانائی کی سپلائی دگنی ہوجائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ سعودی عریبین آئل کمپنی نے چین کی طویل مدتی انرجی سیکیورٹی اور ترقی کے لیے اپنی سپورٹ کی تصدیق کی ہے کیونکہ کمپنی پائیدار اہداف کو پورا کرنے کے لیے چینی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

    26 مارچ کو بیجنگ میں چائنہ ڈویلپمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امین ناصر کا کہنا تھا کہ آرامکو کی کم کاربن مصنوعات بنانے کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت اور چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے توانائی اور کیمیکلز کا ایک ہمہ گیر ذریعہ بننا چاہتے ہیں۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ہم چین کی توانائی کی سپلائی کو دگنا کر رہے ہیں، بشمول نئی کم کاربن مصنوعات، کیمیکلز اور جدید مواد جو اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز سے تعاون یافتہ ہیں۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو کا 2027 تک تیل کی پیداوار کو 13 ملین بیرل یومیہ تک بڑھانے کا منصوبہ چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت کو مضبوط کرے گا۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ توانائی کے مستقبل کے بارے میں آرامکو کا نظریہ چین کے ساتھ ہم آہنگ ہے، ہم چین کی طرح دہائیوں میں سوچتے ہیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ آرامکو مائع قدرتی گیس میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے پورٹ فولیو میں کم کاربن توانائی کو مستقل طور پر شامل کر رہے ہیں خاص طور پر بلیو ہائیڈروجن، بلیو امونیا، الیکٹرو فیول اور قابل تجدید ذرائع، ہم مائع قدرتی گیس میں داخلے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ مارچ کے شروع میں سعودی آرامکو نے 2022 میں 46.46 فیصد کے ریکارڈ خالص منافع میں 604.01 بلین ریال تک اضافے کی اطلاع دی جو کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں، فروخت کے بڑھتے ہوئے حجم اور ریفائنڈ مصنوعات کے مارجن میں بہتری کی وجہ سے ہے۔

    مالیاتی نتائج کا اعلان کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران امین ناصر نے عرب نیوز کو بتایا کہ توانائی کی منتقلی صرف اس صورت میں ہوگی جب استطاعت، فراہمی کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کے اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کرنے کے لیے تکنیکی ترقی اور جدت کے ذریعے مادی منتقلی بہت ضروری ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہمارے پاس 12 عالمی مراکز ہیں جن میں سے زیادہ تر پائیداری پر کام کرتے ہیں، آرامکو اور دیگر کے لیے مادی منتقلی بہت اہم ہے کیونکہ مادی منتقلی کے بغیر موسمیاتی تبدیلی کی خواہشات کو حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا۔

  • بھارتی فاسٹ بولر ٹرولز کی زد میں، اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دی

    بھارتی فاسٹ بولر ٹرولز کی زد میں، اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دی

    نئی دہلی: آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بری کارکردگی دکھانے والے بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار پر ٹرولز نے زبانی حملے شروع کردیے جس کے بعد کھلاڑی کی اہلیہ نے ناقدین کو کھری کھری سنا دیں۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے آسٹریلیا کے خلاف موہالی ٹی 20 میں اپنے 4 اوورز میں 52 رنز دیے اور اس دوران وہ کوئی بھی وکٹ نہ لے سکے، میچ کے 19 ویں اوور میں وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے۔

    اس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں بری طرح ٹرول کیا جانے لگا جس کے بعد ان کی اہلیہ نوپور ناگر شوہر کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آگئیں۔

    ٹرولز کو کھری کھری سناتے ہوئے انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ آج کل لوگ ناکارہ ہوگئے ہیں، ان کے پاس کوئی کام نہیں اور وہ اتنے فارغ ہیں کہ ان کے پاس نفرت پھیلانے کے لیے بہت سا وقت ہے۔

    نوپور نے لکھا کہ میرا ان سب کو مشورہ ہے کہ آپ کے کچھ بھی کہنے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ایسے میں آپ اس وقت کو خود کو بہتر بنانے میں لگائیں، حالانکہ اس کا اسکوپ بہت کم ہے۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز ہوئی تھی جو بھارت نے 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

  • ارطغرل غازی نے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھا دی

    ارطغرل غازی نے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھا دی

    مشہور و معروف ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انگین آلتان نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھا دی، انہوں نے لکھا کہ فلسطین کو آزاد کرو۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت پانے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین آلتان نے بھی اسرائیل کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصٰی پر حملےاور غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری اور تشدد کے واقعات کی مذمت کی ہے۔

    انگین آلتان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے خصوصی انسٹا اسٹوری شیئر کی۔

    انہوں نے لکھا کہ اب یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے دل و دماغ کہہ رہے ہیں کہ یروشلم میں جو ہوا وہ ناقابل بیان درد ہے۔ اداکار نے مزید لکھا کہ فلسطین کو آزاد کرو۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے عین الوزہ میں ابھی بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہوگئی، 13 بچے بھی شہدا میں شامل ہیں۔

    اب تک ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

  • امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    بیجنگ : چینی پارلیمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی پارلیمنٹ کے ترجمان یو وینزے نے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کی جانب سے ہانگ کانگ میں جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کی حمایت میں بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو ایک بیان میں انھوں نے امریکی قانون سازوں کے بیانات کو قانون کی حکمرانی کی روح کی سنگین خلاف ورزی ،ننگا دہرا معیار اور چین کے داخلی امور میں کھلی مداخلت قرار دیا ۔

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں تاہم چینی ترجمان نے اپنے بیان میں کسی خاص امریکی قانون ساز یا اس کے بیان کا حوالہ نہیں دیا ہے۔

    امریکی سینیٹ اور ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت متعدد ارکان نے ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی پاسداری اور ہانگ کانگ کی حکومت پر تعطل ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی کانگریس کو ایسی قانون سازی کا اختیار حاصل ہے جس کے تحت ہانگ کانگ کی تجارتی حیثیت متاثر ہوسکتی ہے۔

  • سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے مدد جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے مدد جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    ریاض : سعودی عرب نے سوڈانی قوتوں کے درمیان مصالحتی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا ہے، عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سوڈانی قوم کو بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے مل کرآگے بڑھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سوڈان میں فوج اور سیاسی قوتوں کے درمیان سمجھوتا ملک کی تعمیر نو، اقتصادی اور دفاعی ترقی کے اعتبار سے اہم سنگ میل ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے ہرممکن معاونت جاری رکھے گا،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سوڈانی قوتوں کے درمیان مصالحتی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوڈانی قوم کو بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے مل کرآگے بڑھنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ ہفتے کے روز سوڈان کی فوج اور اپوزیشن جماعتوں نے عالمی وفود کی موجودگی میں ایک تاریخی سمجھوتے پر اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تاریخی معاہدے پر اپوزیشن کے احمد ربیع اور عسکری کونسل کے محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی نے دستخط کیے، اس موقع پر مصری وزیراعظم اور سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سمیت کئی عالمی شخصیات موجود تھیں۔

  • طلباء کی رہائی کےلیے ہانگ کانگ میں مدر مارچ

    طلباء کی رہائی کےلیے ہانگ کانگ میں مدر مارچ

    ہانگ ہانگ سٹی : ہانگ کانگ میں متنازع بل کے خلاف مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے طلبا کی رہائی کے لیے 10 ہزار سے زائد مائیں سڑکوں پر نکل آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کی سڑکوں پر اپنی نوعیت کا انوکھا ترین احتجاج کیا جا رہا ہے اس احتجاج میں صرف مائیں شامل ہیں جن کا مطالبہ حکومت مخالف مظاہروں میں شامل ہونے کے جرم میں گرفتار بیٹوں کی باعزت رہائی ہے۔

    اس احتجاج کو ’مدر مارچ‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں 10 ہزار سے زائد مائیں شریک ہیں، احتجاجی ماؤں نے موبائل کی ٹارچ لائٹ کو جلا کر اپنے ہاتھ اس طرح بلند کر رکھے تھے جیسے امن کی مشعلیں تھامی ہوں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ماؤں نے بینرز ٹھا رکھے تھے جس میں طلبا کی رہائی کے مطالبے درج تھے اور حکومت کے ملزمان کو چین حوالگی کے متنازع بل کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی حکومت نے ملزمان کی چین کو حوالگی کا بل منظور کیا تھا جس کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر حملے کیے اور سڑکیں بند کردی تھیں، ہانگ کانگ کی منتظم اعلیٰ نے بل معطل کردیا تھا تاہم مظاہرین بل کی منسوخی پر بضد رہے۔

  • اردن بدستور اسرائیل، فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی

    اردن بدستور اسرائیل، فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی

    عمان : شاہ عبداللہ دوم نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت اور اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن نے اسرائیلی ،فلسطینی تنازع کے دوریاستی حل کی حمایت کا ا عادہ کیا ہے اور اس طرح اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حل سے ماورا کسی امن منصوبے کی حمایت نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں آئندہ ماہ ہونے والی مجوزہ فلسطین کانفرنس کے لیے خطے کے ممالک کی حمایت کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

    صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کوشنر اور مشرقِ اوسط کے لیے خصوصی ایلچی جیسن گرین بلاٹ نے عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی ہے۔

    اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی بطرا کے مطابق دونوں فریقوں نے خطے میں ہونے والی پیش رفت اور بالخصوص فلسطینی ، اسرائیلی تنازع کے حل کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    شاہ عبداللہ دوم نے تنازع کے دوریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ان کا یہ موقف صدر ٹرمپ کی اب تک صیغہ راز میں ” صدی کی ڈیل“ سے متصادم نظر آتا ہے، اردن امریکا کا خطے میں اہم اتحادی ملک خیال کیا جاتا ہے لیکن اس نے ابھی تک 25 اور 26 جون کو منامہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    فلسطینی حکومت نے اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس سے اس ضمن میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔وہ ٹرمپ انتظامیہ کے مجوزہ مشرقِ اوسط امن منصوبے کو بھی مسترد کرچکی ہے، جیرڈ کوشنر مراکش سے عمان پہنچے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے قیام کے لیے معاشی اساس پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس میں فلسطینی ریاست ایسے بنیادی سیاسی امور پر غور نہیں کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرین بلاٹ اور کوشنر نے رباط میں مراکش کے شاہ محمد ششم سے ملاقات کی تھی اور ان سے مراکش کی منامہ میں ہونے والی مجوزہ امن کانفرنس کے لیے حمایت پر تبادلہ خیال کیا تھا تاہم مراکشی حکام نے مسٹر کوشنر کے دورے کے حوالے سے کسی تبصرے سے انکار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اردن کا امریکا سے ملنے والی سیاسی اور فوجی امداد پر انحصار ہے، اس لیے اس کے لیے منامہ کانفرنس کے دعوت نامے کو مسترد کرنا مشکل ہوگا لیکن فلسطین نژاد کثیر آبادی کی مخالفت کے پیش نظر اس کے لیے ایسے کسی امن منصوبے کو قبول کرنا مشکل ہوگا جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضمانت ہی نہ دی گئی ہو۔

  • اونرا کا فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر نے کا اعلان

    اونرا کا فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر نے کا اعلان

    یروشلم : فلسطینی پناہ گزینوں کے امور کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونروا کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کیے جانے کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اونروا کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے پر فلسطین کے بعد لبنان میں بھی موجود فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاج کیا اور اونروا کے خلاف دھرنا دیا۔

    اونروا نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ وہ مالی بحران کے باعث فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر دیں گے۔اونروا کے اس اعلان کے بعد لبنان میں سول سوسائٹی، ملازمین یونین، عوامی کمیٹیوں اور این جی اوز کے ساتھ ساتھ اقوامتحدہ میں فلسطینی ملازمین نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اونروا کی طرف سے اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے سے 3000 فلسطینی طلباءکا مستقبل داﺅ پر لگ جائے گا جب کہ 10 ہزار طلباءکے موسم سرما کے تعلیمی پروگرام متاثر ہوں گے اور 250 فلسطینی ملازمین کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    فلسطینی پناہ گزینوں کے دفاع کی ذمہ دار کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل علی ھویدی نے بیروت میں منعقدہ مظاہرے سے ٹیلیونک خطاب میں کہا کہ انہیں اس ریلی میں براہ راست شرکت نہ کرنے کا افسوس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اونروا کے اسٹڈی سپورٹ پروگرام کے ذریعے فلسطینی پناہ گزین طلباءکے 70 فی صد تعلیمی اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔

  • ایران میں عالم دین کے قاتلوں کی حمایت کرنے والے 32 افراد گرفتار

    ایران میں عالم دین کے قاتلوں کی حمایت کرنے والے 32 افراد گرفتار

    تہران : ایرانی پولیس نے صوبہ حمدان عالم دین کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے شخص سے اظہار یکجہتی کرنے کے جرم میں 32 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صوبے حمدان میں ہفتے کے روز ایک شخص نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر معروف عالم دین مصطفیٰ غٓسمی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں عالم دین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران نے معروف عالم دین کے قتل کے الزامات کا سامنا کرنے والے ملزم کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر حمایت کرنے پر 32 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حمدان میں بہروز ہاجیلوئی نامی شخص نے مبینہ طور پر مصطفیٰ غاسمی کو ان کے مدرسے کے باہر گولی مار کر جاں بحق کردیا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بہروز نے اپنے اس جرم کا اقرار انسٹاگرام پر کیا تھا تاہم بعد ازاں اس نے اپنی وہ پوسٹ ہٹادی تھی۔

    حمدان پولیس کے سربراہ بخشالی کامرانی کا کہنا تھا کہ بہروز کے نجی انسٹاگرام پیج پر حمایتی پیغام بھیجنے والے 32 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ہاجی لوئی کے انسٹاگرام اکاونٹ میں اسے پستول، شاٹ گن اور خودمختار رائفلز کے ہمراہ دیکھا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہاجی لوئی کی گاڑی کو ٹریک کیا گیا جس کے بعد اس نے پولیس سے جھڑپ کی جس پر گولی لگنے سے وہ ہلاک ہوگیا ہے۔ اس قتل کے واقعے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسلحہ کی آن لائن تجارت کے خاتمے کے لیے کریک ڈاون کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    خیال رہے کہ ایران میں علما کرام کے قتل کے واقعات حالیہ سالوں میں بہت کم رونما ہوئے ہیں تاہم نومبر کے مہینے میں شمالی مشرقی صوبے گولستان میں سنی امام کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔