Tag: Supreme Court Bar

  • سپریم کورٹ بار کا ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان

    سپریم کورٹ بار کا ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان

    اسلام آباد : پشاور دھماکے میں ہونے والی اموات اور دہشت گردی کیخلاف سپریم کورٹ بار نے کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے سپریم کورٹ بار کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پشاور دھماکے میں 102افراد کی شہادتیں بہت بڑا سانحہ ہے، ملک بھر کی بار کل شہداء کیلئے دعائے مغفرت کریں گی۔

    اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت تمام شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو ہر قسم کی قانونی اور مالی معاونت فراہم کرے۔

    سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدام کرے، سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ، ڈسٹرکٹ کورٹ بار کی دہشت گردی کی لہر پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

  • عمران خان پر قاتلانہ حملہ : سپریم کورٹ بار کا بڑا مطالبہ

    عمران خان پر قاتلانہ حملہ : سپریم کورٹ بار کا بڑا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی ایف آئی آر کے اندراج کیخلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی سوال اٹھا دیا۔

    سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عمران خان کی مرضی کی ایف آئی آر درج نہ ہونا ریاست کی ناکامی قرار دے دیا۔

    اس حوالے سے صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر قانونی تقاضوں کے مطابق درج کی جائے۔

    سپریم کورٹ بار نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں واقعے کی ایف آئی آر فوری طور پر قانون کے مطابق درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے، ایف آئی آر درج نہ کرنا غیرقانونی اور عدالتی فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، شہریوں کے حقوق اور جان ومال کا تحفظ کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

    صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا کہ ہمارا اور کوئی مطالبہ نہیں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے، مدعی کی مرضی کی ایف آئی آر درج ہونی چاہئے اور یہی اس ملک کا قانون ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ ایف آئی آر میں مدعی کی شکایت درج ہوتی ہے۔،

    عابد زبیری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی گئی، یہ نہیں کہا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز عمران خان پرقاتلانہ حملےکامقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیاگیا تھا، ایف آئی آرمیں فائرنگ کرنیوالے ملزم نوید ولد بشیرکو نامزد کیا گیا تھا اور قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

    پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر پی ٹی آئی کی درخواست سے مطابقت نہیں رکھتی تھی ، عمران خان کی جانب سے بتائے گئے ناموں کو ایف آئی آر میں ملزم نامزد نہیں کیاگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ایف آئی آر کی رپورٹ سپریم کور ٹ میں جمع

    یاد رہے کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران حملے کا مقدمہ درج کرنے کی رپورٹ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کروا دی ہے۔

    آئی جی پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلانہ حملے کا مقدمہ وزیر آباد کے سٹی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقدام دفعہ 302، 324 کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں،

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹوں میں عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے اندراج کی رپورٹ طلب کی تھی۔

  • چوہدری نثار اور رانا ثنا مستعفی ہوجائیں، سپریم کورٹ بار

    چوہدری نثار اور رانا ثنا مستعفی ہوجائیں، سپریم کورٹ بار

    لاہور: سپریم کورٹ بار نے چوہدری نثار اور رانا ثنا اللہ سے فوری طورپر مستعفی ہونے اور وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر مامور پولیس واپس بلانے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عابد خان نے بتایا کہ سپریم کورٹ بار نے کہا ہے کہ امن و امان کے حالات انتہائی مخدوش ہوچکے ہیں خاص طور پر پنجاب میں حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں اس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے اس لیے وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر داخلہ پنجاب ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔


    سیکریٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آفتاب باجوہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، وی آئی پی شخصیات اور سیاست دانوں کی سیکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، حکومت فوری طور پر یہ سیکیورٹی واپس لے کر اسے عوام کے تحفظ پر لگائے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ سیاست دان اور وی آئی پی شخصیات اپنی سیکیورٹی چاہتی ہیں تو اس کے اخراجات اپنی جیب سے برداشت کریں اور نجی گارڈز رکھیں۔

  • غیرت کے نام پر قتل، عاصمہ جہانگیرکی سربراہی میں کمیٹی قائم

    غیرت کے نام پر قتل، عاصمہ جہانگیرکی سربراہی میں کمیٹی قائم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ بارنے مری میں لڑکی کو غیرت کے نام پرجلاکرہلاک کرنے کے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جس کی سربراہی عاصمہ جہانگیرکریں گی۔

    سپریم کورٹ بار نے اپنے حالیہ اجلاس میں اس صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کی وارداتوں میں خطر ناک حد تک تیزی اور اضافے کو ملک کے نظام انصاف کی ناکامی قراردیا۔

    سپریم کورٹ بارکے صدرعلی ظفر نے اس ضمن میں بار کی جانب سے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی سینئیر وکیل عاصمہ جہانگیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو مری میں ہونے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے اس حوالے سے قانونی اقدام کی سفارش کرے گی۔

    وکلاء کے اس قدم کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ نے بھی کچھ خانہ پری کرنے کی کوشش کی ہے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پانچ منٹ کے لئے لاہورمیں ماں کے ہاتھوں بیٹی کے قتل پراجلاس ملتوی کیا اور خواتین بل کی منظوری کے لئے مشترکہ اجلاس بنانے پربھی زوردیا۔

      واضح رہے کہ رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو مری کی تحصیل ڈیوال میں نامعلوم افراد نے اسکول ٹیچر کو رشتے سے انکار کرنے پر تشدد کرنے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی۔

  • وکلا برادری کا غیر آئینی مطالبات کے خلاف کل ملک گیر عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

    وکلا برادری کا غیر آئینی مطالبات کے خلاف کل ملک گیر عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے اور غیر آئینی مطالبات کے خلاف کل ملک گیر عدالتی با ئیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    پاکستان بار اور سپریم کورٹ بارز کے نمائندوں کا ایک مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اجلاس نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے غیر آئینی مطالبات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اعلان کیاکہ ملک میں کسی بھی قسم کی غیر آئینی تبدیلی ملک کے مستقبل کے لئے تباہ کن ہو گی اور ایسی کسی بھی تبدیلی کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں احتراز اور برد باری کا مظاہرہ کریں اجلاس میں قرار دیا گیا کہ شفاف اور غیر جانب دار انتخابات کے لئے غیر جانب دار اور خود مختار الیکشن کمیشن ہو نا لازمی ہے اس ضمن میں سپریم کورٹ ورکرز پارٹی فیصلہ کی روشنی میں قانون سازی کی جائے اجلاس میں کہا گیا کہ غیر قانونی ہلاکتیں وہ لاہور مین ہوں یا کسی بھی صوبے میں قابل مذمت ہیں اجلاس نے تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک کو بھی ملکی مفاد کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔