Tag: supreme court of India

  • آرٹیکل 370 کا خاتمہ: پاکستانی وکیل نے بھارتی سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

    آرٹیکل 370 کا خاتمہ: پاکستانی وکیل نے بھارتی سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر پاکستانی وکیل اظہر صدیق نے بھارتی سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینے کے لیے خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی وکیل اظہر صدیق نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت میں تبدیلی ریاستی اسمبلی کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکتی۔

    خط کے متن کے مطابق بھارت کا صدارتی آرڈیننس بھارتی آئین کی خلاف ورزی ہے، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے آرٹیکل 370 ختم نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 میں اس طرح سے کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کر کے اقوام متحدہ کی قرارداد اور شملہ معاہدے کی نفی کی گئی۔

    خط میں استدعا کی گئی ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کشمیریوں کے آئینی حقوق پر مارے گئے شب خون کا از خود نوٹس لے اور پاکستانی وکلا کو کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ تک رسائی کی اجازت دی جائے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • من موہن سنگھ کی عدالت میں پیشی کے خلاف حکمِ امتناعی جاری

    من موہن سنگھ کی عدالت میں پیشی کے خلاف حکمِ امتناعی جاری

    نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کی عدالت میں پیشی کے خلاف درخواست پرحکم امتناع جاری کردیا۔

    خصوصی عدالت نے کوئلہ کرپشن کیس میں من موہن سنگھ کوآٹھ اپریل کوعدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اوردیگرافراد کوکوئلے کی کانوں کے ٹھیکوں میں کرپشن،عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے اورمجرمانہ سازشوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کاحکم دیا تھا۔

    من موہن سنگھ نے عدالت میں پیشی کے خلاف پچیس مارچ کودرخواست دائر کی تھی جس پرسپریم کورٹ نے حکم امتناعی جاری کردیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے کوئلہ اسکینڈل کیس میں سی بی آئی کو نوٹس بھی جاری کیاہے۔