Tag: supreme court

  • جوڈیشل کمیشن کا قیام : حکومت نے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

    جوڈیشل کمیشن کا قیام : حکومت نے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نےعام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو جوڈیشل  کمیشن کی تشکیل کا خط لکھ دیا ہے، جو سپریم کورٹ کو موصول ہوگیا ہے۔

    وزارت پارلیمانی امورکی جانب سے لکھےگئےخط میں صدارتی آرڈیننس کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔آرڈیننس کے مطابق کمیشن تین ججز پر مشتمل ہوگا۔

    وزارت قانون کی جانب سے وزارت پارلیمانی امور کا تحریر کردہ خطرجسٹرار سپریم کورٹ کو منگل کے روز ایک دن کی تاخیر سے ملا۔

    خط میں چیف جسٹس ناصر الملک سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ کمیشن کے قیام کے ضمن میں صدارتی آرڈیننس کی روشنی میں تین جج نامزد کریں جن میں سے ایک جج کی نامزدگی بطور چئیرمین کمیشن کی جائے اور اگر چیف جسٹس خود اس کمیشن کا حصہ بننا پسند فرمائیں تو چئیرمین کے فرائض بھی وہ خود ہی سرانجام دیں گے۔

    آرڈیننس کے مطابق کمیشن پینتالیس روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دے گا کہ کیا دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کیخلاف بھرپور تحریک چلائی گئی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں جو دھاندلی ہوئی ہے اس کی تفتیش ہونی چاہیئے، جنہوں نے دھاندلی کی انھیں پکڑا جائے، نادرا کے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے۔

    دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے بغیر کوئی فائدہ نہیں۔انھوں نے کہا کہ شفاف انتخابات تک ملک میں جہموریت نہیں آنے والی، حقیقی جہموریت کی وجہ سے میرٹ کا نظام آتا ہے۔

    جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے  بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ملک کے بیس حلقوں میں دو ہزار تیرہ کے عام انتخا بات میں منظم یا جزوی دھاندلی ثابت ہوگئی ہے۔

    تسلیم شدہ دھا ندلی زدہ حلقوں میں قومی اسمبلی کے سات، اور صوبائی اسمبلیوں کے تیرہ حلقے شامل ہیں۔ بعد ازاں حکومت اور پی ٹی آئی  کے درمیان طویل گفت و شنید کے بعد حکومت نے عدالتی کمیشن قائم کردیا،معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

    رواں ماہ دو اپریل کوپنجاب ہائوس اسلام آباد میں عدالتی کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، معاہدے پر حکومت کی جانب سے اسٰحق ڈار جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی نے دستخط کئے ۔

    اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے وزیر خزانہ جبکہ جہانگیر ترین اوراسد عمر نےشاہ محمود قریشی کی معاونت کی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی معاہدے پر دستخط کئے۔

  • فوجی عدالتوں نے چھ دہشت گردوں کوموت کی سزا سنادی ، آئی ایس پی آر

    فوجی عدالتوں نے چھ دہشت گردوں کوموت کی سزا سنادی ، آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: دہشت گردوں کو سزائیں دینے کے لیے حال میں قائم کردہ فوجی عدالتوں نے سنگین جرائم میں ملوث سات دہشت گردوں کوسزائیں سنا دی گئیں ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ٹوئٹ کے مطابق تمام سات دہشت گردوں کو سنگین دہشت گردی بشمول بے گناہ انسانوں کو ذبح کرنے ، خودکش حملوں ، اغوا برائے تاوان اور جان و مال کو نقصان پہنچانے کے جرائم ثابت ہونے پر فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی گئیں۔

     پاکستان آرمی ترمیمی ایکٹ دو ہزار پندرہ کے تحت ان دہشت ردوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے جس کے بعد نور سعید، حیدر علی، مراد خان، عنایت اللہ، اسرار الدین اور قاری زاہر کو سزائے موت جبکہ عباس کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

     

     پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں کی طرف سے دی گئی سزاوٴں کی توثیق کردی ہے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے تمام ملزمان کو اپنی سزاوٴں کے خلاف ایک اپیل کا حق حاصل ہوگا۔

  • عدالت کا شریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کو تیل سپلائی روکنےکاحکم

    عدالت کا شریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کو تیل سپلائی روکنےکاحکم

    کراچی :سپریم کورٹ نے شریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کو تیل کی سپلائی روکنے کا حکم دیدیا۔

    سپریم کورٹ میں آئل ٹینکرز منتقلی کیس پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ایک ماہ بعد کراچی کے علاقے شریں جناح کالونی میں کھڑے آئل ٹینکرز کو تیل کی سپلائی نہ کی جائے۔

    سپریم کورٹ نے کراچی کی شیریں جناح کالونی سے تمام آئل ٹینکرز کو کے پی ٹی کی پارکنگ میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    آئل ٹینکرز کو منتقل نہ کیے جانے پر سپریم کورٹ نے تیل کی سپلائی روکنے کا حکم دیا ہے۔

  • صولت مرزا کی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد موخر

    صولت مرزا کی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد موخر

    کراچی: اعترافی بیان منظر عام پر آنے کے بعد صولت مرزا کی پھانسی کوتا حکم ثانی موخر کردیا گیا ہے۔

    پھانسی سے چند گھنٹے قبل صولت مرزا نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپیل کی تھی کہ میری پھانسی مؤخر کی جائے تاکہ ماضی میں کی گئی غلطیوں کا ازالہ کر سکوں، صولت مرزا کا آخری ویڈیو پیغام سامنے آنے کے بعد وزارت داخلہ نے ایوان صدر سے رابطہ کیا اور مجرم کے ویڈیو بیان پر تحقیقات کو ضروری قرار دیتے ہوئے مجرم کی پھانسی روکنے کی درخواست کی۔

    ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا تھا کہ مجرم کی جانب سے کیے گئے انکشافات کی تحقیقات ضروری ہیں اس لیے مجرم کی پھانسی کا فیصلہ کرنے کے لیے مزید وقت چاہئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی درخواست کےبعد صدر ممنون حسین نے صولت مرزا کی پھانسی مؤخر کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک تحقیقاتی کمیٹی صولت مرزاسےازسرنوتحقیقات کرےگی۔

  • میں دنیا کے سامنے آج نشان عبرت کی طرح ہوں، صولت مرزا

    میں دنیا کے سامنے آج نشان عبرت کی طرح ہوں، صولت مرزا

    کراچی : ٹارگٹ کلنگ کے جرم میں سزائے موت کے منتظرصولت مرزا نے کہا ہے کہ میں آج نشان عبرت ہوں کل تک میں ایم کیو ایم کا کارکن تھا۔

    پھانسی سے چند دن قبل صولت مرزا نے دیئے گئے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں دنیا کے سامنے آج نشان عبرت کی طرح ہوں، جو مشہور ہوتا ہے اسے راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے، مجھے فیلمی کا ڈر ہے میری فیلمی کا کوئی بھی شخص ایم کیو ایم میں نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو کارکن پکڑے جاتے ہیں ان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جاتا ہے، کارکنان سے اپیل ہے کہ اپنی آنکھیں کھولیں، ہوش کریں ورنہ پچھتاوے کے سوا کچھ نہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ میری پھانسی ملتوی کی جائے اور مجھے میری غلطیوں کے ازلالے کا وقت دیا جائے۔

    صولت مرزا کا کہنا ہے کہ ہم سے کام کروایا گیا، الطاف حسین بابرغوری کے ذریعے ہدایت دیا کرتے تھے، بابرغوری کے گھر پرہم چار لوگوں بلایا گیا تھا۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ مصطفی کمال کو ذلیل کرواکے نکالا گیا۔ عظیم احمد طارق کو بھی الطاف حسین کے کہنے پرقتل کروایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مجھ سے تعاون کیا، جبکہ ایم کیو ایم نے کام نکل جانے کے بعد مجھے ٹیشو پیپر کی طرح پھینک دیا تھا۔

  • صولت مرزا کو کل صبح پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل

    صولت مرزا کو کل صبح پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل

    کراچی: صولت مرزا کی اپیل سپریم کورٹ نے بھی مسترد کردی، تہرے قتل کے مجرم کوجمعرات کومچھ جیل پھانسی دی جائےگی، رشتہ داروں سےملاقات کرادی گئی۔

    سپریم کورٹ میں صولت مرزا کی سزائے موت کیخلاف نظرثانی کی دوسری اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے سزا برقرار رکھا گیا ہے۔

     سینٹرل جیل مچھ میں صولت مرزا کو انیس مارچ کی صبح تختہ دار پرلٹکایاجائےگا،جبکہ صولت مرزا کی بہن نے سندھ ہائیکورٹ میں صولت مرزا کی کراچی منتقلی کی درخواست دائرکی تھی جو منظور نہیں ہوئی اور صولت مرزاکےریڈوارنٹ جاری ہوگئے۔

     بعض ذرائع کے مطابق مچھ جیل میں رشتہ داروں سےملاقات کرادی گئی صولت مرزا کو کے ای ایس سی کےسابق ایم ڈی شاہدحامد سمیت تین افراد کے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزاسنائی گئی ہے،مقتول شاہد حامد کی بیوہ نے صولت مرزا کوشناخت کرلیا تھا۔

    صولت مرزا کو کل صبح پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، مچھ جیل میں صولت مرزا کی تازہ ترین تصویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

  • سپریم کورٹ: صولت مرزا کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد

    سپریم کورٹ: صولت مرزا کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک نے صولت مرزا کی جانب سے سزائے موت کے خلاف دوسری دفعہ نظر ثانی کی درخواست پر رجسٹرار کا اعتراض درست قرار دے دیا ہے۔

    جس کے نتیجے میں صولت مرزا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے صولت مرزا کو سنایا جانے والا سزائے موت کا حکم برقرار رکھا گیا، صولت مرزا کو کراچی الیکٹرک کمپنی کے ایم ڈی شاہد حامد کے قتل میں خصوصی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

    جس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ نے اپیل مسترد کردی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل اور پھر اس پر نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی تھی لیکن صولت مرزا کی جانب سے دوسری مرتبہ پھر فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    جس پر رجسٹرار نے یہ اعتراض عائد کیا تھا کہ رولز کے مطابق نظر ثانی کی درخواست دو مرتبہ دائر نہیں کی جاسکتی لیکن صولت مرزا نے رجسٹرار کے اس اعتراض کے خلاف بھی اپیل دائر کی۔

    جس کی سماعت چیف جسٹس نے آج صبح اپنے چیمبر میں کی اور مختصر سماعت کے بعد اپیل مسترد کردی، چیف جسٹس نے اپنے جاری کردہ مختصر حکم میں لکھا کہ درخواست گزار صولت مرزا کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے فیصلے میں نہ تو کسی غلطی کی نشاندہی کرسکے نہ ہی کوئی ایسی بنیاد فراہم کرسکے جس کی بنا ء پر فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جاسکے۔

    لہذا رجسٹرار کا اعتراض درست قرار دیتے ہوئے اپیل مسترد کی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کی رحم کی اپیل صدرِ مملکت نے بھی مسترد کردی ہے جبکہ سیشن کورٹ نے صولت مرزا کے ڈیتھ ورانٹ جاری کر رکھے ہیں، جن کے مطابق صولت مرزا کو 19مارچ کو پھانسی دی جائے گی۔

    دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں صولت مرزا کی کراچی جیل منتقلی سے متعلق درخواست بھی مسترد کردی گئی، سندھ ہائیکورٹ نے ایک اور سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی پھانسی روکنے کی درخواست کو بھی مسترد کردیا۔

    شفقت حسین اور صولت مرزا انیس مارچ کو تختہ دار پر لٹکائے جائیں گے۔

  • کراچی: صولت مرزا کی درخواست پردوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم

    کراچی: صولت مرزا کی درخواست پردوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم

    کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ کی خلاف درخواست پردوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

    ڈیتھ وارنٹ کے خلاف درخواست صولت مرزا کی ہمشیرہ نے دائر کی، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صولت مرزا کو عدالت میں پیش کیا جائے، تمام اعتراضات دُور ہوجائیں گے۔ درخواست میں کہا گیا سزائے موت کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل زیرِسماعت ہے۔ اسلئے ڈیتھ وارنٹ روکا جائے۔

    درخواست گزار کے مطابق ڈیتھ وارنٹ کی کاپی تاحال موصول نہیں ہوئی۔ تاہم عدالت نےصولت مرزاکی درخواست پردوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    گزشتہ روزصولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ کی کاپی نہ ہونے کی بناء پر درخواست پر اعتراض لگایا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ  صولت مرزا کی پھانسی کے لئے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے گئے ہیں، صولت مرزا کی سزائے موت پر 19 مارچ کی صبح ساڑھے پانچ بجے عملدرآمد کیا جائے گا۔

     صولت مرزا نے 5جولائی 1997 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کے ای ایس سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اشرف بروہی اور گن مین خان اکبر کے قتل کیا تھا، جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگئے تھے۔

    اس تہرے قتل کے جرم میں صولت مرزا کو مئی 1999پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

    صولت مرزا نے بالترتیب سندھ ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اور صدرِ پاکستان سے رحم کی اپیل کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

    صولت مرزا کو 2014 میں سیکیورٹی کے سبب کراچی سے مچھ جیل بلوچستان منتقل کیا گیا تھا۔

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 20 ستمبر کو ہونگے، الیکشن کمیشن

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 20 ستمبر کو ہونگے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 20 ستمبر کو ہونگے، ملک کے تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 28 جولائی جبکہ 24 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ خیبرپختونخواہ، پنجاب اور سندھ کیلئے 50کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوگی تاہم تینوں سرکاری پرنٹنگ پریس نے بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز مقررہ مدت میں چھاپنے سے معذرت کرلی ہے۔

     سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ کیلئے چالیس سے بیالیس کروڑ جبکہ خیبرپختونخواہ کیلئے آٹھ سے دس کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھاپے جائینگے۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے25 روز میں 50 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ۔

     شیرافگن نے بتایا کہ سیکیورٹی پرنٹنگ پریس کراچی نے 6لاکھ بیلٹ پیپرز یومیہ چھاپنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ساڑھے سات کروڑبیلٹ پیپرز 25روز میں چھاپے گا، پوسٹ آفس فاونڈیشن نے 2 کروڑ بیلٹ پیپر 25 روز میں چھاپنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بقیہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے پرائیویٹ پرنٹگ پریس سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

  • اسلام آباد25جولائی، سندھ اور پنجاب میں 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

    اسلام آباد25جولائی، سندھ اور پنجاب میں 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نےاسلام آباد میں پچیس جولائی، پنجاب اور سندھ میں بیس ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخاب کا شیڈول عدالت میں جمع کرادیا، شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں پچیس جولائی، سندھ اور پنجاب میں بیس ستمبر کو بلدیاتی انتخاب ہوں گے۔

    جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن دی گئی تاریخوں پر انتخابات یقینی بنائے۔

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ان تاریخوں میں پنجاب میں سیلاب آتا ہے، جس پر جسٹس جواد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں اِن تاریخوں میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوں۔

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ نہیں میں دعاگو ہوں کہ ان تاریخوں میں کوئی بڑی آفت نہ آئے، کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ۔