Tag: surjani Town

  • کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

    کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

    کراچی میں ایک اور بچہ انتظامیہ کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا، سرجانی ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں 3 سالہ  بچہ گر کر لقمہ اجل بن گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے حسن بروہی گوٹھ میں ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا، بچےکی شناخت 3سال کے اسداللہ ولد محمد فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم بچے کو زندہ نہیں نکالا جاسکا۔

    جب بچے کی والدہ نے اسے گھر میں نہ پایا تو تلاش شروع کی گئی جس کے بعد مین ہول میں جھانکنے پر پتا چلا کہ بچہ اس میں گرچکا ہے۔

    ریسکیو حکام  نے بتایا کہ اسداللہ کی لاش کو گٹر سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق متوفی بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک اس میں گرگیا، بچے کے والد نے صفائی کیلئے خاکروب کو بلایا ہوا تھا۔

    بعد ازاں بچے کا والد اپنے کام پر چلا گیا، خاکروب بھی صفائی کرنے کے بعد مین ہول کھلا چھوڑ کر روانہ ہوگیا۔ خاکروب کے جانے کے بعد بچہ کھیلتے ہوئے اس میں گر کرجاں بحق ہوا، متوفی بچہ 6 بہن بھائیوں میں سے چوتھے نمبر پر تھا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : کھلے مین ہول میں دو بچے گرگئے، ایک جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    دو بچوں کی مین ہول میں گرنے کی خبر ملنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں معصوم بچوں کو زندہ باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اس دوران ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن لیاری باون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت محمد خالد کے نام سے ہوئی ہے جو سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی کا رہائشی تھا۔

    مقتول محمد خالد کے بھائی اور چچا کی اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ محمد خالد مدرسے میں بچوں کو پڑھاتا تھا اس کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی۔

    مقتول کے بھائی واجد کا کہنا تھا کہ محمد خالد8بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا،گھر سے سودا سلف لینے بازار گیا تھا۔ اہل محلہ نے گھر پر خالد کو گولی لگنے کی اطلاع دی۔

    مقتول کے چچا نے بتایا کہ خالد کے والدین نہیں ہیں، میں نے ہی ان سب بچوں کی پرورش کی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، خالد سے کچھ نہیں چھینا گیا۔

  • کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، شاہ بیگ گوٹھ کے قریب ایک گھر میں گھسے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کے تین بھائی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

    زخمی بلال نے میڈیا کو بتایا ’’ہم چاروں بھائیوں کو گھر کے اندر ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، ہم سو رہے تھے کہ ماسک پہنے 5 سے 6 ڈاکو گھر میں گھس آئے۔‘‘ بلال نے بتایا ’’ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ اور چھریاں موجود تھیں، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کی، اور گھر سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔‘‘

    زخمی بلال کے مطابق انھوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے بھی کر دیا ہے، انھوں نے بتایا کہ احسن آباد کے علاقے میں ان کی گوشت کی دکان ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی تمام افراد اسپتال منتقل کیے گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ واقعےمیں زخمی ساجد کو کمر اور پیٹ میں 2 گولیاں لگی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں کے نام ساجد، بلال اور عامل ہیں، 7 ڈاکورات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خواتین سے دست درازی کی، جس پر تینوں بھائی مشتعل ہو گئے اور مزاحمت کی، پولیس حکام کے مطابق اہل محلہ نے ایک ڈاکو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا، شواہد کی مدد سے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • سرجانی ٹاؤن کی ندی میں ڈوب کر 3 بچے جاں بحق

    سرجانی ٹاؤن کی ندی میں ڈوب کر 3 بچے جاں بحق

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر تین کمسن بچے جاں بحق ہو گئے، ہر مکن کوشش کے باوجود بچوں کی جان نہ بچائی جاسکی۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے افسوسناک واقعہ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر36 میں پیش آیا۔ ڈوبنے والے بچوں کی لاشیں نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈوب کر جاں بحق ہونے والے ایک بچے کی شناخت 8سالہ عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے بچے کی شناخت کیلئے کارروائی جاری ہے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک بچے کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی، لاش گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

  • سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی مسلح وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 24سالہ نوجوان شہریار کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی شخص ساحل کو بھی اسپتال روانہ کیا گیا تھا، دوران واردات علاقہ مکینوں نے ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑلیا تھا، تاہم پکڑے گئے ملزم کے ساتھی نے فائرنگ کی جس سے دو شہری زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مسلح ڈاکو اپنے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • سرجانی عمارت حادثہ، چوتھا فلور غیر قانونی تعمیر کیا جا رہا تھا

    سرجانی عمارت حادثہ، چوتھا فلور غیر قانونی تعمیر کیا جا رہا تھا

    کراچی: سرجانی ٹاؤن میں عمارت گرنے سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس کا چوتھا فلور غیر قانونی طور پر تعمیر کیا جا رہا تھا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گرنے والی زیر تعمیر عمارت کے حوالے سے اے آر وائی نے تفصیلات حاصل کر لی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرجانی بلڈنگ نہ صرف ناقص میٹریل پر تعمیر کی جا رہی تھی، بلکہ کمزور بنیادوں پر اضافی فلور بھی ڈالا جا رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق زیر تعمیر عمارت کا ایک بلڈر شعیب دبئی گیا ہوا ہے، جب کہ دوسرے پارٹنر کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    کراچی: سرجانی ٹاؤن میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے مزدور جاں بحق، 10 زخمی

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ زیر تعمیر بلڈنگ کے نقشے کے مطابق گراؤنڈ پلس تھری فلور کی اجازت ہے، لیکن عمارت میں چوتھا فلور غیر قانونی طور پر تعمیر کیا جا رہا تھا۔

    واضح رہے کہ آج علی الصبح سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور ڈی میں ایک زیر تعمیر 4 منزلہ عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، جب کہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

  • کراچی: لاپتہ کمسن بچے کی لاش ندی سے برآمد، علاقہ میں اشتعال

    کراچی: لاپتہ کمسن بچے کی لاش ندی سے برآمد، علاقہ میں اشتعال

    کراچی: چند روز قبل اغوا ہونے والے 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی ہے، کمسن بچے کی اندوہناک موت پر لواحقین غم سے نڈھال اور اہل علاقے میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بارہ جنوری کو سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب ان کا چار سالہ حسبان لاپتہ ہوگیا، گھر والوں نے پہلے پہل علاقے میں تلاش کیا اور چپہ چپہ چھان مارا تاہم کوئی سراغ نہ ملا تو مقامی پولیس کو اطلاع دی۔

    پولیس نے ابتدائی تفتیش کی اور سی پی ایل سی کو آگاہ کیا، جہاں سی پی ایل سی نے زینب الرٹ بل کے تحت ننھے حسبان کی گمشدگی کا اشتہار جاری کیا، تاہم کوئی شنوائی نہ ہوسکی، اہل خانہ اپنے چار سالہ بچے کو کھونے پر غم سے نڈھال تھے اور ان میں شدید اضطراب تھا۔

    آج اہل خانہ پر قیامت ٹوٹی جب پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ سرجانی ٹاؤن کے قریب ندی سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے جوکہ چار سالہ حسبان کی ہے، علاقے میں خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی گئی، پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے بچے کی لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں منشیات بیچنے سے منع کرنے پر نوجوان قتل

    چار سالہ حسبان کی لاش ملنے پر غمزدہ خاندان پر گویا پہاڑ ٹوٹ پڑا ماں پر سکتہ طاری ہوا تو والد اندوہناک خبر سن کر دل لے کر بیٹھ گیا، چار سالے بچے کی لاش ندی سے ملنے پر اہل علاقہ میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے پولیس نے تمام واقعے کی فوری جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔

    ادھر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے کو کیوں اور کس نے قتل کیا پولیس کی تحقیقات جاری ہیں؟ جلد تفصیلات منظر عام پر آجائیں گی۔

    ادھر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچہ نالے میں حادثاتی طور پر گرا یا قتل کیا گیا؟ پولیس تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات کرے اور لواحقین کو جلد آگاہ کرے۔

  • دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    کراچی : دسویں جماعت کے ہونے والے امتحانات میں ایک بار پھر بدنظمی سامنے آئی ہے، سرجانی ٹاؤن میں قائم امتحانی مرکز پر تین گھنٹے بعد بھی امتحانی عمل شروع نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر میٹرک کا صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا پیپر دن 12بجے تک شروع ہی نہ ہوسکا۔

    میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی کا تازہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے اندر طلبہ اور باہر موجود ان کے والدین انتہائی پریشانی کے عالم میں رہے جس کے بعد طلبہ اور والدین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

    امتحانی مراکز کے باہر موجود والدین کا مطالبہ تھا کہ بچوں کو بغیر امتحان لیے واپس باہر بھیجا جائے، جس پر اسکول انتظامیہ نے کہا کہ بچوں کو امتحانی کاپیز دی جاچکی ہیں بغیر امتحان لئے باہر نہیں بھیج سکتے۔

    واضح رہے کہ آج امتحانات کے پہلے روز فزکس کا پیپر شروع ہوجانے کے 4 منٹ بعد فوٹو کاپی کی دکانوں پر تو پہنچ گیا تھا مگر کچھ امتحانی مراکز میں تاخیر سے پہنچا اور کچھ مراکز کی انتظامیہ تاحال پرچہ آنے کے انتظار میں ہے۔

  • پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قاتل پکڑا گیا، ملزم لڑکی کا باپ نکلا

    پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قاتل پکڑا گیا، ملزم لڑکی کا باپ نکلا

    کراچی : سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سے ملنے والی مرد اور خاتون کی لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا،دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود حب ڈٰیم کے قریب پہاڑی سے گزشتہ ماہ ملنے والی مرد اور خاتون کی گلا کٹی اور تشدد زدہ لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا، لڑکا اور لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم واجد لڑکی کا باپ ہے اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔

    دونوں کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا گیا، ملزم نے پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا کہ واردات میں4ملزمان شامل تھے۔

    مزید پڑھیں: کراچی ، غیرت کے نام پر مرد اورعورت کو قتل کرنے والا باپ اور شوہر گرفتار

    انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سرجانی تھانے کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں۔

  • کراچی : کے الیکٹرک کی غفلت نے پانچ سالہ بچے کو موت کی نیند سلادیا

    کراچی : کے الیکٹرک کی غفلت نے پانچ سالہ بچے کو موت کی نیند سلادیا

    کراچی : کے الیکٹرک عملے کی غفلت نے ایک اور بچے کی جان لے لی، سرجانی ٹاؤن میں پانچ سالہ بچہ بجلی کے گرے ہوئے تار سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی تیسرٹاؤن میں کے الیکٹرک عملے کی غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، تیسرٹاؤن میں 5سال کا بچہ بجلی کے گرے ہوئے تار سے کرنٹ لگنے کے باعث بے ہوش ہوگیا۔

    خضر کو کرنٹ لگنے کے بعد اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں اس نے دوران علاج دم توڑ دیا، خضر کو اس کے گھر کے سامنے بجلی کے گرے ہوئے تار سے کرنٹ لگا، علاوہ ازیں گزشتہ رات بھی اورنگی ٹاؤن میں پی ایم ٹی گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے، متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے8سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔