Tag: #surpirse

  • تحریک عدم اعتماد اچانک مسترد ہونے کے بعد ٹویٹر پر سرپرائز کا ٹرینڈ

    تحریک عدم اعتماد اچانک مسترد ہونے کے بعد ٹویٹر پر سرپرائز کا ٹرینڈ

    اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے مسترد ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’سرپرائز‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اچانک مسترد ہونے کے بعد ٹویٹر پر #سرپرائز کا ٹرینڈ ٹاپ پر چل رہا ہے۔

    اس سے قبل ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے کے لیے ایک ’سرپرائز‘ لے کر آ رہی ہے۔

    حکومتی وزرا کہہ رہے تھے انھوں نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن ڈھول بجانے دیں، ہم انھیں سرپرائز دیں گے۔

    اب اس پر ٹوئٹر کے صارفین طرح طرح کے ٹویٹس کر رہے ہیں۔

    ایک ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی اجلاس کے بعد اپنی نشستوں پر صدمے کی حالت میں بیٹھے ہیں۔

    واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف غیر ملکی سازش سے متعلق ہے، فیصلے کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

  • عمران خان قانون کے مطابق 15 دن وزیر اعظم رہ سکتے ہیں: شیخ رشید

    عمران خان قانون کے مطابق 15 دن وزیر اعظم رہ سکتے ہیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کے لیے 90 دن طے ہو گئے ہیں، عمران خان قانون کے مطابق 15 دن وزیر اعظم رہ سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں تو ایمرجنسی کی خواہش رکھتا تھا میری بات نہیں مانی گئی، یہ زبردست کام ہوا ہے، عمران خان کو اتنے ووٹ ملیں گے کہ لوٹے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    انھوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کے بعد انڈیا کے 72 چینلوں پر صف ماتم بچھی ہوئی ہے، بھارتی چینلز کا خیال تھاان کے بزنس پارٹنر اور کاروباری شیئر ہولڈر آ جائیں گے۔

    انھوں نے کہا پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہیئں۔ وزیر داخلہ نے کہا آصف زرداری نے 3 دن سے پھڈا ڈالا ہوا تھا، ورنہ 4 دن پہلے اسمبلی ٹوٹ جاتی، صرف آصف زداری نے اسٹینڈ لیا ہوا تھا باقی دو جماعتیں ری الیکشن کے لیے تیار تھیں، آصف زرداری نئے الیکشن میں رکاوٹ تھے۔

    انھوں نے کہا 4 دن پہلے سے طے تھا ملک الیکشن کی طرف جا سکتا ہے، آخر کار کل فیصلہ ہوا اور عمران خان نے سیاسی کمیٹی ممبران سے حلف لیا۔

    واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آج وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دیا، جس کے بعد صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کر دی ہیں۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے۔

  • ’وزیر اعظم آئین کے تحت ذمے داریاں جاری رکھیں گے‘

    ’وزیر اعظم آئین کے تحت ذمے داریاں جاری رکھیں گے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمے داریاں جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کر دی ہیں، وزیر اطلاعات نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ میں بتایا کہ کابینہ تحلیل کر دی گئی ہے، تاہم وزیر اعظم آرٹیکل 224 کے تحت بدستور اپنی ذمے داریاں جاری رکھیں گے۔

    ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعت الیکشن سے فرار اختیار کرے تو اسے سیاسی بھگوڑا کہا جائے گا، ادھر ادھر کی بونگیاں نہ ماریں اور الیکشن کی تیاری کریں۔

    وزیر اعظم نے بھی ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں عوام کو ہدایت کی ہیے کہ وہ نئے انتخابات کی تیاری کریں۔

    وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے۔

    قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف قرارداد آئین کے منافی ہے، اس لیے وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا تحریک اعتماد عالمی سازش کے تحت لائی جا رہی ہے اس لیے اسے مسترد کرتے ہیں۔