Tag: Surprise

  • ’ہم نے بھی سرپرائز تیار کر رکھا ہے‘

    ’ہم نے بھی سرپرائز تیار کر رکھا ہے‘

    لاہور: رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا ہے کہ اگر کل انھیں روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر وہ بھی سرپرائز دیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے کہا ووٹ کا حق آپ نہیں چھین سکتے، جیلوں میں بھی ممبران کو بھی حق ہے، اگر کل ہمیں روکا گیا تو اس پر بھی ایک سرپرائز سامنے لائیں گے، ہم نے بھی سرپرائز تیار کر رکھا ہے۔

    رانا مشہود نے کہا اسمبلی میں توڑ پھوڑ کس نے کی، سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں، ہم اس ملک کے وفادار ہیں، اس کی خوش حالی چاہتے ہیں، ہم نے احتجاج اسمبلی کے باہر کھڑے ہو کر کیا تھا۔

    انھوں نے کہا توڑ پھوڑ میں پرویز الٰہی ملوث ہیں، سیکریٹری اسمبلی ڈوریں ہلا رہے تھے، اسمبلی میں کیمرے لگے ہوئے ہیں ان کی فوٹیجز سامنے لائیں، جن لوگوں نے توڑ پھوڑ کی ان کے نام سامنے آ چکے ہیں، ان کا جھوٹ سامنے آ چکا ہے اب ان کا احتساب ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، حکومتی اتحاد کا 3 آپشنز پر غور

    جب رانا مشہود سے صحافی نے سوال کیا کیا اسپیکر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لائیں گے؟ رانا مشہود نے جواب دیا کہ کل بہت سے سرپرائز دیں گے۔

    انھوں نے کہا سرکاری ملازمین سن لیں حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ بننے والے ہیں، اس لیے کوئی غیر قانونی کام کر کے اپنی نوکریوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

  • ‘نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے’

    ‘نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے’

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کر دی ہیں۔

    وزیر مملکت نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے، وزیر اعظم نے بھی خطاب میں قوم کو نئے انتخابات کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کوئی الیکشن سے فرار اختیار کرے تو اسے سیاسی بھگوڑا کہا جائے گا، ادھر ادھر کی بونگیاں نہ ماریں الیکشن کی تیاری کریں۔

  • قوم انتخابات کی تیاری کرے: وزیر اعظم

    قوم انتخابات کی تیاری کرے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے خلاف رولنگ دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے، جس کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا انھوں نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے۔

    عمران خان نے کہا میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، میرے خلاف تحریک عدم اعتماد غیر ملکی ایجنڈا تھا، لوگوں کو پیغام دیناچاہتا ہوں گھبرانا نہیں۔

    انھوں نے کہا کل سے اتنے لوگ پیغام دے رہے تھے پریشان تھے کہ کیا ہو رہا ہے، قوم اس طرح کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، اسپیکر نے اپنی پاور استعمال کر کے فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا میں نے صدر عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی، قوم کو کہتا ہوں الیکشن کی تیاری کریں، اب آپ کا مستقبل کیا ہوگا یہ عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں الیکٹڈ حکومت گرانے کی سازش آج ناکام ہوگئی ہے، صدر کو تجویز ملنے کے بعد اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی، اپوزیشن کو کہتا ہوں ارکان خریدنے کی بجائے غریبوں کا بھلا کریں۔

  • ’’ہم اپوزیشن کو حیران کردیں گے‘‘

    ’’ہم اپوزیشن کو حیران کردیں گے‘‘

    وفاقی وزرا فواد چوہدری اور حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا آخری داؤ پیچ بھی ناکام ہوگا، ہم مزید اکثریت سے واپس آکر انہیں حیران کردینگے۔

    اسلام آباد میں  مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ اپوزیشن کا آخری داؤ پیچ بھی ناکام ہوگا ہم مزید اکثریت سے واپس آکر اپوزیشن کو حیران کردیں گے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم اپنے نمبرز شو کررہےہیں، 179 سے زائد اراکین عمران خان کی حمایت کرتےہیں، اپوزیشن 185کہہ رہی ہےمیڈیا کے سامنے 172ہی شو کردے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں خریدوفروخت کابازارگرم تھا، نوازشریف نےبینظیرحکومت ختم کرنےکیلئےنوٹوں کی بوریاں کھولی تھیں، چھانگامانگاکی سیاست کی تھی، اب نوازشریف اورزرداری مل کر دوبارہ نئی مارکیٹ کھولناچاہتےہیں، پیسےلگاؤلوگوں کوخریدواورحکومت میں آؤیہ ان کی سیاست کاماڈل ہے لیکن پیسےکےبیوپاریوں کےراستےمیں رکاوٹ صرف عمران خان ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن سے بات کرناچاہتے تھے مگر انہیں عزت راس نہیں، اپوزیشن سے اب بات نہیں ہوگی ان سے ویسے ہی نمٹیں گے جیسے نمٹا جاتا ہے، عثمان بزدار وزیراعظم کے اعتماد پراپنا کام کررہےہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے اب بھی دکانیں لگانے کی کوشش کی، ہمارے تین ممبران نے وزیراعظم کو بتادیا، کل ایک اور ایم این اے بتایا کہ 10کروڑ روپے کی آفر کی گئی ہے، عدم اعتمادکامقصدہےبولی لگاؤ،ممبراٹھاؤچھانگامانگالےجاؤ، ہم بیوپاریوں کی ایسی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسپیکر سے کہتے ہیں کہ عدم اعتماد کی تاریخ کو طول نہ دیں کیونکہ ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، عدم اعتماد کی تحریک کو جلد ایوان میں لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ننھا منا لیڈر ننھامنا مارچ لیکراسلام آباد آگیا ہے جس کیلیے این ایف سی کا پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا اور کہا گیا کہ اس ننھے منے لیڈر کی وجہ سے ہماری ٹانگیں کانپ گئیں۔

    فواد چوہدری نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت تو یہ تھی کہ امریکا ڈرون حملے کردے ہم آپ کا ساتھ دینگے، ذوالفقاربھٹو کے بعد پاکستان میں کسی نے آزاد خارجہ پالیسی نہیں چلائی، یہ کہتے ہیں کہ عمران خان نے یورپی یونین کو برا بھلا کہا تو کیا یورپی یونین آپ کی پھوپی لگتی ہے۔

    وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے وقار کا کبھی سودا نہیں کرسکتے، ان شااللہ عمران خان مزید مضبوط ہوکر اس سازش سے باہر نکلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں اسحاق ڈار عجیب و غریب انداز میں معیشت لیکر چل رہےتھے، ن لیگ نے معیشت کادیوالیہ کیا ہم نے اسے ٹھیک کیا،حماد دنیا میں آج پاکستان کا مقام معاشی ،خارجہ ،سیاسی طورپر پہچاناجارہاہے، عمران خان ایسے لیڈر ہیں جن کی وجہ سے پاکستان کی آواز اب پوری دنیا میں سنی جاتی ہے،اب آزادخارجہ پالیسی کی بات ہورہی ہے پاکستان کا سرفخر سے بلند ہورہاہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کوروناکے باوجود ہماری معیشت ساڑھے 5فیصد پر سالانہ معاشی ترقی کررہی ہے، اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہا مشکلات کے باوجود معیشت ساڑھے5فیصد پر ہے، انکوہضم نہیں ہورہاحکومت نے 5روپے بجلی ،پیٹرول اور ڈیزل 10روپے سستاکیا،اپوزیشن نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی، ہم اپوزیشن کی آخری ہچکی اور آخری شوق بھی پورا کراکر حیران کردینگے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے صرف سیاسی نہیں بلکہ معیشت پر بھی حملہ کیا ہے، اس وقت دنیا بھر میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، پیٹرول کی قیمت 130ڈالر فی بیرل پر چلی گئی ہیں،ہم طوفان کےاندر بھی اپنی کشتی کو صحیح سمت میں آگے لیکر جارہےہیں۔

  • ’سازگار حالات میں پاکستانی ٹیم سرپرائز دے سکتی ہے‘

    ’سازگار حالات میں پاکستانی ٹیم سرپرائز دے سکتی ہے‘

    انگلینڈ کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر مائیکل وون کا کہنا ہے کہ اگر سازگار حالات میسر ہوں تو پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میں سرپرائز دے سکتی ہے۔

    ایک انٹرویو میں مائیکل وون کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس سازگار ماحول میں ناقابل شکست ثابت ہوسکتی ہیں، جیسے کہ پاکستان یا متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے ساتھ موجودہ سیریز میں پاکستان کی اننگ سے بہت لطف اندوز ہوئے، گرین شرٹس کی پرفارمنس قابل تعریف رہی۔

    مائیکل وون کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر پاکستانی ٹیم کی ایسی پرفارمنس دیکھنے کو نہیں ملتی، تاہم اس بار گرین شرٹس کے کوچز مصباح الحق، یونس خان، مشتاق احمد اور وقار یونس کی کوچنگ کی بہترین جھلک دکھائی دی۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سے انگلینڈ ایک ٹیست میچ جیت چکا ہے جبکہ دوسرا ڈرا ہوگیا تھا، تیسرا ٹیسٹ کل سے شروع ہونے جارہا ہے۔

    اس کے بعد دونوں ٹیمیں 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

  • آسکر 2019‘ گرین بُک بہترین فلم، رامی ملک اور اولویا کولمین بہترین ادکار و اداکارہ قرار

    آسکر 2019‘ گرین بُک بہترین فلم، رامی ملک اور اولویا کولمین بہترین ادکار و اداکارہ قرار

    لاس اینجلس : اکانویں اکیڈمی ایوارڈ کی ستاروں سے جھلماتی شام اپنے اختتام کو پہنچی تو فلم’گرین بُک‘ دیگر دو ایوارڈ کے ساتھ اس سال کی بہترین فلم قرار پائی۔

    اس سال بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’دی فیوریٹ‘ میں ملکہ کا کردار شاندار انداز نبھانے والی اولویا کولمن کو دیا گیا جبکہ فلم روما کےلیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ الفونسو کیورون نے اپنے نام کیا۔

    الفونسو کیورون

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس میں منعقدہ 91 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں ’گرین بُک‘ نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرکے سب کو حیران کردیا جہاں ’روما‘ کو اس ایوارڈ کے لیے سب سے مضبوط اُمیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔

    بہترین فلم گرین بُک
    بہترین اداکار رامی ملک

    اس سال کے بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ’بوہیمین ریپسڈی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے امریکی اداکار رامی ملک کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور ’فلم گرین بُک میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ مہرشالا علی کو ملا۔

    بہترین معاون اداکار و اداکارہ مہرشالا علی اور ریجینا کنگ

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’اف بیئل اسٹریٹ گڈ ٹاک‘ میں اداکاری کرنے والی ریجینا کنگ کے نام رہا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گلوکارہ لیڈی گاگا نے فلم آ اسٹار کے گانے ’شیلو‘ کےلیے اپنی زندگی کا پہلا آسکر ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

    لیڈی گاگا

    برطانوی میڈیا کا کہنا کہ فلم بوہیمین ریپسڈی کے حصّے سب سے زیادہ 4 ایوارڈ آئے جبکہ بہترین دستاویزی فلم فری سولو قرار پائی اور بہترین اینی میٹڈ فیچر فلم کا ایوارڈ اسپائیڈر مین انٹو دی اسپائیڈر ورس نے جیت لیا۔

    بہترین اداکارہ اولویا کولمین

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ سنہ 2009 میں کیٹ ونسلیٹ کے بعد آسکر ایوارڈ جیتنے والی اولویا کولمین دوسری برطانوی اداکارہ ہیں، اولویا کولمین اس سے قبل 4 برٹش اکیڈمی فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس ایوارڈ اور دو گولڈن گلوب ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔

  • جنوبی کوریا کے ’کم جونگ ینگ‘ انٹرپول کے نئے صدر منتخب

    جنوبی کوریا کے ’کم جونگ ینگ‘ انٹرپول کے نئے صدر منتخب

    دبئی : عالمی ادارے انٹرپول نے آئندہ 2  برس کے لیے جنوبی کوریائی شہری کم جونگ ینگ کو صدر منتخب کرکے متنازعہ روسی صدراتی امیدوار کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے شہری کم جونگ کو انٹرپول کے 194 رکن ممالک نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ سالانہ اجلاس میں منتخب کیا ہے، اس سے قبل کم جونگ انٹر پول کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کے شہری نے انٹرپول کے صدارتی انتخابات میں روس کے الیگزینڈر پروکوچُک کو شکست دی ہے جن پر انٹرل پول کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے والے سسٹم کو کریملن پر تنقید کرنے والے افراد کے خلاف استعمال کرنے کا الزام ہے۔

    روس نے الزام عائد کیا ہے کہ انٹرپول کے سالانہ اجلاس میں کی گئی ووٹنگ کے نتائج ’شدید دباؤ دخل اندازی کا نتیجہ ہیں‘۔

    واضح رہے کہ انٹرپول کے سابق صدر مینگ ہونگوائی کو چین میں کرپشن الزامات کے تحت کے گرفتار کیا گیا تھا جنہوں نے مبینہ طور پر کرپشن سمیت دیگر جرائم کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔

    انٹرپول سربراہ کی گرفتاری کے بعد کم جونگ ینگ قائم مقام صدر کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔

    انٹرپول کے نئے سربراہ کم جونگ ینگ نے صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ’ہماری دنیا کو سیکیورٹی اور سیفٹی کے معاملات پر کئی مسائل کا سامنا ہے جنہیں قابو کرنے کے لیے واضح وژن کی ضرورت ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انٹرپول کے نئے صدر جنوبی کوریا میں 20 سال تک پولیس میں خدمات انجام دے کر سن 2015 میں ریٹائر ہوئے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کم جونگ ینگ جنوبی کوریا واحد شہری ہیں جو کسی عالمی ادارے کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں۔

  • فضل الرحمٰن اچانک پی پی کو سرپرائز دیں گے، منظور وسان کا دعویٰ

    فضل الرحمٰن اچانک پی پی کو سرپرائز دیں گے، منظور وسان کا دعویٰ

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ مچ اور اڈیالہ جیل سمیت ملک کی تمام جیلوں کی صفائی مکمل ہوچکی ہے، آئندہ تین  ماہ تمام جماعتوں کے لیے اہم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی مرکزی رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ آئندہ تین ماہ ملک کی تمام جماعتوں کے لیے بہت اہم ہیں، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ نواز اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس والے جیلوں کی ہوا کھائیں گے۔

    رہنما پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ مچ اور اڈیالہ جیل سمیت پاکستان کی تمام جیلوں کی صفائی ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان دونوں جیل دیکھ چکے ہیں، دوسروں کے لیے جیل جانا مسئلہ ہوگا۔

    رہنما پی پی پی منظور وسان نے کا کہنا تھا کہ جیلوں میں گرمی ہوگی سردی بھی ہوگی اور انچارج میں ہوں گا۔

    منظور وسان نے کہا ہے کہ اعتراز احسن صدر مملکت کے انتخاب کے لیے متفقہ امیدوار ہوں گے، انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فضل الرحمٰن اچانک پاکستان پیپلز پارٹی کو سرپرائز دیں گے۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نے کہا تھا کہ مستقبل میں خلائی مخلوق بہت کچھ کرنے والی ہے، اسے مہلت ملے گی، ضد کرنے والا باہر ہوجائے گا۔

  • امریکی وزیر خارجہ کا غیر اعلانیہ دورہِ افغانستان، اشرف غنی سے ملاقات

    امریکی وزیر خارجہ کا غیر اعلانیہ دورہِ افغانستان، اشرف غنی سے ملاقات

    کابل: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پیر نو جولائی کو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے اشرف غنی کے علاوہ افغان حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کی حمایت کرے گا بلکہ ان کا اہتمام کرنے کے علاوہ ان کا حصہ بننے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔


    شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار تلف ہونے تک پابندیاں برقرار رہیں گی، امریکی وزیر خارجہ


    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں مزید امریکی فوجی تعینات کیے جائیں تاکہ افغان طالبان پر دباؤ بڑھے اور وہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔

    خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو گزشتہ روز جاپان کا دورہ ختم کر کے ویتنام پہنچے تھے، پومپیو ویتنامی دارالحکومت سے براہ راست کابل آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل مائیک پومپیو نے جاپان کا دورہ کرتے ہوئے شمالی کوریا کے معاملے کو اپنا موضوع بنایا تھا، انہوں نے ٹوکیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک شمالی کوریا جوہری ہتھیار مکمل طور پر تلف نہیں کرتا تب تک شمالی کوریا پر عائد پابندیاں نہیں ہٹائی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔