Tag: Susan Wojcicki

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو چینل کب تک معطل رہے گا؟

    ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو چینل کب تک معطل رہے گا؟

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یو ٹیوب ویڈیو چینل تشدد کے خطرے تک معطل رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوسن ووجِسکی نے کہا ہے کہ تشدد کا خطرہ برقرار رہنے تک ٹرمپ کا آن لائن ویڈیو شیئرنگ چینل معطل رہے گا۔

    سی ای او سوسن ووجِسکی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، یہ معطلی اس وقت ختم کی جائے گی جب تشدد کا خطرہ کم ہو جائے گا۔

    یو ٹیوب سی ای او نے جمعرات کو کہا کہ معطلی ختم کیے جانے کے بعد اگر سابق امریکی صدر نے قوانین کی خلاف ورزی کی تو ان کا چینل دوبارہ معطل کر دیا جائے گا۔

    یو ٹیوب سی ای او سوسن ووجِسکی

    یاد رہے کہ امریکی پارلیمنٹ پر حملے کے تناظر میں ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ 12 جنوری کو معطل کیا گیا تھا۔ ووجسکی کا کہنا تھا کہ یہ ابھی نہیں کہا جا سکتا کہ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی معطلی کب ختم ہوگی۔

    واضح رہے کہ فیس بک اور ٹویٹر پلیٹ فارمز نے اس سے بھی پہلے تشدد کے خطرے کے پیش نظر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ معطل کر دیے تھے۔

    یوٹیوب نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کرنے کی کوشش کی تھی، جس نے اس کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی، جس پر اکاؤنٹ پلیٹ فارم کے رہنما خطوط کے تحت 7 دن کے لیے خود کار طور پر معطل ہوا، بعد ازاں اس معطلی میں توسیع کی گئی۔

    سوسن ووجسکی نے ایک تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کی تقریب میں کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کرنا چاہتی ہوں کہ ہم چینل کی معطلی کو ختم کر دیں گے، جب ہم اس بات کا تعین کر لیں گے کہ تشدد کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

    ڈیوس: وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی اور سیمنز کے سی ای او جوئی کائیسر کی ملاقاتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈیوس میں آٹو میشن کمپنی سیمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جوئی کائیسر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری اور معاون برائے اور سیز سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی موجود تھے۔

    ملاقات میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری پر مبنی مہارت کی منتقلی پر تبادلہ خیال ہوا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے پاکستان میں سیاحت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

    اس سے قبل ڈیوس میں پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحوں کی جنت ہے جہاں مذہبی سیاحت کے مقامات کو کبھی فروغ نہیں ملا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، سیاحت کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ پاکستان زراعت اور قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ملکی صنعتی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ 70 کی دہائی میں قومیائی گئی صنعتوں کے باعث ترقی کو نقصان پہنچا۔