Tag: SUSPECT ARRESTED

  • سائیکل چور فلمی انداز میں گرفتار : دلچسپ ویڈیو وائرل

    سائیکل چور فلمی انداز میں گرفتار : دلچسپ ویڈیو وائرل

    کیلیفورنیا : مونرویہ پولیس نے ایک مبینہ سائیکل چور کو تعاقب کے بعد فلمی انداز میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ واقعہ گزشتہ منگل کی شام کو پیش آیا واقعے کی ڈیش کیم ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں پولیس افسر کو ملزم کے پیچھے دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں کچھ شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ ایک لڑکا ہمارے گھروں کی باڑھیں پھلانگ کر گھروں میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔

    بعد ازاں ملزم لڑکے نے ایک گھر سے سائیکل چرائی اور تیزی سے مونرویہ ہائی اسکول کے کیمپس میں داخل ہوگیا اس دوران پولیس اہلکار بھی پکڑنے کیلئے کا اس کا تعاقب جاری رکھے ہوئے تھے۔

    پولیس کو دیکھ کر سائیکل چور کے اوسان خطا ہوگئے تاہم اس نے سائیکل وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    پولیس کی ڈیش کیم فوٹیج میں واضح نظر آرہا ہے کہ ایک پولیس افسر نے تیزی سے اس کا پیچھا کیا اور کچھ ہی دیر میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے برآمد ہونے والی سائیکل اس کے اصل مالک کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • فیصل آباد : کروڑوں روپے کا فراڈ، انٹرنیٹ کمپنی کا سابق ملازم گرفتار

    فیصل آباد : کروڑوں روپے کا فراڈ، انٹرنیٹ کمپنی کا سابق ملازم گرفتار

    فیصل آباد : این سی سی آئی اے فیصل آباد نے انٹرنیٹ کمپنی سے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث سابق ملازم کاشف جاوید کو گرفتار کرلیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے ملازمت کے دوران خفیہ ڈیٹا چرایا اور غیرقانونی آئی ایس پی نیٹ ورک قائم کیا جبکہ ملزمان کاشف جاوید اور عطاء اللہ کے درمیان کروڑوں روپے کے خفیہ لین دین کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز فیصل آباد کے نمائندے قمر الزماں کی رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو ملنے والے شواہد میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم  نے 15 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا اور ڈیلرز و وینڈرز کے ساتھ بھاری ٹرانزیکشنز بھی کیں۔


    انٹرنیٹ کمپنی

    عدالت سے فراڈ کے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ این سی سی آئی اے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ گینگ دیگر اداروں کے ساتھ بھی بڑے پیمانے پر فراڈ میں ملوث رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف ایکشن کی تیاری

    واضح رہے کہ ملک میں ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کے خلاف بڑے ایکشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ایف بی آر نے ٹیکس فراڈ کیسز کی تحقیقات کے لیے اضافی اختیارات حاصل کر لیے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے تحقیقات کے لیے جو اضافی اختیارات حاصل کیے ہیں، اس کے تحت اب انٹرنیٹ اور ٹیلی کام کمپنیاں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایف بی آر کو معلومات دینے کے پابند ہوں گے۔ انکوائری یا ٹیکس کیس کی تفتیش کیلیے کمشنر کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

  • لاہور : مزدوروں پر بدترین تشدد کرنے والے کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار

    لاہور : مزدوروں پر بدترین تشدد کرنے والے کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار

    لاہور (02/08/2025) ایس پی کینٹ نے بااثر شخص کی جانب سے مزدوروں پر تشدد کی وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا، ڈیفنس سی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    لاہور کے ایک بااثر شخص آفتاب میو نے اپنی طاقت کے زعم میں حیوانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غریب مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق دو مزدوروں آصف اور تنویر کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے آفتاب میو سے مزدوری کا تقاضا کیا تھا جو اسے ناگوار گزارا اور اس نے ڈنڈوں کے وار سے ان پر بد ترین تشدد کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں مزدوروں پرتشدد کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام ایکشن میں آگئے۔

    ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ڈیفنس سی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مزدوروں پرتشدد کرنے والے ملزم آفتاب میو کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔

    اس حوالے سے ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ملزم نے مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی، ملزم آفتاب میو کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

     

  • کراچی، اسکول میں خواتین اساتذہ پر تشدد اور ہراسانی کا معاملہ، ایک ملزم گرفتار

    کراچی، اسکول میں خواتین اساتذہ پر تشدد اور ہراسانی کا معاملہ، ایک ملزم گرفتار

    کراچی کے نجی اسکول میں خواتین اساتذہ پر تشدد اور ہراسانی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص اسکول کی طالبہ کا والد اور مقدمے میں نامزد ہے، مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل حفیظ تاحال گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل حفیظ فرانزک میں تعینات اور زیر تربیت ہے، پولیس اہلکار کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا آغاز بھی کردیاگیا، گرفتاری کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس اہلکار نے رشتے داروں کیساتھ ملکرنجی اسکول کی اساتذہ پر تشدد کیا تھا، جمشید کوارٹر پولیس نے گزشتہ روز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔

    مبینہ پولیس اہلکار عبدالحفیظ نے اپنی بچی کے معاملے پر اسکول میں داخل ہوکر ایک خاتون ٹیچر کو تھپڑ مارے تھے، ان کا نقاب پھاڑا اور بدترین تشدد کانشانہ بنایا تھا، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی تھی۔

    کراچی کے نجی اسکول کی انتظامیہ نے خاتون ٹیچر پر تشدد کیخلاف قانونی کارروائی کے لئے پولیس کو درخواست جمع کرادی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ اسکول طالبہ اپنی والدہ، والد اور ماموں کے ساتھ اسکول آئی، پولیس اہلکار عبدالحفیظ پستول کے زور پر زبردستی اسکول میں داخل ہوا۔

    درخواست کے مطابق پولیس اہلکار عبدالحفیظ نے اسکول کی دیگر ٹیچرز کو تشدد کا نشانہ بنایا، اسکول انتظامیہ نے پرامن طریقے سے اسے سمجھانے کی کوشش بھی کی مگر وہ نہ مانا۔

    درخواست ملنے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران نے واقعے کا نوٹس لے کر معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

  • لاہور پولیس منشیات فروشی میں ملوث، افسران پیٹی بند بھائی کو بچانے کیلیے کیا کرتے رہے؟

    لاہور پولیس منشیات فروشی میں ملوث، افسران پیٹی بند بھائی کو بچانے کیلیے کیا کرتے رہے؟

    لاہور پولیس کا اہلکار منشیات فروشی میں ملوث نکلا، اہلکار لاہور کی سرکاری یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    کسی بھی ملک کی اس سے زیادہ بد قسنتی کیا ہوگی کہ اس کے محافظ جرائم کی سرکوبی کے بجائے خود ہی سنگین وارداتوں میں ملوث ہوں، اور اس پر ستم یہ کہ یہ سارے جرائم اعلیٰ افسران کی سرپرستی میں کیے جا رہے ہوں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے لاہور پولیس کے اہلکار کو منشیات فروشی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا اور متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا لیکن پولیس کے اعلیٰ افسران کی پشت پناہی کے باعث تھانے میں اپنے پیٹی بند بھائی کو تمام تر سہولیات فراہم کی گئیں۔

    ٹیم سرعام  نے اپنے مخصوص انداز میں کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کرنے والے لاہور پولیس کے اعجاز علی نامی اہلکار سے رابطہ کیا اور اسے اعتماد میں لے کر مکمل تفصیلات حاصل کیں اور اس سے ہونے والی گفتگو کی پوری ریکارڈنگ بھی کی۔

    بعد ازاں اہلکار سے 20 گرام آئس خریدنے کیلیے اسے یونیورسٹی کے باہر بلایا گیا تاکہ اسے رنگے ہاتھوں پکڑا جاسکے، ساتھ ہی یہ اہلکار معقول رقم کے عوض ناجائز اسلحہ فراہم کرنے کیلیے بھی تیار تھا جس کا اعتراف اس نے پکڑے جانے کے بعد بھی کیا۔

    اہلکار اعجاز علی نے جیسے ہی 20 گرام آئس ٹیم سرعام کے نمائندے کے حوالے کی تو ٹیم نے اسے فوراً جاکر قابو کرلیا اور اہلکار نے پکڑے جانے پر آسانی سے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ جسے فوری طور پر ایک افسر کے حوالے کرکے اسے متعلقہ تھانے روانہ کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں منشیات فروش پولیس افسر اور خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار

    کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ ٹیم سرعام کو تھانے جاکر اس بات کا علم ہوا کہ رنگے ہاتھوں پکڑا جانے والا ملزم وہاں موجود ہی نہیں اور تھانے کا عملہ بھی کسی قسم کا تعاون نہیں کررہا تھا اور تین گھنٹے بعد ٹیم کو لاہور پولیس افسر سے ملنے کا موقع ملا اور بالآخر اس کیخلاف ایف آئی آر درج کروالی گئی۔

  • لیاری گینگ وار عبدالصمد گروپ سے تعلق رکھنے والا ملزم گرفتار

    لیاری گینگ وار عبدالصمد گروپ سے تعلق رکھنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے لیاری گینگ وار عبدالصمد گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے پاک کالونی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار عبدالصمد گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث ہے، ملزم محمد عامر سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، ملزم عامر عبدالصمد گروپ میں شامل ہو کر بھتہ وصولی، منشیات فروشی میں ملوث رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیو کراچی میں بھتہ نہ دینے پر عبدالصمد نے فائرنگ کے واقعات کرائے تھے، ملزم عامر عبد الصمد کیلئے سہولت کاری کا کام سرانجام دے رہا تھا۔

    ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ ملزم  محمد عامر گرفتاری سے بچنےکیلئے روپوش تھا، گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • برطانوی ٹینس اسٹار سے نازیبا حرکت کرنیوالا شخص گرفتار

    برطانوی ٹینس اسٹار سے نازیبا حرکت کرنیوالا شخص گرفتار

    برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو سے دوران میچ نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو دبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو کے کوچ کا کہنا تھا کہ وہ شخص ٹینس اسٹار کا 4 ممالک میں پیچھا کرتا رہا، ابتدا میں ہم سمجھے کہ یہ محض مداح ہے مگر رفتہ رفتہ وہ شخص خاتون کھلاڑی کے جسمانی طورپر قریب آیا، سیلیفیاں لیں اور سکیورٹی گارڈ نہ ہونے کا موقع پا کر نوجوان کھلاڑی سے لپٹ گیا۔

    کوچ کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں میچ کے دوران اس شخص کو دیکھ کر ایما راڈوکانو پھوٹ پھوٹ کر روپڑی تھیں، ٹینس اسٹار نے امپائر کو شکایت لگائی جس کے بعد ہراساں کرنیوالے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    واضح رہے اس سے قبل ٹینس اسٹار نواک جوکووچ گراؤنڈ میں آٹو گراف دینے کے دوران حملے کا شکار ہوگئے تھے، جس پر انہیں فوری طور پر گراؤنڈ سے باہر منتقل کردیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کے سرپر آٹو گراف دینے کے دوران پانی کی بوتل مار دی گئی تھی۔

    ٹینس اسٹار نواک جوکووچ اٹالین اوپن کے میچ کے اختتام کے بعد آٹوگراف دے رہے تھے تب انہیں سر کے پیچھے زور سے بوتل لگی۔ ٹینس اسٹار کو درد کی وجہ سے گراؤنڈ فوری چھوڑنا پڑا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ٹینس اسٹار اونس جیبیور غزہ کے بچوں کو یاد کرکے بے اختیار رو پڑیں

    منتظمین کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کے ذریعے اس بات کا تعین کررہے ہیں کہ بوتل حادثاتی طور پر گر کر لگی یا جان بوجھ کر ماری گئی۔ ٹینس اسٹار کو اس واقعے کے بعد طبی امداد دی گئی، وہ اپنے ہوٹل میں ہیں اور ان کی حالت باعث تشویش نہیں۔

    ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فکر مندی کے پیغامات پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ایک حادثہ تھا، میں ٹھیک ہوں۔

  • خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    لاہور: ننکانہ صاحب میں خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال موصول ہوئی، کالر نے بتایا ایک شخص اسلحے کے زور پر خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ترجمان ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا کہنا تھا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری طور پر پولیس کو موقع پر روانہ کیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم ڈیڑھ ماہ سے خاتون کو بلیک میل کر رہا تھا، ملزم نے گھر میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر اغوا کرنےکی کوشش کی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کے شور مچانے  پر ملزم جان سے مارنےکی دھمکی دیکر فرار ہو گیا تھا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

  • طالبہ کا زیادتی کے بعد قتل، مجرم 48 سال بعد گرفتار

    طالبہ کا زیادتی کے بعد قتل، مجرم 48 سال بعد گرفتار

    امریکا کی ریاست ہوائی میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، 48 سال قبل ہونے والے قتل کا مجرم گرفتار کرلیا گیا۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکا میں موجود ہونولولو کے اسکول میں 21 مارچ 1977 کو 16 سالہ طالبہ ڈان موموہارا کی لاش ملی تھی، لاش کی حالت سے ظاہر ہورہا تھا کہ طالبہ کو قتل کرنے سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا تھا اور متعدد افراد کے انٹرویوز کیے لیکن مجرم کی شناخت نہ ہوسکی۔

    اب پولیس جدید ڈی این اے ٹیکنالوجی کی مدد سے قتل کے 48 سال بعد مجرم کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ہونولولو پولیس کا کہنا ہے کہ 2020 میں پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول طالبہ کے کپڑوں سے مجرم کا ڈی این اے جمع کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

    تحقیق کاروں کو 2023 میں اطلاع ملی کہ یہ ڈی این نے اسی اسکول کے سابق طالب علم گیڈیئن کاسٹرو اور اس کے بھائی کا ہوسکتا ہے جس کے بعد تحقیق کاروں نے ان دونوں افراد کے بچوں کے ڈی این اے نمونوں کا تجزیہ کیا۔

    ڈی این اے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ مقتول طالبہ کے کپڑوں سے ملنے والا ڈی این نے 66 سالہ گیڈیئن کاسٹرو کا ہے جس کے بعد پولیس نے اسے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

    سعودی عرب: 7 شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی

    پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے آغاز میں بھی پولیس نے گیڈیئن سے تفتیش کی تھی اور اس نے مقتولہ طالبہ سے ملاقات کا اعتراف بھی کیا تھا تاہم پولیس کو اس وقت گیڈیئن کاسٹر و پر شک نہیں ہوا تھا۔

  • کراچی : پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

    کراچی : پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے نوجوان کی جان لے لی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد ایک اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا۔

    زخمی ہونے والے کامران کے اہل خانہ کے مطابق کامران موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اسے روکا اس دوران اچانک اہلکاروں نے فائرنگ کردی جس سے ایک گولی کامران کے پیٹ میں لگی اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

    جناح اسپتال میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زخمی کامران کے رشتے دار زاہد نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے روکنے پر کامران سے موٹر سائیکل کی ریس پتہ نہیں کیسے تیز ہوگئی جس پر اہلکاروں نے فوری فائرنگ کردی جس سے کامران کو کمر سے گولی لگی اور پیٹ سے نکل گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر واقعے میں ملوث ایک اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایس پی ملیر سعید رند کو واقعے کا انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : شہری کو پولیس موبائل میں گھر سے کس نے اغوا کیا؟

    گلستان جوہر بلاک 2 سے پولیس موبائل میں عدیل شیخ نامی شہری کے مبینہ اغوا کے کیس میں ورثا نے گلستان جوہر تھانے میں درخواست دے دی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ میرے بھائی کو 13 جنوری کو اس کے گھر سے غیر قانونی حراست میں لیا گیا، سادہ لباس اہلکار 2 پولیس موبائل اور ایک سفید کار میں آئے تھے، دونوں پولیس موبائل بغیر نمبر پلیٹ کی تھیں، جن پر کسی تھانے کا نام درج نہیں تھا۔