Tag: SUSPECT ARRESTED

  • لاہور : خنزیر کا گوشت اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    لاہور : خنزیر کا گوشت اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    لاہور : کسٹمز کے عملے نے خنزیر کے گوشت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، علامہ اقبال ایئر پورٹ سے غیر ملکی باشندے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر سور کے گوشت کی اسمگلنگ کرنے والے غیر ملکی باشندے کو حراست میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر 724 پر دبئی سے سور کے گوشت کی اسمگلنگ کی جائے گی۔

    کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے 400 کلو سور کا گوشت برآمد کرتے ہوئے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    حکام کے مطابق اسمگلر نے سور کا گوشت 12 عدد بڑے کارٹنز میں خاص قسم کی بلیک پلاسٹک شیٹس میں پیک کر رکھا تھا تا کہ اسکینگ مشین سے بچایا جا سکے۔

    ڈپٹی کلکٹر کسٹمز سائرہ بتول خود ایئرپورٹ پر پہنچ گئیں اور اسمگلر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جبکہ ذرائع نے بتایا کہ سور کا گوشت مختلف ہوٹلوں میں سپلائی ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

  • کراچی : اغواء برائے تاوان، ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار، لڑکی بازیاب

    کراچی : اغواء برائے تاوان، ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار، لڑکی بازیاب

    کراچی : شہر قائد میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قلیل وقت میں اغواء برائے تاوان کا کیس حل کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، مغویہ لڑکی جنگل سے بازباب ہوگئی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ کراچی میں شاٹ ٹرم اغواء کا کیس فوری طور پر حل کرلیا گیا ہے، سچل تھانے کی پولیس نے کارروائی کرکے اغواء برائے تاوان میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق 23سالہ عروج باقر کے اغواء کے بعد اس کے بھائی سید باقر نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی تھی جس پر قلیل وقت میں پولیس نے کارروائی کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

    پولیس کے مطابق مغوی عروج باقر کا دوست احمد اسے گھمانے پھرانے کے بہانے گھر سے لے کر گیا تھا، 4ملزمان نے عروج کو اغواء کیا اور اس کی آنکھوں پرپٹی باندھ کر جنگل میں گھماتے رہے۔

    خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس سعدی ٹاؤن ہائی وے روڈ پر پہنچی تو3ملزمان کار سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کارروائی کے دوران جب جھاڑیوں کی تلاشی لی گئی تو مغویہ عروج باقر کو وہاں موجود پایا، بعد ازاں ایک ملزم احمد عزیز کو موقع پر اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔

    گرفتار ملزم احمد نے اپنے ابتدائی بیان میں جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ عروج کے والدین دولت مند ہیں ان سے تاوان لینے کیلئےلڑکی کو اغواء کیا۔

  • مسروقہ موٹر سائیکلیں کہاں اور کتنے میں فروخت ہوتی ہیں، ملزم کا انکشاف

    مسروقہ موٹر سائیکلیں کہاں اور کتنے میں فروخت ہوتی ہیں، ملزم کا انکشاف

    کراچی : پولیس نے شہر قائد سے موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کیا ہے جس نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عزیرآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار موٹرسائیکل لفٹر محمود نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ چوری ہونے والی موٹرسائیکلیں سستے داموں فروخت ہوتی ہیں۔

    ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ موٹرسائیکل چوری کرنے کے بعد 8سے10ہزارمیں فروخت کردیتا تھا، کراچی سے چوری ہونے والی زیادہ تر موٹرسائیکلیں بلوچستان اور خضدار لے جائی جاتی ہیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمود کی نشاندہی پر متعدد موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں، ملزم مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، ملزم چند سیکنڈز میں موٹر سائیکل چوری کرنے کا ماہر ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی مختلف وارداتوں کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہیں، پولیس نے ملزم محمود سے10موٹرسائیکلوں سمیت ایک گاڑی بھی برآمد کی ہے۔

  • سعودی عرب : حج کے نام پر دھوکہ دینے والا غیرملکی پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

    سعودی عرب : حج کے نام پر دھوکہ دینے والا غیرملکی پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

    ریاض : سعودی عرب میں ریاض پولیس نے جعلی حج اجازت نامے تیار اورانہیں فروخت کرنے والے مقیم غیرملکی کو گرفتار کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاض پولیس اہلکاروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر معقول رقم کے عوض سال رواں کے حج کے اجازت نامے فروخت کرنے والے غیرملکی کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا ہے۔

    زیرحراست غیرملکی یمنی ہے اور غیرقانونی طریقے سے مملکت میں مقیم ہے، ریاض پولیس نے بیان میں کہا کہ حج اجازت نامے فروخت کرنے والے یمنی کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔

  • لیڈی پولیس انسپکٹر کا قتل : شوہر ڈرامائی انداز میں گرفتار

    لیڈی پولیس انسپکٹر کا قتل : شوہر ڈرامائی انداز میں گرفتار

    خیر پور : پولیس نے لیڈی سب انسپکٹر کے قتل کا سراغ لگا لیا، ابتدائی تحقیقات میں ملزم شوہر نے بھانڈا پھوڑ دیا، قتل کی وجہ گھریلو جھگڑا بنا۔

    خیرپورکے علاقے ہنگورجہ میں فائرنگ سے لیڈی سب انسپکٹر زلیخا انصاری کے قتل کے مقدمے میں پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈی سب انسپکٹر زلیخا انصاری کے قتل میں ملوث اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے گرفتار ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد کے گھر میں گھس فائرنگ کرنے کا بیان دیا اور بعد میں بیان بدلا کہ خاتون انسپکٹر نے خودکشی کی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، ملزم نے بتایا کہ اس کی بیوی بیٹی کا رشتہ اپنے عزیزوں میں کررہی تھی جس پر مجھے اعتراض تھا۔

    ملزم شوہر نے مزید کہا کہ جھگڑے کے بعد میں نے غصے میں آکر بیوی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس کےمطابق  مقتولہ ڈی آئی جی سکھر رینج کمپلین سیل کی انچارج تھیں۔

  • قبروں سے مُردوں کو نکالنے والا گورکن گرفتار، لاشیں برآمد

    قبروں سے مُردوں کو نکالنے والا گورکن گرفتار، لاشیں برآمد

    کراچی : مومن آباد قبرستان میں مردوں کو قبروں سے نکالنے والا گورکن گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش بیان میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل دفنائے گئے بچے سمیت 2 افراد کی قبروں سے باہر لاشیں برآمد ہوئیں، جس کے بعد لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق دونوں لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، مرحوم بچے کے والدین نےشکایت کی گورکن بچے کی لاش قبر سے نکال رہا ہے۔

    اطلاع پر موقع پر پہنچے تو قبرستان سے ایک مرد کی لاش کا پرانا ڈھانچا ملا، جانچ کرنی ہے لاشیں کس کی ہیں اور قبروں سے نکالنے کا کیا مقصد تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قبروں کی بے حرمتی کا مقدمہ کرکے مزید تفتیش کی جائے گی۔

  • پاکستان سے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    پاکستان سے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    کراچی : پاکستان سے سعودی عرب بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، ملزم نے انتہائی چالاکی اور مہارت سے منشیات کو چھپایا۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم کے عملے نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور مسافر کو حراست میں لے لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافرنعمت اللہ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی ایئر پورٹ سے شارجہ براستہ ریاض جارہا تھا۔

    کسٹم کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو انکشاف ہوا کہ ہیروئن ٹرالی بیگ کے پائپوں کے اندر مہارت سے چھپا کر رکھی گئی تھی۔

    کسٹم ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹرالی سے 900گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی گئی ہے، مسافر کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے

    واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی پاکستان کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے گوادر کے کھلے سمندر میں غیر ملکی شراب پکڑی تھی، برآمد شدہ شراب کی قیمت 7 کروڑ تھی۔

    کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ لسبیلہ ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی سے 4 ہزار 600 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں جبکہ کارروائی میں پانچ اسمگلرز بھی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

  • کراچی : نشے کی عادت نے ماڈلنگ کے شوقین نوجوان کو قاتل بنادیا

    کراچی : نشے کی عادت نے ماڈلنگ کے شوقین نوجوان کو قاتل بنادیا

    کراچی : نشے کا مریض اپنی ہر حرکت کو جائز سمجھتا ہے، نشے کی خاطر غیراخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں تک میں ملوث ہوجاتا ہے۔

    کچھ ایسا ہی کراچی کے ایک نوجوان کے ساتھ ہوا، شاہ لطیف پولیس نے60سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم سلیمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران شہری کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    ملزم سلیمان نے پولیس کا بتایا کہ ہم تین ساتھی غوثیہ ہوٹل کے قریب چائے پی رہے تھے، فرید اور یونس سوزوکی والے کے پاس گئے اور اس کا موبائل فون چھین لیا۔

    ملزم نے بتایا کہ میں موٹرسائیکل پر بیٹھا تھا میں نے اس کو گولی ماری اور پھر ہم وہاں سے بھاگ گئے۔

  • جج کا اسٹاف آفیسر بننے والا نوسرباز گرفتار

    جج کا اسٹاف آفیسر بننے والا نوسرباز گرفتار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ کے جج کا اسٹاف آفیسر بن کر افسران سے نوسربازی کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں قانون کی گرفت میں آگیا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم مستنصر بلا شاہ کو گرفتار کیا، ملزم کئی افسران سے بھاری رقوم بھی بٹور چکا ہے۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ملزم مستنصر بلا شاہ مختلف سرکاری افسران کو اپنے جھانسے میں لے کر ان سے بھی ناجائز فائدہ لیتا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم سی ڈی اے کے افسران پر بھی ناجائز حمایت کے لئے ان پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ ملزم کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ فون کے ذریعے سرکاری افسران پر دباؤ ڈالتا تھا۔

    اطلاع ملنے پر ملزم کیخلاف ڈپٹی رجسٹرار ایڈمن سپریم کورٹ کی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

    ملزم بعض جگہ پر خود کا تعارف بطور جوڈیشل مجسٹریٹ یا جوڈیشل آفیسر کہہ کر بھی کراتا تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • لاہور پولیس مقابلہ : سنگین وارداتوں میں ملوث ڈاکو گرفتار

    لاہور پولیس مقابلہ : سنگین وارداتوں میں ملوث ڈاکو گرفتار

    لاہور : پولیس نے شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے غازی آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا ہے پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرارہورہے تھے، شہری نے فوری طور پر ون فائیو سے رابطہ کیا جس کے بعد پٹرولنگ پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس موبائل کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے ریلوے لائن کے قریب اپنی موٹرسائیکل چھوڑی اور اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس پی کینٹ نے میڈیا کو بتایا کہ زخمی ڈاکو افضل عرف ماجھا ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے ، ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔