Tag: suspects arrested

  • پشاور : مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے ملزمان گرفتار

    پشاور : مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے ملزمان گرفتار

    پشاور : کے پی کے کی ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔

    انتظامی عملے نے مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی، پشاور کے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کامیاب کارروائی کی۔

    پشاور کی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے دو مردہ جانور برآمد ہوئے، چارسدہ لے جایا جارہا تھا، دونوں جانوروں کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا۔

    ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مردہ جانوروں کو تلف کردیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام کو مختلف مویشی منڈیوں سے مردہ جانوروں کو اکٹھا کرکے ان کا گوشت پشاور میں سپلائی کرنے والے گروہ کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔

  • ملتان ایئر پورٹ : اسمگلر کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    ملتان ایئر پورٹ : اسمگلر کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    ملتان : ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے ملتان ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کی ٹیم نے مسافر کی مشکوک حرکات پر اس کی تلاشی لی ملزم کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث مسافر کو حراست میں لے لیا۔

    اطلاعات کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے بحرین جانے والے مسافر سلیم خان کے سامان سے 3 کروڑ روپے تک مالیت کی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

    مسافر سلیم خان نے 2 کلو ہیروئن اپنے سامان میں مہارت سے چھپا رکھی تھی، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید کارروائی کے لئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

  • تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی : بین الاقوامی گروہ گرفتار

    تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی : بین الاقوامی گروہ گرفتار

    پشاور : تعلیمی اداروں میں بریانی کے ڈبوں میں آئس نشہ سپلائی کرنے والا بین الاقوامی گروہ پکڑا گیا۔ ملزمان سے 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی آئس برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ائی جی خیبر پختونخوا کی آئس و دیگر منیشات کی فروخت کی روک تھام کیلئے قائم کی گئی خصوصی ٹیم نے سی سی پی او پشاور کی زیر نگرانی گلبہار پولیس کے ھمراہ ایک حجرے پر چھاپہ مارا۔

    خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران حجرے سے تعلیمی اداروں میں آئس سپلائی کرنے اور بنانے کا کام کیا جاتا تھا، پولیس نے گروہ کے8کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    منشیات کی اس منی فیکٹری سے 7 کروڑ روپے مالیت کی آئس بھی برآمد ہوئی جسے ملزمان بریانی کے ڈبوں میں ڈال کر فروخت کرتے تھے۔ پولیس کی اس کارروائی میں آئس کے بین الاقوامی ڈیلر سمیت 8 ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے۔

    واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کا استعمال بڑھتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی کی جانب سے آواز اٹھانے پر منشیات کے خاتمہ کی جدوجہد میں اینٹی نارکوٹکس فورس، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اور محکمہ سوشل ویلفیئر فعال ہوگئے ہیں۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق وطنِ عزیز میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد تقریباً ڈیڑھ کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ صرف ہیروئن استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے جب کہ 15 فیصد افراد انجکشن کے ذریعے نشہ کرتے ہیں۔ اس تعداد میں کم عمر بچوں سے لے کر 65 سال کے بزرگ افراد بھی شامل ہیں۔

    پاکستان میں منشیات کی روک تھام کے لئے باقاعدہ قوانین موجود ہیں جن کے تحت اب تک منشیات فروشی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرکے عدالتوں کے ذریعے سزائیں ہوچکی ہیں۔

  • کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    اسلام آباد : ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کی اور ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث مسافر کو حراست میں لےلیا، ملزم کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق حامد خان ولد مومن خان نامی مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 287کے ذریعے اسلام آباد سے دوحہ جارہا تھا اس دوران عملے نے اس کی مشکوک حرکات پر اسے روکا۔

    مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو انکشاف ہوا کہ مسافر نے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹرالی بیگ میں ہیروئن چھپا کر رکھی ہوئی تھی جسے
    فوری پر عملے نے قبضے میں لے لیا۔

    ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ مسافر کے سامان سے دو کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    مسافر حامد خان ولد مومن خان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی اور مزید قانونی کارروائی کیلئے ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار، 100 سے زائد گاڑیاں و اسلحہ برآمد

    سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار، 100 سے زائد گاڑیاں و اسلحہ برآمد

    اتر پردیش : بھارت میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 100 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے والے ریاست اترپردیش کے ٹاپ ٹین چوروں کو گرفتار کیا ہے۔

    بھارتی ریاست اترپردیش ضلع نوئیڈا کے سیکٹر58 کی پولیس نے سو سے زائد گاڑیاں چوری کرنے والے بدنام  زمانہ ملزم بدمعاش شاہد سمیت چار ملزمان کو ایک خالی گراؤنڈ سے گرفتار کیا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے سات گاڑیاں، ایک کار کا کٹا ہوا انجن، چابیاں، غیرقانونی پستول،کارتوس اور چاقو برآمد کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گرفتار ہونے والے ان ملزمان کی شناخت ڈمپل، یوگیش اور ریحان کے طور پر کی گئی ہے۔ نوئیڈا پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان شاہد اور یوگیش نوئیڈا، غازی آباد، بلند شہر، متھرا اور علی گڑھ سے گاڑیاں چوری کرتے تھے اور فرضی نمبر پلیٹ لگا کر فروخت کیا کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کباڑی کو گاڑیوں کے پرزے علیحدہ کرکے فروخت کرتے تھے تاہم جعلی طریقہ سے اولیکس میں بھی گاڑیاں فروخت کرتے تھے۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار اسٹیٹ بینک کی بڑی رقم چوری، واردات کا ڈراپ سین

    ملکی تاریخ میں پہلی بار اسٹیٹ بینک کی بڑی رقم چوری، واردات کا ڈراپ سین

    بہاولپور : سمہ سٹہ ریلوے پولیس نے سازو سامان لے جانی والی ٹرین سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے 50 لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ چوری ہونے کے بعد پولیس نے ملزمان کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق بینک کے اربوں روپے کی منتقلی کے دوران ہونے والی چوری کی واردات میں امانت دار ہی چور نکلے، واردات میں ٹرین ملازم سمیت اس کے دو بیٹے اور داماد ملوث ہیں۔

    10فروری کو اسٹیٹ بینک کے 17 ارب روپے کی کھیپ اور پرائز بانڈز پر مشتمل نقدی کراچی سے فیصل آباد منتقل کی جارہی تھی کہ رات کے وقت سمہ سٹہ ریلوے اسٹیشن پر 50 لاکھ روپے چوری کرلیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بیورو چیف ملتان یاسر شیخ نے واردات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ نہ صرف پاکستان بلکہ اسٹیٹ بینک اور ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار پیش آیا۔

    نمانئدے کے مطابق ملزم صاد ق سیال نے اپنے دو بیٹوں اور داماد کے ساتھ مل کر ورادات کی، تحقیقاتی ٹیم نے واردات میں 8سے زائد افراد کے کے شامل ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ساجد سیال کے گھر سے 30 لاکھ روپے برآمد کیے گئے جبکہ ملزم کی نشاندہی پر اس کے بہنوئی محمد زبیر کے گھر سے 29لاکھ 34ہزار400 روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔

  • چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث بین الاقوامی گروہ کا اہم کارندہ گرفتار

    چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث بین الاقوامی گروہ کا اہم کارندہ گرفتار

    اسلام آباد : وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث انٹرنیشنل گروپ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی کے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جمیل خان مختلف غیراخلاقی فیس بک پیجز بھی آپریٹ کرتا تھا، ملزم انٹرنیشنل پورنوگرافرز کے واٹس ایپ گروپس میں بھی متحرک تھا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بچوں کی متعدد غیراخلاقی تصاویراور ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، اس کے علاوہ ملزم ایشین غیرملکی بچوں کو ٹارگٹ کرنے میں بھی ملوث ہے۔

    ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ ملزم بچوں کی غیراخلاقی تصاویر فروخت کرتا تھا، ملزم سے ایک گروپ سے تصاویر پھیلانے کاریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، ایف آئی اے نے ملزم کیخلاف پیکا کی سیکشن20,21اور22 کےتحت مقدمہ درج کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : چائلڈ‌ پورنو گرافی کے انٹرنیشنل گروہ کا کارندہ نارووال سے گرفتار

    واضح رہے کہ اس سے قبل یکم دسمبر کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے نارووال سے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر فروخت کرنے والے عالمی گروپ کے کارندے کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق برازیل کی حکومت نے ملزم سے متعلق معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کی تھیں، انٹرپول سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

  • سعودی عرب : وائرل ویڈیو پر پولیس کی فوری کارروائی ، متعدد افراد گرفتار

    سعودی عرب : وائرل ویڈیو پر پولیس کی فوری کارروائی ، متعدد افراد گرفتار

    ریاض : سعودی ٹریفک پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کانوٹس لیتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی کی ہے، متعدد ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ٹریفک پولیس نے حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ، ٹائر سکریچنگ، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، زگ زیگ اور سگنل توڑنے پر کئی ڈرائیوروں کو گرفتار کیا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی اخبار کے مطابق سوشل میڈیا پر مبینہ ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کے وڈیو کلپس وائرل تھے، جس میں شہریوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

    محکمہ ٹریفک نے ردعمل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وڈیو میں نظر آنے والے ڈرائیوروں کو نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ زیر حراست افراد کو ٹریفک قانون میں مقرر سزائیں دلانے کے لیے ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کردیا گیا۔

    محکمہ ٹریفک نے سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بروقت ردعمل دے کر ایک طرح سے آگہی مہم چلائی ہے، تمام ڈرائیور سب کی سلامتی کی خاطر ٹریفک قوانین و ضوابط کی پابندی کریں۔

  • سعودی عرب : 700 ملین ریال سے زائد کرپشن پر حکومت کا بڑا اقدام

    سعودی عرب : 700 ملین ریال سے زائد کرپشن پر حکومت کا بڑا اقدام

    ریاض : سعودی عرب کے کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے700 ملین ریال سے زائد کرپشن میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں سرکاری اہلکار، تاجر اور غیرملکی شامل ہیں۔

    سعودی عرب کے کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاہہ) نے سرکاری اثر و نفوذ کے غلط استعمال اور سرکاری فرائض ادا کرنے کے لیے رشوت ستانی کے 889 کیسز میں 700 ملین ریال سے زیادہ کرپشن کے کیسز بےنقاب کیے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق بدعنوانی کے معاملات میں وزارت دفاع، وزارت انصاف کے افسران، بلدیاتی کونسلوں کے عہدیداران، محکمہ ٹریفک، وکسٹم کے اہلکار، متعدد عام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی ملوث ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ700ملین ریال سے زیادہ بدعنوانی کے کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں، ان میں نمایاں ترین تیرہ مقدمات ہیں، جرائم میں ملوث ریاض بلدیاتی کونسلوں کے تیرہ سرکاری اہلکار، چار تاجر اور پانچ مقیم غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے جہاں سے193.6 ملین ریال برآمد ہوئے ہیں۔

    نزاہہ عملے نے دوسرے کیس میں ایک عرب ملک کے دو شہریوں کو10 لاکھ ریال نقد اور تیس لاکھ ریال کا چیک وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، یہ رقم وزارت کے ایک پروجیکٹ کا جس کی لاگت 680 ملین ریال تھی ٹھیکہ دلانے کے لیے لی جارہی تھی۔

    تیسرے کیس میں سیکیورٹی ادارے کے ایک گودام کا سابق افسر 1.8 ملین ریال کے غبن میں پکڑا گیا ہے جبکہ چوتھے کیس کا تعلق محکمہ کسٹم سے ہے۔ ایک عرب ملک کے تین شہری محکمہ کسٹم کے ایک اہلکار کو ساڑھے 8 لاکھ ریال دیتے ہوئے پکڑے گئے۔ یہ رقم بری سرحدی چوکی سے ممنوعہ سامان پاس کرانے کے لیے دی جارہی تھی۔

    اس کے علاوہ پانچویں کیس کا تعلق وزارت دفاع سے ہے جس میں چار افسران اور وزارت کی ٹھیکیدار کمپنی سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد پکڑے گئے جبکہ چھٹے کیس میں وزارت انصاف کا ایک سابق ڈائریکٹر گرفتار کیا گیا ہے۔

    ساتویں کیس میں وزارت ٹرانسپورٹ کا ایک اہلکار بدعنوانی کے الزام میں حراست میں لیا گیا، 8 ویں کیس کا تعلق مشرقی ریجن کی

    ایک بستی کی بلدیاتی کونسل سے ہے، اس کا سابق اہلکار13.9 ملین ریال کی بدعنوانی میں پکڑا گیا۔ نویں کیس کا تعلق سعودی خواتین کے لیے بین الاقوامی جعلی ڈرائیونگ لائسنس نکالنے سے ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ٹریفک کے دو افسر اور دو اہلکار خواتین کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

    دسویں کیس کا تعلق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود سے ہے، ایک اہلکار نے غیرقانونی طریقے سے ایک غیرملکی کا نقل کفالہ کرانے کے لیے رقم طلب کی تھی، گیارہواں کیس محکمہ صحت سے ہے جس کے ایک ایشین اہلکار نے میڈیکل آلات ایک کمپنی کو57.5 ہزار ریال میں فروخت کردیے تھے۔

    بارہویں کیس کا تعلق ایک میونسپلٹی کے اہلکارسے ہے سرکاری دستاویز کے بدلے ہم وطن سے پچاس ہزار ریال رشوت لی گئی تھی جبکہ تیرہویں کیس کا معاملہ محکمہ کسٹم سے ہے جس میں ایک سعودی شہری اور دو غیرملکیوں کو ممنوعہ سامان پر مشتمل ملبوسات پاس کرانے کے لیے ایک لاکھ ریال ایک کسٹم کنٹرولر کو دیے تھے۔

  • کراچی : لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتولہ کا کزن گرفتار

    کراچی : لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتولہ کا کزن گرفتار

    کراچی : لیاقت آباد انویسٹی گیشن پولیس نے 31سالہ مقتولہ نائلہ کے اندھے قتل کی واردات جدید طریقے سے کارروائی کرتے ہوئے چچا زاد ملزم اعظم کو گرفتار کرلیا۔

    مقتولہ نائلہ ایک ماہ قبل اپنے چچا کے بیٹے اعظم سے شادی کرنے کے لیے بغیر بتائے گھر سے چلی گئی تھی، مقتولہ نائلہ گھر سے جاتے ہوئے14لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات وغیرہ بھی ساتھ لے گئی تھی۔

    ملزم اعظم مقتولہ نائلہ کے پاس موجود بڑی رقم اور طلائی زیورات وغیرہ دیکھ کر لالچ میں آگیا۔ ملزم اعظم نے رقم ہتھیانے کے لیے مقتولہ نائلہ کو دھوکے سے دیپالپورہ اُوکاڑہ لے جا کر چھریاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

    ملزم اعظم مقتولہ نائلہ کی نعش کو کھیتوں میں پھینکنے کے بعد رقم اور طلائی زیورات وغیرہ لے کر کراچی فرار ہوگیا تھا۔ مقتولہ نائلہ کے ورثاء نے تھانہ لیاقت آباد میں اغوا جبکہ اوکاڑہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    دوسری کارروائی میں پولیس نے مقابلے کے بعد سابق اہلکار اور بدنام ڈکیت اشتیاق عرف ماما کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، سائٹ اے پولیس نے سابق اہلکار اور بدنام ڈکیت کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد مبینہ مقابلے میں اشتیاق عرف ماما کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف بھتے کی وصولی کا مقدمہ بھی درج ہے ملزم کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، ملزم اورساتھیوں نے3 جولائی کو ٹیکسٹائل مل ملازم سے12 لاکھ چھینے تھے۔

    علاوہ ازیں ملیر سٹی پولیس نے ایک کارروائی میں منشیات فروش خاتون کو شوہر سمیت گرفتار کیا ہے، ملزمان حنیف اور سلمیٰ عرف حسینہ سے6کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔