Tag: Suspend

  • اسلام آباد ایئرپورٹ : پروازوں کی آمد و رفت 2 گھنٹے کیلیے معطل کرنے کا اعلان

    اسلام آباد ایئرپورٹ : پروازوں کی آمد و رفت 2 گھنٹے کیلیے معطل کرنے کا اعلان

    اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے دو روز کیلیے پروازوں کی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا جس کے تحت 11اور14اگست کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر2گھنٹےکیلئے پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔

    نوٹم کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن صبح 11 سے دوپہر 1 بجے تک معطل رہے گا۔

    پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا یہ نوٹم یوم آزادی ریہرسل کیلئے جاری کیا گیا ہے جس میں تمام ایئر لائنز کو ان اوقات میں پروازیں شیڈول نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے واضح کیا کہ یہ پابندی صرف مختصر وقفوں کے لیے ہوگی اور ان اوقات کے علاوہ ایئرپورٹ پر پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

  • عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا فیصلہ معطل

    عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا فیصلہ معطل

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کی ڈیرہ اسماعیل خان کی سٹی میئر کے لیے نااہلی معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کی، ڈیرہ اسماعیل خان کی سٹی میئر کے لیے نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔

    عمر امین گنڈا پور کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور آصف گجر عدالت میں پیش ہوئے۔

    دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل کیا ہے، الیکشن کمیشن نے پروسیجر کے بغیر آرڈر جاری کیا۔ سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جرمانے کے بعد پھر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو ایکشن ہو سکتا ہے، نہ انکوائری ہوئی، نہ رپورٹ کمیشن کو دی گئی۔ عمر امین نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہوتی تو پہلے نوٹس دینا چاہیئے تھا۔

    دوران سماعت عدالت کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر پڑھا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ عمر امین کیسے فریق بن گیا؟ کیا نوٹس جاری نہیں کیا گیا؟

    بعد ازاں ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کردیا، ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دیا تھا۔

    عمر امین ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر کے امیدوار تھے۔

    بعد ازاں عمر امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔

    دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا، قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیئے تھا، سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    عمر امین کی جانب سے کہا گیا کہ لگائے گئے الزامات مبہم، عمومی نوعیت کے اور بغیر کسی خاص تفصیل کے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 234 کی دفعات کو غلط استعمال کیا گیا۔

    درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

  • قانون کے رکھوالوں کو پڑگئی قانون شکنی بھاری، ویڈیو دیکھیں

    قانون کے رکھوالوں کو پڑگئی قانون شکنی بھاری، ویڈیو دیکھیں

    کار میں سفر کے دوران موج مستی کرنے والے بھارتی گجرات کے 4 پولیس اہلکاروں کو ماسک نہ لگانے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پرمعطل کردیا گیا

    زندگی کبھی خوشیوں سے لبریز ہوتی ہے تو کبھی دکھ کی ایسی گھٹا چاہتی ہے کہ زندگی کا رنگ ہی بدل جاتا ہے، ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی گجرات میں جہاں 4پولیس اہلکار کار میں میوزک پر موج مستیاں کررہے تھے، لیکن یہ خوشی ان کے لیے ملازمت سے معطلی کا پروانہ ثابت ہوئی۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں گجرات پولیس کے 4اہلکار دوران سفر کار میں چلنے والے میوزک پر پولیس وردی پہنے ڈانس اور موج مستی کررہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے نہ ماسک لگائے ہوئے ہیں اور نہ ہی سیٹ بیلٹ باندھی ہوئی ہے، موج مستی کرتے اہلکاروں میں سے ہی ایک اہلکار نے  ہی اپنے موبائل سے ان لمحات کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    اس ویڈیو کا سوشل میڈیا پر آنا تھا کہ سمجھو پورے بھارت میں ایک بھونچال آگیا، ویڈیو سوشل کے ساتھ مین اسٹریم میڈیا پر بھی چل نکلی جس پر محکمہ پولیس بھی حرکت میں آگیا اور ایس پی مائر پاٹل نے فوری طور پر ان چاروں اہلکاروں کو معطل کردیا۔

    سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ مذکورہ اہلکاروں نے پولیس کی وردی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرکے محکمے کا نام بدنام کیا ہے۔

    ویڈیو اور اس کی پاداش میں ملنے والی سزا پر سوشل میڈیا پر  لوگوں کی مختلف رائےسامنے آرہی ہے، کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹھیک ہے انہوں نے جو کیا غلط کیا لیکن معطلی کڑی سزا ہے، جرمانہ کافی تھا، جب کہ سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو محکمہ پولیس کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ معطلی کا فیصلہ بالکل درست ہے کیونکہ انہوں نے ٹریفک قوانین کو توڑا ہے۔

  • فلائٹ آپریشن معطل، پروازیں منسوخ کردی گئیں

    فلائٹ آپریشن معطل، پروازیں منسوخ کردی گئیں

    موسم کی خرابی اور رن وے پرحدنگاہ 150 میٹر ہونے کے باعث لاہورایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا اور کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں موسم کی خرابی اور حد نگاہ ایک سو پچاس میٹر رہ  جانے پر لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔

    فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ کئی جہازوں کا رخ دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔

    لاہور آنے والی جن پروازوں کا رخ موڑا گیا ہے ان میں دبئی سے آنے والی پروازپی اے411 اور شارجہ سے آنے والی پروازپی اے413 ہیں جنہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنےکی ہدایات کی گئی ہیں۔

    جدہ سےآنے والی پرواز ایس وی 737 اور 738 منسوخ کردی گئیں۔

    اس کے علاوہ شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 185، مسقط سے آنے والی پرواز پی کے 129 اورکراچی سے لاہورآنے والی پرواز پی کے307 کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی، نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے کیسز دوبارہ رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر مریض بھارت سے آئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث نیوزی لینڈ نے بذریعہ بھارت نیوزی لینڈ آنے والے افراد اور بھارتی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پابندی کا اعلان نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر پابندی 11 سے 28 اپریل تک عائد رہے گی۔

    نیوزی لینڈ نے یہ پابندی ملکی سرحد پر کرونا وائرس کے 23 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد لگائی جن میں سے 17 بھارت سے آنے والے افراد تھے۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 1 لاکھ 26 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

    بھارت میں اب تک کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 66 ہزار مریض موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ ملک میں کووڈ 19 کے فعال کیسز کی تعداد 9 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔

  • خاتون صحافی کو دھمکی : وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کو لینے کے دینے پڑگئے

    خاتون صحافی کو دھمکی : وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کو لینے کے دینے پڑگئے

    واشنگٹن : خاتون صحافی سے ناروا سلوک کے الزام میں وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری کو اس کے عہدے سے معطل کردیا گیا، ٹی جے ڈکلو کو ایک ہفتے کیلیے فرائض کی ادائیگی سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری جین ساکی نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ مبینہ طور پر ایک خاتون رپورٹر کو دھمکی دینے کے بعد صدر جو بائیڈن کے نائب پریس سکریٹری کو تنخواہ کے بغیر ایک ہفتہ کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن کے نائب پریس سکریٹری ٹی جے ڈکلو پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی صحافی پلمیری کی نجی زندگی کی تحقیقات کرنے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس پر ان کو ایک ہفتے کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔

    جین ساکی نے بیان میں مزید کہا کہ اس کے علاوہ جب ٹی جے ڈکلو کام پر واپس آئیں گے تو تب بھی انہیں کسی صحافی کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کا یہ پہلا ملازم ہے جو صدر کے مقرر کردہ معیار کے مطابق کام نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی جے ڈکلو نے ذاتی طور پر صحافی پالمیری سے ان کے اس سلوک پر معافی مانگ لی ہے۔

  • سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی معطل

    سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی معطل

    ریاض: سعودی عرب میں سروسز میں تاخیر پر ایک کوریئر کمپنی کو معطل کردیا گیا، کمپنی نے پارسل تاخیر سے پہنچایا تھا۔ اس سے پہلے بھی ایک کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے کوریئر کمپنی سمسا ایکسپریس کو پارسل کی ترسیل میں تاخیر پر معطل کردیا۔

    کمیشن نے کہا ہے کہ جو پوسٹل سروس پارسل کی ترسیل میں گڑبڑ کرے گی، مقررہ وقت پر پہنچانے میں ٹال مٹول سے کام لے گی اور صارفین کو غلط اطلاع دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کرے گی اسے معطل کردیا جائے گا۔

    کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے مزید کہا کہ کمپنی پر پوسٹل سروس کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے، کمپنی صارفین سے تا اطلاع ثانی سروسز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہ کرے اور نہ ہی تجارتی اداروں سے ترسیل کے معاہدے کیے جائیں۔

    کمیشن نے کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کرے اور صارفین کی شکایات دور کرے۔

    کمیشن نے اس حوالے سے کمپنی کو مہلت دی اور وارننگ دی ہے کہ اگر اس نے مہلت کے دوران صارفین کی شکایات دور نہ کیں اور اپنا بنیادی ڈھانچہ درست نہ کیا تو اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور تمام اداروں کے سامنے نتائج کی ذمہ دار بھی وہ خود ہوگی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر ایک کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

    کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا، دوسری خلاف ورزی یہ کی کہ پارسل پہنچانے میں تاخیر کی گئی۔ کمپنی کی یہ کوتاہیاں تحفظ صارفین منشور کی دفعہ 5 کے زمرے میں آتی ہیں۔

    کمیونیکیشن کمیشن کے مطابق مبینہ خلاف ورزیوں پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا گیا جبکہ اسے تاکید کی گئی کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی سے باز رہے۔

  • سوڈان میں سیکرٹری اطلاعات تقرری کے ایک دن بعد برطرف

    سوڈان میں سیکرٹری اطلاعات تقرری کے ایک دن بعد برطرف

    خرطوم : لیبیا کی فوجی عبوری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان نے عبدالماجد ھارون کو وزارت اطلاعات و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ عبدالماجد ھارون کی تقرری ایک دن پہلے کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالماجد ہارون کی تقرری سے قبل ان کی سیاسی وابستگی کے بارے میں معلومات عام نہیں تھی، جنرل البرھان کا کہنا تھا کہ فوج نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا ہے اور وہ فوجی ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاجی دھرنا دینے والے مظاہرین کے اصولی مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ عبد الماجد ھارون کا نام سیکرٹری اطلاعات کے عہدے کے لیے پارلیمنٹ کے برطرف اسپیکر ابراہیم احمد عمر نے تجویز کیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کا نام کونسل کے ترجمان کے طور پر بھی پیش کیا گیا اور سپریم نیشنل کونسل سے بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قبل ازیں عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے سابق سیکرٹری اطلاعات العبید احمد مروح سیکرٹری بجلی آبی وسائل انجینیر حسب النبی موسیٰ محمد اور فارما سیٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زین العابدین عباس محمد الفحل کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    سوٖڈانی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جنرل البرھان نے بدرالدین عبداللہ محمد احمد کو سیکرٹری خارجہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • پرتشدد مظاہرے ، فرانسیسی حکومت کا فیول پراضافی ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ

    پرتشدد مظاہرے ، فرانسیسی حکومت کا فیول پراضافی ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ

    پیرس : فرانس کی حکومت نے فیول پرعائد اضافی ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم ٹیکس واپس لینے کااعلان کریں گے، فیول پراضافی ٹیکس واپس لینے کے لئے مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس سمیت فرانس کے مختلف شہروں میں پیڑول پراضافی ٹیکس اورمہنگائی کے خلاف احتجاج  جاری ہے ، فرانس کی حکومت نے فیول پرعائد اضافی ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق وزیراعظم ٹیکس واپس لینے کا اعلان کریں گے۔

    خیال رہے فرانس میں فیول پراضافی ٹیکس واپس لینے کے لئے مظاہرے کئے جارہے ہیں، احتجاج کے دوران تین افراد ہلاک اورپولیس اہلکاروں سمیت چارسوسے زائد افراد زخمی ہوئے، ایمبولینس ڈرائیورزنے بھی مہنگائی کیخلاف احتجاج میں حصہ لیا اورایمبولینسزکھڑی کرکے روڈبند کردیں۔

    مزید پڑھیں : مظاہروں میں ناخوشگوارواقعات باعث شرمندگی ہیں‘ فرانسیسی وزیردفاع

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے پیرس میدان جنگ میں تبدیل ہونے کے بعد حکام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں، احتجاج کرنے والے افراد نے مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کی اور درجنوں عمارتوں اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا ، بعد ازاں فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے وزیراعظم کو سیاسی رہنماؤں اور مظاہرین سے مذاکرات کرنے کا حکم دیا تھا۔

    فرانسیسی وزیر دفاع نے مظاہروں میں پرتشدد واقعات کوشرمندگی کا باعث قراردیا تھا جبکہ فرانسیسی وزیرداخلہ کی مظاہرین کی جانب سے پولیس پرتشدد کی مذمت کی تھی۔

    یاد رہے حکومت کے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لینے پرآٹھ دسمبرکوبڑے مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے اور حکام نے مختلف علاقوں میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

  • سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    ٹورنٹو : کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے سعودی حکومت کی جانب سے ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی کو شرمناک قرار دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا اورسعودی عرب میں سفارتی تناؤ شدت اختیار کرگیا، سعودی حکام کی جانب سے کینیڈا کے لئے پروازیں بند کرنے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں تمام اسکالر شپس، تربیتی اور فیلو شپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں جو کسی اور ملک منتقل کیے جائیں گے۔

    کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے اسکالرشپس بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے سخت اقدامات کے باوجود کینیڈا اپنے موقف پرقائم رہے گا۔

    میڈیا سے گفتگو میں سعودی طلبا کی امریکہ و برطانیہ منتقلی پر اپنے ردعمل میں کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں زیرتعلیم سعودی طلباء کو اپنی تعلیم مکمل کرنے سے روکنا شرمناک ہے۔

    کرسٹیا فری نے کہا کہ کینیڈا انسانی حقوق کے معاملے پر آواز اٹھاتا رہے گا۔


    مزید پڑھیں :  سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں


    یاد رہے کہ سعودی عرب نے کینیڈا سے سفیر واپس بلانے کے بعد ٹورنٹو کیلئے سعودی ائیر لائین کی پروازیں معطل کر دیں۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے بھی روک رہا ہے، وہ اپنے داخلی معاملات میں مداخلت پسند نہیں کرتا۔

    واضح رہے کہ کینیڈا نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش ظاہرکی تھی، جسے سعودی عرب نے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔

    جس کے بعد سعودی عرب نے کینیڈین سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کے ساتھ ساتھ کینیڈا سے سعودی سفیر کو بھی واپس بلالیا تھا۔