Tag: suspends

  • مراکش نے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کردیں

    مراکش نے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کردیں

    مراکش نے جنوبی افریقہ اور دیگر علاقائی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے مراکش کی بری، بحری اور فضائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مراکش میں حکام نے پیر 29 نومبر سے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    مراکشی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ اور دیگر علاقائی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے مراکش کی بری، بحری اور فضائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مراکش کی وزارتی کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ او میکرون کے تیزی سے پھیلنے سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے، نیا وائرس افریقی اور یورپی ممالک میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔

    یاد رہے کہ مراکش سے قبل سعودی عرب سمیت متعدد عرب اور یورپی ممالک بھی پروازویں معطل کرچکے ہیں۔

    اس سے قبل بحرین، متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر دیگر کئی ممالک کی طرح کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 7 افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کرچکے ہیں۔

    یورپی یونین، برطانیہ اور بھارت نے بھی کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سخت سرحدی کنٹرول کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ نے جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک سے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے اور وہاں سے واپس آنے والے برطانوی مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    کرونا کی نئی قسم اومیکرون کا سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں انکشاف ہوا اور اس کے بعد یہ وائرس بیلجیئم، بوٹسوانا، اسرائیل اور ہانگ کانگ میں بھی پایا گیا ہے۔

  • آئی ایم ایف نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی معطل کردی

    آئی ایم ایف نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی معطل کردی

    واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (انٹرنیشل مانیٹری فنڈ ۔ آئی ایم ایف) نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی بلاک کردی، طالبان کو سینٹرل بینک اثاثوں تک رسائی بھی حاصل نہیں ہوگی، سینٹرل بینک میں افغان حکومت کے 9 ارب ڈالرز ریزرو ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی بلاک کردی۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ طالبان کو افغانستان کے لیے اربوں ڈالرز تک رسائی نہیں ہوگی، افغانستان میں حکومت سے متعلق وضاحت کا فقدان ہے۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق ادارہ بین الاقوامی برادری کے خیالات کی رہنمائی کرتا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کو 23 اگست کو 450 ملین ڈالرز منتقل ہونا تھے، آئی ایم ایف نے افغانستان کے لیے 650 ارب ڈالرز ریزرو کیے ہوئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کو سینٹرل بینک اثاثوں تک رسائی بھی حاصل نہیں ہوگی، سینٹرل بینک میں افغان حکومت کے 9 ارب ڈالرز ریزرو ہیں۔

  • پائلٹس کے مشکوک  لائسنس ، نجی ایئر لائن  کا بڑا فیصلہ

    پائلٹس کے مشکوک لائسنس ، نجی ایئر لائن کا بڑا فیصلہ

    کراچی : نجی ایئر لائن سرین ایئر نے مشکوک لائسنس پر کپتان اور فرسٹ آفیسرز کی تنخواہیں روک دیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس کا معاملہ حل ہونے تک مراعات نہیں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مشکوک پائلٹس کے لائسنس کے معاملے پر نجی ایئر لائن سرین ایئر نے بڑا فیصلہ کرلیا اور مشکوک لائسنس کے حامل کپتان اور فرسٹ آفیسرز کی تمام مراعات روک دیں۔

    سرین ایئرلائن کی جانب سے مشتبہ لائسنس کے حامل کپتان اور فرسٹ آفیسرز کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا جب تک سول ایوی ایشن اتھارٹی پائلٹس اور فرسٹ آفیسرز کے لائسنس کا معاملہ حل نہیں ہوجاتا اس وقت تک تمام مراعات ادا نہیں کئے جائیں گے۔

    ایئرلائن سرین ایئر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد29جون سے لاگو ہوگا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کپتان اور فرسٹ آفیسرز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے 10پائلٹس کی فہرست سرین ایئر کو فراہم کی گئی تھی ، جن میں 3پائلٹس پہلے ہی نوکری چھوڑ کر جاچکے ہیں جبکہ ایک کپتان اور6 فرسٹ آفیسرز کو فوری طور پر پہلے ہی گراونڈ کردیا گیا ہے۔

  • کرونا وائرس ، سعودی حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس ، سعودی حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    جدہ: سعودی حکومت نے  نجی شعبے سے وابستہ دفاتر بند کردیے اور ملازمین کو 15 دن کی چھُٹیاں دیتے ہوئے گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام نجی کمپنیوں اور اداروں کے دفاتر بند کرتے ہوئے ملازمین کو 15 دن کی چھُٹیاں دے دی گئیں۔

    سعودی حکام نے پرائیویٹ سیکٹر کے تمام ملازمین کو گھروں تک ہی محدود رہنے کا حکم جاری کرتے ہوئے نجی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ صرف نہایت ضروری عملے کو دفاتر میں بلایا جائے اور تمام ملازمین  کو ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر بٹھایا جائے۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس: سعودی عرب میں ملازمین گھر سے کام کیسے کریں گے؟

    حکام کا کہنا ہے کہ بجلی، پانی اور مواصلات کے شعبوں کے ملازمین بدستور کام کرتے رہیں گے جبکہ کئی شعبوں میں ملازمین کو گھروں پر بیٹھ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    سعودی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی نجی ادارے میں کام کی جگہ پر ملازمین کی گنتی 50سے زیادہ ہے تو ایسی صورت میں تمام ملازمین میں بخار اور نزلہ زکام کی تشخیص کے لیے اسکینر اور دیگر طبی آلات کو استعمال میں لانا لازمی ہوگا۔

    حکام  کے مطابق اگرکسی ملازم یا کارکن میں کرونا وائرس کی مشتبہ علامات پائی جائیں تو ادارہ فوری طور پر اپنی انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کرنے کا پابند ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت ہیومن ریسورسز کا کہنا ہے کہ  سعودی عرب نے نجی شعبے سے وابستہ دفاتر بند کردیے  اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزارت ہیومن ریسورسز کے مطابق کمپنیوں کے ملازمین کو دفاتر آنے سے 15 دنوں کے لیے استثنیٰ دیا جائے گا جبکہ بنیادی شعبوں میں کام کرنیوالی کمپنیاں آن لائن خدمات کوفروغ دیں گی۔

    خیال رہے سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 38 مریض سامنے آنے کے بعد مریضوں کی کل تعداد 171 ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس کا خطرہ،  پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر پابندی عائد

    کرونا وائرس کا خطرہ، پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر پابندی عائد

    اسلام آباد : کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان اورایران میں براہ راست پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ، لاہور کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کروناوائرس پاکستان میں مزیدنہ پھیلےاقدامات اور سخت کردیئے گئے ہیں ، ترجمان ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اورایران میں براہ راست پروازوں پرتاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی آج رات12 بجے سے لگائی گئی ہے۔

    ترجمان ایوی ایشن کا کہنا ہے لاہور کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

    اس سے قبل ایران سےکراچی آنے والی غیرملکی پروازوں کو برج پر لگانے پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی ، ائیرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ طیارے کو آئسولیٹڈ جگہ پر پارک کرایا جائےگا اور مسافروں کوسیڑھیوں کے ذریعےرن وےپراتاراجائےگا اور محکمہ صحت کاعملہ رن وےپرہی اسکریننگ کرےگا، کلیئرنس کےبعدہی مسافروں کو باہرجانے دیاجائےگا۔

    واضح رہے  پاکستان میں کرونا وائرس سے شکار ہونے والے دو افراد کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں،  کراچی میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے شخص کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ، جو زیارت کر کے چند روز قبل ایران سے کراچی پہنچا تھا۔

  • کانگریس کی منظور کردہ غیر ملکی امداد روکنے اور چھان بین کا حکم

    کانگریس کی منظور کردہ غیر ملکی امداد روکنے اور چھان بین کا حکم

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دو سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ جب تک نظرثانی مکمل نہیں ہوجاتی، اربوں ڈالر مالیت کی غیر ملکی امداد منجمد کردی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ (او ایم بی) نے امریکی محکمہ خارجہ اور بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ”ذمے نہ لی گئی غیر ملکی امداد کا حساب دیا جائے، اور وہ رقوم خرچ نہ کی جائیں جنھیں سرکاری طور پر خاص مقاصد کے لیے مختص نہیں کیا گیا“۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ’او ایم بی‘ کی جانب سے جن 10 مدوں کو منجمد کرنے کےلئے کہا گیا ان میں بین الاقوامی صحت، منشیات اور امن کار کام سے متعلق پروجیکٹس اور ترقیاتی اعانت کے پروگرام شامل ہیں،یہ حکم نامہ گذشتہ اختتام ہفتہ ان اداروں کے حوالے کیا گیا۔

    حکم نامے کے ناقدین کے اندازے کے مطابق، اس اقدام کے نتیجے میں دونوں اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ دو سے چار ارب ڈالر مالیت کی فنڈنگ روک دیں،چھان بین کی جانے والی رقم مالی سال 2018اور 2019 کے لیے ہے، اور اگر اسے جاری مالی سال کے اندر اندر خرچ نہ کیا گیا تو ستمبر کی 30 تاریخ کو یہ غیر استعمال شدہ رقم تصور ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ اختتام ہفتہ جاری ہونے والا یہ حکم نامہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کانگریس نو ستمبر تک تعطیلات پر ہے، اس لیے قانون ساز اس اقدام کو روکنے کے حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے۔

    ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے امور خارجہ کے سربراہ، ایلیٹ اینگل نے کہا کہ ”انتظامیہ کی کانگریس سے نفرت مثالی ہے“،بقول ان کے جب کانگریس یہ فیصلہ کرتی ہے کہ غیر ملکی امداد کی مد میں کتنے پیسے خرچ کیے جائیں، تو یہ مشورہ نہیں، یہ قانون ہوتا ہے، جس کی آئین پاسداری کرتا ہے۔

    ڈیموکریٹک قانون ساز نے کہا کہ ریپبلکن انتظامیہ کا حکم نامہ ”امریکی اقدار اور قیادت کو عالمگیر سطح پر فروغ دینے کی امریکی استعداد کے لیے تباہ کن امر ہے۔

  • منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلیے برطانیہ نے گولڈن ویزہ اسکیم ختم کردی

    منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلیے برطانیہ نے گولڈن ویزہ اسکیم ختم کردی

    لندن : برطانوی حکومت نے کاروباری و دولت مند افراد کےلیے متعارف کروائی گئی گولڈن ویزا اسکیم روس، بھارت اور چین کےلیے بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں منی لانڈرنگ ، انسانی اسمگلنگ اور دیگر جرائم میں اضافے کے باعث برطانوی حکومت نے گولڈن ویزا اسکیم بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے اٹھایا گیا اقدام منی لانڈرنگ ، انسانی اسمگلنگ و دیگر جرائم کے خلاف آپریشن کا حصّہ ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی جانب سے گولڈن ویزا اسکیم کو سنہ 2008 میں مالی طور پر مستحکم اور کاروباری شخصیات کےلیے متعارف کروایا گیا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گولڈن ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے برطانوی شہریت حاصل کی تھی، جس سے برطانیہ سے 4 ارب 98 کروڑ پاؤنڈ ریونیو کمایا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گولڈن ویزا اسکیم کی عوامی سطح پر پذیرائی اور اربوں پاؤنڈ کا ریونیو ملنے کے باوجود برطانوی حکومت نے منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اسکیم معطل کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ نےیہ فیصلہ ویزے کے حامل افراد کا منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے باعث کیا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکیم کا غلط استعمال کرنے والے افراد میں زیادہ اکثریت بھارتی ارب پتیوں کی ہے، جنہوں نے گولڈن ویزہ حاصل کیا ہوا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سنہ 2009 سے اب تک 76 بھارتی ارب پتی گولڈن ویزہ اسکیم کے ذریعے برطانیہ کے مستقل شہری بن چکے ہیں جبکہ 2013 میں سب سے زیادہ 16 بھارتی ارب پتیوں نے اس سے استفادہ کیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس 1 ہزار چینی و روسی ارب پتیوں نے گولڈن ویزہ اسکیم سے فائدہ اٹھایا تھا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت منی لانڈرنگ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کو گولڈن ویزہ اسکیم کو غلط استعمال کیے جانے کے شواہد ملے تھے جس کے بعد حکومت نے اسکیم ختم کردی۔

    گولڈن ویزہ اسکیم کے ذریعے برطانوی شہریت، رہائش اور کاروباری سہولت باآسانی مسیر آتی تھی۔

    عام ویزے کے مقابلے میں گولڈز ویزہ حاصل کرنا نسبتاً آسان تھا۔

  • سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی اپیل پر73دہشت گردوں کی رہائی کا حکم معطل کردیا

    سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی اپیل پر73دہشت گردوں کی رہائی کا حکم معطل کردیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی اپیل پر 73 دہشت گردوں کی رہائی کا حکم معطل کردیا ، وزارت دفاع نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت دفاع کی اپیل پر سماعت کی۔

    عدالت نے دہشت گردوں کی بریت کے خلاف وزارت دفاع کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 73 دہشت گردوں کی رہائی کا حکم معطل کردیا۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

    وزارت دفاع کی جانب سے 73 دہشت گردوں کی بریت کے فیصلوں کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا تمام افراد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے اور فوجی عدالت نے انہیں سزائیں سنائی تاہم پشاور ہائی کورٹ نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالتوں سے پھانسی و عمرقید کی سزا پانے والے 73 دہشت گردوں کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کاحکم دیا تھا۔

  • شہری پر تشدد ، تحریک انصاف نے ڈاکٹرعمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    شہری پر تشدد ، تحریک انصاف نے ڈاکٹرعمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی ، عمران علی شاہ کی شہری پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کوشہری پرتھپڑوں کی بارش کرنا مہنگا پڑگیا، پارٹی نے ڈاکٹر عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

    پی ٹی آئی کے ایم این اے نجیب ہارون کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنجیدگی دیکھتے ہوئے رکنیت ایک ماہ کے لئے معطل کی ہے، فیصلہ ڈسپلنری کمیٹی معاملات کرے گی۔

    تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ معاملہ انضباطی کمیٹی کےسپرد کر دیاگیاہے، کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک عمران شاہ معطل رہیں گے، انضباطی کمیٹی کو ایک ماہ میں معاملے کی تحقیقات کرنی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا۔

    بعد ازاں نو منتخب رکن نے شہری کے گھر جاکر ان سے معافی مانگی تھی۔

    تحریک انصاف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عمران علی کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور جواب طلب کیا تھا۔

    خیال رہے پی ٹی آئی رہنما نے تشدد کا نشانہ بنایا وہ ایک سرکاری افسر تھا۔

  • چیف جسٹس نے موبائل کارڈز پر  وصول کیے جانیوالے ٹیکسز معطل کردیئے

    چیف جسٹس نے موبائل کارڈز پر وصول کیے جانیوالے ٹیکسز معطل کردیئے

    لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان نے موبائل فون کارڈز پر وصول کئے جانیوالے ٹیکسز معطل کردیئے اور ٹیکسوں کو معطل کرنے کے احکامات پر عمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں موبائل فون کارڈز پر ٹیکس کٹوتی کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی، چیئرمین ایف بی آر عدالت میں پیش ہو گئے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے قرار دیا کہ یہاں پر لوگوں سے لوٹ مار کی جا رہی ہے، ریڑھی بان سے کیسے ٹیکس وصول کیا جا سکتا ہے؟

    عدالت نے قرار دیا کہ جس کے موبائل فون کا استعمال مقررہ حد سے زیادہ ہے، اس سے ٹیکس وصول کریں، ایک بندہ اگر ٹیکس نیٹ میں نہیں آتا تو اس سے کیسے ٹیکس وصول کر سکتے ہیں، سو روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 64.38 پیسے وصول ہوتے ہیں، یہ غیر قانونی ہے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ موبائل فون کارڈز پر ٹیکس وصولی کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے۔

    چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو بتایا کہ موبائل فون کالز پر سروسز چاجز کی کٹوتی کمپنیز کا ذاتی عمل ہے، 130 ملین افراد موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔ ملک بھر میں ٹیکس دینے والے افراد کی مجموعی تعداد 5 فیصد ہے۔

    جس پر چیف جسٹس نے قرار دیا کہ 5 فیصد لوگوں سے ٹیکس لینے کے لیے 130ملین پر موبائل ٹیکس کیسے لاگو ہو سکتا ہے؟ ٹیکس دہندہ اور نادہندہ کے درمیان فرق واضح نہ کرنا امتیازی سلوک ہے۔ آئین کے تحت امتیازی پالیسی کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے موبائل فون کارڈز پر وصول کیے جانیوالے ٹیکسز معطل کر دیئے اور احکامات پر عمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی۔

    یاد رہے اس سے قبل سماعت میں سپریم کورٹ نے موبائل کارڈ ز پر کئی قسم کے ٹیکس پیسہ ہتھیانے کا غیر قانونی طریقہ قرار دے دیا، چیف جسٹس نے استفسار کیا وزیرخزانہ بتائیں، سیلز اور ودہولڈنگ ٹیکس کس قانون کے تحت وصول کیا جارہا ہے؟عدالت نے مختلف ممالک میں کال ریٹ کا تقابلی جائزہ چارٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ 3 مئی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے موبائل کارڈ کے ریچارج پر رقم کی کٹوتی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام موبائل کمپنیوں کو نوٹس جاری کئے تھے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ 100روپے کے کارڈ یا بیلنس پر 40 روپے کاٹ لیے جاتے ہیں، اتنا زیادہ ٹیکس کس قانون کے تحت اورکس مد میں لیا جاتا ہے؟

    خیال رہے کہ پاکستان میں موجود موبائل فون کمپنیاں 100 روپے کے ری چارج پر 40 روپے کی کٹوتی کرتی ہیں جس میں سروس چارجز اور ٹیکس کی رقم شامل ہے، صارفین کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ کمپنیوں کی جانب سے کٹوتی زیادتی اور ظلم ہے جس پر کوئی اُن سے جواب طلب نہیں کرتا۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔