Tag: Swara Bhaskar

  • غزہ میں بچوں کا قتل عام، سوارا بھاسکر دنیا کی بے حسی پر پھٹ پڑیں

    غزہ میں بچوں کا قتل عام، سوارا بھاسکر دنیا کی بے حسی پر پھٹ پڑیں

    اسرائیل غزہ میں کھلے عام امریکا کی سرپرستی میں مسلمانوں کا خون بہانے میں مصروف ہے، ایسی صورتحال میں دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، وہیں بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری میں بچوں کی شہادتوں اور جنگی جرائم پر دنیا کی بے حسی پر سیخ پا ہوگئیں۔

    بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے مسلم سیاسی رہنما سے شادی کی تھی، انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اسرائیل صرف غزہ کو نہیں بلکہ ہمارے اندر موجود انسانیت کے احساس کو بھی ختم کر رہا ہے۔

    بھاسکر نے اپنی طویل اور جذباتی پوسٹ میں خاص طور پر النصر اسپتال پر بمباری میں ایک صحافی سمیت متعدد افراد کے زندہ جلنے کے واقعے پر سخت غصے اور افسوس کا اظہار کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Swara Bhasker (@reallyswara)

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں تحریر کیا کہ میں روز کوشش کرتی ہوں کہ اپنی اچھی سی سیلفی لوں، اپنی بیٹی کی معصوم تصاویر پوسٹ کروں، میک اپ کروں، آن لائن شاپنگ کروں … لیکن یہ سب بھی مجھے غزہ میں ہونے والی ہولناکیوں کے بارے میں سوچنے سے نہیں روک سکتا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج ایک انسان کو خیمے میں زندہ جلا دیا گیا اور ہم سب یہ نسل کشی خاموشی سے دیکھ رہے ہیں۔غزہ میں روز والدین کو اپنے بچوں کی لاشیں اٹھائے روتے دیکھتی ہوں، بچوں کے سر بمباری میں تن سے جدا ہوتے ہوئے دیکھتی ہوں، لوگ اپنے پیاروں کے جسمانی اعضاء پلاسٹک کے تھیلوں میں اٹھا کر در بدر پھرتے ہیں۔

    اداکارہ نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ”بدترین جنگی جرائم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم آہستہ آہستہ بے حس ہو رہے ہیں۔ صرف سوشل میڈیا پر وقت گزارنا یا آن لائن خریداری کرنا انسانیت کو نہیں بچا سکتا،یہ سب کچھ ہمارے فون پر لائیو ہو رہا ہے اور ہم انکار بھی نہیں کر سکتے۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید

    انہوں نے کہا کہ ہمیں آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔ نسل کشی کے خلاف آواز بلند کریں۔یہ معمولی بات نہیں کہ بچوں کو ذبح کیا جائے، اسپتالوں اور اسکولوں پر بم برسائے جائیں، مگر مغربی دنیا نے ان جرائم کو معمول بنا دیا ہے۔

  • سوارا بھاسکر نے ولیمے کا جوڑا پاکستان سے کیسے منگوایا؟

    سوارا بھاسکر نے ولیمے کا جوڑا پاکستان سے کیسے منگوایا؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر مسلمان سیاسی کارکن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، اپنے ولیمے کے موقع پر انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر کے لباس کا انتخاب کیا جو براستہ دبئی ان تک پہنچایا گیا۔

    سوارا بھاسکر نے گزشتہ ماہ 18 فروری کو مسلمان سیاست دان اور سماجی رہنما فہد احمد سے عدالت میں شادی کی تھی۔

    اب جوڑے نے اپنی شادی کی باقاعدہ تقریبات منعقد کیں اور 2 ریسپشن دیے، ایک ریسپشن سوارا کی طرف سے دیا گیا جبکہ فہد احمد کی طرف سے ولیمے کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریبات میں معروف شوبز شخصیات سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں راہول گاندھی، اروند کیجریوال، ششی تھرور اور جیا بچن شامل تھے۔

    ولیمے کے موقع پر سوارا بھاسکر نے پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان کا ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیا۔

    سنہرے رنگ پر مختلف رنگوں کے موتیوں اور پھولوں سے آراستہ یہ لہنگا سوارا نے خاص طور پر پاکستان سے تیار کروایا جس کے بعد اسے لاہور سے دبئی، ممبئی، دہلی اور پھر بریلی ان کے گھر تک پہنچایا گیا۔

    سوشل میڈیا پر اداکارہ نے لکھا کہ جب انہوں نے ڈیزائنر سے بات کی اور اپنی شادی کا جوڑا بنوانے کی خواہش کا اظہار کیا تو علی ذیشان بہت خوش اور پرجوش ہوئے۔

    سوارا کے لہنگے کو پاکستان اور بھارت دونوں میں بہت پسند کیا جارہا ہے اور لوگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • ایسا کیا ہوا کہ سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر برس پڑیں؟

    ایسا کیا ہوا کہ سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر برس پڑیں؟

    معروف بھارتی اداکارہ کورونا میں مبتلا ہونے کی بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مرنے کی بددعائیں ملنے پر برہم ہوگئیں۔

    کوئی بیمار ہوجائے تو اپنے  ہوں یا بیگانے سب ہی اسے جلد صحت یابی کی دعائیں دیتے ہیں لیکن بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اس حوالے سے شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے انہیں مرنے کی بددعائیں دیں جس پر وہ طیش میں آ گئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوارا بھاسکر نے بتایا کہ رواں ماہ کے آغاز پر انہیں بخار اور سر میں درد کی شکایت ہوئی، ساتھ ہی ان کی ذائقے کی حس بھی متاثر ہوئی تو انہوں نے  5 جنوری کو کورونا ٹیسٹ کرایا جس میں ان کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔

    اداکارہ کا ٹوئٹ کرنا تھا کہ بھارت میں ٹوئٹر پینل پر سوارا بھاسکر کے نام کا ہیش ٹیگ بن گیا،اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جہاں صارفین نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں کئی ایسے صارفین بھی سامنے آئے جنہوں نے اداکارہ کو مرنے کی بدعائیں دیں۔

    دل جلے صارفین نے سوارا بھاسکر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کو سال نو کی بہترین خبر قرار دیتے ہوئے ان کے مرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    موت کی بددعائیں ملنے پر اداکارہ بھی خاموش نہیں رہیں، انہوں نے بھی ناقدین کو ان کی بددعاؤں کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘میری موت کی بددعائیں کرنے والوں، اپنے جذبات کو قابو میں رکھو، اگر مجھے کچھ ہوا تو تم لوگوں سے تمہاری روزی روٹی چھن جائے گی’’۔

    ساتھ ہی سوارا نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے حالیہ دنوں میں ان سے ملاقات کی ہے وہ بھی لازمی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو معمول بنا رہی ہیں، اس طرح کے بارسوخ لوگ جب فرقہ واریت کو فروغ دینے میں حصہ بنتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر کنگنا سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو اپنی پوزیشن کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ میں نے ایک ساتھی اداکارہ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا اور وہ بہت قابل اداکارہ ہیں، لیکن جب بارسوخ لوگوں کو نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کو نارملائز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں کنگنا میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے تاہم وہ ان سے نظریاتی اختلافات رکھتی ہیں، کنگنا جس طرح سے تعصب کو معمول بنانے کی طرف لا رہی ہیں میرے خیال میں یہ زہر ہے۔

    یاد رہے کہ سوارا بھاسکر اور کنگنا سنہ 2011 میں تنو ویڈز منو میں ایک ساتھ کام کرچکی ہیں، تاہم کچھ عرصے سے کنگنا نے سوارا بھاسکر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا، ایک موقع پر انہوں نے سوارا کو بی گریڈ اداکارہ بھی قرار دیا تھا۔